Tag: firing

  • امریکا میں فائرنگ کے مختلف واقعات، 16 افراد ہلاک

    امریکا میں فائرنگ کے مختلف واقعات، 16 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکا میں چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے اکسٹھ واقعات ریکارڈ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں سولہ افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فائرنگ کے واقعات درج کرنے والے امریکی مرکز نے بتایاکہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے اکسٹھ واقعات ریکارڈ ہوئے جن میں سولہ افراد ہلاک اور اڑتیس دیگر زخمی ہو گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جن ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات پیش آئے ان میں ٹیکساس، ٹینسی، نیوجرسی اور پنسیلوانیا شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکہ میں اسلحہ رکھنے کی مکمل آزادی ہے جس کی وجہ سے فائرنگ کے واقعات اس ملک میں معمول بن گئے ہیں۔

    امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو جاتے ہیں، طاقتور اسلحہ لابی کے دباؤ اور اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی بھی حکومت، ملک میں گن کنٹرول قوانین وضع کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔

    امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا کی ریاست کولوراڈو میں ایک اسکول میں دو مشتبہ افراد کی فائرنگ سے آٹھ طالب علم زخمی ہوگئے تھے، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کولوراڈو میں دو مشتبہ افراد نے اسٹیم اسکول ہائی لینڈزرنچ میں فائرنگ کرکے کئی طالب علوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا تھا، بعد ازاں پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کیا تھا۔

  • لندن میں مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    لندن میں مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    لندن: برطانیہ میں دس مئی کو مسجد کے باہر فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم نے لندن کے علاقے آئیفورڈ کی سیون کنگ مسجد کے باہر فائرنگ کی تھی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانوی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا، البتہ ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے، پولیس کے مطابق جلد مکمل حقائق منظر عام پر آئیں گے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ دس مئی کو مسجد کے باہر تراویح کے دوران گرفتار ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا تھا، لندن میں سیون کنگ مسجد میں تراویح کے وقت مسلح شخص نے مسجد میں گھسنے کی بھی کوشش کی تھی، جسے نمازیوں نے پکڑ کر مسجد سے باہر دھکیل دیا تھا۔

    بعد ازاں مسلح شخص نے مسجد کے باہر فائرنگ کی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا تھا، تاہم پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو دھر لیا۔

    لندن: سیون کنگز ہائی روڈ پرتراویح کے دوران مسجد کے باہر فائرنگ

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو دو مساجد پر دہشت گرد نے اس وقت داخل ہوکر فائرنگ کی تھی جب بڑی تعداد میں نمازی، نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔

  • مصر میں وعدہ پورا نہ کرنے پر خادم نے چرچ کے اندر پادری کو قتل کردیا

    مصر میں وعدہ پورا نہ کرنے پر خادم نے چرچ کے اندر پادری کو قتل کردیا

    قاہرہ : مصر میں سیکورٹی اداروں نے قاہرہ کے شمال میں شبرا الخیمہ کے علاقے میں ایک چرچ کے اندر فائرنگ سے ایک پادری کے قتل کی تفصیلات اور وجوہات کا انکشاف کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القلیوبیہ کے سیکورٹی ڈائرکٹریٹ نے بتایا کہ سیکورٹی حکام کو اطلاع ملی کہ سینٹ مارک چرچ کے اندر فائرنگ ہوئی ہے اور ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔ ب

    عد ازاں معائنے اور جانچ سے یہ بات سامنے آئی کہ چرچ کے ایک 54 سالہ خادم کمال نے اپنے پاس موجود آتشین ہتھیار سے چرچ کے نگراں 65 سالہ پادری مقار سعد کو کئی گولیاں ماریں۔ ایک گولی پادری کے سر میں لگی جس کے نتیجے میں وہ فوری طور پر دم توڑ گیا۔

    ڈائرکٹریٹ نے انکشاف کیا کہ یہ واقعہ فریقین کے درمیان اختلافات کے سبب پیش آیا۔ مقتول پادری نے چرچ کے قاتل خادم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس کی بیٹیوں کی شادی پر مدد کرے گا اور خادم کو مالی رقوم بھی دے گا۔

    تاہم پادری نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا، دو روز کے دوران پادری نے قاتل خادم کو صرف ایک ہزار مصری پاؤنڈ پکڑا دئیے۔ ملزم نے مزید رقم کا مطالبہ کیا مگر پادری نے انکار کر دیا۔ اس پر دونوں افراد کے بیچ تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد قاتل نے پادری پر چار گولیاں چلا دیں۔

    بعد ازاں قاتل نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ اس نے جرم کا اعتراف کر لیا کیوں کہ پادری نے مالی مدد کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا تھا۔ مقتول پادری نے سینٹ مارک چرچ میں 25 برس تک اپنی خدمات انجام دیں۔

  • گوادر: پی سی ہوٹل پر دہشت گرد حملہ، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

    گوادر: پی سی ہوٹل پر دہشت گرد حملہ، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

    گوادر: صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل میں 3 حملہ آوروں کے داخل ہونے اور فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق گوادر کے پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں 3 حملہ آور داخل ہوگئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ہوٹل سے دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔

    فورسز کی بھاری نفری نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا ہے، فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ بھی جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس بھاری اسلحہ اور راکٹ لانچر بھی ہیں۔

    وزیر اطلاعات بلوچستان


    وزیر اطلاعات بلوچستان ظہوربلیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہوٹل میں دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ 

    انھوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ہوٹل کوگھیرےمیں لیا، 3 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے، تمام افرادحفاظت سےہیں،ہوٹل سےباہر نکال لیاگیا۔

    وزیر اطلاعات بلوچستان گوادرکے پی سی ہوٹل میں3 دہشت گردداخل ہوئے، ہوٹل پرحملےسےمتعلق کوئی تھریٹ الرٹ نہیں تھا، فورسز نے بروقت کارروائی کی۔

  • امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    امریکا: اسکول میں فائرنگ، 8 طالب علم شدید زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقامی اسکول میں اندھادھن فائرنگ سے 8 طالب علم شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست کولوراڈو میں ایک اسکول میں دو مشتبہ افراد کی فائرنگ سے آٹھ طالب علم زخمی ہوگئے، پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کولوراڈو میں دو مشتبہ افراد نے اسٹیم اسکول ہائی لینڈزرنچ میں فائرنگ کرکے کئی طالب علوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا، بعد ازاں پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ابتدائی طور پر انکشاف کیا ہے کہ حملہ کرنے والے دونوں طالب علم ہیں، جن میں سے ایک کی عمر 18 سال سے کم بتائی جاتی ہے، ملزمان کی شناخت جلد سامنے لائی جائے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے طالب علموں کی عمریں پندرہ سال کے لگ بھگ ہیں، جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    کولوراڈو حکام نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کے والدین سے گھہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    امریکا، فلوریڈا اسکول فائرنگ میں ساتھیوں کی جان نہ بچانے پر افسردہ طالبہ نے خودکشی کرلی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال مئی میں امریکا کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے، بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

  • حیدرآباد : حسین آباد میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے دونوں قاتل گرفتار

    حیدرآباد : حسین آباد میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے دونوں قاتل گرفتار

    حیدرآباد : تھانہ حسین آباد کی حدود میں انڈس پلازہ چائنا آٹوز سینٹر شاپ آٹو بھان روڈ پر 25اپریل2019کو پولیس اہلکار علی انور چھچر کو موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا ۔

    حیدرآباد پولیس کی دن رات انتھک محنت رنگ لائی، پولیس نے اس کیس کے مرکزی ملزم نوید ولد غلام قادر راجڑ کو گرفتار کرلیا اور اس کی نشاندہی پر اس کا ساتھی گل شیر بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈی ایس پی حسین آباد غلام شبیر سرکی کی سربراہی میں ایس ایچ او حسین آباد حاکم علی جلبانی کی قاتل نوید راجڑ سے تفتیش میں اس نے پولیس اہلکار علی انور کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ25اپریل کو قاتل نوید راجڑ اپنے ساتھی گلشیر ولد شہمیر راجڑ کے ساتھ موٹر سائیکل پر انڈس پلازہ چائنا آٹوز سینٹر شاپ آٹو بھان روڈ پر آئے اور پرانی ذاتی دشمنی پر پولیس اہلکار علی انور چھچھر پر فائرنگ کر کے اسے شہید کر دیا۔

    دوران تفتیش قاتل نوید راجڑ نے انکشاف کیا کہ واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل اس نے شورہ گوٹھ نسیم نگر میں اپنی رہائش گاہ پر چھپایا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی بائیک اس کے ساتھی گل شیر کے پاس ہے جو شورہ گوٹھ میں اس کے گھر چھپا ہوا ہے۔

    قاتل نوید راجڑ کی نشاندہی پر پولیس نے شورہ گوٹھ نسیم نگر میں اس کے گھر پر چھاپہ مار کر قاتل کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول برآمد کر لیا اور وہاں چھپے ہوئے اس کے ساتھی گل شیر راجڑ کو بھی واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل سمیت گرفتار کرلیا۔

  • کراچی : شوہر نے بیوی کو زخمی کرکے گولی مار کر خود کشی کرلی

    کراچی : شوہر نے بیوی کو زخمی کرکے گولی مار کر خود کشی کرلی

    کراچی : گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور پھر خود کشی کرلی، دوسرے واقعے میں شوہر نے گھر والوں کے ساتھ مل کر بیوی کو تشدد کے بعد چارپائی سے باندھ کر زندہ جلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور پھر خود کشی کرلی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت لطیف اور زخمی ناہید کے ناموں سے کر لی گئی۔

    واقعہ سچل کے علاقے رضا سٹی میں پیش آیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی خاتون کو طبی امداد اور متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اورعینی شاہدین کے بیانات لیے جارہے ہیں۔ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں شکر گڑھ میں مبینہ طور پر شوہر نے گھر والوں کے ساتھ مل کر بیوی کو تشدد کے بعد چارپائی سے باندھ کر زندہ جلا دیامقتولہ کے والد لیاقت علی نے الزام عائد کیا کہ بیٹی کو اس کے شوہر اور سسرالیوں نے چارپائی پر باندھ کر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگائی۔

    پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرکے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت، عدالت نے چارپولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ دے دیا

    ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت، عدالت نے چارپولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ دے دیا

    کراچی : عدالت نے ڈیڑھ سال کے احسن کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والے چار پولیس اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ دے دیا، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کوئی مقابلہ نہیں ہوا رقم کے تنازع پر تلخ کلامی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ڈیڑھ سال کے بچے احسن کی موت کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ہوئی۔

    پولیس نے گرفتار چاروں اہلکاروں کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ کی استدعا کی، جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے چاروں پولیس اہلکاروں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر بھیج دیا،گرفتار پولیس اہلکاروں میں خالد، امجد، عبدالصمد اور پیرو شامل ہیں۔

    اس حوالے سے سی ٹی ڈٖی ذرائع کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کی نشاندہی پر چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا، جائے وقوعہ سے ملنے والی گولیوں کے خول پولیس اہلکاروں کی پستول کے ہیں، پولیس مقابلہ نہیں ہوا ،دو اہلکاروں میں رقم کےتنازع میں تلخ کلامی ہوئی۔

    پولیس کے مطابق اہلکار عبدالصمد نے امجد پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر گولی رکشے میں سوار ڈیڑھ سالہ احسن اور اس کے والد کو لگی، پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان سے مزید تحقیقات اور گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے ہیں لہٰذا ریمانڈ دیا جائے۔

    واضح رہے کہ ڈیڑھ سالہ بچے احسن کی ہلاکت کا واقعہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر پیش آیا تھا، مقتول بچے کے والد کاشف کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی روڈ پر رکشے میں جا رہے تھے کہ اسی دوران پولیس کو فائرنگ کرتے دیکھا۔

    کچھ دیر بعد بچے احسن کے جسم سے خون نکلنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خون بہنے کے بعد ہم اسی رکشے میں بچے کو لے کر اسپتال پہنچے مگر وہ اُس وقت تک دم توڑ چکا تھا۔

  • لاہور : شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے زخمی نوجوان چل بسا

    لاہور : شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے زخمی نوجوان چل بسا

    لاہور : مغلپورہ میں شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ کا معاملہ ،فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، لواحقین نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کر دیا ۔

    فیصل کے لواحقین اور اہل علاقہ نے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ چند روز قبل مغلپورہ میں رات گئے جاری شادی کی تقریب ختم کرنے کے لئے پولیس اہلکار موقع پر پہنچے۔ اسی دوران تقریب کے شرکا کے ساتھ تلخ کلامی پر ایک اہلکار نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر فیصل زخمی ہو گیا تھا۔

    مظاہرین نے واقعہ میں ملوث اہلکار کی برطرفی اور اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے بعد ازاں سڑک ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ۔

  • اسرائیلی جارحیت، ایک اور فلسطینی طالب علم شہید

    اسرائیلی جارحیت، ایک اور فلسطینی طالب علم شہید

    غزہ: فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ایک اور فلسطینی طالب علم کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر نہتے اور پرامن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے پندرہ سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سیکڑوں فلسطینی غزہ کی سر حدی پٹی کے قریب اسرائیلی جارحیت اور ناجائز قبضے کے خلاف پرامن مظاہرہ کررہے تھے۔

    اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پندرہ سالہ طالب علم شہید ہوگیا۔

    گزشتہ سال تیس مارچ سے شروع ہونے احتجاج کے دوران اب تک دو سوساٹھ سے زائد فلسطینی شہید جبکہ زخمیوں کی تعداد تیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں عروج پر ہیں، وحشیانہ کریک ڈاؤن میں گزشتہ دنوں صبح کے وقت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    بعد ازاں حماس نے غرب اردن سے فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی طالبعلم موسیٰ الدویکات کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ غرب اردن میں فلسطینی قوم کو عباس ملیشیا ءکی شکل میں ہیجان خیز مافیا کا سامنا ہے۔

    غزہ: طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری کا معاملہ، حماس کا شدید ردعمل

    خیال رہے کہ غزہ پٹی میں اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے خلاف ہفتہ وار مظاہرہ کیا جاتا ہے، صیہونی فوج کی جانب سے مظاہرے کو ناکام بنانے کے لیے نہتے فلسطینوں پر اندھا دھن فائرنگ معلوم کی بات ہے۔