Tag: firing

  • لندن میں آج پھر فائرنگ، ایک شخص زخمی، بارہ افراد گرفتار

    لندن میں آج پھر فائرنگ، ایک شخص زخمی، بارہ افراد گرفتار

    لندن : برطانیہ میں آج پھرفائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دہشت گرد حملوں کے بعد پولیس کارروائیوں میں بارہ افراد گرفتار کرلیے گئے۔ دہشتگرد حملوں کے بعد لندن پولیس ایکشن میں آگئی، مشرقی علاقے بارکنگ میں کارروائی کر کے بارہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق بارکنگ میں کارروائی کے دوران ایک حملہ آور کے فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ علاوہ ازیں آج ایسٹ ہیم میں فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات لندن بریج پر حملہ آوروں نے تیزرفتار وین سےمتعدد راہگیروں کوکچل دیا تھا ۔ واقعے کےبعد پل پر افراتفری مچ گئی۔ جان بچانے کیلئے کئی افراد نےدریامیں چھلانگ بھی لگائی۔

    دوسراحملہ لندن بریج سے کچھ دور واقع معروف فوڈ مارکیٹ بورو میں ہوا۔ تین حملہ آوروں نے ریسٹورنٹ میں گھس کر چاقو سےشہریوں پر حملہ کیا۔


    مزید پڑھیں : لندن : دہشت گرد حملوں میں‘7افراد ہلاک‘متعدد زخمی


    پولیس نے جائے وقوعہ پرتینوں دہشت گردوں کومار گرایا، ہلاک حملہ آوروں نےجعلی خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں۔ دونوں دہشت گرد حملوں میں سات افراد ہلاک اور اڑتالیس زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بائیس مئی کو مانچسٹر ایرینا میں کنسرٹ کے دوران خودکش حملےمیں بائیس افراد کی جان گئی تھی۔

  • پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ، امن لشکرکے4 افراد جاں بحق

    پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ، امن لشکرکے4 افراد جاں بحق

    پشاور: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار میں سوارامن لشکر کے 4 نمائندے جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے متنی میں نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، گاڑی میں سوار چاروں افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کاشاخسانہ لگتاہے، فائرنگ سےایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ لواحقین نے فائرنگ کرنے والوں کے ناموں کے حوالے سے نشاندہی بھی کردی ہے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لے لیاجائے گا۔

    پولیس کے مطابق مقتولین اورملزمان کے درمیان جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائرنگ امن لشکر کے ارکان کی گاڑی پر ہوئی، مقامی امن کمیٹی کے رہنما ارشاد ساتھیوں کے ہمراہ کار میں جارہے تھے۔

  • صادق آباد : کچے کے علاقے میں پولیس کا آپریشن جاری

    صادق آباد : کچے کے علاقے میں پولیس کا آپریشن جاری

    صادق آباد : کچے کے علاقے میں پولیس کا آپریشن جاری ہے۔ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔ آپریشن میں دو سو پولیس اہلکار شریک ہیں، سندھ پولیس سےبھی مدد طلب کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس کا آپریشن ایک بار پھر جاری ہے۔ پولیس کے دو سو اہلکاروں سمیت چار چین اے پی سی، ایکسی ویٹر کچے میں داخل ہو گئیں۔

    مذکورہ آپریشن کی قیادت ڈی پی او ذیشان اصغر کر رہے ہیں۔ پولیس نے بدنام زمانہ ڈاکو گڈو شر کی پناہ گاہ کے قریب مورچے بنا لئے۔ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق گڈو شر پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ہے۔ گڈو شر نے انڈھڑ گینگ کے ساتھیوں کو پناہ دی ہوئی ہے آپریشن کی کامیابی کے لئے سندھ پولیس سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔

  • کراچی میں رینجرز کی کارروائی ‘ بچےسمیت پانچ دہشت گرد ہلاک

    کراچی میں رینجرز کی کارروائی ‘ بچےسمیت پانچ دہشت گرد ہلاک

    کراچی: شہرقائد کےعلاقےاردو بازار میں رینجرز کی کارروائی کےدوران بچے سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

    سندھ رینجزرکےترجمان کےمطابق رینجرز نے کالعدم جماعت کے دہشت گرد کی نشاندہی پر پیرکی شام 7 بجکر17منٹ پراردو بازار گلی نمبر 3 میں چھاپہ مار کارروائی کی۔

    رینجرز کو دیکھتے ہی عمارت میں چھپے دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا اور فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکررینجرز کے 4 اہلکار زخمی بھی ہوئےجس کے بعد رینجرز نے فوراً عمارت کا محاصرہ کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاہےکہ عمارت کا محاصرہ کرنے پرخاتو ن سمیت چار دہشت گردوں نے خود کو ایک کمرے میں محصور کرلیا۔

    رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان7گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ ہواجو رات 2 بجکر 45 منٹ تک جاری رہا۔

    ترجمان رینجرز کےمطابق تین دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ 1دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں رینجرز کی گولیوں کا نشانہ بنا۔

    رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاہےکہ دھماکے کےنتیجے میں دہشت گردوں کےساتھ موجود پانچ سالہ بچہ بھی ہلاک ہوگیا جبکہ مکان سے گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے۔

    ترجمان رینجرزکےمطابق مارے جانے والے ایک دہشت گرد کی شناخت محمد زاہد کےنام سے ہوئی ہےجبکہ دیگر کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔رینجرز کی جانب سے عمارت کو مکمل تلاشی لینے کےبعد کلیئرقراردے دیاگیاہے۔


    دہشت گردوں کےزیراستعمال فلیٹ کا مالک گرفتار


    دوسری جانب اردو بازار میں دہشت گردوں کے زیراستعمال فلیٹ کے مالک کو سیکورٹی ادارے نے محمودآباد سے گرفتارکرلیا ہے۔

    سیکورٹی ادارے کی جانب سے گرفتار کیےجانے والے شخص نے چند ماہ قبل یہ فلیٹ خریدا تھا اور مارے جانے والے دہشت گرد چائے فروش کی مدد سے اس فلیٹ میں روپوش تھے۔

    ذرائع کےمطابق دو سے ڈھائی ماہ قبل دہشت گرد اس فلیٹ میں منتقل ہوئےتھے،متعلقہ تھانے میں کرایہ داری ایکٹ کےتحت اندراج نہیں تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں چند روز قبل ہی رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں توسیع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ روز ہی وفاقی وزارت داخلہ نے اختیارات میں مزید 90 روز کی توسیع کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

  • شجاع آباد:  شادی کے دوران ہوائی فائرنگ، نوجوان زخمی، دولہا گرفتار

    شجاع آباد: شادی کے دوران ہوائی فائرنگ، نوجوان زخمی، دولہا گرفتار

    لاہور : شجاع آباد شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے پندرہ سالہ نوجوان زخمی ہوگیا، پولیس نے دولہا کو حراست میں لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے اندورن شہر شجاع آباد میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں پندرہ سالہ غلام دین شدید زخمی ہوگیا، زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے موقع پر کاروائی کرتے ہوئے دولہا تیمور کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا۔

    دولہا کے سر پر سہرا گلے میں نوٹوں کے ہار اور دل میں سہانے خواب سجائے اس وقت چکنا چور ہوئے جب کسی باراتی کی غلطی سے حسرتوں پر پانی پھر گیا اور اسے حوالات کی سیر کرنا پڑی اور دلہن دولہا کا انتظار کرتی رہی۔


    مزید پڑھیں :  گوجرانوالہ، شادی کی تقریب میں فائرنگ، دلہن کا بہنوئی ہلاک


    یاد رہے رواں سال کے آغاز میں گوجرانوالہ جی ٹی روڈ پر واقع نجی شادی ہال میں مقامی رہائشی خالد بٹ کی بیٹی کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ کالے رنگ کی گاڑی میں سوار نامعلوم افراد نے دلہن کے بہنوئی فیصل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا۔

  • کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، سات افراد زخمی

    کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، سات افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں دو گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ سہراب گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق لیاقت آباد میں شیش محل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں فرحان نامی شہری زخمی ہوا جو دوران علاج دم توڑ گیا، اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے.

    اورنگی ٹاؤن 10 نمبر منگل بازارکے قریب فائرنگ سے زخمی افراد کی شناخت ہوگئی، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں باپ بیٹا سمیت 5 افراد شامل ہیں، واقعے میں عبدالحفیظ، ارشد،شمیر، ضحیف اور فیضان زخمی ہوئے،.

    پولیس کے مطابق فائرنگ کاواقعہ پانی کےتنازع کا شاخسانہ ہے، فائرنگ کرنے والے4ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، زخمیوں کوعباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب سہراب گوٹھ اور لائٹ ہاؤس میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے، سہراب گوٹھ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا ، پولیس کے مطابق آپریشن مسافر خانوں اور اطراف کے گھروں میں بھی کیا گیا جہاں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا۔

  • امریکا : سیاہ فام شخص کی سفید فام افراد پر فائرنگ، 3ہلاک

    امریکا : سیاہ فام شخص کی سفید فام افراد پر فائرنگ، 3ہلاک

    واشنگٹن : کیلی فورنیا میں سیاہ فام شخص نے فائرنگ کرکے تین سفید فام امریکیوں کی جان لے لی، ملزم اس سے قبل بھی ایک سیکورٹی گارڈ کے قتل میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں نفرت پر مبنی واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اب کی بارتین معصوم سفید فام امریکی اس نفرت کا نشانہ بنے۔ کیلیفورنیا میں ایک سیاہ فام شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے تین سفید فام راہ گیروں کو قتل کردیا۔

     کیلی فورنیا پولیس کے مطابق کوری علی محمد نامی شخص 90 سیکنڈز تک سڑک پر کھڑے ہوکر سفید فام امریکیوں پر اندھا دھند فائرنگ کرتا رہا جس کے بعد اللہ اکبر کا نعرہ لگا کر اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ نفرت پر مبنی ہے، کوری علی محمد افریقی امریکی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اس نے ٹرمپ حکومت مخالف خیالات کے ساتھ سفید فام امریکیوں کے لیے نفرت کا اظہار بھی کیا تھا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علی محمد نے معصوم شہریوں پر فائرنگ کرتے ہوئے اپنی گن کو کئی بار ری لوڈ کیا اور صرف سفید فاموں کو نشانہ بناتا رہا۔

    علی محمد اس واقعہ سے قبل ایک سیکیورٹی گارڈ کے قتل میں بھی پولیس کو مطلوب تھا جبکہ نفسیاتی مسائل کے حوالے سے کئی بار اپنا علاج بھی کرا چکا ہے۔

  • اٹک : مقتولہ دلہن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

    اٹک : مقتولہ دلہن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا

    راولپنڈی : اٹک میں دو ماہ کی دلہن کو قتل کردیا گیا، لڑکی کے گھر والوں نے سسرال والوں پر قتل کا الزام لگایا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق موت فائرنگ سے ہوئی، قتل کے ملزمان ضمانت پر رہا کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل بوٹا میں دو ماہ قبل قتل ہونے والی نو بیاہتا دلہن سعیدہ بانو کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس نے پورے معاملے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

    اٹک میں دو ماہ قبل لال جوڑا پہن کر سسرال آنیوالی دلہن کا خون ہوگیا، سعیدہ بانو کی شادی شبیر حسن سے ہوئی اس کا شوہرملازمت کے سلسلے میں دبئی میں رہتا ہے، مقتولہ سعیدہ کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کوسسرالیوں نے قتل کیا ہے۔

    پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو چار فٹ کے فاصلے سے پیچھے سے گولی ماری گئی، پولیس نے قتل کا مقدمہ سسرالیوں کے خلاف درج کرلیا۔

    ابتدائی طور پر ایف آئی آر ہی ایک مہینے کے بعد درج کی گئی اور اس کے بعد قتل کے وقت گھر میں موجود افراد نے عبور ی ضمانت حاصل کرلی ہے جس کے بعد پولیس کارروائی کرنے میں بے بس نظر آتی ہے۔

  • کراچی: ریٹائرڈ کرنل کا قتل، تحقیقات میں پیشرفت

    کراچی: ریٹائرڈ کرنل کا قتل، تحقیقات میں پیشرفت

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز ریٹائرڈ کرنل کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق واردات میں نیا ہتھیار استعمال کیا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ریٹائرڈ کرنل طاہر کے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی فارنزک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا ہتھیار اس سے پہلے کسی قتل میں استعمال نہیں ہوا۔

    تحقیقاتی حکام کے مطابق وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم ایم پستول کے خول ماضی میں استعمال نہیں ہوئے، تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش  کی جارہی ہیں کہ قتل میں پرانا گروہ ملوث ہے یا کوئی نیا گروپ ہوسکتا ہے۔

    پڑھیں: ’’ کراچی ، بلوچ کالونی پل کے قریب فائرنگ، ریٹائرڈ کرنل جاں بحق ‘‘

    یاد رہے گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ریٹائرڈ کرنل طاہر جاں بحق جبکہ دو راہگیر زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • بھارتی فوج کی فائرنگ سے چارکشمیری شہید، درجنوں زخمی

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے چارکشمیری شہید، درجنوں زخمی

    سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مظاہرین پرگولی چلادی۔ سری نگرمیں قابض فوج کی فائرنگ سے چار کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ نوجوان گھر گھرچھاپوں کےخلاف احتجاج کررہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سری نگر میں بھارتی فوج نے ضلع بڈگام میں نہتے مظاہرین پر فائرنگ کر دی، قابض فوج کی فائرنگ سے 4 کشمیری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    شہید کشمیری نوجوان زاہد رشید اور ثاقب احمد علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک گھر کو تباہ کرنے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے۔ دوسری جانب پلوامہ میں بھی دو روز قبل 2 نوجوان بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر حریت رہنماؤں نے ہڑتال کی کال دی ہے۔

    بھارتی فوج کے مظالم پر پاکستان کا شدید رد عمل

    علاوہ ازیں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی شہادت پر پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کے لیے بدترین ریاستی دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان نہتے کشمیریوں کی شہادت کے معاملے میں خاموشی اختیار نہیں کر سکتا۔ بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کے لیے بدترین ریاستی دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔

    ڈائیلاگ کا مشورہ دینے والی عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی بند کروائیں۔