Tag: firing

  • بھارتی سیکورٹی اہلکار نے خود کو گولی مارلی

    بھارتی سیکورٹی اہلکار نے خود کو گولی مارلی

    پاکستان سے متصل بھارتی سرحدی علاقے میں ڈیوٹی پر مامور بی ایس ایف اہلکار نے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کا 44 سالہ اہلکار راجستھان میں پاک بھارت سرحد پر سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔

    رپورٹ کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کرشنا کمار نے سرکاری رائفل سے فائرنگ کرکے خودکشی کرلی، متوفی پنجاب کا رہائشی تھا۔

    گولی کی آواز سن کر اس کے ساتھی سپاہی فوراً موقع پر پہنچے اور زخمی حالت میں سپاہی کو بی ایس ایف میڈیکل سینٹر لے آئے جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

    بھارتی پولیس تاحال 17 ویں بٹالین کے بی او پی بھانو میں سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکار کی خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں کرسکی ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد اسکے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔

    متوفی ہیڈ کانسٹیبل سال 2000 میں بی ایس ایف میں شامل ہوا تھا، قیاس کیا جارہا ہے کہ خودکشی کے پیچھے کوئی گھریلو وجہ ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ذہنی دباؤ، پست ہمتی اور افسران کے ناروا سلوک کے باعث فوجیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات عام ہیں۔

    خودکشی کے ان بڑھتے ہوئے واقعات پر بننے والی ہر سطح کی تحقیقاتی کمیٹی کے کبھی نتائج سامنے نہیں آئے اور نہ کسی افسر کو سزا ہوئی۔

  • کراچی : ایک اور شہری  ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : بنارس پُل پر شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی چند روز بعد شادی طے تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس فلائی اوور پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک اور شہری کو قتل کردیا، مقتول کے گھر میں اس کی شادی کی تیاریاں جاری تھی۔

    لواحقین نے بتایا کہ35 سالہ جمال خان کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھینتے ہوئے قتل کیا گیا، مقتول اپنی نئی موٹر سائیکل پر دوست کے ہمراہ گھومنے نکلا تھا۔

    ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی اپنی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مقتول جمال میٹرو ول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا۔ مقتول جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے ہے، جو پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت31سالہ ارشاد کے نام سےہوئی ہے، جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 9 دسمبر کو بہادرآباد میں ایک شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا ٹارگٹ کلنگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھوراجی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان عباسی نامی شہری کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • فائرنگ سے ہلاک ہونے والی لڑکی کو گولی کیسے لگی؟ پوسٹ مارٹم کرنے سے کس نے روکا

    فائرنگ سے ہلاک ہونے والی لڑکی کو گولی کیسے لگی؟ پوسٹ مارٹم کرنے سے کس نے روکا

    کراچی : گلستان جوہر میں گزشتہ روز فائرنگ سے قتل ہونے والی لڑکی سے متعلق پولیس کو ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا کہ گولی کس نے اور کیسے ماری۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں فائرنگ سے نوجوان لڑکی کا قتل معمہ بن گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ دعا اور 9 ماہ کی بچی انوشہ پر فائرنگ کس نے اور کہاں کی، تاحال پتہ نہ لگایا جاسکا۔

    مقتولہ دعا کے حوالے سے اہل خانہ نے پولیس کو مختلف بیانات دیئے ہیں، کوئی گود لی ہوئی لڑکی جبکہ کوئی اسے گھر کا ہی فرد بتارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی 9 ماہ کی بچی مقتولہ کی مبینہ بھانجی بتائی جارہی ہے، گھر پر موجود افراد نے کبھی باہر تو کبھی گھر میں فائرنگ کا بتایا ہے۔

    تحقیقاتی افسر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے کرائم سین کو بھی صاف کردیا گیا، مقتولہ کے گھر والے پوسٹ مارٹم بھی نہیں کرنے دے رہے تھے اور واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کروایا گیا، ان کا کہنا ہے کہ سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کریں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ مشکوک لگتا ہے، مقتولہ کی لاش کی اطلاع اسپتال سے ملی، معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کررہے ہیں، بہت جلد اصل ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

  • اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    اردن : اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ، ایک شخص ہلاک

    عمان : اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی جبکہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اردن کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اردن کے دارالحکومت کے قریب واقع اسرائیلی سفارت خانے پر اتوار کو صبح سویرے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک اور سکیورٹی سروسز کے تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آواز سننے کے بعد اردنی پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے اسرائیلی سفارتخانے کے اطراف علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    رپورٹ کے مطابق عمان کے علاقے ربیعہ میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب ایک مسلح شخص نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔”

    واضح رہے کہ اردن کی ایک کروڑ 20 لاکھ نفوس کی آبادی میں سے اکثریت کا تعلق فلسطین ہے جو خود یا پھر ان کے والدین 1948 میں فلسطین سے بھاگ کر اردن آ گئے تھے اور یا انہیں نکال دیا گیا تھا۔ ان میں اکثر کے دریائے اردن کی اسرائیلی طرف پر رہنے والوں کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق یہ علاقہ اکثر اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا مرکز رہا ہے، اردن میں غزہ جنگ کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی شدت زیادہ دیکھی گئی ہے، اور یہ مظاہرے پورے خطے میں سب سے بڑے اور پرامن شمار کیے جاتے ہیں۔

  • کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن لیاری باون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت محمد خالد کے نام سے ہوئی ہے جو سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی کا رہائشی تھا۔

    مقتول محمد خالد کے بھائی اور چچا کی اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ محمد خالد مدرسے میں بچوں کو پڑھاتا تھا اس کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی۔

    مقتول کے بھائی واجد کا کہنا تھا کہ محمد خالد8بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا،گھر سے سودا سلف لینے بازار گیا تھا۔ اہل محلہ نے گھر پر خالد کو گولی لگنے کی اطلاع دی۔

    مقتول کے چچا نے بتایا کہ خالد کے والدین نہیں ہیں، میں نے ہی ان سب بچوں کی پرورش کی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، خالد سے کچھ نہیں چھینا گیا۔

  • اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد پولیس کا سب انسپکٹر مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر حیدر شاہ شہید ہوگئے، جبکہ شہداد کوٹ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی اہلکار بھی جان کی بازی ہار گیا۔

    فائرنگ کا واقعہ سب انسپکٹر حیدر علی شاہ کے گھر کے باہر پیش آیا، گولیاں لگنے بعد ان کو انتہائی تشویشناک حالت میں پولی کلینک منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی شاہ شعبہ تفتیش تھانہ انڈسٹریل ایریا میں تعینات تھے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے حیدر علی شاہ پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    شہداد کوٹ : ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی پولیس اہلکار شہید

    علاوہ ازیں شہداد کوٹ میں سبزی منڈی روڈ پر ڈاکوؤں سے مقابلے کا زخمی پولیس اہلکار اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    شہداد کوٹ پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے شدید زخمی اہلکارکو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    شہید اہلکار گزشتہ روز تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران زخمی ہوا تھا، شہید اہلکار گدا حسین کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

    قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ کردی۔

  • کراچی : دو مذہبی جماعتوں میں مسلح تصادم، 6 افراد زخمی

    کراچی : دو مذہبی جماعتوں میں مسلح تصادم، 6 افراد زخمی

    کراچی : کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں اللہ والی مسجد کے قریب دو مذہبی جماعتوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دو مذہبی جماعتیں آمنے سامنے آگئیں اور ایک دوسرے پر فائرنگ اور پتھراؤ شروع کردیا جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی کامران خان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حالات پر قابو پانے کیلئے پولیس کی نفری کو تعینات کردیا۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ واقعہ ایک مذہبی جماعت کا چوک پرجھنڈا لگانے پرشروع ہوا، دوسری مذہبی جماعت کے کارکن سے تلخ کلامی ہوئی جس پرجھگڑا مزید بڑھ گیا۔

    تلخ کلامی کے بعد بات فائرنگ اور پتھراؤ تک جا پہنچی جس سے 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    دو مذہبی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم کے بعد فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے کی دکانیں بند کردی گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں جعفر، جنید، سید رضا، ساجد، عادل اور حماد شامل ہیں، واقعےکی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ اس وقت حالات کنٹرول میں ہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    رزاق آباد میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی

    علاوہ ازیں دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے رزاق آباد دھنی پرتو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

    پولیس کے مطابق زخمی شخص اور اس کے والد کو شاہ فیصل پل سے نامعلوم نے ملزمان اغوا کیا، ملزمان ایس پی نمبر پلیٹ کی سفید کار میں سوار تھے،

    اغوا کار ملزمان مغوی باپ بیٹے سے ان کے بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات پوچھتے رہے، بعد ازاں اغواکاروں نے زخمی شخص کے والد کو لانڈھی مرتضیٰ چورنگی پر اتار دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ شہری کو رزاق آباد کے قریب اتار کر اس پرفائرنگ بھی کی، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

     

  • کراچی : ڈاکوؤں نے دو بھائیوں سے تنخواہ چھین کر ایک کو مار ڈالا

    کراچی : ڈاکوؤں نے دو بھائیوں سے تنخواہ چھین کر ایک کو مار ڈالا

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، آج بھی سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول کی شناخت25سالہ فیصل کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں  نے ہم سے واردات کی۔

    مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہم فیکٹری میں کام کرتے ہیں، تنخواہ لے کر گھر جارہے تھے کہ تعاقب میں آنے والے ڈاکوؤں نے ہم سے نقدی چھین لی اور موٹر سائیکل نہ دینے پر فائرنگ کرکے میرے بھائی پر گولیاں چلا دیں۔

    مقتول کے والد نے روتے ہوئے بتایا کہ مسلح ڈاکوؤں نے دونوں بھائیوں سے80ہزار کی نقدی رقم لوٹی اور موٹر سائیکل نہ دینے پر میرے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

    مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، متعلقہ حکام مؤثر  اقدامات کریں۔

  • امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    فلوریڈا : ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم سابق صدر زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیویارک پوسٹ نے قانون نافذ کرنے والے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلوریڈا گولف کلب کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ کے گالف کلب کےقریب ہوئی، ٹرمپ کلب سے واپس جارہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ فائرنگ کے بعد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں سال 13 جولائی کو پنسلوانیا میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

  • کھیل کھیل میں : 6 سالہ بچہ گولی لگنے سے جاں بحق

    کھیل کھیل میں : 6 سالہ بچہ گولی لگنے سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے محمود آباد میں گھر میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے چھ سالہ بچہ انتقال کرگیا، دوسرے واقعے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دو بھائیوں کو گولیاں ماردیں۔ 

    پولیس کے مطابق محمود آباد اعظم بستی کے علاقے میں چھ سالہ برہان اپنے ہم عمر رشتہ دار بچے کے ساتھ اپنے والد کے پستول سے کھیل رہا تھا اور اچانک گولی چل گئی، جس سے وہ موقع پر ہی انتقال کرگیا۔

    پولیس کے مطابق برہان کے والد کا لوڈڈ پستول گھر کے اندر رکھا ہوا تھا جو بچوں کے ہاتھ آگیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برہان کا والد محمود آباد میں فرنیچر کا کام کرتا ہے، گھر میں رکھا ہوا پستول لائسنس یافتہ ہے۔

    مسلح افراد کی فائرنگ سے دو کم عمر بھائی زخمی

    دوسری جانب ماڑی پور مچھر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو بھائیوں کو زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق ماڑی پور مچھر کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 12 سالہ اور 14 سالہ بھائیوں کو زخمی کر دیا۔

    زخمیوں کی شناخت سمیر اور ثناء اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے۔