Tag: firing

  • فائرنگ سے زخمی پی ٹی آئی کارکن چل بسا، لاش سڑک پررکھ کردھرنا

    فائرنگ سے زخمی پی ٹی آئی کارکن چل بسا، لاش سڑک پررکھ کردھرنا

    کراچی : تین روز قبل فائرنگ کا نشانہ بننے والا پی ٹی آئی کا کارکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ رہنماؤں اور کارکنوں نے لاش سڑک پررکھ کراحتجاج کیا۔ مشتعل مظاہرین نے حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا کارکن فضل رحیم اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ پی ٹی آئی کارکن کو اتوارکو شارع فیصل پر نامعلوم افراد نے گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔

    مقتول کی نمازہ جنازہ کے بعد پی ٹی آئی رہنما عارف علوی، عمران اسماعیل، حلیم عادل شیخ اوردیگرکارکنان لاش لے کر لسبیلہ چوک پرپہنچےاور دھرنا دیا، پی ٹی آئی رہنماؤں نے الزام لگایا کہ پولیس واقعے کوحادثہ قرار دینے کی کوشش کررہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہےکہ فضل رحیم کسی اندھی گولی کانشانہ بنا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کامؤقف ہے کہ اس کے کارکن کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ فضل رحیم کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے سزا    دی جائے۔

    فائرنگ کے واقعے کو تین روز گزر چکے ہیں لیکن پولیس اب تک کسی ملزم کو پکڑنے میں فی الحال ناکام ہے۔

  • کراچی : مختلف واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق

    کراچی : مختلف واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے، پولیس نے ڈیفنس میں مقابلے کے بعد ڈاکو کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل لال کوٹھی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار سوار خاتون جاں بحق ہوگئی مقتولہ کی شناخت نادیہ کے نام سے ہوئی شوہر کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش ایا ہے۔

    دوسری جانب موسمیات کے علاقے میں ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، مقتول کی شناخت امجد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کیلئے لاش اسپتال منتقل کردی۔

    پاک کالونی کے قریب ندی سے بھی ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، ادھر گلزار ہجری اور ناظم آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈیفنس کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کیخلاف مقمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • اسلام آباد میں فائرنگ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما جاں بحق

    اسلام آباد میں فائرنگ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما جاں بحق

    اسلام آباد: ستارہ مارکیٹ میں نامعلوم کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنماء چوہدری نثار علی خان شدید زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    نمائندہ اے آر وائی ذوالقرنین حیدر کے مطابق اسلام آباد تھانہ آبپارہ کی حدود میں واقع ستارہ مارکیٹ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تحریک انصاف کے مقامی رہنماء  شدید زخمی ہوئے۔

    فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے چوہدری نثار کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، اسپتال انتظامیہ نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقتول کو چار گولیاں لگی تھیں۔

    تحریک انصاف کے رہنماء کی ہلاکت کے بعد ستارہ مارکیٹ کے تاجروں نے قریبی سڑک پر شدید احتجاج کیا اور سڑک پر ٹائر جلائے اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ تاجر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

    فائرنگ کے بعد تھانہ آبپارہ کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ وہاں سے ملنے والے خول اور مقتول کا موبائل فون قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جلد قاتلوں کو گرفتار کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، دوسری جانب تاجر برادری نے واقعے کے خلاف مارکیٹ کی تمام دکانوں کو بند کردیا ہے۔

  • کراچی : فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق

    کراچی : فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق

    کراچی : فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تین ہوگئی۔ کراچی کے علاقے عزیز آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جا ن کی بازی ہارگیا، سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے قریب گھر سے دو افراد کی لاشیں ملیں ہیں، مرنے والے دونوں افراد آپس میں چچا بھتیجا ہیں۔

    پولیس حکام سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عزیز آباد تھانے سے کچھ دور پیش آیا جہاں دو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے نعمان عرف نومی کو قتل کردیا۔

    پولیس نے نعش قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی، پولیس کے مطابق مقتول کارڈیلر تھا اور اس کی گلشن اقبال تیرہ ڈی میں دکان تھی۔

    پولیس کاکہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، وقوعہ سے ملنے والے خول کو فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے قریب گھر سے دو افراد کی لاشیں ملیں، پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

    ایس ایس پی ویسٹ فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا ہے کہ محرم مغیری اور عرفان مغیر ی کی لاشیں ملی ہیں جبکہ مرنے والے دونوں افراد آپس میں چچا بھتیجا ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی موت زہر خورانی یا سانپ کے کاٹنے سے ہوئی ہے تاہم معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کےلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔

    مزید شواہد اکٹھا کرنے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • نیا گروہ مخصوص پولیس افسران کو نشانہ بنارہا ہے، آئی جی سندھ

    نیا گروہ مخصوص پولیس افسران کو نشانہ بنارہا ہے، آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے گروہ کو ختم کردیا تاہم حالیہ واقعات میں دوسرا گروہ سرگرم ہے جو مخصوص افسران کو نشانہ بنارہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی اسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ’’جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے گروہ کو ختم کیا تو ایک نیا گروپ سرگرم ہوگیا جو صرف مخصوص افسران کو نشانہ بنارہا ہے تاہم جلد اس گروہ کو بھی ختم کردیا جائے گا۔


    پڑھیں: ’’ کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق ‘‘


    اے ڈی خواجہ نے کہا کہ فائرنگ کے حالیہ واقعات میں کالعدم جماعت کے ملوث ہونے کا شبہ ہے تاہم تحقیقات مکمل ہونے پر باضابطہ بیان جاری کیا جائے گا، آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈی آئی ٹریفک ڈیوٹی ختم کر کے گھر جارہے تھے کہ الہ دین پارک کے پاس نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس افسر جاں بحق ہوا۔


    مزید پڑھیں: ’’ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو برقرا رکھنے کا فیصلہ ‘‘


    پولیس نے فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے 13 خول قبضے میں لے لیے ہیں، عینی شاہدین کے مطابق 2 موٹر سائیکلوں پر چار مسلح ملزمان نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی اور پولیس کی جوابی فائرنگ پر وہ آسانی سے فرار ہوگئے۔
  • کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی، فائرنگ کے واقعات ڈی ایس پی سمیت 2 افراد جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے راشد مہناس روڈ پر نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی جاں بحق جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا، فائرنگ کا دوسرا واقعہ سچل کے علاقے میں پیش آیا جہاں نوجوان جاں بحق ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے میں ٹارگٹ کلر ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں ، شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں فائرنگ کا پہلا واقعہ پیش آیا جس میں ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’فائرنگ ڈی ایس پی ٹریفک فیض علی گاڑی پر کی گئی جس کے نتیجے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے، فائرنگ سے متاثر ہونے والے دونوں افراد کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈی ایس پی ٹریفک جانبر نہ ہوسکے جبکہ ڈرائیور کی حالت بھی تشویشناک ہے‘‘۔

    فیض علی تھانہ ائیرپورٹ پولیس پر بطور ڈی ایس پی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

    فائرنگ کا دوسرا واقعہ گلستان جوہر کے علاقے سچل میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نےتعاقب کر کے کنیز فاطمہ سوسائٹی کے رہائشی نوجوان پر گھر کے باہر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں نوجوان جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔ مقتول کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ کا نوٹس:

    وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر کراچی میں فائرنگ کے واقعات پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کیسے شروع ہوجاتے ہیں؟ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘‘۔

  • شادی میں فائرنگ، دو بچے زخمی، دولہا اوراس کا باپ گرفتار

    شادی میں فائرنگ، دو بچے زخمی، دولہا اوراس کا باپ گرفتار

    راجن پور : شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دوبچے شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے دولہا اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے نواحی علاقہ کوٹلہ احمد میں باراتیوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جن میں 5 سالہ شکیلہ اور 7 سالہ منیر شدید زخمی ہو گئے۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد طبی امداد کیلیے دونوں زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال راجن پور منتقل کرا دیا۔

    تھانہ سٹی پولیس نے دولہا محمد بلال اور والد عابد حسین گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا، باراتیوں کی جانب سے پولیس کی منتیں بھی کسی کام نہ آئیں۔

    دولہا کے سر پر سہرا گلے میں نوٹوں کے ہار اور دل میں سہانے خواب سجائے اس وقت چکنا چور ہوئے جب کسی باراتی کی غلطی سے حسرتوں پر پانی پھر گیا اور اسے حوالات کی سیر کرنا پڑی اور دلہن دولہا کا انتظار کرتی رہی۔

  • ایم پی اے کی آمد پرن لیگی کارکنان کا اندھا دھند فائرنگ

    ایم پی اے کی آمد پرن لیگی کارکنان کا اندھا دھند فائرنگ

    لاہور : مسلم لیگی ایم پی اے کی بھیرہ آمد پر کارکنوں نے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے بھیرہ میں لیگی کارکنوں نے قانون کی دھجیاں اڑادیں۔ عوام کو قانون کی بالا دستی کا درس دینے والے حکمران اپنے کارکنان کی حرکتوں سے بے خبر ہیں۔

    چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پنجاب ملک مختاراحمد کی بھیرہ آمدپر اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ اتنی خطرناک تھی کہ علاقہ گولیوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا۔

    اس موقع پر قریبی تھانے میں موجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔ امن کی ضمانت دینے والے رکن صوبائی اسمبلی کی موجودگی میں اسلحہ بردار لوگ سڑکوں پر دندناتے رہے لوگوں کو ڈراتے رہے۔

    لیگی کارکنوں کی ہوائی فائرنگ نے رہائشیوں کو خوف میں مبتلا کیا لیکن پولیس کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

  • کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

    کوئٹہ: فاطمہ جناح روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے، جاں بحق اہلکاروں میں1 پولیس اور 3 ایف سی کے اہلکار شامل تھے جبکہ فائرنگ سے ایک راہ گیر زخمی ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوا، فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کو کوئٹہ سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق منتقل کیے گئے 6 میں سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے ایک پولیس جبکہ تین ایف سی کے اہلکار ہیں جبکہ ایک شخص زخمی ہے جسے طبی امداد دی جارہی ہے۔

    فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے جبکہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس حکام نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم تفتیش کے بعد تفصیلی بیان جاری کیا جائےگا۔


    پڑھیں: ’’ کوئٹہ، مستونگ میں فائرنگ 4 افراد جاں بحق ‘‘


    پولیس کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے نے ناکے پر کھڑے سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے خول بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

    خیال رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں رواں سال سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں کئی اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں نے عوامی مقامات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔


    مزید پڑھیں: ’’ کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ،62 اہلکار شہید، 118 زخمی ‘‘


     یاد رہے گزشتہ ماہ کوئٹہ میں فائرنگ سے تین ایف سی اہلکار جاں بحق ہوئے تھے جبکہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 2 مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے تاہم رواں ماہ دہشت گردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کر کے 62 کیڈیٹس کو نشانہ بنایا تھا۔
  • ایل اوسی: پاک فوج کی فائرنگ سے کئی بھارتی چوکیاں‌ تباہ

    ایل اوسی: پاک فوج کی فائرنگ سے کئی بھارتی چوکیاں‌ تباہ

    بھمبھر:کیرالا اور بھمبیر سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کی ہے جس کا پاکستانی فوج نے بھرپور جواب دیا اور کئی چوکیاں تباہ کردیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز لئیق الرحمان کے مطابق بھمبھر سیکٹر میں آج پھر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں مختلف نوعیت کے درمیانے اورچھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے۔


    یہ بھی پڑھیں: اب تک 40 سے زائد بھارتی فوجی مار چکے ہیں، راحیل شریف


    انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا سلسلہ شام کو شروع ہوا جواب میں موثر کارروائی کرتے ہوئے پاک فوج نے بھارتی چوکیوں پر فائرنگ کی جس سے ان کی کئی چوکیاں تباہ ہوگئیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے کئی چوکیاں تباہ ہوگئیں۔

    رپورٹر کے مطابق آخری اطلاعات تک فائرنگ کا سلسلہ وقفے سے کافی دیر تک جاری رہا، فائرنگ سے تباہ ہونے والے بھارتی چوکیوں میں کتنے بھارتی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے اس بارے میں اطلاعات نہیں مل سکیں۔

    دریں اثنا آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیرالا سیکٹر پر بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔