Tag: firing

  • کراچی میں ڈی ایس پی مجید نظامی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کراچی میں ڈی ایس پی مجید نظامی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    کراچی: ڈی ایس پی مجید عباسی نامعلوم افراد کی جانب سے کئے گئے قاتلانہ حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سائٹ ٹاؤن کے ڈی ایس پی مجید عباسی شاہ لطیف ٹاؤن سے متصل علاقے ظفر ٹاؤن میں واقع اپنے گھر سے دفتر کی جانب گامزن تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مجید عباسی کو کئی گولیاں لگیں جن کے سبب وہ شدید زخمی ہوگئے۔

    مجید عباسی کو انتہائی نازک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    جناح اسپتال کی ایم ایل اوڈاکٹرسیمی جمالی نے اے آر وائی نیوز کو ڈی ایس پی مجید نظامی کی موت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان کا پوسٹ مارٹم کچھ دیر میں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو بھی کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ڈی ایس پی ذوالفقارزیدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پولیس افسران کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ چکی ہے اور واقعے کے ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کرنے کے احکاما ت جاری کردئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی مجید عباسی اپنے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں انتہائی جانفشانی سے مصروف تھے جس کے سبب انہیں کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔

     

  • منڈی بہاؤالدین : نواز لیگ، پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم، فائرنگ سے تین زخمی

    منڈی بہاؤالدین : نواز لیگ، پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم، فائرنگ سے تین زخمی

    منڈی بہاؤاُلدین :ضمنی الیکشن میں ن لیگ اور تحریک انصاف کا کارکنوں میں تصادم فائرنگ کے تبادلے میں ن لیگ کے تین کارکن زخمی ہوگئے حلقہ ایک سو آٹھ میں ن لیگ اور تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ جاری تھا، پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤاُلدین کے حلقہ ایک سو آٹھ کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے کا رکنوں میں مسلح تصادم کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر تین سیاسی کارکن زخمی ہوگئے۔

    منڈی بہاواُلدین کے حلقہ این اے ایک سو آٹھ کے ضمنی انتخاب میں ووٹروں کی لائنیں لگ گئیں کارکنوں کا جوش اتنا بڑھا کہ پولنگ اسٹیشن 80راکھ بلوچ میں تصادم کی شکل اختیا ر کرگیا۔

    ایک دوسرے کے انتخابی کیمپ اُکھاڑ دیئے گئے۔ ن لیگ اورتحریک انصاف میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہو۔ جس سے تحریک انصاف کے دو اور ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی مگر بات نہ بنی تو رینجرز کو آنا پڑا ۔

    منڈی بہاواُلدین کی نشست تحریک انصاف کے اُمیدوار اعجا ز احمد چوہدری کو نااہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مختلف جماعتوں کے ااُمیدوار میدان میں تھے مگر اصل مقابلہ ن لیگ اور تحریک انصاف میں تھا۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق

    کوئٹہ میں فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق

    کوئٹہ : بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے معروف تجارتی علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واقعے کے بعد شہر کے وسطی علاقے کی دکانیں اور کاروبار مراکز بند ہوگئے، پولیس حکام کے مطابق شہر کے معروف تجارتی علاقے باچاخان چوک کے قریب سرکلر روڈ پر واقع چائے کی پتی کی دوکان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے آکر فائر کھول دیا۔

    جس سے باپ بیٹے سمیت تین افراد موقع پر جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو سول ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر دونوں زخمی چل بسے ۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آور موٹرسائیکلوں پر آئے تھے جو واردات کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

    واقعے کے بعد باچاخان چوک سرکلر روڈ اور ملحقہ علاقوں کی دکانیں اور کاروبار مراکز بند ہوگئے ۔

    جاں بحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں، جنہوں نے باچاخان چوک پر ہی نعشیں رکھ کر احتجاج کیا اور مشتعل افراد نے مسجد روڈ اور فاطمہ جناح روڈ کی دکانیں بھی بند کروادیں۔

  • پولیس کی فائرنگ، دوبھائی جاں بحق

    پولیس کی فائرنگ، دوبھائی جاں بحق

    راولپنڈی: ناکےپرنہ رکنے والے دوموٹرسائیکل سواربھائیوں پر پولیس نے فائرنگ کردی، دونوں بھائی ہولی فیملی اسپتال میں دم توڑگئے، ورثا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا۔

    راولپنڈی میں دو بھائی پولیس گردی کا شکارہوگئے، کمرشل مارکیٹ ناکے پرپولیس نے موٹرسائیکل سواردوبھائیوں کو رکنے کااشارہ کیا،موٹرسائیکل نہ رکنے پرپولیس نے تعاقب کرنے کے بجائے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے سبب دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے اورہولی فیملی اسپتال میں دوران علاج دم توڑگئے۔

    مقتول بھائیوں کے لواحقین نے پولیس گردی کے خلاف شدید احتجاج اورہنگامہ آرائی کی جس پر آرپی او نے ردِ عمل ظاہرکرتے ہوئے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرلیا۔

    وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا، انصاف کے حصول کے لئے لواحقین میتوں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج کریں گے۔

  • قلات:ایف سی کےساتھ فائرنگ کاتبادلہ،9شرپسندہلاک

    قلات:ایف سی کےساتھ فائرنگ کاتبادلہ،9شرپسندہلاک

    قلات : ایف سی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نو شرپسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    ترجمان فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق ضلع قلات کے علاقے مورگن ہربوئی میں حساس ادارے کی اطلاع پر ایف سی نے سرچ آپریشن شروع کیا۔

    اس دوران ایف سی اہلکاروں اور شرپسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجس کے نتیجے میں چھ شرپسند ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایف سی کے دو اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند پی پی ایل پروجیکٹ اور ہربوئی میں واقع ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔شرپسندوں سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

  • لیگی رہنما رانا شمشاد قاتلانہ حملے میں بیٹے اور ساتھی  سمیت جاں بحق

    لیگی رہنما رانا شمشاد قاتلانہ حملے میں بیٹے اور ساتھی سمیت جاں بحق

    گوجرانوالہ : کامونکی میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا شمشاد قاتلانہ حملے میں بیٹا اور ساتھی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا سوئچ آن ہوگیا، گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔

    دہشت گردوں نے راناشمشاد کے گھرکے سامنےان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی۔جس کی زد میں آکر رانا شمشاد اور ان کا بیٹا اور ساتھی جاں بحق ہوگئے۔

    سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے بھی رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا شمشاد کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔

    سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے  واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کے قتل کو حکومت کی ناکامی قرار دے دیا۔

    ایم پی اے کے قتل پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت: میاں افتخار کے خلاف مقدمہ درج

    پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت: میاں افتخار کے خلاف مقدمہ درج

    پشاور: اے این پی کے جنرل سیکریٹری اورسابق صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخارکومحافظ سمیت پی ٹی آئی کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتارکیا گیا۔

    میاں افتخار اور ان کے محافظ کوعلی الصبح گرفتار کرکے پبی تھانے منتقل کیا گیا جہاں ان سے تحریک انصاف کے کارکن کے قتل سے متعلق تفتیش کی گئی۔

    ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے مزید کاروائی کے لئے میاں افتخار کو پولیس اہلکاروں کی تحویل میں نوشہرہ کی کچہری میں پیش کیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے شیر خان نامی شخص نے درج کرایا ہے۔

    واقعے کے بعد اے این پی کے کارکنان کی کثیر تعداد تھانے کے سامنے جمع ہوگئی اور میاں افتخار کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیاگیا۔

    میاں افتخار نے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بیٹے کا دکھ دیکھا ہے کسی کے قتل کا سوچ بھی نہیں سکتا‘‘۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان جیت کی خوشی میں جشن مناتے ہوئے فائرنگ کررہے تھے اور اسی دوران ان کا کارکن جاں بحق ہوا اور انہیں قطعی علم نہیں کہ مقتول کی ہلاکت کیسے ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے حیرانگی ہوئی جب میرے گھر پر گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا گیا حالانکہ پی ٹی آئی کی ریلی میں فائرنگ کرنے والے افراد میں سے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا‘‘۔


    گزشتہ رات بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد نوشہرہ میں پی ٹی آئی کے جلوس پرفائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ہونے والے کل 14 افراد فائرنگ اورتشدد کے مختلف واقعات میں موت کے گھاٹ اتاردئیے گئے تھے۔

    خیبر پختونخواہ میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حکومتی جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہوئی ہے۔

    عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا ہے کہ میاں افتخار کی رہائی کے لئے کل عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

    اس موقع پر اے این پی کے رہنماء غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ جس شخص نے آج تک کسی کو تھپڑ نہیں مارا اسے قتل کے الزام میں ملزم قرار دے دیا گیا۔

  • نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، دو زخمی

    نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق، دو زخمی

    کراچی : ملیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کے کارکن سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس کے مطابق ملیر بکرا پڑی غازی ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پیپلزپارٹی کے علاقائی رہنما شریف قاسم کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے.

    فائرنگ کے واقعے میں انور غنی بھی جاں بحق ہوا، مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،.

    دوسری جانب نارتھ کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔

  • اسلام آباد : لڑکی فائرنگ سے لڑکا جاں بحق

    اسلام آباد : لڑکی فائرنگ سے لڑکا جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں دو مختلف واقعات میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افرادجاں بحق ہوگئے،ایک مقتول ائرفورس کا سابق ملازم نکلا۔

     تھانہ مارگلہ کے علاقے آغا شاہی ایونیو روڈ پر لڑکی نے فائرنگ کرکے بلال صفدر نامی شخص کو شدید زخمی کردیا جو بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

     لڑکی موقع سے فرار ہوگئی جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ اس کے علاوہ تھانہ آئی نائن کے علاقے میں چھ طالبعلموں کے درمیان جھگڑا ہوگیا ۔

     اس دوران فائرنگ کردی گئی جس سے ایک طالب علم بلال موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے پانچ طالبعلموں کو حراست میں لے کر مقدمے درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • کوئٹہ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ایک زخمی

    کوئٹہ میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ایک زخمی

    کوئٹہ : نامعلوم مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے میکانگی روڈ پر واقع دکان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے فائرنگ کی زد میں آنے والا ایک شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    زخمیوں اور لاش کو سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دوسرا زخمی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ، ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے بتایا جاتا ہے۔

    واقعہ کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیااور لوگوں نے اپنی دکانیں بندکرکے گھروں کو لوٹنا شروع کردیا،خوف کے عالم میں شہر سے نکلنے کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک بھی جام رہی ، چند ہی لمحوں میں بازار سنسان ہو گیا۔