Tag: firing

  • بھارتی فوج نے ایک اور بے گناہ کشمیری کو شہید کردیا

    بھارتی فوج نے ایک اور بے گناہ کشمیری کو شہید کردیا

    سری نگر : مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض درندہ صفت بھارتی افواج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور بے گناہ کشمیری کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز نے اپنی بربریت کو جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں مزید ایک اور بے گناہ کشمیری کو شہید کردیا، خبر رساں ایجنسی کے مطابق قابض بھارتی افواج نے  نام نہاد آپریشن کے نام پر نوجوان کوگولیاں ماریں۔

    جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ کے لارنو علاقے میں ہفتے کی صبح بھارتی سکیورٹی فورسزکی  فائرنگ سے
    ایک بے گناہ کشمیری نوجوان کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی میں قابض بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی، جس کے دوران خواتین کو بھی ہراساں کیا گیا اور بزرگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    جارحیت پسند بھارتی فوج نے اسی پر بس ہی نہیں کی بلکہ ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا اور ماضی کی طرح اس ماورائے عدلت قتل کو بھی مسلح مقابلہ ثابت کرنے کی کوشش کی۔

    واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے، کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی فورسز نے 218 سے زائد کشمیری شہید کئے، شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

  • لاہور : جائیداد کا تنازعہ، خون سفید ہوگیا،  گھر میں گھس کر فائرنگ

    لاہور : جائیداد کا تنازعہ، خون سفید ہوگیا، گھر میں گھس کر فائرنگ

    لاہور : جائیداد کے تنازعے پر گولیاں چل گئیں، بھائی نے بھائی کو قتل کرکے بھابھی اور بھتیجی کو زخمی کردیا، پولیس مرکزی ملزم کو پکڑنے میں تاحال ناکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں جائیداد کے تنازع پر گھر میں گھس کر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اندھا دھند فائرنگ سے سابق پولیس اہلکاراعجاز قتل اور اس کی بیوی اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازعہ تھا، اعجاز پراس کے بھائی نے بھتہ مافیا کے ساتھ مل کر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں اعجاز نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ اس کی بیوی اور بیٹی زخمی ہوگئے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو قبضے میں لے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، مقتول سابق اہلکار کی بیوی اور بیٹی کو اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت تشویشناک قرار دی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ایک ملزم بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوا ہے، واقعے کا مقدمہ تھانہ شیرا کوٹ میں درج کرلیا گیا۔

    مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم علی کھوکھرعادی مجرم ہے، ملزم علی کھوکھر متعدد بارجیل جاچکا ہے، فائرنگ واقعے کا مرکزی ملزم علی کھوکھرتاحال گرفتار نہ ہوسکا۔

  • صدر ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم ، ایک شخص ہلاک

    صدر ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم ، ایک شخص ہلاک

    پورٹ لینڈ : گزشتہ روز پورٹ لینڈ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور بلیک لائیوز میٹرز نامی مہم کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر پورٹ لینڈ میں صدر ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں کی ریلی کے بعد ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تاہم پولیس نے متاثرہ شخص کی نہ تو شناخت ظاہر کی اور نہ ہی قتل کے محرکات کے متعلق کوئی بیان جاری کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شام کو جب ٹرمپ کی حامیوں کی ریلی شہر سے مارچ کرتے ہوئے باہر نکلی تو اس کے کچھ دیر بعد ہی ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا واقعہ پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی اس واردات سے متعلق اس کے پاس معلومات بہت کم ہیں اسی لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس بارے میں اگر کسی کے پاس کوئی ویڈیو، فوٹو ہو یا کوئی عینی شاہد ہو تو وہ پولیس کو آگاہ کرے اور تفتیش میں پولیس کی مدد کرے۔

    محکمہ پولیس کے سربراہ چک لول کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تشدد کو قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ”ابھی اس کی تفتیش ابتدائی مرحلے میں ہے لہٰذا کسی قسم کا ابہام نہ پیدا کیا جائے۔ یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں شہر کے اندر ‘بلیک لائیو میٹر’ تحریک کے دوران اس گروپ کا مظاہرین کے ساتھ کئی بار جھگڑا ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب پورٹ لینڈ میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن ایک دوسرے پر الزامات عائد کررہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے پورٹ لینڈ شہر کے ڈیموکریٹک میئر ٹیڈ وہیلر پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے شہر میں موت اور تباہی ہونے دی جبکہ بائیڈن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے لاپرواہ بیانات سے تشدد کی چنگاری کو ہوا دے رہے ہیں۔

  • بھارتی فوج کی بربریت سے مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

    بھارتی فوج کی بربریت سے مزید 4 کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض اور ظالم بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر ڈالا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، ریاستی دہشت گردی کی ایک نئی کارروائی ضلع شوپیاں میں ہوئی جہاں قابض بھارتی فوج نے 4 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

    دوسری طرف قابض بھارتی فوج کی علاقے میں کارروائی کے خلاف احتجاج کو دنیا کی نظروں سے اوجھل کرنے کے لیے علاقے میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی مظالم سے 218 کشمیری شہید جبکہ ایک ہزار 395 زخمی ہوئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال 5 اگست سے اب تک غیر قانونی محاصروں کے دوران 218کشمیریوں کو شہید کیا گیا،جن میں 4 خواتین اور 10 کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

    بھارت نے گزشتہ ایک سال کے دوران بزرگ، خواتین اور کشمیری لڑکیوں سمیت 13 ہزار 680 کشمیریوں کو گرفتار بھی کیا، اس دوران 84 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 946 مکانات کو نقصان پہنچا۔

    قابض فوجیوں نے ظلم کی تاریخ رقم کرتے ہوئے پیلٹ گنوں سے 10 ہزار 240 کشمیریوں کونشانہ بنایا، جس سے درجنوں کشمیری بینائی سے محروم ہوگئے جبکہ 385 افراد کو دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

  • بھارت : چھوٹی سی بات پر طالب علم نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

    بھارت : چھوٹی سی بات پر طالب علم نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

    نئی دہلی : بھارت میں ان دنوں  خود کشی کا رجحان کافی حد تک بڑھنے لگا ہے، خصوصاً نوجوان نسل چھوٹی چھوٹی باتوں کو جواز بنا کر اپنی جان لینے کے درپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں بارہویں جماعت کے طالب علم نے فیل ہونے کے بعد خود کو گولی مارکر ہلاک کر لیا۔

    امتحان میں ناکامی کے بعد امیت نامی طالب علم نے اپنے والد کی لائسنس یافتہ بندوق سے خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    پولیس نے بندوق قبضے میں لینے کے بعد طالب علم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی ہے۔ ہلاک ہونے والے طالب علم کی شناخت امیت کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق امیت ایک انگریزی اسکول میں بارہویں جماعت کا طالب علم تھا۔ امت نے اپنے گھر کی دوسری منزل پر جاکر خود کو گولی مارلی ۔

    اہل خانہ کے مطابق گزشتہ برس بھی امیت بارہویں جماعت میں فیل ہوگیا تھا،اس برس بھی فیل ہونے پر وہ دلبرداشتہ ہوگیا اور اس برس اس نے خود کشی کرلی، جائے واردات سے پولیس کو کوئی خط نہیں ملا۔

    مزید پڑھیں : فون کے لیے بھائی سے لڑنے کے بعد لڑکی نے خود کشی کر لی

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی شہر ناگپور میں ایک نوجوان لڑکی نے فون کے لیے بھائی سے جھگڑنے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، 19سالہ لڑکی کو اس کا بھائی اپنا موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے رہا تھا۔

    مزید پڑھیں : ایک اور بھارتی اداکار کی خودکشی سے موت

    ناگپور پولیس کا کہنا تھا کہ لڑکی نے والدین سے بھی موبائل فون خرید کر دینے کی فرمائش کی تھی تاہم گھر والوں کی خراب مالی حالت کے پیش نظر یہ فرمائش پوری نہیں ہو سکی تھی جس کے بعد لڑکی نے مایوسی کے عالم میں زہر پی لیا، حالت بگڑنے پر اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ دوران علاج ہی مر گئی۔

     

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی ، 15سالہ بچی سمیت 4شہری زخمی

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی ، 15سالہ بچی سمیت 4شہری زخمی

    راولپنڈی : بھارتی فوج نے ایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف سیکٹرزپربھاری گولہ باری کی ، جس کے نتیجے میں 15سالہ بچی سمیت4شہری زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ24گھنٹے میں سیزفائر معاہدے کی متعدد بار خلاف ورزی کیں، بھارتی فورسزنےشاردا،شاہ کوٹ اورڈھڈنیال سیکٹرزپربھاری گولہ باری کی اور جان بوجھ کرایل او سی پرشہری آبادی کونشانہ بنایا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے چھری اوربسن والی گاؤں کی15سالہ بچی سمیت4شہری زخمی ہوئے ، پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کامنہ توڑجواب دیا گیا اور بھارتی چوکیوں کوموثراندارمیں نشانہ بنایا۔

    پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ امسال بھارتی فوج ایل اوسی پر708 بار اشتعال انگیزیاں کرچکی ہے، بھارتی اشتعال انگیزیوں کے نتیجے میں 2شہری شہیداور40 زخمی ہوئے۔

    گذشتہ روز پاک فوج نے ایل او سی پر ایک بھارتی ڈرون کو مار گرایا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا تھا، جسے پاک فوج نے مار گرا دیا ہے۔ پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ یہ بھارتی اقدام 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    مزید پڑھیں : ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    اس سے قبل مارچ میں بھارتی فوج نےایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے شاہ کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 20سالہ سپاہی واجدعلی شہید ہوگیا تھا۔

  • میکسیکو : دو گروہوں میں مسلح تصادم، 19افراد ہلاک ایک زخمی

    میکسیکو : دو گروہوں میں مسلح تصادم، 19افراد ہلاک ایک زخمی

    میکسیکو : جرائم پیشہ افراد کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں 19 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کی شمالی ریاست چہواہوا میں دو مبینہ جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا، فائرنگ کی تڑتڑاہٹ سے علاقہ گونج اٹھا، گولیاں لگنے کے نتیجے میں 19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

    اس دوران ایک شکص بھی زخمی ہوا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسٹیٹ اٹارنی جنرل کے دفتر نے واقعے کی اطلاع دی، ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز شام کے وقت کے مطابق 06:35 منٹ پر چہواہوا میں پیش آیا۔

    جہاں سے پولیس کو فائرنگ کی اطلاع ملی۔ اٹارنی جنرل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے کے بعد موقع پر پہنچے سیکورٹی اہلکاروں کو جائے وقوعہ سے18 افراد کی لاشیں ملیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاشوں اور دو زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

  • بھارت : مسلمانوں کے مظاہرے پر گولی چلانے والا ملزم رہا

    بھارت : مسلمانوں کے مظاہرے پر گولی چلانے والا ملزم رہا

    نئی دہلی : شاہین باغ میں احتجاجی مظاہرے کے شرکاء پر فائرنگ کرنے والے ملزم کپل بیسالہ کو عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کی ایک عدالت نے شاہین باغ میں شہریت کے نئے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرنے والے ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا۔

    ملزم کپل بیسالہ کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر ملزم کے وکلاء نے عدالت میں دلائل دیئے جسے سن کر عدالت نے کپل بیسالہ کی 25ہزار روپے ضمانت منظور کرلی۔

    ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم ہر ایک بیوی اور بچے کی ذمہ داری بھی ہے لہٰذا اسے عدالتی تحویل میں رکھنا مناسب نہیں، رہا کیا جائے ۔

    ایڈیشنل سیشن جج گلشن کمار نے کہا کہ ملزم کیخلاف ماضی میں کوئی مقدمہ نہیں اس سے پہلے اور وہ کبھی بھی کسی دوسرے مقدمے میں ملوث نہیں رہا۔

    پولیس نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بیسالہ کے خلاف الزامات بہت سنگین تھے اور مقدمہ چل رہا تھا

  • لانڈھی میں خاتون سمیت دو افراد کے قتل کا ملزم گرفتار، دو فرار

    لانڈھی میں خاتون سمیت دو افراد کے قتل کا ملزم گرفتار، دو فرار

    کراچی : لانڈھی یونس چورنگی میں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت کے واقعے کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے دو افراد کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی یونس چورنگی کے قریب گزشتہ روز موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکشہ پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے، اس سلسلے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہرے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے یس ایس پی ملیر نے بتایا کہ فائرنگ سےجاں بحق ہونے والی خاتون زاہدہ ملزمان کا ہدف نہیں تھی، خاتون ٹھٹھہ کی رہائشی تھی،رشتےداروں سے ملنے کراچی آئی تھی۔

    ایس ایس پی کے مطابق  فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا پیش امام عبید الرحمان ہی ملزمان کا اصل ہدف تھا۔ فائرنگ سے جاں بحق پیش امام عبید الرحمان ہی اصل ہدف تھا۔

    مزید پڑھیں: ڈاکوؤں کی فائرنگ : بینک سے رقم لے کر آنے والا اپنی جان سے بھی گیا

    ایس ایس پی ملیر نے مزید بتایا کہ مقتول عبید الرحمان کا آبائی تعلق مظفر آباد سے تھا، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا، ملزم کو نامزد ہونے پر گرفتار کیا، واقعے میں ملوث مزید دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن 165 روز سے برقرار، فائرنگ سے نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن 165 روز سے برقرار، فائرنگ سے نوجوان شہید

    سرینگر : مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل 165 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ،موبائل فون سروس بدستورمعطل ہے، بھارتی فورسز کی فائرنگ سے نوجوان شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کا 113واں روز ہے، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیاء خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوڈا میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے نوجوان شہید ہوگیا، بھارتی فائرنگ سے ایک ہفتے میں شہید نوجوانوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔

    کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کررہی ہیں لیکن بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔

    مودی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہوچکا ہے، بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے لیے سانس لینا بھی مشکل کر دیا ہے۔

    مقبوضہ وادی میں پبلک ٹرانسپورٹ بند اور مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام اور ڈاکٹرز کو اسپتال جانے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے، طلباء اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹی میں نہیں پہنچ پا رہے۔