کینبرا: دماغی عارضے میں مبتلا شخص کے خیالات کو براہ راست ٹویٹس میں تبدیل کرنے کا کامیاب تجربہ کرلیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی برین کمپیوٹر انٹر فیس کمپنی سنکرون نے دماغی عارضے میں مبتلا شخص کے خیالات کو براہ راست ٹویٹس میں تبدیل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
مذکورہ شخص نے ٹویٹ میں لکھا، ہیلو ورلڈ، اس مقصد کے لیے 62 سالہ شہری کے دماغ میں ایک خاص چپ ڈالی گئی۔
یہ بی سی آئی ٹیکنالوجی کا علامتی طور پر ایک اہم لمحہ ہے جو فالج کا شکار لوگوں کے لیے دنیا کے ساتھ رابطے میں رہنے کا دروازہ کھول سکتا ہے۔
واشنگٹن : تاریخ کی پہلی مخنث ماڈل ویلنٹینا سمپایو وکٹوریا سیکریٹ کی ایتھلیٹ کے زیر استعمال رہنے والی زیر جامہ مصنوعات کی تشہیر کرتی دکھائی دیں گی۔
تفصیلات کے مطابق خواتین کے نفیس اور مہنگے ترین زیر جامہ مصنوعات بنانے والے فیشن امریکی فیشن برانڈ ’وکٹوریا سیکریٹ‘ نے تاریخ میں پہلی بار مخنث ماڈل کی خدمات حاصل کرلیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سال سے وکٹوریا سیکریٹ کو اپنی زیر جامہ مصنوعات کی تشہیر کے لیے صرف پتلی اور گوری رنگت کی ماڈلز کی خدمات حاصل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
وکٹوریا سیکریٹ کے زیر جامہ مصنوعات متعارف کرائے جانے کے فیشن ویک برطانیہ، امریکا، چین، جاپان، جرمنی اور فرانس سمیت دیگر ممالک میں منعقد ہوتے رہتے ہیں۔
وکٹوریا سیکریٹ کے فیشن ویک کو زیادہ تر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے،کمپنی کی تاریخ رہی ہے کہ وہ گوری رنگت کی حامل دبلی پتلی ماڈلز کی خدمات حاصل کرتی رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مصنوعات کی تشہیر کے لیے ایک ہی رنگت اور ایک ہی جیسی جسمانی ساخت رکھنے والی خواتین کی خدمات حاصل کرنے پر کمپنی کو گزشتہ چند سال سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہناتھا کہ لوگوں اور اداروں کی تنقید کے بعد وکٹوریا سیکریٹ نے گزشتہ برس سے اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے ماڈل کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل کرنے کا اشارہ دیا تھا۔
کمپنی نے جہاں گزشتہ برس پہلی بار بھاری جسامت والی ماڈلز کی خدمات حاصل کی تھیں، اب وہیں کمپنی نے مخنث خاتون کی خدمات حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔
امریکی اخبار کے مطابق وکٹوریا سیکریٹ نے تاریخ میں پہلی بار برازیل سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ مخنث ماڈل و اداکارہ ویلنٹینا سمپایو کی خدمات حاصل کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ویلنٹینا سمپایو وکٹوریا سیکریٹ کی ایتھلیٹ کے زیر استعمال رہنے والی زیر جامہ مصنوعات کی تشہیر کرتی دکھائی دیں گی،ویلنٹینا سمپایو نے وکٹوریا سیکریٹ کی جانب سے موقع دیے جانے کو اپنے خوابوں کی منزل کی جانب سفرقرار دیا،کمپنی کی جانب سے مخنث ماڈل کو موقع دیے جانے کو کئی شخصیات نے تاریخی قرار دیا۔
ابوظہبی : دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والے کینیا کے شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر (15کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) انعام میں جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر فروخت ہونے والے ڈیوٹی فری لاٹری ٹکٹ نے شہری کی قسمت تبدیل کردی، پاؤل ویچارا نامی افریقی نے منگل کے روز ہونے والی قرعہ اندازی میں ایک ملین امریکی ڈالر کی رقم اپنے نام کرلی۔
اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاؤل ویچارا پہلے کینیا کے شہری ہیں جو دبئی ڈیوتی فری لاٹری کے ذریعے 10 لاکھ امریکی ڈالر جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارےکے مطابق انعامی ٹکٹ تقسیم کرنے والے ادارے کی انتظامیہ خوش نصیب شہری تک رسائی حاصل نہیں پارہی ہے اور نہ ہی مذکورہ شخص کو علم ہے کہ وہ ایک ملین ڈالر کا مالک بن جاچکا ہے۔
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویچارا نے آن لائن ٹکٹ خریدا تھا جس کے باعث اس تک رسائی ممکن نہیں ہوپارہی ہے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق تین مزید خوش نصیب ہیں جنہوں نے لاٹری ٹکٹ کے ذرئعے بیش قیمتی گاڑیاں اپنے نام کی ہیں۔
ملازمت کی غرض سے دبئی میں مقیم راملال سرگارا نے دبئی ڈیوٹی فری سے بینٹلی بینٹیگا وی 8 جیتی ہے جبکہ وریا راحیمی نے رینج روور اور سندُن سمیر انے انڈین اسکوٹ بوبر ابائیک اپنے نام کی ہے۔
یاد رہے کہ دبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کے نام سے جانے والے اس ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار درہم ہے جو کہ دبئی میں مقیم کسی بھی بھارتی یا پاکستانی کے لیے ایک بڑی رقم ہے۔
ریاض : نجی فضائی کمپنی ”نسما ائیر“ میں بطور معاون پائلٹ یاسمین المیمنی نے پہلی کمرشل پرواز اڑائی، یاسمین کا کہنا ہے کہ بچپن سے فضاﺅں میں اڑنے کی خواہش تھی‘ خوابوں کی تعبیر پانے کیلئے بڑی محنت کرنا پڑی
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی پہلی خاتون کمرشل پائلٹ یاسمین المیمنی نے فضاؤں میں اڑنے کے اپنے خواب کی تعبیر پا لی ہے، سعودی عرب کی نجی فضائی کمپنی ”نسما ائیر“ میں بطور معاون پائلٹ یاسمین نے پہلی کمرشل پرواز اڑائی۔
عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پہلی سعودی خاتون کو سول ایوی ایشن کی جانب سے کمرشل پائلٹ کا لائسنس جاری کیا گیا ہے۔
یاسمین کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میری بچپن سے خواہش تھی کہ فضاؤں میں اُڑوں، مجھے اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کیلئے بڑی محنت کرنا پڑی، میرے گھروالوں نے ہمیشہ اور ہر موقع پر میرا ساتھ دیا اور میرا حوصلہ بڑھاتے رہے، بالآخر اپنے خوابوں کی تعبیر پانے کا دن آگیا۔
الطيران السعودي يقفز بقيادة المرأة 🇸🇦
،
حققت كابتن طيار السعودية #ياسمين_الميمني حلمها بقيادة أول رحلة طيران رسمية لها في المملكة كمساعد طيار بطائرة من نوع ART في رحلة بين القصيم وتبوك.
،
بعد 6 سنوات من حصولها على رخصة الطيران من هيئة الطيران المدني. pic.twitter.com/3t07H3umLr
یاسمین نے مزید کہا کہ ابھی مجھے بہت کچھ حاصل کرنا ہے، میرے اس سفر کا آغاز معاون پائلٹ کے طور پر ہوا ہے، جبکہ میرا ہدف مکمل پائلٹ بننا ہے اور مجھے یقین ہے کہ مسلسل محنت اور حصول مقصد کے لیے خلوص نیت میری راہ کی ہر مشکل کو آسان بنا دے گی۔
مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یاسمین کی بطور معاون پائلٹ کے پہلی کمرشل پرواز سے یہ ثابت ہو گیا کہ سعودی خواتین دنیا کے کسی ملک کی خواتین سے کم نہیں وہ موقع ملنے پر ہر کام کر سکتی ہیں جو مرد کرتے ہیں۔
واشنگٹن : ناسا نے 5 برس بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق چاند کی سطح پرانسان کو قدم رکھے پانچ عشرے ہونے والے ہیں، اب تک چاند پراترنےوالوں میں مرد ہی شامل رہے ہیں مگرامریکی خلائی ایجنسی ناسا نے پہلی بار سنہ 2024ء میں ایک خاتون کو چاند پر اتارنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ناسا کے خلائی مشن کے لیے بجٹ میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے۔
‘ناسا’ کے ڈائڑیکٹر مواصلات ‘بیٹینا انکلین’ نے بتایا کہ اب تک چاند کی سطح پر قدم رکھنے والے کل 12 خلائی سائنسدان سب امریکی مرد تھے تاہم ایجنسی پہلی بار ایک امریکی خاتون خلانورد کو بھی چاند پر اتارنے کی تیاری کررہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ سوموار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناسا کے بجٹ میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا تھا، ہم زیادہ اور بڑے پیمانے پر خلائی تحقیقات کی طرف واپس پلٹنا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ ناسا کی عظمت رفتہ کی بحالی اور چاند پر اپنے تحقیقاتی مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے مریخ کی طرف بڑھنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ ناسا نے دوبارہ چاند کی سطح پر اپنی سرگرمیوں اور تحقیقات کے لیے 21 ارب ڈالر کے بجٹ کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی خلائی تحقیقاتی ایجنسی (ناسا) کے ڈائریکٹر جیم بریڈنشائن نے کہا ہے کہ یہ بجٹ ایجنسی کو نئے منصوبوں کے ڈیزائن، ڈویلپمنٹ اور دریافتوں کےمیں مدد فراہم کرے گا۔
امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوموار کو ناسا نے چاند کے جنوبی حصے میں 2024ء کو خاتون خلان ورد کو اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ناسا کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ چاند پر خاتون کو اتارنے کے مشن کو قدیم یونانیوں میں چاند کےمعبود ‘ارٹمیس’ کے نام سے موسوم اور اپالو کی جڑواں بہن کیا گیا ہے، اس سے قبل ناسا نے اپالو11 نامی مشن کے تحت 20 جولائی 1969ء کو پہلی بار ایک زندہ انسان کو چاند کی سطح پر اتارا تھا۔
برڈنشائن کا کہنا ہے کہ 50 سال کے بعد ارٹمیس پروگرام میں ایک مرد اور ایک ایک خاتون کو چاند پر ایک ساتھ اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیویارک : اقوام متحدہ میں تعینات سعودی سفیر نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں فلسطینی قوم کے دیرینہ اور اصولی مطالبات کا پوری جرات کےساتھ مقدمہ لڑتے ہوئے کہاہے کہ تنازع فلسطین کا منصفانہ اور دیر پاحل سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ کے حوالے سے خصوصی اجلاس سے خطاب میں سعودی سفیر سفیر عبداللہ بن یحییٰ المعلمی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ایسا کوئی امن فارمولہ قبول نہیں کرے گا جس میں چار جون 1967ءکی جنگ کے بعد اسرائیلی تسلط میں آنے والے علاقوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کی نفی کی گئی ہو۔
سعودی سفیر نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہداء اور اسیران کے لواحقین کو ملنے والی رقوم بند کرنے اور فلسطینی اراضی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی۔
المعلمی کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر اور مقدس مقامات کی بے حرمتی بین الاقوامی قوانین اور عالمی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کو عالمی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہوتا دیکھنا چاتا ہے، ہم القدس شریف کے عرب، اسلامی اور مسیحی تشخص پر آنچ نہیں آنےدیں گے، اسرائیل کو تمام مقبوضہ عرب علاقوں سے اپنا تسلط ختم کرنا ہوگا۔
اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب نے اسرائیل کی طرف سے شام کے وادی گولان کے علاقے پر قبضہ مضبوط کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی۔
عبداللہ بن یحییٰ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 242مجریہ 1967 اور قرارداد 497 مجریہ 1981ءمیں وادی گولان پر اسرائیلی قبضہ باطل اورناجائز قراردیا گیا ہے۔ امریکا کی طرف سے وادی گولان پراسرائیلی عمل داری تسلیم کرنے سے تاریخی حقیقت کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ سعودی عرب وادی گولان کو شام کی سرزمین کا حصہ سمجھتا ہے۔
ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے ریاست کے سرکاری نشریاتی پر پہلی مرتبہ خاتون نیوز کاسٹر کو خبرنامہ پڑھنے کے لیے متعارف کروادیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت گذشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے بعد خواتین کی میراتھن ریس سمیت مملکت کے دیگر شعبوں میں بھی خواتین کو شامل کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری نشریاتی ادارے پر خاتون نیوز کاسٹر کو متعارف کروایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی خبرنامہ پڑھنے والی پر ویم الدخیل نامی خاتون کو ریاست کی پہلی نیوز کاسٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق ویم الدخیم سعودیہ ٹی وی پر مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کا خبرنامہ مرد نیوز کاسٹر کے ہمراہ نشر کریں گی۔
عرب خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شہریوں نے جب سرکاری نشریاتی ادارے پر مرد اینکر کے ساتھ خاتون کو خبر نشر کرتے دیکھا تو حیران ہوئے اور حکام کے مذکورہ اقدام کا خیر مقدم کیا۔
سعودی عرب کے بعض شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر کی تعیناتی کو خواتین کے لیے سنگ میل قرار دیا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل شہزادی ریما بنت بندر السعود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایک بین الااقوامی معاشرے کا حصہ ہے ، سعودی عرب میں بات اب صرف عورتوں کے حقوق کی نہیں بلکہ صنفی غیر جانبداری کی ہے، اسی لئے سعودی عرب اس وقت مثبت تبدیلی سے گزر رہا ہے۔
حال ہی میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے کی اجازت ملی جبکہ سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھی فلموں کی نمائش کی گئی ۔
سال 2016 کے وسط میں سعودی حکومت نے وژن 2030 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جبکہ حکومت نے روشن خیالی کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔
لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئی جی و چیف سیکریٹری کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران اپنے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھیں، عوامی شیاکات اور حل کے لیے 2 گھنٹے مختص کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چیف سیکریٹری، آئی جی اور اداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو افسران و اہلکاروں کے رویّے میں تبدیلی کا احساس ہونا چائیے اور افسران بھی اپنے دروازے عوام کے لیے کھلے رکھیں۔
تحریک انصاف کے رہنما عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوامی شیاکات اور حل کے لیے 2 گھنٹے مختص کیے جائیں، عوامی شکایات کے اوقات کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثما بزدار کا کہنا تھا کہ معاشرے کی ترقی اور عوام کے خدمت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، مسائل کے لیے حل پر مانیٹرنگ کا جامع نظام وضع کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کاسفر شروع ہو چکاہے، ان کے وژن پر عمل پیرا ہو کر ملک و قوم کی تقدیربدلیں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ڈی جی خان اور قبائلی علاقوں کے وفود سے ملاقات میں کہنا تھا کہ عوام کی نبض پرہمارا ہاتھ ہے، میں عوام سے ہوں اور ان کے مسائل جانتا ہوں۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ 100 روزہ ایجنڈا عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہے، پوری تندہی سے اس ایجنڈے کو مکمل کریں گے، میرے دروازے کھلے ہیں، عوام سے ہروقت رابطہ رکھتا ہوں۔
گلگت : نلتر ویلی میں منعقدہ عالمی قراقرم میراتھن ریس اختتام پذیر ہوئی، جس میں 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے زیر اہتمام نلتر (گلگت) میں منعقدہ پہلی عالمی میراتھن اختتام پذیر ہوگئی جس میں دنیا بھر سے 150 سے زائد اتھلیٹس نے نلتر (گلگت)کی خوبصورت وادی میں منعقدہ میراتھن میں حصہ لیا۔
پاک فضائیہ نے بین الاقوامی میراتھن ٹریول کمپنی، زیڈ ایڈوانچر اور سیرینا ہوٹلز کے باہمی اشتراک سے یہ مقابلے منعقد کروائے تھے، سطح سمندر سے11300 فٹ کی انتہائی اونچائی پر اپنی نوعیت کی یہ منفرد میراتھن نوجوانوں اور بوڑھوں، ملکی اور غیر ملکی، مرد و خواتین اتھلیٹس کا حسین امتزاج تھی۔
میراتھن میں شریک تمام اتھلیٹس نے نلتر کے گرد موجود دنیا کے آٹھویں عجوبے قراقرم ہائی وے پر اس دوڑ میں حصہ لیا، 24 ممالک کے 35 عالمی اتھلیٹس نے 42 کلومیٹر پر محیط ریس میں شرکت کی جبکہ امیچور کٹیگری میں 21 کلومیٹر پر مشتمل ایک ہاف میراتھن کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔
پہلی عالمی میراتھن ریس میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل سرفراز خان، ائیر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
42 کلومیٹر پر محیط ریس میں گیزر گلگت کے اسلم خان پہلی جبکہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل مقامی نوجوان اسحاق خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گلگت کے ہی عبید الرحمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی کٹیگری میں غیر ملکی اتھلیٹس چھائی رہیں اور تینوں پوزیشنز اپنے نام کرلی۔ برطانیہ کی کیرولین ڈریو نے پہلی، کینیڈین ہیتھرلی نے دوسری جبکہ ہنگری کی ایڈٹ کس نے تیسری پوزیشن حاصل کر سکیں۔
21 کلومیٹر کی ڈور میں شاہد علی، عدنان خان اور نذر شاہ نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی کیٹگری کے خواتین کے مقابلوں میں نادیہ رحیم پہلی جبکہ کوکب سرور دوسری اور ثوبیہ علی تیسری پوزیشن کی حامل قرار پائیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل 24ممالک کے بہترین ایتھلیٹس قراقرم میراتھن میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے، منفرد مقام اورسطح سمندر سے11300فٹ کی انتہائی اونچائی پر یہ میراتھن چیلنج نلتر ویلی میں منعقد ہو گا۔
42.2KMاور21.1KMکے ان تاریخی مقابلوں میں عالمی اتھلیٹس کے ساتھ پاک افواج کے 70اور پاکستان کے 30ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ اس میراتھن کا مقصد بین الاقوامی شہرت یافتہ ایتھلیٹس کو پاکستان کی خوبصورتی سے روشناس کراناہے۔
یہاں امر قابل ذکر ہے کہ دس سال کے ایتھلیٹ سے لے کر 80سال کی عمر کے اتھلیٹس اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف مما لک کے عالمی شہرت یافتہ رنرز جیسا کہ زیاد رحیم ( پاکستان)، ڈاکٹر جرگن کوہلمے ( جرمنی) ، جانوس اور ایڈٹ کِس (ہنگری) ، جان لم ینگ( ٹرینیڈاڈ) ، گوسپ راگوسو ( اٹلی) جے سی سانتا ٹریسا ( امریکہ) ، رین اولسن (ڈنمارک) اور کولن لی (یو کے) اس ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس ایونٹ میں اپنے معیار کی بلندی کے خواہاں پاکستانی ایتھلیٹس کو سیکھنے اور اپنے جوہر دکھانے کا ایک شاندار موقع میسر آ ئے گا، مزید براں آسٹریلیا ، بیلجیم مصر، تونیسیا، فیرو آئی لینڈ ، پولینڈ، قطر ، یو اے ای، ارجنٹینا ، آئرلینڈ، تائیوان ، چائنا ، سکاٹ لینڈ اورنیدر لینڈ کے رنرز بھی اس میراتھن میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔
واشنگٹن : فلسطینی نژاد رشیدہ طلیب امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مسلمان رکنِ کانگریس بنے گی، ان کے اقتدار میں آنے سے جان کانئیر کی اس نشست پر اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کی سابقہ قانون ساز مسلمان خاتون رشیدہ طلیب جو پہلی مسلمان خاتون ہیں جن کے امریکی کانگریس کا رکن منتخب ہونے کا قوی امکان ہے، فلسطینی نژاد رشیدہ امریکا کی ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ پر کانگریس کی نشت کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد خاتون کے مقابلے میں ڈسٹرکٹ 13 سے ریپبلیکن پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی کے امیدوار نے کاغذات نامزدگی ہی داخل نہیں کروائے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد مسلمان خاتون کے مقابلے میں کسی امیدوار کے نہ ہونے سے رواں برس نومبر میں امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں رشیدہ طلیب کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد خاتون کے رکن کانگریس منتخب ہونے کے بعد مذکورہ نشست سے کانگریس کے سابق رکن مین جان کانئیر کے طویل دور کا خاتمہ ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جان کانئیر گذشتہ 53 برس سے اس نشست پر براجمان ہیں، وہ 1965 سے رکن کانگریس منتخب ہوتے آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ جان کانئیر نے خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی کے الزامات اور خرابی صحت کے باعث مدت پوری ہونے سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
خیال رہے کہ فلسطینی نژاد مسلمان خاتون رشیدہ کے مقابلے میں کسی بھی جماعت کا کوئی رکن الیکشن میں حصّہ نہیں لے رہا لیکن ڈیٹریاٹ سٹی کونسل کی صدر برنڈا جونر رکن کانگریس بننے کی امیدوار ہیں، اس لیے برنڈا اور راشدہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔