Tag: first anniversary of Kartarpur Corridor

  • کرتارپور راہداری کا ایک سال مکمل، بھارت کے سیکولرازم کا بھانڈا پھوٹ گیا

    کرتارپور راہداری کا ایک سال مکمل، بھارت کے سیکولرازم کا بھانڈا پھوٹ گیا

    لاہور : بین المذاہب رواداری کی مثال کرتار پور راہداری کو کھلے ہوئے آج پہلا سال مکمل ہوگیا لیکن بھارتی حکومت نے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکھوں کو مذہبی تقریبات میں شرکت نہ کرنے دی۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان سکھ یاتریوں کی آمد کے لیے بنائی گئی کرتار پور راہداری کا افتتاح ہوئے آج برس پورا ہوگیا، اس موقع پر ممبر پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک سردار اندر جیت سنگھ نے حکومت پاکستان خصوصاً وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    اندر جیت سنگھ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کرتار پور راہداری پاکستان میں تمام مذاہب کو میسر حقوق اور آزادی کی زندہ مثال ہے، یہ راہداری حکومت پاکستان کی جانب سے سکھوں کے لیے خصوصی تحفہ ہے، انہوں نے سکھوں کو مذہبی تقریبات ادا کرنے کا موقع دینے پر آرمی چیف کو ہیرو قرار دیا۔

    واضح رہے کہ باباگرو نانک کی آخری آرام گاہ تک رسائی کیلئے کرتار پور راہداری گزشتہ سال نو نومبر کو کھولی گئی، پاکستان نے سکھوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ویزا فری انٹری دی۔

    دنیا بھر سے سکھ برادری مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے گور دوارہ کرتار پور آتی ہے جبکہ دوسری جانب نام نہاد سیکولر ریاست بھارت مسلسل کرتار پور راہداری کو ناکام بنانے کے درپے ہے، ہندوتوا کے پرچار نام نہاد سکیولر ملک بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔

    سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کے سیکولرازم کا بھانڈا پھوٹ گیا،بھارتی حکومت نے سکھوں کو بابا گرونانک کی جنم دن کی تقریبات میں شرکت سے روک دیا، بھارت کی جانب سے کورونا وبا کو بظاہر بنیاد بنا کر سکھ یاتریوں کو روکا گیا ہے۔

    سکھوں کے لیے مقدس مقام گوردوارہ کرتارپور ضلع نارروال میں واقع ہے۔ اس مقام پرسکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک نے زندگی کے آخری ایام گزارے تھے۔ یہ گوردوارہ لاہور سے 120 کلومیٹر کے فاصلے پر تحصیل شکر گڑھ کے بھارتی سرحد پر گاؤں کوٹھہ پنڈ میں قائم ہے۔

  • کرتار پور راہداری کی پہلی سالگرہ   شایان شان انداز میں  منائی جائے گی

    کرتار پور راہداری کی پہلی سالگرہ شایان شان انداز میں منائی جائے گی

    شکرگڑھ : کرتار پور راہداری کی پہلی سالگرہ شایان شان انداز میں منائی جائے گی،7 اور 9 نومبر کو باباگورونانک کی حیاتی پرسیمینار ، دیگر تقاریب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سیکریٹری جنرل پاکستان سکھ گورودوارہ پر بندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ نے پیغام میں کہا کرتار پور راہداری کی پہلی سالگرہ شایان شان اندازسےمنائیں گے، حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت و عالمی سکھ برادری کو دعوت دیتاہوں، 7 اور 9 نومبر کو باباگورونانک کی حیاتی پرسیمینار ،دیگر تقاریب ہوں گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری کا افتتاح کیا تھا، اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے ، کشمیریوں کو حقوق مل جائیں گے تو برصغیر میں بھی خوشحالی آئے گی۔

    بین الاقوامی میڈیا نے کرتارپور راہداری کھلنے پر بھرپور کوریج دی، جرمن ادارے نے لکھا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر نئے اوپن پوائنٹ کا افتتاح ہوگیا، جس سے بھارتی سکھ بغیر ویزا کے پاکستان میں موجود اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں گے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے نے لکھا تھا کہ سکھوں کے ایک اہم مقدس مقام کو جانے والا راستہ بالآخر کھل گیا ہے، سکھوں کی اس دیرینہ خواہش کو پورا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اکتوبرمیں معاہدہ ہوا تھا۔

    روسی نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان میں موجود مقامات کی زیارت کا راستہ کھلنے پر سکھ برادری خوشی سے نہال ہے۔ الجزیرہ نے لکھا کہ بھارتی سکھوں نے پاکستان کی جانب سفر شروع کردیا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک تاریخی معاہدے کے تحت شروع ہوا ہے۔