Tag: First digital census

  • پاکستان کی کُل آبادی کتنی ہے؟ ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

    پاکستان کی کُل آبادی کتنی ہے؟ ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

    مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کی منظوری کے بعد ادارہ شماریات نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل نے پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج کی منظوری دے دی جس بعد ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت ملک کی کل آبادی 24کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ہوگئی ہے۔

    ترجمان ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ساتویں مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد ہے، صوبوں کی آبادی کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی کل آبادی 12 کروڑ 76 لاکھ 80 ہزار ہے۔

    اس کے علاوہ سندھ کی کل آبادی 5کروڑ 56 لاکھ 90 ہزار، خیبر پختونخوا کی کل آبادی 4کروڑ 8لاکھ 50 ہزار اور بلوچستان کی کل آبادی ایک کروڑ 48 لاکھ 90 ہزار ہوچکی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آبادی کے اضافے کی شرح 2.53 فیصد ہے، سندھ میں آبادی کے اضافے کی شرح 2.57فیصد اور بلوچستان میں 3.20فیصد ہے۔

    پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق کے پی میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.38فیصد ہے، پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے مطابق اسلام آباد کی آبادی 23لاکھ 60 ہزار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان کی دیہی آبادی 61.18 فیصد جبکہ شہری آبادی 38.82 فیصد ہے، خیبرپختونخوا کی 84.99فیصد آبادی دیہی جبکہ 15.01فیصد شہری ہے، پنجاب کی59.3فیصد آبادی دیہی جبکہ 40.70فیصد شہری ہے، بلوچستان کی 64فیصد آبادی دیہی جبکہ 30.96فیصد شہری آبادی ہے۔

  • پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری، اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم

    کراچی: پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے سلسلے میں اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ٹریننگ حاصل کرنے والے اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم کیے گئے، پاکستان کی ساتویں مردم شماری پہلی مرتبہ کاغذ اور قلم کے استعمال کے بغیر ہوگی۔

    آئندہ عام انتخابات ڈیجیٹل مردم شماری کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں گے، جس کے لیے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں ادارہ شماریات پاکستان کے تحت اساتذہ کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس سلسلے میں گورنمنٹ بوائزسیکنڈری اسکول انجمن اسلامیہ لیاقت آباد میں ٹریننگ میں شریک اساتذہ میں ٹیبلٹ تقسیم کیے گئے۔

    پہلی مرتبہ مردم شماری میں کاغذ اور قلم کا استعمال نہیں کیا جائے گا، ادارہ شماریات اور ٹریننگ حاصل کرنے والا عملہ ٹیبلٹ میں ڈیٹا فیڈ کرے گا۔

    مردم شماری سپر وائزر و ماسٹر ٹرینر امبر سلطانہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجٹل مردم شماری کے لیے تربیت کا مرحلہ 21 جنوری تک جاری رہے گا، اور مردم شماری یکم فروری سے شروع ہوگی۔