Tag: First drama on air

  • میں نے والد کے ڈر سے ٹی وی بند کردیا تھا، ہمایوں سعید

    میں نے والد کے ڈر سے ٹی وی بند کردیا تھا، ہمایوں سعید

    کراچی : پاکستان شوبز کے معروف اداکار ہمایوں سعید نے بتایا ہے کہ جس روز میرا پہلا ڈرامہ آن ایئر ہوا اس رات میں نے والد کے ڈر سے گھر کا ٹی وی بند کردیا تھا۔

    پاکستان شوبز کے بہت سے ایسے نامور فنکار ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام میں بہت سی معاشرتی مشکلات کا سامنا کیا لیکن اپنی مسلسل محنت اور لگن کے باعث انہوں نے اس شعبے میں اپنا نام بنایا۔

    ان ہی فنکاروں میں ایک معروف اداکار ہمایوں سعید بھی ہیں جنہوں نے گھر والوں کی اجازت نہ ملنے کے بعد چھپ کر ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور گھر والوں کو ایک کامیاب اداکار بن کر دکھایا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں ہمایوں سعید نے اپنے ابتدائی کیریئر کے حوالے سے بہت سی دلچسپ باتیں ناظرین سے شیئر کیں۔

    میزبان ندا یاسر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال 1996 میں میرا پہلا ڈرامہ پی ٹی وی سے نشر ہوا جس روز وہ ڈرامہ آن ایئر ہونا تھا اس رات میں نے گھر کا ٹی وی بند کردیا کہ کوئی دیکھ نہ لے۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے والد کافی حد تک مذہبی خیالات کے حامل تھے دوسرے روز ان کو مسجد میں کسی نے بتایا کہ ہم نے رات آپ کے بیٹے کو ٹی وی ڈرامے میں دیکھا۔

    ہمایوں سعید نے بتایا کہ جب والد صاحب نے محسوس کیا کہ لوگ میرے ٹی وی پر کام کرنے کو برا یا تنقید نہیں کررہے تو پھر انہوں نے زیادہ سوال جواب نہیں کیے، ان کی ڈانٹ ڈپٹ کا یہ مقصد تھا کہ میں کہیں اس اداکاری کے چکر میں پڑ کر میں اپنی نوکری سے ہاتھ نہ دھو بیٹھوں۔