Tag: First Flight

  • سعودی عرب : عازمین حج سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    سعودی عرب : عازمین حج سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی حکومت نے حج آپریشن کے تمام انتظامات مکمل کرلیے، عازمین حج کی حجاز مقدس روانگی کا مرحلہ آن پہنچا۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی پروازیں اگلے ہفتے سے سعودی عرب پہنچنا شروع ہوجائیں گی۔

    سعودی ترجمان کے مطابق مختلف ممالک سے عازمین کی آمد کا سلسلہ مرحلہ وار ہوگا، 28اپریل کو جنوبی افریقا سے پہلی پرواز سعودی عرب پہنچے گی۔

    دوسرے مرحلے میں 29اپریل کو پاکستان، بھارت اور بنگلادیش سے پروازیں پہنچیں گی، جبکہ 2مئی کو انڈونیشیا سے عازمین حجاج کی آمد ہوگی۔

    سعودی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ عازمین کے استقبال کے لیے مملکت میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی عازمین حج کیلیے ضروری ہدایات

    یاد رہے کہ وزارت مذہبی امور پاکستان نے عازمین کیلیے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب روانگی سے قبل لازمی ویکسین لگانی ضروری ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی کہ حج پر جانے والے لازمی طور پر گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی ویکسین نزدیکی حاجی کیمپ سے مفت لگوائیں، ویکسینیشن کے بعد حاجی کیمپ سے پیلا کارڈ لازمی حاصل کریں کیونکہ سرٹیفیکیٹ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں۔

    ہدایت کی گئی کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین حج اپنا پرانا کورونا ویکسین کارڈ لازمی ہمراہ رکھیں، کارڈ نہ ہونے کی صورت میں صرف وہی افراد نزدیکی حاجی کیمپ سے کورونا ویکسین لگوا کر کارڈ حاصل کریں۔

  • پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری پرواز روانہ

    پی آئی اے کی پہلی ایئر سفاری پرواز روانہ

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی ایئر سفاری پرواز اسلام آباد سے روانہ ہوگئی، پرواز پاکستان کی خوبصورت پہاڑی چوٹیوں کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، اور جھیل سیف الملوک سے گزر کر اسکردو میں لینڈ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پہلی ایئر سفاری پرواز اسلام آباد سے روانہ ہوگئی۔ پرواز 13 ملکوں کی شہریت رکھنے والے 91 مسافر لے کر روانہ ہوئی۔

    غیر ملکی مہمانوں نے پاکستان کے حسین پہاڑی سلسلے کو دیکھنے کے لیے نہایت جوش و خروش کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر بھی ذاتی حیثیت میں سیاحوں میں شامل ہیں۔

    ایئر سفاری پرواز پاکستان کی خوبصورت پہاڑی چوٹیوں کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک، اور جھیل سیف الملوک سے گزر کر اسکردو میں لینڈ کرے گی۔

    ترجمان کے مطابق ان دلکش نظاروں کے لیے صاف موسم انتہائی ضروری تھا، اس لیے ایئر سفاری کی ‏افتتاحی پرواز 12 جون کے بجائے 19 جون کو روانہ کی گئی۔

    پی آئی اے کے مطابق ایئر سفاری کے لیے یکطرفہ کرایہ 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

  • سوویت یونین کے بعد پہلی بار روسی ساختہ انجنز سے لیس مسافر طیارے کی پرواز

    سوویت یونین کے بعد پہلی بار روسی ساختہ انجنز سے لیس مسافر طیارے کی پرواز

    ماسکو: روسی ساختہ انجنز کے حامل مسافر طیارے ایم سی 21-310 نے اپنی پہلی آزمائشی پرواز مکمل کرلی، مستقبل میں اس طیارے کے 250 نشستوں کی گنجائش والے ورژن بھی تیار کرنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

    روسٹیک کارپوریشن کی پریس سروس کا کہنا ہے کہ سوویت یونین کے بعد پہلی بار روسی ساختہ انجنز پی ڈی 14 سے لیس ایم سی 21-310 مسافر طیارے نے پہلی پرواز مکمل کرلی ہے۔

    روسٹیک کے مطابق طیارے کی پہلی پرواز 15 دسمبر 2020 کو ارکوٹسک ایوی ایشن پلانٹ کے ایروڈوم میں کی گئی۔

    اس آزمائشی پرواز کے دوران انجن کا آپریٹنگ موڈ، طیارے میں دوران پرواز استحکام، حساسیت اور ہوائی جہاز کے سسٹم کے کام کا تجربہ کیا گیا۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایم سی 21 درمیانے فاصلے تک کا مسافر طیارہ ہے، امریکی انجن پی ڈبلیو 1400 کے ساتھ بیس طیارے کا وزن ایم سی 21-310 کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    ہوائی جہاز کے صارفین کو توقع ہے کہ مستقبل میں اس طیارے کے 132 سے 165 اور 250 نشستوں تک کی گنجائش والے ورژن بھی تیار کیے جائیں گے۔

  • اسلام آباد : برطانوی ایئرلائن کی پہلی پرواز آج رات پاکستان پہنچے گی

    اسلام آباد : برطانوی ایئرلائن کی پہلی پرواز آج رات پاکستان پہنچے گی

    اسلام آباد : ورجن اٹلانٹک نے آج 11دسمبر 2020سے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں پہلی پرواز آج رات اسلام آباد پہنچے گی۔

    اسلام آباد سے مانچسٹر کیلئے ہفتے میں 4پرواز چلائی جائیں گی جبکہ 14 دسمبر 2020 سے لاہور سے لندن کی پرواز ہفتے میں 4 دن چلے گی، برطانوی ایئرلائن کی پہلی پرواز مانچسٹرسے اسلام آباد پہنچے گی۔

    معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری مسافروں کے استقبال کیلئےائیرپورٹ پر موجود ہوں گے، برطانوی ہائی کمیشن حکام بھی زلفی بخاری کے ہمراہ ہوں گے۔

    اس حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ایئرلائنز کی بحالی سے ملک میں تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوطی کی جانب گامزن ہیں۔

  • بھارت کا پہلا مسافربردار طیارہ تل ابیب پہنچ گیا

    بھارت کا پہلا مسافربردار طیارہ تل ابیب پہنچ گیا

    تل ابیب/ نئی دہلی: بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی  کی اسرائیل کے لیے پہلی پرواز سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی منزل پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے اسرائیل جانے کے لیے سعودی عرب کی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پہلی پرواز مکمل کرلی ہے۔

    جمعرات کو ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 تل ابیب کے بن گوريان ہوائی اڈے پر عالمی وقت کے مطابق شام سات بج کر پنتالیس منٹ پر لینڈ ہوئی۔ ہفتے میں تین پروازیں سعودی فضائی حدود کا استعمال کرتے ہوئے دہلی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دہلی کا سفر کریں گی۔

    اس موقع پراستقبال کے لیے ہوائی اڈے پرموجود اسرائیلی وزرت سیاحت ياريف ليفين کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

     ياريف ليفين کا کہنا تھا سعودی فضائی حدود کے استعمال سے سفری اوقات میں دو گھنٹے کی کمی کے ساتھ ساتھ ٹکٹ کے کرائے میں بھی واضح کمی ہوگی۔

    اسرائیل کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ يسرائيل كاٹس کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا کی دہلی سے تل ابیب آنے والی بھارت کی پہلی پرواز اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کی سرکاری ہوائی کمپنی ایل عال بھارتی شہر ممبئی کے لیے پرواز کرتی ہے جس کے لیے وہ سعودی عرب اور ایران کی فضائی حدود کے بجائے بحیرۂ احمر کا راستہ اختیار کرتے ہوئے بھارت پہنچتی ہے۔ اسرائیلی فضائی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا کو غیرمنصفانہ فوقیت حاصل ہوگئی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کئی دہائیوں نے اسرائیل جانے والی کمرشل پروازوں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں اسرائیلی وزیراعظم 6 روزہ دورے پر بھارت گئے تھے، اس دوران بن یامین نیتن یاہو نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کی اوراس موقع پردونوں ملکوں کےدرمیان سول ایوی ایشن، آئل، گیس، سائبرسکیورٹی، ٹیکنالوجی، فلم پروڈکشن سمیت مفاہمت کی 9 یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں