Tag: First Time in pakistan

  • پاکستان میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی تیار

    پاکستان میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی تیار

    لاہور : پاکستان کی ہونہار طالبہ نے ملک میں پہلی بار شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی بنا کر سب کو حیران کردیا، مذکورہ کشتی میں تمام جدید قسم کی سہولیات موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے ) لاہور کی طالبہ فاطمہ اقبال نے شرکت کی اور اپنی جدید اور لگژری واٹر کرافٹ (کشتی) کی تیاری کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ پروجیکٹ میں نے اپنے فائنل ایئر کیلئے منتخب کیا تھا تاکہ مستقبل میں پاکستان میں سیاحوں کو آمدورفت کے جدید اور آسان سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کشتی پر 70 لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور اسے تیار کرنے میں چھ ماہ کا وقت لگا اس میں 6افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور گھومنے پھرنے کے علاوہ مچھلی کے شکار کیلئے بھی تمام سہولیات موجود ہیں۔

    جدید لگژری کشتی تیار کرنے والی طالبہ فاطمہ اقبال نے بتایا کہ میں نے کشتی کا ایسا ماڈل تیار کیا ہے جو دنیا میں کسی بھی خوبصورت اور جدید واٹر کرافٹ کے مقابلہ میں کسی سے کم نہیں۔ اس میں لگژری کے علاوہ سولرپاور، جی پی ایس سسٹم، اے وی این سسٹم اور ضروری حفاظتی فیچرز جدید مہارت سے استعمال کیے گئے ہیں۔

  • ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں ای سائیکلنگ منصوبہ

    ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں ای سائیکلنگ منصوبہ

    اسلام آباد : یورپی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ای سائیکلنگ منصوبہ بنایا جارہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے،

    پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک ایسا سائیکلنگ ٹریک بھی موجود ہے جہاں آپ کو اپنی ذاتی سائیکل لانے کی ضرورت نہیں بلکہ کرایہ ادا کرکے سائیکل لی جاسکتی ہے۔

    جی ہاں !! اب آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں اپنی گاڑی، بس یا ٹرین سے اترنے کے بعد اپنے مطلوبہ مقام تک جانے کیلئے الیکٹرونک سائیکل کرائے پر لی جاسکتی ہے۔

    اسلام آباد سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے جہانگیر اسلم کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تحت ای سائیکلنگ کیلئے خصوصی ٹریک بنایا جائے گا۔ بائیسائیکلنگ لین پروجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے پروگرام باخبر سویرا میں سی سائیکلنگ منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ممبر ٹیکنالوجی نعمان خالد نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار باقاعدہ ایک سائیکل ٹریک بچھایا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائیکلنگ کے شائقین کیلئے علیحدہ لین کے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس کا دائرہ کار شہر کی تمام اہم سڑکوں تک بڑھایا جائے گا۔

  • پاکستان میں پہلی بار ڈرون کیمرے کے ذریعے ٹریفک چالان

    پاکستان میں پہلی بار ڈرون کیمرے کے ذریعے ٹریفک چالان

    پاکستان میں پہلی بار موٹر وے پولیس نے ڈرون کیمروں کے ذریعے ٹریفک چالان کردیا، ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی کا کہنا ہے کہ ڈرون کیمروں کی مدد سے نہ صرف چالان بلکہ موٹرویز اور ہائی ویز کی مجموعی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ زون علی شیر جکھرانی کے مطابق پاکستان میں پہلی بار موٹروے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرون کیمروں کی مدد سے ٹریفک چالان شروع کرنے جا رہی ہے۔

    ڈرون کیمروں کے استعمال سے ہم نہ صرف چالان کریں گے بلکہ موٹروے اور ہائی ویز کی مکمل مانیٹرنگ بھی ہوگی جس میں حادثات ہونے کی صورت میں حادثے کی وجوہات، کرائم کا سراغ جیسی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

    سیکٹر کمانڈر جامشورو سید فرحان احمد نے ایم نائن بحریہ ٹاؤن اور کاٹھوڑ کے مقامات پر ڈرون کیمروں کے استعمال کو دکھایا۔

    ڈی آئی جی علی شیر جکھرانی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سنگین وائلیشن کرنے پر نیشنل ہائی ویز اینڈ سیفٹی آرڈیننس کے تحت موٹر وے پولیس پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ کے مالکان کو نوٹسز جاری کررہی ہے کہ آئندہ اس طرح کی غلطی نہیں ہونی چاہیے جس سے کوئی حادثہ ہو جائے اگر اس طرح کی غلطی بار بار ہوگی تو ان گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا جائے گا۔

    جی علی شیر جکھرانی مطابق ڈرون کی مدد سے پتہ چلا کہ کراچی اور حیدرآباد کے درمیان چار فلیش پوائنٹس ہیں جہاں قوانین کی خلاف ورزی ہو یا کوئی گاڑی خراب ہوجائے تو کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ روٹ پر یومیہ کم و بیش ایک لاکھ گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے اور کسی بھی ڈرائیور کی معمولی سی غلطی سے سیکڑوں افراد پریشانی میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ زون کا کہنا تھا کہ اس روٹ پر پبلک ٹرانسپورٹ کا ڈرائیور پہلی مرتبہ قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑا جائے گا تو اس کا صرف چالان کیاجائے گا لیکن اگر تسلسل کے ساتھ کسی کمپنی کے ڈرائیورز قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

  • کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی میں ملکی تاریخ کا پہلا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن، مریض کو نئی زندگی مل گئی

    کراچی : ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر رہنے والے مریض کو نئی زندگی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مقامی اسپتال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلا دیتھرم کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، ٹرائیمک جنرل اسپتال میں کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے، جس میں مریض کے پھیپڑوں میں پیس میکر لگایا گیا ہے۔

    ستائیس سالہ مریض ڈاکٹر دانیال علی آٹھ ماہ سے وینٹی لیٹر پر تھے ان کا دیتھرم پیس میکر کا کامیاب آپریشن کیا گیا، مذکورہ آپریشن امریکا اور برطانیہ سے آنے والے ڈاکٹروں نے کیا، اس کامیاب آپریشن کے بعد اب پیس میکر کے ذریعے مریض کے پھیپھڑے باآسانی کام کرسکیں گے۔

    مذکورہ آپریشن چھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، جسے امریکا اور برطانیہ سے آئے ہوئے ڈاکٹر ڈان ہیلی اور ڈاکٹر ڈیلی گور نے انجام دیا، مریض کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ ان داکٹروں نے اس حوالے سے پاکستانی ڈاکٹروں کو بھی تربیت دی ہے۔

    یاد رہے کہ ستائیس سالہ ڈاکٹردانیال علی حسب معمول اپنی ڈیوٹی پر جانے کیلئے گھر سے نکلنے کی تیاری کر ہی رہے تھے تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوئی اور بے ہوش ہوگئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہان ان کا آٹھ ماہ تک علاج ہوتا رہا تاہم کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

    بعد ازاں تشخیص ہوئی کہ ان کے پھیپڑوں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے پورے جسم نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا، مریض کو نالی کے ذریعے خوراک دی جا رہی تھی۔

  • پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

    پاکستان میں پہلی بار خواجہ سرا نیوزکاسٹر متعارف

    لاہور : ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی نیوز چینل پر خواجہ سرا کو بطور نیوز کاسٹر متعارف کرادیا گیا ہے مارویہ ملک نامی نیوز کاسٹر کی سلیکشن پر مختلف حلقوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایک نجی نیوز چینل کی انتظامیہ نے ایک خواجہ سرا کو نیوز اینکر کیلئے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے،جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی وی چینل کے اس اقدام کو کافی حد تک سراہا جا رہا ہے۔

    مارویہ ملک اب باعزت طریقے سے نہ صرف اپنا روزگار کمائیں گی بلکہ ان کی آمد سے خواجہ سرا برادری کو ایک مثبت پیغام بھی جائے گا۔

    لاہور سے تعلق رکھنے والی مارویہ ملک گریجویشن کی طالبہ ہیں، مارویہ ملک پہلی بار نیوز کاسٹر کے طور پر ٹی وی پر آئی ہیں لیکن وہ شو بزنس میں نئی نہیں ہیں، اس سے قبل وہ کئی فیشن شوز میں معروف ماڈلز کے ساتھ ماڈلنگ کر چکی ہیں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مارویہ ملک کا کہنا ہے کہ میں نے پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجویشن کیا ہے اور جرنلزم ہی میں اب ماسٹرز کرنے کا ارادہ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جب مجھے انٹرویو کے بعد چینل کی انتظامیہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے یہ بتایا کہ ہم آپ کو ٹریننگ بھی دیں گے تو فرط جذبات سے میری آنکھوں میں آنسو آگئے، مارویہ نے بتایا کہ آنسو اس لیے آئے کہ جو خواب میں نے دیکھا تھا اس کی پہلی سیڑھی میں چڑھ گئی ہوں۔

    انہوں نے اپنے بارے میں مزید بتایا کہ ان کے گھر والوں نے انہیں میٹرک تک تعلیم دلوائی اور اس کے بعد انہوں نے گریجویشن تک کی تعلیم کا خرچہ خود اٹھایا ہے اور ماسٹرز کے لیے بھی خرچہ وہ خود ہی اٹھائیں گی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں خواجہ سرا کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستانی تاریخ میں پہلی بار پاسپورٹ میں جنس کے زمرے میں خواجہ سرا کا اندراج کردیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سرکاری دستاویزات میں خواجہ سرا کو ایک علیحدہ جنس کے طور پر درج کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ٹرانس ایکشن پاکستان نے سوشل میڈیا پر اس اہم اقدام کا اعلان کیا۔

     مزید پڑھیں: بھارت کی تاریخ  پہلی بار خواجہ سرا جج تعینات

    اس کے علاوہ بھارت میں پہلی بار ایک خواجہ سرا کو عوامی عدالت کا جج مقرر کردیا گیا جس کے بعد وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خواجہ سرا بن گئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔