Tag: Fixit

  • فکس اٹ کے عالمگیر خان سمیت متعدد کارکنان گرفتار

    فکس اٹ کے عالمگیر خان سمیت متعدد کارکنان گرفتار

    کراچی: اے ڈی خواجہ کی برطرفی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر فلاحی تنظیم فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان سمیت متعدد کارکنان کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، ایس ایس پی ویسٹ کہتے ہیں ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے، خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ کو برطرف کرنے کے خلاف فکس اٹ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا تھا۔

    پریس کلب پہنچنے پر عالمگیر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک واک کی جائے گی جبکہ پولیس نے فکس اٹ کے بانی کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے وہ اپنا مظاہرہ یہی کرلیں۔

    فکس اٹ کے بانی نے پولیس افسران سے مذاکرات سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی کال ایک ہفتے قبل دی گئی تھی، اب نہ مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی احتجاج مؤخر کیا جائے گا۔

    پڑھیں: ’’ اے ڈی خواجہ فارغ، عبدالمجید دستی عارضی آئی جی سندھ مقرر ‘‘

    صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ فکس اٹ بانی کے ساتھ مذاکرات کے لیے پہنچے مگر پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا، پولیس نے واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے مظاہرین کو منتشر کیا اور وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے راستوں پر بھاری نفری تعینات کردی۔

    بعد ازاں پولیس نے عالمگیر خان سمیت فکس اٹ کے متعدد کارکنان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

  • عدالت سے بری ہوتے ہی فکس اٹ کے بانی کا اگلا لائحہ عمل

    عدالت سے بری ہوتے ہی فکس اٹ کے بانی کا اگلا لائحہ عمل

    کراچی: فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان نے کہا ہے کہ لوگوں کی فلاح و بہبود کا کام کرتے رہیں گے، عدالت سے بری ہونے پر خوشی ہے، اگلے مرحلے میں اپنے ادارے کا دفتر کھولیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے عدالت سے بری ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ ’’فکس اٹ مہم کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں، ہم شہر کے عوام کی خدمت کے لیے کام جاری رکھیں گے‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’ہم اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات نااہل لوگوں کو اپنی مہم کے ذریعے جگانے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ کاوش ہرصورت جاری رہے گی، فکس اٹ کے بانی نے عدالت سے بری ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’فکس اِٹ لوگوں کی خدمت کو جاری رکھے گا اور ہم جلد شہر میں باقاعدہ دفتر کھولیں گے جہاں عوام کے مسائل سُن کر انہیں اپنی مدد آپ کے تحت حل کریں گے‘۔

    خیال رہے کہ کراچی کی عدالت میں عالمگیر خان پر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم عدالت نے کیس خارج کرتے ہوئے ان  کے حق میں فیصلہ سنایا۔