Tag: Flash Floods

  • ہماچل پردیش میں سیلاب سے شدید تباہی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

    ہماچل پردیش میں سیلاب سے شدید تباہی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

    نئی دہلی: بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے ایک ضلعے میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد دکانیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع کلو میں علیٰ الصبح 3 بجے کلاؤڈ برسٹ کے باعث طوفانی بارشیں ہوئیں جس سے ضلع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    ہماچل کے علاقے انی میں سیلاب میں متعدد دکانیں بہہ گئیں، بے شمار گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر سیلاب کی بے شمار تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو میں ایک دکان کو اچانک منہدم ہو کر سیلابی ریلے میں بہتا دیکھا جاسکتا ہے۔

    ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلاب سے ایک مکان منہدم ہوا جس کے ملبے تلے دب کر 2 خواتین کی موت ہوگئی۔

    اتھارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پانڈوہ، منڈی کے قریب 7 میل کی سڑک پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی، جس سے نیشنل ہائی وے 21 پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی، ضلع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • واشنگٹن میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، معمولات زندگی متاثر

    واشنگٹن میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، معمولات زندگی متاثر

    واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب آگیا، سیلاب سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے، وائٹ ہاؤس کے تہہ خانے میں بھی پانی بھر گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سڑکوں میں پانی بھرنے سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

    اس دوران 15 گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں جن میں سوار افراد کو امدادی کارکنوں نے بچا لیا۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے فلڈ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ صدارتی محل وائٹ ہاؤس کے تہہ خانے میں بھی پانی بھر گیا ہے۔

    امریکی موسمیاتی ادارے کے مطابق ریاست ورجینیا کے علاقے آرلنگٹن میں صبح 9 سے 10 بجے تک تقریباً 5 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

    حکام کے مطابق واشنگٹن کے میٹرو اسٹیشنز میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے میٹرو سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔ بارش کے باعث کئی عجائب گھر اور دیگر عمارتیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔