Tag: flight

  • ڈھاکا سے باکو جانے والی پرواز میں فنی خرابی، کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    ڈھاکا سے باکو جانے والی پرواز میں فنی خرابی، کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

    کراچی: ڈھاکا سے باکو جانے والی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہونے کے سبب بوئنگ طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔

    ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی پرو ایئرلائن کی پرواز ایف پی 5202 ڈھاکا سے باکو جا رہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی اور جب طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو مبینہ طور پر فنی خرابی برقرار رہی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کیا جس پر لینڈنگ کی اجازت ملنے پر پائلٹ نے پرواز کو ری روٹ کیا اور سکھر سے طیارے کو کراچی کی طرف موڑ دیا۔

    ذرائع ایوی ایشن نے مزید بتایا کہ پرواز نے رات پونے 3 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، کارگو طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر موجود  ہے جس کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

  • چند روز میں ایک اور پرواز فنی خرابی کا شکار، مسافروں کو نکالنے کے لیے مینول سیڑھیاں لگائی گئیں

    چند روز میں ایک اور پرواز فنی خرابی کا شکار، مسافروں کو نکالنے کے لیے مینول سیڑھیاں لگائی گئیں

    کراچی: چند روز میں ایک اور پرواز اچانک فنی خرابی کا شکار ہو گئی، جس سے مسافروں کو نکالنے کے لیے مینول سیڑھیاں لگائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلائی جناح کی کراچی تا اسلام آباد کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہو گئی، فلائی جناح کے مسافروں کو آدھا گھنٹہ طیارے میں بٹھا کر رکھنے کے بعد سی اے اے کی مداخلت پر مینول سیڑھیاں لگا کر انھیں باہر منتقل کیا گیا۔

    حکام کے مطابق طیارے کے بریک میں خرابی آ گئی تھی، جسے دور کیے جانے کے بعد فلائی جناح کی پرواز اسلام آباد روانہ ہو گئی۔ دوسری طرف پرواز کی تاخیر سے روانگی کے باعث اسلام آباد سے آنے والی پرواز نائن پی 671 کی روانگی بھی تاخیر کا شکار ہو گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں تکنیکی خرابی کے باعث پرواز کی روانگی میں تاخیر کا یہ تیسرا واقعہ ہے، گزشتہ 2 واقعات میں پرواز کے طیاروں کو دوران پرواز فنی خرابی کے باعث واپس ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔

  • مسافر کی ایئر ہوسٹس کے ساتھ نازیبا حرکت، سیکیورٹی عملہ حرکت میں آگیا

    نئی دہلی: بھارت میں فضائی سفر کے دوران ایک مسافر نے عملے کی خاتون رکن کے ساتھ نازیبا حرکت کی جس کے بعد اسے آف لوڈ کر کے سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اسپائس جیٹ کی نئی دہلی سے حیدر آباد کی فلائٹ میں پیش آیا۔

    ایک عمر رسیدہ مسافر نے جہاز پر چڑھنے کے دوران طیارے کے عملے کی خاتون رکن کو جسمانی طور پر ہراساں کیا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔

    خاتون رکن نے طیارے کے پائلٹ اور گراؤنڈ پر موجود عملے کو شکایت درج کروائی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ ہونے کا حکم دیا گیا جس پر مسافر اور عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ دونوں کے درمیان تکرار کی ویڈیو ایک اور مسافر نے بنائی جسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا گیا۔

    مسافر اور اس کے ساتھی کو آف لوڈ کرنے کے بعد سیکیورٹی حکام کے حوالے کردیا گیا۔

  • اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، مسافر سخت پریشانی کے عالم میں ایئرپورٹ پر محو انتظار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی روانہ ہونے والی پرواز 15 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

    پی کے 261 کو 9 دسمبر رات 10 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونا تھا۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ تکنیکی فالٹ کا کہہ کر پہلے ڈھائی گھنٹے جہاز میں بٹھائے رکھا گیا، ڈھائی گھنٹے بعد لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔

    مسافروں کا مزید کہنا ہے کہ ہر آدھے گھنٹے بعد مزید آدھے گھنٹے انتظار کا بتایا جاتا ہے۔

  • کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ کتنا ہے؟ آپ جان کر حیران ہوجائیں گے کہ دنیا میں ایک پرواز ایسی بھی ہے جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے اور اگر ہوا کا بہاؤ موزوں ہو تو یہ فاصلہ محض 47 سیکنڈز میں بھی طے کیا جاسکتا ہے۔

    یہ دنگ کردینے والا دورانیہ اسکاٹ لینڈ کے دو جزائر کے درمیان چلنے والی پرواز کا ہے جو اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ویس ٹرے سے پاپا ویس ٹرے کے درمیان چلتی ہے۔

    یہ پرواز محض 1.7 میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔

    اس پرواز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی دنیا کی مختصر ترین کمرشل پرواز کے طور پر شامل کیا ہے۔

    اس روٹ پر اسکاٹ لینڈ کی فضائی کمپنی لوگن ایئر 1967 سے اپنی سروس فراہم کر رہی ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں جس میں اسکول کے طالب علم، پولیس اہلکار سمیت ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو اپنے روزمرہ کے معمولات کے لیے اس میں سفر کرتے ہیں۔

    بنیادی طور پر یہ پرواز اورکنے سے شروع ہوتی ہے جس کے بعد یہ جزیرے ویس ٹرے پر کچھ دیر رکنے کے بعد پاپا ویس ٹرے جاتی ہے جبکہ روزانہ 2 سے 3 پروازیں اس روٹ پر آپریٹ ہوتی ہیں۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے پرواز کو اڑان کے تھوڑی دیر بعد جناح ٹرمینل پر لینڈ کروا دیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں ٹیک آف کے بعد معمولی خرابی کا پتہ چلا، طیارے کو انجینئرز کی جانب سے چیک کیا جارہا ہے۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

  • فضائی سفر کے دوران کانوں میں درد سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

    فضائی سفر کے دوران کانوں میں درد سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟

    فضائی سفر کے دوران اکثر اوقات کان بند ہوتے محسوس ہوتے ہیں یا ان میں درد ہوتا ہے جو اگلے دن تک جاری رہتا ہے، اس سے بچنے کے لیے کچھ تجاویز پر عمل کیا جاسکتا ہے۔

    جہاز میں سفر کے دوران کچھ لوگوں کو کانوں کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسا کیوں ہوتا ہے اور ایسے میں کیا کرنا چاہیئے سعودی عرب کی وزارت صحت نے اس حوالے سے اہم معلومات دی ہیں۔

    سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جہاز میں سفر کے دوران کان میں درد بلندی کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بلندی پر سفر کرنے کے باعث جہاز میں ہوا کا دباؤ زیادہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات کان میں درد محسوس ہوتا ہے۔

    بعض اوقات کان بند بھی ہوتے محسوس ہوتے ہیں، کبھی کان بجنے لگتے ہیں اور کبھی چکر محسوس ہوتے ہیں۔

    وزارت کی جانب سے وضاحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ یہ ایک طبعی امر ہے اور اس کا علاج جمائیاں لینا، چیونگم چبانا یا بلغم نگلنا ہے۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران سونے سے گریز کیا جائے، نزلہ زکام کے دوران سفر نہ کیا جائے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو کانوں کے لیے خصوصی آلہ استعمال کیا جائے۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ جن لوگوں کو زیادہ مسئلہ ہوتا ہے وہ ڈاکٹر کے مشورے سے دوا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

  • بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    بھارت: دوران پرواز طیارے میں خرابی، پریشان کن ویڈیو سامنے آگئی

    نئی دہلی: بھارت میں دوران پرواز طیارے میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے مسافر خوفزدہ ہوگئے، اندر موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ طیارے کی دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔

    بھارتی ایئر لائن اسپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 دہلی سے جبل پور آرہی تھی، 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اسے اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔

    فلائٹ میں موجود مسافر کی بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیبن میں دھواں بھر چکا ہے اور مسافر خوفزدہ ہو گئے۔

    مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے سینئر وکیل پنکج دوبے بھی اسی فلائٹ میں سفر کر رہے تھے، انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی دھواں نظر آیا تمام مسافر خوفزدہ ہیں۔

    پنکج نے بتایا کہ طیارے میں سوار تمام بچے رو رہے تھے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی تھی کہ بچوں کو کیسے سنبھالیں، سامان سنبھالیں یا خود کو بچائیں۔

    ان کے مطابق کیبن کرو نے فوری طور پر مسافروں کو آکسیجن ماسک لگانے کا مشورہ دینا شروع کر دیا، اس دوران طیارے کا اے سی بند تھا اور لوگوں کا دم بھی گھٹ رہا تھا۔

    بعد ازاں پائلٹ کی حاضر دماغی کی وجہ سے طیارہ بحفاظت دہلی ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا، مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے تھے۔

    واقعے کے فوراً بعد اسپائس جیٹ کی انتظامیہ نے بھی اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے طیارے میں تکنیکی خرابی کی اطلاع دی، کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے اور انہیں جلد منزل پر پہنچا دیا جائے گا۔

    پرواز میں کیا تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

  • شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ سے پشاور آنے والی پرواز فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر بلو کی پرواز پی اے 613 فنی خرابی کے باعث اڑان نہ بھر سکی، مسافر گزشتہ 24 گھنٹے سے شارجہ ایئرپورٹ پر محصور ہیں۔

    مسافروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بلو انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی وطن واپسی کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، شارجہ ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے سے موجود مسافروں کو کھانے پینے سمیت کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ہوٹل بھی منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی پرواز کی روانگی کے حوالے سے درست معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

    ترجمان ایئر بلو کے مطابق طیارے میں فنی خرابی ہوگئی تھی، طیارہ شارجہ ایئرپورٹ پر گراؤنڈ کیا گیا ہے، انجینیئرز کی ٹیم پارٹس کے ہمراہ لاہور سے شارجہ روانہ کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن شارجہ ایئرپورٹ پر امیگریشن نے مسافروں کو ہوٹل منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی

  • ایئر ٹریفک کنٹرولر کی مہارت نے نجی طیارے کو حادثے سے بچا لیا

    ایئر ٹریفک کنٹرولر کی مہارت نے نجی طیارے کو حادثے سے بچا لیا

    کراچی: نور خان ایئر بیس سے اڑنے والے خصوصی نجی طیارے میں دوران پرواز خرابی پیدا ہوگئی تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت سے طیارے کو کنٹرول کرتے ہوئے اسے حادثے سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے خصوصی نجی طیارے کو حادثے سے بچالیا۔ نجی طیارے نے نور خان ایئر بیس سے لاہور کے لیے اڑان بھری تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے بعد کپتان کا ایئر ٹریفک کنٹرولر سے اچانک رابطہ منقطع ہوگیا، طیارہ ریڈار سے بھی غائب ہوگیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے الیکٹرک سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا تاہم سی اے اے کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے مہارت سے طیارے کو کنٹرول کیا۔ طیارے کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں ایک اہم شخصیت سوار تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک غیر ملکی طیارے کو بڑے حادثے سے بچایا تھا۔

    غیر ملکی ایئر لائن کی مذکورہ پرواز ڈبلیو وائی 276 نے بھارتی شہر جے پور سے مسقط کے لیے اڑان بھری تاہم سندھ کے علاقے چھور کے مقام پر آسمانی بجلی کی زد میں آگئی۔

    اس موقع پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کے ساتھ طیارے کے عملے سے رابطہ بحال رکھا اور مکمل رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا، طیارے میں 150 مسافر سوار تھے۔