Tag: flight

  • ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیئے!

    ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے آپ کو شرم آنی چاہیئے!

    کیا آپ اکثر و بیشتر فضائی سفر کرنے کے عادی ہیں؟ تو پھر آپ کو شرم آنی چاہیئے کیونکہ شہر کے اس قیامت خیز بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کا ایک ذمہ دار آپ کا فضائی سفر بھی ہے۔

    ایوی ایشن انڈسٹری یعنی ہوا بازی کی صنعت اس وقت گلوبل وارمنگ یعنی عالمی حدت میں اضافے کا ایک بڑا سبب ہے۔ ہوائی جہازوں کی آمد و رفت سے جتنا کاربن اور دیگر زہریلی گیسوں کا اخراج ہوتا ہے، اتنا کسی اور ذریعہ سفر میں نہیں ہوتا۔

    ایک ہوائی جہاز اوسطاً ایک میل کے سفر میں 53 پاؤنڈز کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کرتا ہے اور اس وقت جن انسانی سرگرمیوں نے عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) میں اضافہ کیا ہے، ہوا بازی کی صنعت کا اس میں 2 فیصد حصہ ہے۔

    تو پھر جب ہم تحفظ ماحولیات کی بات کرتے ہیں تو یقیناً ہمیں اپنے فضائی سفر پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    فلائٹ شیم کی تحریک

    فضائی سفر کرنے پر شرمندہ کرنے یعنی فلائٹ شیم کی تحریک کا آغاز سنہ 2017 میں سوئیڈن سے ہوا جب سوئیڈش گلوکار اسٹافن لنڈبرگ نے فضائی سفر کے ماحول پر بدترین اثرات دیکھتے ہوئے، آئندہ کبھی فضائی سفر نہ کرنے کا اعلان کیا۔

    ملک کی دیگر کئی معروف شخصیات نے بھی اسٹافن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا، جن میں ایک کلائمٹ چینج کی 16 سالہ سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ کی والدہ اور معروف اوپرا سنگر میلینا ارنمن بھی شامل تھیں۔

    جی ہاں وہی گریٹا تھنبرگ جس نے ایک سال تک ہر جمعے کو سوئیڈش پارلیمنٹ کے باہر کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور جس کی یورپی یونین اور اقوام متحدہ میں اشکبار تقریروں نے دنیا بھر کے بااثر افراد کو مجبور کیا کہ وہ اب کلائمٹ چینج کے بارے میں سنجیدہ ہوجائیں۔

    گریٹا کی انہی کوششوں کی وجہ سے اب ہر جمعے کو دنیا بھر میں کلائمٹ اسٹرائیک کی جاتی ہے۔ خود گریٹا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوئی تو اس نے فضائی سفر کے بجائے 14 روز کے بحری سفر کو ترجیح دی۔

    متبادل کیا ہے؟

    اس تحریک سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ فضائی سفر نہ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ دنیا نہ گھومیں یا سفر نہ کریں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ دوسرا ذریعہ سفر اپنائیں جیسے ٹرین کا سفر۔

    ٹرین سے جتنا کاربن اخراج ہوتا ہے وہ فضائی سفر کے کاربن اخراج کا صرف دسواں حصہ ہے۔ علاوہ ازیں مختلف ممالک میں جدید ٹیکنالوجی سے مزین نئی ماحول دوست ٹرینیں بھی متعارف کروائی جارہی ہیں جو عام ٹرین کے کاربن اخراج سے 80 فیصد کم کاربن کا اخراج کرتی ہیں۔

    علاوہ ازیں ٹرین سے سفر کرنا نہایت پرلطف تجربہ ہے، اس سفر میں وہ مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں جو فضائی سفر کے دوران ہرگز نظر نہیں آسکتے۔

    ذاتی کاربن بجٹ

    اقوام متحدہ کی جانب سے ہر شخص کا ایک ذاتی کاربن بجٹ مختص کیا گیا ہے، یعنی کسی شخص کے لیے جب مختلف ذرائع سے کاربن اخراج ہوتا ہے، یعنی رہائش، سفر، غذا اور دیگر سہولیات تو اس کاربن کی مقدار 2 سے ڈیڑھ ٹن سالانہ ہونی چاہیئے۔

    لیکن جب آپ فضائی سفر کرتے ہیں تو آپ کا یہ کاربن بجٹ ایک جھٹکے میں بہت سا استعمال ہوجاتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر لندن سے ماسکو کی فلائٹ لی جائے جس کا فاصلہ 2 ہزار 540 کلومیٹر اور دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے ہے، تو آپ اس فلائٹ میں اپنے کاربن بجٹ کا پانچواں حصہ استعمال کرلیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اس تحریک میں شیم کا لفظ تو منفی ہے تاہم اس کا مقصد اس سے مثبت نتائج حاصل کرنا ہے۔ آپ جتنا زیادہ ماحولیاتی نقصانات کے بارے میں سوچیں گے، فضائی سفر کرتے ہوئے اتنی ہی زیادہ شرمندگی محسوس کریں گے۔

    سوئیڈن کے تحفظ ماحولیات کے ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف سوئیڈن کے مطابق یہ تحریک اتنی پراثر ثابت ہورہی ہے کہ سنہ 2018 میں سوئیڈن میں فضائی سفر کرنے والوں کی تعداد میں 23 فیصد کمی آئی۔ یہ تحریک اب کینیڈا، بیلجیئم، فرانس اور برطانیہ میں بھی زور پکڑ رہی ہے۔

    کیا آپ اس تحریک کا حصہ بننا چاہیں گے؟

  • کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا

    کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا

    کوئٹہ: کوئٹہ کے لیے پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 19 اگست سے شروع ہوگا، پہلی جج پرواز شب ڈیڈھ سو حجاج کو لے کر کوئٹہ پہنچے گی۔

    پی آئی اے حکام کے مطابق سعودی عرب سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز کل 17 اگست سے ہورہا ہے تاہم بلوچستان کے حجاج کی کوئٹہ واپسی کا سلسلہ 19اگست سے ہوگا۔

    پہلی جج پرواز انیس اگست کی شب نو بجے کوئٹہ ائیرپورٹ پر پہنچے گی، جدہ اور مدینہ سے مجموعی طور پر 57 پروازوں کے ذریعے کل 8 ہزار 3 سو حجاج کرام کو کوئٹہ ائرپورٹ پہنچایا جائے گا، حجاج کرام کی وطن واپسی کے حوالے سے فلائٹ آپریشن 9 ستمبر کو مکمل ہوجائے گا۔

    دوسری جانب فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔

    حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل آج رات سے شروع ہوگا، پی آئی اے کی تیاریاں مکمل

    جدہ کے حج ٹرمینل پر رش اور سیکیورٹی کی وجہ سے حجاج کرام کو 10گھنٹہ پہلے ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد حجاج کو پہنچانے کا انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

  • چین میں شمسی توانائی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ طیارے کا کامیاب تجربہ

    چین میں شمسی توانائی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ طیارے کا کامیاب تجربہ

    بیجنگ : کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ شمسی توانائی سے اڑنے والا ڈرون طیارہ آٹھ ہزار میٹر بلندی پر 12 گھنٹے تک رات میں پرواز کرسکتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے سورج کی روشنی سے اڑنے والے بغیر پائلٹ کے ایک اور طیارے موزی ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔شمسی توانائی سے اڑنے والے طیارے کو قدرتی آفات، مواصلات اور جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین کی ہوائی جہاز بنانےوالی کمپنی نے بغیرپائلٹ طیارے کا تجربہ ڈی ڑنگ کاؤنٹی ایئرپورٹ پر کیا۔

    کمپنی کا کہنا تھا کہ مذکورہ طیارہ 8 ہزار میٹر تک بلندی پر 12 گھنٹے تک رات میں پرواز کرسکتاہے، جس کےلیے اسے صرف 8گھنٹے تک چارج کرنا ہوتا ہے۔

    کمپنی کے ایم ڈی کاکہناتھا شمسی توانائی سے اڑنے والے طیارے کو قدرتی آفات، مواصلات اور جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان، 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا

    لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایئرپورٹ پر پرندوں کی اڑان نے پروازوں کی آمد و رفت کو متاثر کردیا، لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی 7 پروازوں کا رخ مختلف شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کے قریب فضا میں پرندوں کی اڑان کی وجہ سے پروازوں کی لینڈنگ متاثر ہوگئی، لاہور آنے والی کئی پروازوں کے رخ موڑ دیے گئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پیرس سے لاہور آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز کو سیالکوٹ ایئر پورٹ اتار دیا گیا۔ طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار ہیں۔ جدہ سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 760 کا رخ بھی ملتان کی طرف موڑ دیا گیا۔

    اسی طرح کچھ دیر میں لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کی جانے والی دبئی سے آنے والی غیر ملکی پرواز کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ دوحہ سے آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی واپس بھیج دیا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کا رخ پرندوں کی زیادہ اڑان کی وجہ سے موڑا گیا، حفاظتی نقطہ نظر سے یہ قدم اٹھایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق جدہ سے آنے والی پرواز خالی تھی اور اس میں مسافر نہیں تھے، اسی لیے اس کو ملتان اتارا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت لاہور ایئرپورٹ سے پروازوں کو اڑان کی اجازت نہیں دی جا رہی، پرندوں کو بھگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دو روز قبل بھی پرندہ ٹکرانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیارے کو نقصان پہنچا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھی پی آئی اے کے ایک طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے سینکڑوں مسافر بیجنگ میں پھنس گئے تھے۔ اسلام آباد سے بیجنگ پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 852 کو بیجنگ سے ٹوکیو جانا تھا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کے اے پی یو میں فنی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، تمام مسافروں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ پرواز اب آج پاکستان وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے روانہ ہوگی۔

  • ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ایئر کینیڈا کے طیارے کے ہوا میں ہچکولے کھانے سے درجنوں مسافر زخمی

    ہوائی : کینیڈا سے سڈنی جانے والےطیارے میں موسم کی خرابی کے باعث فضا میں ہچکولے کھانے سے 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر کینیڈا کے طیارے کو موسم کی خرابی کے باعث ہوائی کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم اس دوران طیارے کے فضا میں ہچکولے کھانے اور زوردار جھٹکے لگنے کے باعث 35 مسافر زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے کے فضا میں تیزی سے اوپر اور نیچے جاتے ہوئے مسافروں کے سر اور گردن چھت سے ٹکرائے جس کی وجہ سے مسافروں کو چوٹیں آئیں جنہیں امریکی ریاست ہوائی ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کردی گئی جبکہ 9 مسافروں کو اسپتال لے جانا پڑا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ  ایئر کینیڈا کے بوئنگ 777 طیارے میں 269 مسافر اور عملے کے 15 ارکان سوار تھے، موسم کی صورت حال درست ہونے پر طیارے کو پرواز کی اجازت دے دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت طیارہ 36 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔

    ایئر کینیڈا کے ترجمان کا کہناتھا کہ طیارہ ریاست ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو سے تقریباً 600 میل جنوب مغرب میں پرواز کررہا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کے وقت ہماری پہلی ترجیح طیارے، مسافر اور عملے کی حفاظت تھی، ہونولولو ایئرپورٹ پر طبی امداد فراہم کرنے والا عملہ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کےلیے تیار تھا۔

  • جہاز کے عملے نے نامناسب لباس پر خاتون کو طیارے سے نکال دیا

    جہاز کے عملے نے نامناسب لباس پر خاتون کو طیارے سے نکال دیا

    میڈرڈ : اسپین سے برطانیہ جانے کی خواہشمند ایک خاتون کوقابل اعتراض لباس پہننے پر پرواز سے نکال دیا گیا، ایئرلائن نے بیان دیا کہ خاتون نیم عریاں لباس زیب تن کی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق31سالہ ہیریٹ اوسبورن اسپین کے شہر مالاگا سے لندن کا سفر کررہی تھیں اور ان کے لباس پر مسافروں کے اعتراضات کے بعد جب فضائی عملے نے لباس بدلنے کو کہا۔

    برطانیہ کی سب سے بڑی ائیرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خاتون نے ایسا لباس پہن رکھا تھا جس سے جسم ظاہر ہورہا تھا اور مسافروں کے اعتراض کے بعد ہیریٹ کو اضافی قمیض پہننے کے لیے دی گئی تاہم اس کے باوجود اسے طیارے سے اتار دیا گیا۔

    ایزی جیٹ کے ترجمان کے مطابق ہم تصدیق کرتے ہیں کہ 23 جون کو ایک خاتون مسافر اس وقت سے سفر کرنے سے قاصر رہی کیونکہ اس کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، اس خاتون کے لباس پر مسافروں کی جانب سے اعتراض بھی کیا جارہا تھا جس پر عملے کے نرمی سے ایک اور قمیض پہننے کی درخواست کی، جس پر وہ راضی بھی ہوگئی، تاہم خاتون کی جانب سے عملے کے ایک رکن کے ساتھ شرانگیزرویہ اختیار کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے کیبین اور زمینی عملے کو ہر طرح کی صورتحال کے تجزیے کی تربیت دی گئی ہے اور وہ حالات کے مطابق فوری اور مناسب اقدام کرتے ہیں، ہم اپنے عملے کے ساتھ کسی طرح کا دھمکی آمیز یا بدسلوکی پر مبنی رویہ برداشت نہیں کرتے۔

    دوسری جانب 31 سالہ خاتون نے برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کے عملے کا رویہ ایسا تھا جیسے اس کا لباس کم عمر مسافروں کے لیے نامناسب ہے۔

    خاتون کے بقول عملہ بہت برا تھا اور مجھے چھوٹے پن کا احساس دلا رہا تھا، ائیرہوسٹس پورے طیارے میں میرے سامنے آتی رہی اور کہا کہ اس قمیض کے ساتھ میں کیبن میں نہیں گھوم سکتی، اس کے بعد اپنے ہاتھوں سے مجھے ڈھانپنے کی بھی کوشش کی۔

    ہیریٹ اوسبورن نے بتایا کہ اس کے بعد ائیرہوسٹس نے مجھے طیارے سے نکلنے کی ہدایت کی، تو پھر میں نے اضافی قمیض پہن لی، جب میں نے واپس نشست پر جانے کی کوشش کی، تو اس نے زمینی عملے کو کہا کہ اب میرے طیارے میں اسے دوبارہ سوار نہ ہونے دیں، جس کے بعد مجھے طیارے سے نکال کر وہ عملہ لے گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کہنا تھا کہ طیارے سے اتارے جانے کے بعد خاتون ایک مقامی دوست کے گھر گئی اور مزید149 پاؤنڈ ادا کرکے اگلی پرواز کے لیے بکنگ کرائی۔

  • سعودیہ قطر تنازعہ، دو برس بعد پہلی قطری پرواز کی جدہ آمد

    سعودیہ قطر تنازعہ، دو برس بعد پہلی قطری پرواز کی جدہ آمد

    ریاض : دو سال کے شدید تنازعے بعد قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا طیارہ پہلی مرتبہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں لینڈ کرگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور قطری حکومت کے درمیان جمی برف بگھلنے لگی قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی دو برس بعد سعودی عرب پہنچ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قطری امیر سعودی عرب کی قیادت میں منعقد ہونے والے عرب لیگ کے اجلاس میں شرکت کے لیے جدہ پہنچے ہیں۔

    قطر ایئرویز نے ٹویٹر پر طیارے کی جدہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تصویر شائع کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ ’قطر ایئرویز کا طیارہ ملک پر پابندیوں اور بحران کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب کی سرزمین پر لینڈ ہورہا ہے‘۔

    رپورٹ کے مطابق 30 مئی کو عرب لیگ اور خلیجی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے بعد 31 مئی کو اسلامی سربراہ کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تینوں سربراہ اجلاس کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جو مکہ معظمہ میں منعقد کی جائیں گی۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب اور اس کی خلیج میں اتحادی ریاستیں محتدہ عرب امارات اور بحرین کے علاوہ مصر نے جون سنہ 2017 میں قطر یسے اپنے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیےتھے۔

    سعودی عرب کا قطر پر الزام ہے کہ وہ مشرقی وسطیٰ میں دہشت گردوں اور ایران کی حمایت کر رہا ہے۔

    سعودی عرب نے قطر سے اپنے تعلقات بحال کرنے کے لیے پندرہ شرائط بھی قطر کے سامنے رکھی تھیں جنھیں قدرتی گیس کی دولت سے مالا مال دنیا کے امیر ترین ملکوں میں شامل ہونے والی جغرفیائی طور پر اس چھوٹی سے خیلجی ریاست نے یکسر مسترد کر دیا تھا۔

  • پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    میکسیکو سٹی : ٹوکیو کا سفر کرنے والے شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کولمبیا کے شہر بگوٹا سے جاپان کے شہر ٹوکیو کا سفر کرنے والا شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی جس کی وجہ سے جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سونورا کے پراسیکیوٹر آفس کا کہنا تھا کہ 42 سالہ ادھیڑ عمر شخص کی شناخت اس کے نام کے پہلے حرف ’این‘ سے کی گئی جس کی تکلیف کے باعث کولمبیا سے اڑنے والی کمرشل پرواز کو میکسکو میں اتارا گیا۔

    بیان میں بتایا گیا کہ ’فضائی میزبانوں نے دیکھا کہ ایک شخص درد سے تڑپ رہا ہے جس پر انہوں نے ہرموسلو سونورا میں ہنگامی طور پر جہاز اتارنے کی درخواست کی، 2 بج کر 25 منٹ پر جیسے ہی جہاز اترا مذکورہ شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا، جس کے بعد ہونے والے پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی کہ مرنے والے شخص نے کوکین کے 246 پیکٹس نگل رکھے تھے، ہر پیکٹ کا سائز تقریباً ڈھائی سینٹی میٹر تھا۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق منشیات کے زائد استعمال کے باعث اس کے دماغ میں سوجن ہوگئی تھی، جو اس کی موت کی وجہ بنا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ بعدازاں مذکورہ شخص کو لے جانے والے جہاز ایئرو میکسیکو، جس میں 198 مسافر تھے، سے بین الاقوامی پروٹوکول کے مطابق لاش ہٹا کر پرواز بحال کردی گئی۔

    واضح رہے کہ منشیات کو انسانی جسم کے اندر خالی حصوں میں چھپا کر اسمگل کرنے کا طریقہ منشیات فروشوں میں بہت مقبول ہے۔

  • سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    سعودی عرب میں‌ معاون پائلٹ کا دوران پرواز انتقال

    ریاض : سعودی عرب میں ایک ہوائی جہاز کی پروازکے دوران طیارے میں موجود معاون کپتان حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ سعودیہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز بین الاقومی ہوائی اڈے کے قریب پیش آیا جب ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے آنے والی ایک پرواز میں موجود معاون پائلٹ کو فضاء میں دل کی تکلیف ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوران پرواز عارضہ قلب کا شکار ہونےوالے معاون ہواباز کا تعلق سوڈان سے تھا اور اس کی شناخت مصعب سلیمان کے نام سے کی گئی ہے۔

    فضائی کمپنی فلائی ادیل کے چیف ایگزیکٹو کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ معاون ہواباز کو طیارے کے فضاءمیں بلند ہونے کے بعد دل میں تکلیف محسوس ہوئی۔ مدینہ منورہ میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد معاون ہواباز کو اسپتال منتقل کیاگیا مگر وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے خاندان کو سعودی عرب لانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ کمپنی نے اپنے ایک اہم ملازم کی پرواز کے دوران اچانک موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • النہضہ موومنٹ کے باعث تیونس میں غربت نے ڈیرے ڈالے، تیونسی خاتون کا الزام

    النہضہ موومنٹ کے باعث تیونس میں غربت نے ڈیرے ڈالے، تیونسی خاتون کا الزام

    تیونیسا : تیونسی خاتون نے دوران پرواز تیونس کی النہضہ موؤمنٹ کے سربراہ راشد الغنوشی پر لوٹ مار، چوری اور عوام کو غربت کے گڑھے میں دھکیلنے کا الزام عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تیونس میں النہضہ موومنٹ کے سربراہ راشد الغنوشی کو اُس وقت پریشان کن صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس جانے والی پرواز میں سفر کر رہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیارے میں موجود ایک تیونسی خاتون نے الغنوشی اور ان کی جماعت کو ملکی معیشت کی موجودہ خراب صورت حال اور سماجی انجماد کا ذمے دار قرار دیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں ایک تیونسی مسافر خاتون الغنوشی کو کھری کھری سناتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔ الغنوشی اپنی النہضہ موومنٹ کے کئی رہنماوں کے ساتھ طیارے کی اکانومی کلاس میں سوار ہوئے تھے جس کے بعد خاتون نے اپنا غصہ ان پر اتار ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خاتون نے الغنوشی اور النہضہ موومنٹ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے چوری اور لوٹ مار کر کے تیونسی عوام کو غربت کے گڑھے میں دھکیل دیا۔

    تیونسی خاتون نے کہا کہ آپ لوگوں کے آنے کے بعد سے ملک میں جو کچھ ہوا اس کی نظیر نہیں ملتی۔ آپ لوگ ننگے پاوں اور ننگے بدن آئے تھے اور اب اربوں کے مالک بن چکے ہیں۔

    اس دوران الغنوشی اپنی نشست پر بنا حرکت کے خاموش بیٹھے رہے۔ الغنوشی کے ہمراہ افراد نے جن میں ان کا داماد بھی موجود تھا اس تمام گفتگو کا کوئی جواب نہیں دیا۔

    مزید برآں خاتون مسافر نے الغنوشی کی عزت افزائی کرتے ہوئے ان پر مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ آپ نے اب فرسٹ کلاس میں سفر کرنا کیوں چھوڑ دیا ہے۔ اب آپ عام شہریوں کے ساتھ اکنامک کلاس میں سوار ہوتے ہیں۔ یہ سب مقبولیت حاصل کرنے کے واسطے ہے کیوں کہ انتخابات قریب آ رہے ہیں۔