Tag: flights

  • قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    کراچی: قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے روزانہ 2، 2 پروازیں جبکہ پشاور اور سیالکوٹ سے روزانہ 1، 1 پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، قطر ایئر ویز پاکستان سے ہفتہ وار 56 پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کراچی اور لاہور سمیت 5 شہروں سے دوحہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کی لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے روزانہ 2، 2 پروازیں جبکہ پشاور اور سیالکوٹ سے روزانہ 1، 1 پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    لاہور سے دوحہ ہفتہ وار 14 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، ایئر لائن لاہور سے بذریعہ دوحہ 140 ممالک میں مسافروں کو رسائی دے گی۔

    قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے 31 مئی 2022 تک کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔

  • امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    امارات ایئر لائن کا سعودی عرب اور سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    ابو ظہبی: امارات ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ 11 ستمبر سے سعودی عرب اور 8 اکتوبر 2021 سے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے دوبارہ اپنی سروسز شروع کرے گی۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق امارات ایئر لائن ہفتے سے سعودی عرب کے لیے 24 ہفتہ وار پروازیں شروع کرے گی جن میں دارالحکومت ریاض، جدہ اور دمام کے لیے روزانہ پروازیں جبکہ مدینہ کی تین ہفتہ وار پروازیں شامل ہیں۔

    ریاض کے لیے پروازیں 16 ستمبر سے دوگنی ہوجائیں گی جبکہ ستمبر کے آخر تک دوسرے گیٹ ویز پر تعداد بڑھانے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔

    8 اکتوبر سے دبئی اور روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے درمیان پروازیں ہفتے میں 4 بار چلیں گی، ایئر لائن 21 اکتوبر سے روزانہ کی پروازوں میں اپنی سروسز بڑھا دے گی۔

    تمام پروازیں بوئنگ 777 پر 3 کلاس ترتیب میں چلیں گی، امارات کی پرواز ای کے 173 اور 174 پیر، بدھ اور جمعہ کو چلے گی جبکہ ای کے 175 اور 176 منگل، جمعرات، ہفتے اور اتوار کو آپریٹ ہوں گی۔

  • عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، پروازوں کا آغاز

    یو اے ای : عمان ایئرلائن نے گیارہ اگست 2021 سے جدہ کے لیے عمرہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

    یواے ای میڈیا کے مطابق عمانی ایئرلائن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ عمرے کے لیے گیارہ اگست سے جدہ کے لیے پروازیں بحال کردی جائیں گی۔

    ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر عمرہ زائر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی ہوں گے،  سرٹیفکیٹ میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک سفر سے 14 روز قبل لی جاچکی ہے۔

    یاد رہے کہ داخلی عازمین کے لیے عمرہ موسم کا آغاز گزشتہ اتوار سے ہوچکا ہے۔ اس سال حج موسم کی کامیابی کے بعد عمرہ کا نیا موسم شروع کیا گیا ہے۔ تمام حجاج کورونا وائرس سے محفوظ رہے ہیں۔

    سعودی وزارت سیاحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ویکسین لگوانے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔

  • 6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    6 گھنٹوں کے دوران 12 طیاروں کی ہنگامی لینڈنگ

    خرطوم: افریقی ملک ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا کے لیے اڑان بھرنے والے 12 طیاروں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ایتھوپیا کے 12 طیاروں نے سوڈانی دارالحکومت خرطوم کے ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔ ایتھوپین دارالحکومت عدیس ابابا کے ایئرپورٹ پر خراب موسم کی وجہ سے حد نظر 800 میٹر تک محدود ہوگئی تھی۔

    6 گھنٹوں کے دوران 12 ایتھوپین طیاروں کی خرطوم ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

    ایتھوپین ایئر لائنز کے یہ طیارے ایشیائی اور یورپی ممالک کے ایئر پورٹس سے عدیس ابابا جارہے تھے تاہم انہیں خراب موسم کے باعث خرطوم میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سوڈانی محکمہ شہری ہوا بازی کے سربراہ ابراہیم عدلان نے کہا ہے کہ خرطوم ایئرپورٹ حکام نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے ایتھوپین طیاروں کی لینڈنگ کروائی۔

    انہوں نے کہا کہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے موسمی حالات بہتر ہوجانے تک ہر طرح کی تکنیکی اور لاجسٹک سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں، خراب موسمی حالات میں خرطوم ایئرپورٹ نے ہمیشہ عدیس ابابا ایئرپورٹ کے متبادل ہونے کا ثبوت دیا۔

    سربراہ کے مطابق مزید 2 ایتھوپین طیاروں کا رخ جدہ اورجبوتی ایئرپورٹس کی طرف موڑا گیا تھا۔

  • غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ‌، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں مشکلات

    غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ‌، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں مشکلات

    کراچی : ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز بیرون ممالک سے کم مسافر لانے کی شرط میں مزید توسیع کردی گئی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں میں کم مسافر لانے کی شرط میں15جولائی تک توسیع کردی گئی جس کی وجہ سے دو غیر ملکی ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں اچانک منسوخ کر دیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرکش اور قطر ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں منسوخ کی ہیں، مذکورہ دونوں ائیر لائنز نے ماہ جولائی کے پہلے ہفتے کیلئے پاکستانی مسافروں کی بکنگ کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق مسافروں کو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے بیرون ممالک کی پروازوں میں مسافروں کی تعداد پر شرط عائد کیے جانے کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    غیر ملکی ائیرلائنز نے مسافروں کی تعداد کی شرط میں نرمی کی توقع کر رکھی تھی، پاکستان نے کم مسافروں کی شرط میں نرمی نہیں کی تو بکنگ منسوخ کردی گئی۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان کے لئے اوور بکنگ کی، پروازوں کی معطلی، بکنگ کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر عائد ہوتی ہے۔

  • سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے کل سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، قطر کے ساتھ تمام بری اور بحری سرحدیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عربین ایئر لائن (السعودیہ) نے پیر 11 جنوری سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    السعودیہ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دوحہ کے لیے پروازوں کی بکنگ اوپن ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، 3 روزہ ہاؤس آئسولیشن یا 7 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔

    پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت میں ہی قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی، سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے بھی پیر 11 جنوری سے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے ٹویٹ کیا ہے کہ پیر 11 جنوری سے ریاض کے لیے پروازیں بحال ہوں گی، اس کے بعد جمعرات 14 جنوری کو جدہ اور سنیچر 16 جنوری کو دمام کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    ریاض اور دمام سے روزانہ جبکہ جدہ سے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

  • سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    سعودی عرب کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے اہم وضاحت

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے کے ساتھ جلد ہی سعودی عرب سے بیرون ملک پروازیں بھی شروع کردی جائیں گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متعلقہ وزارتوں کے ساتھ معاملات زیر غور ہیں اور حالات بہتر ہو جائیں گے تو بیرون ملک سفر پر پابندی ختم کردی جائے گی۔

    سعودی عرب میں وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق کرونا وائرس سے محفوظ رہتے ہوئے مقررہ ضوابط کے تحت معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں جبکہ اندرون ملک فضائی اور زمینی سفر پر بھی پابندی اٹھا لی گئی ہے۔

    مملکت میں 31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کو ڈھائی ماہ بعد بحال کردیا گیا تھا، اس موقع پر سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کہنے یا استقبال کرنے والوں کو آنے پر پابندی لگائی تھی۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ جہازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ایک سیٹ خالی چھوڑی جا رہی ہے تاکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • پی آئی اے : کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پرغور

    پی آئی اے : کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پرغور

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کیلئے کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پر غور شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، غیر ضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا، کراچی سے براہ راست لندن جانے والی پروازیں ختم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پہلے کراچی سے لندن کیلئے براہ راست ہفتہ بھر میں تین پروازیں آپریٹ کرتی تھیں، لوڈ کم اور اخراجات میں اضافے کی وجہ سے رواں ماہ کے دوسرے ہفتہ سے کراچی سے لندن جانے والی پروازیں ختم کردی جائیں گی،۔

    صرف ہفتے میں لوڈ ہونے پر ایک پرواز کراچی سے لندن کیلئے آپریٹ کی جائیگی، پی آئی اے لندن کے لئے بوئینگ 777 طیارے آپریٹ کر تی ہے، مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے طیارے کے ایندھن سمیت دیگر اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے تھے۔

    ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے لندن سے اسلام آباد کیلئے اپنی پروازوں میں مزید اضافہ کررہی ہے، قومی ائیرلائن سیالکوٹ سے براہ راست لندن کیلئے پرواز شروع کی جائیگی۔

  • آذربائیجان اورپاکستان  کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی

    آذربائیجان اورپاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی۔

    یہ بات بروز سوموار علی علیزادہ، آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی، دونوں نے ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعلقات پر اتفاق رائے کیا۔

    غلام سرور خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات تعظیم اور ایک دوسرے پر بھروسے کی وجہ سے قائم ہیں۔

    اسی طرح علی علیزادہ نے یہ واضح کیا کہ آذربایجان بھی پاکستان سے اپنے روابط بڑھانے پر یقین رکھتا ہے.1993 میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ڈرافٹ ایئر سروس ایگریمنٹ بنایا گیا۔

    تیس ستمبر 2009 میں دونوں ممالک کے درمیان ایک ایم او یو بھی بنایا گیا جس کے تحت پی آئی اے (پاکستان) کو 7 ہفتہ وار فلائٹس پندرہ سو سیٹوں کے ساتھ دی جانی تھیں،اسی طرح ازل سلک وے ویسٹ( آذربائیجان) کو بھی 7 ہفتہ وار فلائٹس پندرہ سو سیٹوں کے ساتھ دی جانی تھی۔

  • تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    تنخواہوں میں اضافے کے لیے ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کے پائلٹس کی ہڑتال

    کوپن ہیگن : ڈنمارک، ناروے اور سویڈن میں پائلٹوں کی ہڑتال کی وجہ سے اسکینڈنیون ایئر لائنز(ایس اے ایس ) نے اب تک 587 پروازیں منسوخ کر دیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے بعد شروع ہونے والی ہڑتال کے سبب 72,000 مسافر متاثر ہو چکے ہیں۔

    ایئر لائن نے جاری کردہ ایک بیان میں متاثرہ مسافروں سے معذرت کی ہے, اس ہڑتال سے اندرون اور بیرون یورپ جانے والی پروازیں بھی متاثر ہیں, پائلٹس اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں جرمنی کی ایئرپورٹ سیکیورٹی اسٹاف نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں تھیں۔

    جرمنی کے مصروف ترین ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت آٹھ بڑے ہوائی اڈوں پر تعینات سیکیورٹی اسٹاف کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسافروں اور سامان کی جانچ کرنے والے ہزاروں سیکیورٹی اسٹاف نے 18 گھٹنے کیلئے ہڑتال کردی جس کے باعث سیکڑوں پروازوں منسوخ کرنا پڑی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق صرف جرمنی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ فرینکفرٹ پر 5 ہزار سے زائد اہلکاروں کی ہڑتال کی وجہ سے 570 پروازیں معطل ہوئی ہیں۔