Tag: Flock of Sheep

  • بھنگ کے پتے کھانے کے بعد بھیڑیں ’بے قابو‘ ہوگئیں

    بھنگ کے پتے کھانے کے بعد بھیڑیں ’بے قابو‘ ہوگئیں

    یونان میں بھیڑوں کے ریوڑ نے گرین ہاؤس میں گُھس کر تباہی مچا دی، بھیڑوں نے 100 کلو سے زیادہ کی مقدار میں بھنگ کے پودے کھالیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے علاقے میگنیسیا میں ایک کسان اس وقت سر پکڑ کر بیٹھ گیا جب اس کی فصل پر بھیڑوں کے ایک ریوڑ نے حملہ کردیا۔

    مقامی کسان نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی فصل شدید گرمی اور سیلابوں کے باعث پہلے ہی تباہ ہوگئی تھی اور جو بچے کچے بھنگ کے پودے تھے انہیں بھیڑوں نے کھا کر ختم کردیا۔

    کسان کا کہنا تھا کہ بھنگ کی یہ فصل طبی استعمال کے لیے اگائی گئی تھی، جس کا اب نام و نشان باقی نہیں رہا۔

    Sheeps

    دوسری جانب بھیڑوں کے مالک نے بتایا کہ گرین ہاؤس میں 100 کلو بھنگ کے پودے کھانے کے بعد اس کی بھیڑیں واپس آکر عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگیں۔

    اس نے بتایا تمام بھیڑیں بے قابو ہوچکی تھیں اور بکریوں سے اونچی چھلانگ لگا رہی تھی جو عام طور پر کبھی نہیں ہوتا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھارت کے ایک پولیس اسٹیشن کے گودام سے تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کی گھاس غائب ہوگئی تھی بعد ازاں معلوم ہوا کہ اسے چوہوں نے کھا لیا تھا۔

    ریاست اتر پردیش میں ایک مقدمے میں افسروں سے 195 کلوگرام منشیات کو بطور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کو کہا گیا لیکن ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔ افسران نے عدالت کو بتایا کہ چوہوں نے بھنگ کے ذخیرے کو تباہ کردیا تھا۔

  • 12 دنوں سے دائرے میں گھومنے والی پراسرار بھیڑوں کی ویڈیو وائرل

    12 دنوں سے دائرے میں گھومنے والی پراسرار بھیڑوں کی ویڈیو وائرل

    بیجنگ: چین میں ایک فارم پر کم از کم 12 دنوں سے سینکڑوں بھیڑیں مسلسل دائرے میں گھوم رہی ہیں، انٹرنیٹ پر اس ’پراسرار بھیڑ چال‘ کی ویڈیو نے لوگوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔

    دنیا بھر کی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے والی اس خبر اور ویڈیو نے ’بھیڑ چال‘ کی ایک اور سطح منکشف کر دی ہے، لوگ ابھی تک حیران ہیں کہ شمالی چین کے شہر منگولیا میں بھیڑوں کا یہ ریوڑ آخر کیوں دو ہفتوں سے ایک دائرے میں گھوم رہا ہے۔

    چین کی سرکاری نیوز سائٹ پیپلز ڈیلی نے 10 دن کے بعد اس عجیب و غریب واقعے کی سیکیورٹی فوٹیج ٹویٹ کی ہے، اسے ’بھیڑوں کا بڑا اسرار‘ قرار دیا جا رہا ہے، رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ بھیڑیں صحت مند ہیں، اور انھیں کوئی بیماری نہیں ہے، اور اسی وجہ سے بھیڑوں کے اس ’عجیب رویے‘ کی وجہ اب بھی ایک معمہ ہے۔

    ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینکڑوں بھیڑیں ایک ساتھ ایک فارم میں ایک جگہ کا چکر لگا رہی ہیں، جب کہ ان کے اردگرد موجود دیگر بھیڑیں بے پروا دکھائی دے رہی ہیں۔

    بھیڑوں کی مالکن میاؤ کا دعویٰ ہے کہ شروع میں چند بھیڑوں نے دائرے میں گھومنا شروع کیا تھا، پھر دھیرے دھیرے ریوڑ کی دیگر بھیڑیں بھی اس کے ساتھ ’چال‘ میں شامل ہوتی گئیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کے پاس بھیڑوں کے 34 احاطے ہیں، لیکن صرف 13 ویں احاطے کی بھیڑوں نے یہ عجیب رویہ دکھایا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس عجیب و غریب رویے کی ایک وجہ ایک بیکٹیریائی بیماری ’لسٹریوسِس‘ (listeriosis) ہو سکتی ہے، اس کی وجہ سے جانور ایک دائرے میں گھومنے لگ جاتے ہیں، کیوں کہ اس بیکٹیریا کی وجہ سے دماغ کی ایک طرف مفلوج ہو جاتی ہے۔

    تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھیڑوں کو یہ انفیکشن لاحق ہو جائے تو وہ علامات ظاہر ہونے کے بعد 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر مر جاتی ہیں۔