Tag: flood affected areas

  • سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں مسلسل جاری

    سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں مسلسل جاری

    راولپنڈی: سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، بونیراور شانگلہ میں سیلاب متاثرین میں اشیائے خورونوش سمیت دیگرسامان کی تقسیم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کی میڈیکل ٹیموں نےمتاثرین علاقہ کا طبی بھی معائنہ بھی کیا، اہل علاقہ نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

    پاک فوج کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بحالی تک پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    بھارت نے پاکستان کو ممکنہ بڑے سیلاب سے پیشگی آگاہ کردیا

    اسلام آباد : سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت نے پاکستان سے سیلاب کے معاملے پر باضابطہ رابطہ کرکے ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے مطلع کردیا۔

    اس حوالے سے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت سیلاب کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے دریائے توی میں جموں کے مقام پر ممکنہ بڑے سیلاب کے خطرے سے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سیلاب کی ممکنہ صورتحال سے بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے پاکستان کو آگاہ کیا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے رابطہ 24 اگست کی صبح 10 بجے کیا گیا اور پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیشگی اطلاع دی گئی۔

    رواں سال مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان یہ پہلا بڑا رابطہ ہے، واضح رہے کہ اس معاملے پر مؤقف جاننے کیلیے ترجمان دفتر خارجہ سے رابطہ نہ ہوسکا۔

    خیبر پختونخوا میں سیلابی ریلوں اور تودے گرنے کا انتباہ

    یاد رہے کہ رواں سال ماہ اپریل میں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے بھارت میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

    بھارتی وزیر خارجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اٹاری اور واہگہ بارڈر کو بھی بند کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سارک ویزا استثنیٰ کے تحت پاکستانی شہری بھارت کا سفرنہیں کرسکیں گے۔

  • پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری

    پاک فوج کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری

    پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہے، پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں سیلابی ریلیف، ریسکیو آپریشنز میں تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو آپریشنزکے بعد پیر بابا بائی پاس تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، پاک فوج کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔

    پاک فوج کی مشینری نے 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ الوچ پُورن 20 کلومیٹر سڑک بحال کردی، ریسکیو آپریشن کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا، مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز کہیں درمیانی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم آج بھی فعال رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ہے، اور آج دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر سے شام، اور رات کے دوران تیز بارش اور ہوائیں چل سکتی ہیں، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

    کراچی : بارش کے بعد سے شہر بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن جاری

    تاہم محکمے کا کہنا ہے کہ آج رات سے سسٹم کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ دوسری طرف کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

  • پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    اسلام آباد: فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں۔

    اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکولس گیلے نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخاں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 30 ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہیں، پاکستان ہی نہیں یورپ، نائجیریا اور ویتنام بھی قدرتی آفات کے نرغے میں ہیں۔

    نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کی اور کرے گا، موسمیاتی تغیر سے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ انداز میں نمٹنا ہو گا۔

    انھوں نے کہا فرانسیسی صدر نے پیرس معاہدے کے تحت تمام ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موسمیاتی یک جہتی معاہدے پر زور دیا۔

    فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب آیا تو ان کے ملک نے فوری طور پر ہنگامی آلات اور فوجی ماہرین کو پاکستان بھیجا اور ریلیف آپریشن میں مدد کی، خصوصی پرواز سے خیمے اور غذائی اشیا بھیجے گئے۔

    انھوں نے کہا فرانس کے 40 سول سیکیورٹی ماہرین نے دادو ضلع میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس نصب کیے، فرانسیسی فوجی ٹیم نے مقامی سیلاب متاثرین کو 6 لاکھ لیٹرز پینے کا صاف پانی فراہم کیا، فرانس نے ایک طویل پل بھی سندھ حکومت کو حوالے کیا۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے تین صوبوں میں 90 ہزار افراد کے لیے 10 لاکھ یورو کی رقم مختص کی، ایک کروڑ یورو ماؤں اور بچوں کی غذائیت کے لیے عالمی ادارہ خوراک کے لیے مختص کیے گئے۔

    نکولس گیلے نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع قمبر، شہداد کوٹ اور خیرپور کے 30 ہزار سیلاب متاثرین کو مدد دی جا رہی ہے، فرانسیسی امداد سے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ میں 40 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ میں شدت برقرار، مزید 65 ہزار کیس رپورٹ

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ میں شدت برقرار، مزید 65 ہزار کیس رپورٹ

    اسلام آباد: ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ میں شدت برقرار ہے، مزید 65 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    ذرائع محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 65 ہزار 527 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے بیش تر کیس سندھ سے متعلق ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں 51 ہزار 823، بلوچستان میں 5 ہزار 691 کیس، خیبر پختون خوا میں وبائی امراض کے 3 ہزار 892، جب کہ پنجاب میں 3008 کیس رپورٹ ہوئے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں 6 ہزار 434 ڈائریا کے کیس، 16 ہیپاٹائٹس کیس، سانس کی بیماری کے 9 ہزار 440 نئے کیس، 1019 ملیریا کے، اور 60 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں 7 ہزار 463 اسکن انفیکشن، 187 ٹائیفائیڈ کیس، 512 آئی انفیکشن، 10 ہزار 802 ڈائریا کیس، اور دیگر امراض کے 20 ہزار 414 کیس رپورٹ ہوئے۔

    سندھ میں 4 ہزار 394 ڈائریا، 6 ہزار 843 اسکن انفیکشن کیس، اور سانس کی بیماری کے 6 ہزار 445 کیس رپورٹ ہوئے۔

    ڈینگی کیسز پر سالانہ رپورٹ

    ملک بھر میں رواں سال کے ڈینگی کیسز پر تفصیلی رپورٹ تیار ہو گئی ہے، جسے این آئی ایچ نے وزارت صحت کو بھجوا دیا ہے۔

    اس رپورٹ کے مطابق رواں سال ملک بھر میں 24 ہزار 967 ڈینگی کیس سامنے آ چکے ہیں، اور ڈینگی سے 67 اموات ہو چکی ہیں، رواں سال بیش تر ڈینگی کیس اور اموات بھی سندھ سے رپورٹ ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق رواں سال سندھ میں 7951 ڈینگی کیس، اور 33 اموات ہو چکی ہیں، خیبر پختون خوا میں 6412 ڈینگی کیس، اور 7 اموات، پنجاب میں 5202 ڈینگی کیس، اور 15 اموات، اسلام آباد میں 1991 ڈینگی کیس، اور 6 اموات، بلوچستان میں 3162 کیس، اور آزاد کشمیر 249 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق رواں سال بلوچستان اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے اموات نہیں ہوئیں۔

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 65 ہزار 574 کیسز رپورٹ

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 65 ہزار 574 کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ جاری ہے، 24 گھنٹوں میں سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 65 ہزار 574 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع محکمہ صحت کے مطابق ملک کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں، بیش تر کیسز کا تعلق سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں سے ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں 11 ہزار 518 ڈائریا کیس رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ یعنی 7129 ڈائریا کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

    چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختون خوا میں ڈائریا کے 1303، بلوچستان میں 2806، پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں سے 280 ڈائریا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    محکمہ صحت کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3581 اسکن انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سندھ سے 769، پنجاب سے 615، کے پی سے 1293، بلوچستان سے 1551 کیسز شامل ہیں۔

    24 گھنٹوں میں سیلاب زدہ علاقوں میں امراض تنفس کے 13 ہزار 201 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے سندھ میں 9357، بلوچستان میں 2487، پنجاب میں 1024، اور کے پی میں 4235 کیس رپورٹ ہوئے۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں آئی انفیکشن کے بھی 671 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران 277 آبی ڈائریا، 50 مشتبہ ٹائیفائیڈ، 37 ہیپاٹائٹس کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

    وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں سیلاب زدہ علاقوں میں 1520 ملیریا، 30 ڈینگی کیسز، جب کہ 25 ہزار 629 دیگر امراض کے کیسز رپورٹ ہوئے۔