Tag: Flood Damages

  • سیلابی نقصانات کا تخمینہ 30ارب ڈالر سے زائد ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ممتاز برطانوی روزنامہ’دی گارڈین‘کیلئے خصوصی مضمون تحریری کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں متاثرین کی امداد سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ سیلاب سے پاکستان میں اب تک غذائی عدم تحفظ کے شکار افراد کی تعداد 14ملین ہوگئی ہے، سیلاب نے مزید 9ملین افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دیا ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود موجودہ حکومت نے ڈیڑھ ارب ڈالر سے متاثرین کیلئے ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی، متاثرین امداد پر عالمی برادری اور دوست ممالک کے شکرگزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے مطابق سیلابی نقصانات کاتخمینہ 30ارب ڈالر سے زائد ہے، سیلاب کے باعث نقصانات پاکستان کی جی ڈی پی کا10فیصد ہیں۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ جنیوا کانفرنس کی یو این سیکریٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ میزبانی کررہا ہوں، سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کیلئے جامع روڈ میپ پیش کریں گے، سیلاب زدگان کی بحالی کاروڈ میپ عالمی اداوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔

    شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ علاقوں کی تعمیرنو کیلئے کم از کم 16.3ارب ڈالر فنڈنگ کی فوری ضرورت ہے، 10سال کی مدت میں13.5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی درکار ہوگی۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کل رقم کا نصف اپنے وسائل سے پورا کرے گا، سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے شراکت داروں کی مسلسل معاونت پربھروسہ کریں گے۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    بلوچستان میں بارشوں سے کتنا نقصان ہوا؟

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل سامنے آگئی، 3 سو سے زائد اموات اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد گھر متاثر ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بلوچستان میں اموات اور تباہ کاریوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی۔

    پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 322 ہوگئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب سے 5 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، صوبے میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 85 ہزار گھر متاثر ہوئے۔ 65 ہزار گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 1 لاکھ 20 ہزار گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال سے بلوچستان میں مجموعی طور پر 103 ڈیمز متاثر ہوئے، 9 لاکھ ایکڑ کے زرعی رقبے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    بارشوں میں 2 ہزار 198 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئیں جبکہ مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

  • بارش سے اربوں کا نقصان: سندھ حکومت نقصانات کا ازالہ کرے گی

    بارش سے اربوں کا نقصان: سندھ حکومت نقصانات کا ازالہ کرے گی

    حیدر آباد: رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت برساتی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی، زرعی قرضوں پر سود کی معافی دی جائے گی اور انہیں ایک سال کے لیے مؤخر کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ مون سون میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں، جولائی کے مہینے میں 308 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مون سون 2022 نے تمام 30 اضلاع کو شدید متاثر کیا، سندھ اونچے درجے کے دریائی سیلاب کی زد میں ہے۔ 5 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے زائد سیلابی ریلہ گڈو اور سکھر سے گزر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچے کے تمام علاقے زیر آب آگئے، ہزاروں خاندان بے گھر ہوگئے، بارشوں سے 402 اموات ہوئیں جبکہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشوں سے 860 ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا، تقریباً 15 لاکھ مکانات متاثر ہوئے جن کی لاگت 450 ارب روپے ہے، 11 ہزار 734 مویشی ہلاک ہوئے ان کی مالیت 903.96 ملین روپے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت برساتی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کرے گی، مکانات کے نقصانات اور فصلوں کے معاوضے کی منظوری دی جائے گی۔ زرعی قرضوں پر سود کی معافی دی جائے گی اور انہیں ایک سال کے لیے مؤخر کیا جائے گا۔

    شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ قرض قسطوں کی ادائیگی کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے اقدامات کریں گے۔