Tag: Flood Destruction

  • بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    بلوچستان: سیلاب سے 4 لاکھ ایکڑ زرعی زمین متاثر، 3 لاکھ مکانات تباہ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں رواں سال بارشوں اور سیلاب سے 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے، سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کا سروے مکمل کر لیا، رواں سال بارشوں اور سیلاب سے صوبے میں 336 افراد جاں بحق اور 187 زخمی ہوئے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے صوبے میں 3 لاکھ 21 ہزار 19 مکان تباہ ہوئے، نصیر آباد میں سب سے زیادہ 94 ہزار 578 مکانات کو نقصان پہنچا۔

    سیلاب سے 4 لاکھ 75 ہزار 721 ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، 2 لاکھ 92 ہزار 526 مویشی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔

    بارشوں اور سیلاب سے 103 ڈیمز شدید متاثر ہوئے، 2 ہزار 221 کلو میٹر قومی، بین الصوبائی اور لنک شاہراہیں بہہ گئیں، قومی شاہراہوں پر قائم 25 پل بھی ٹوٹ گئے۔ سیلاب کی زد میں آ کر ہرک کے مقام پر ایک ریلوے پل بھی بہہ گیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب میں پھنسے 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 10 لاکھ سے زائد لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے جاں بحق 336 افراد کے لواحقین میں چیک تقسیم کیے گئے۔

  • طوفانی بارشیں اور سیلاب: پنجاب کے 6 اضلاع تباہی و بربادی کی تصویر بن گئے

    طوفانی بارشیں اور سیلاب: پنجاب کے 6 اضلاع تباہی و بربادی کی تصویر بن گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے 6 اضلاع میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں، اب تک 49 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہروں راجن پور، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، مظفر گڑھ، سیالکوٹ اور لیہ میں طوفانی بارشوں کے باعث شدید نقصان ہوا ہے۔

    Pakistan Floods 2025- سیلاب سے متعلق تمام اپڈیٹس

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 6 اضلاع کی 51 یونین کاؤنسلز اور 309 موضع جات سیلاب سے متاثر ہوئے۔

    بارشوں سے اب تک 49 افراد جاں اور 606 زخمی ہوئے، 3 لاکھ 14 ہزار 77 افراد کی آبادی متاثر ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 12 ہزار 628 گھر معمولی متاثر جبکہ 17 ہزار 277 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ 37 سڑکیں، 8 پل اور 7 نہریں سیلابی لہروں سے تباہ ہو گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب نے 69 اسکولوں اور 7 صحت کے مراکز کو تباہ و برباد کردیا، 6 اضلاع میں 5 لاکھ 55 ہزار 893 ایکڑ اراضی زیر آب آگئی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 20 ہزار 264 افراد کو سیلابی علاقوں سے ریسکیو کیا گیا، 516 جانوروں کو بچایا گیا۔

    سیلابی علاقوں میں 147 ریلیف کیمپ لگائے گئے جن میں 9 ہزار 377 افراد ٹھہرے ہیں، اب تک متاثرین میں 16 ہزار 839 ٹن راشن تقسیم کیا گیا۔