Tag: Flood relay from Balochistan enters Sindh

  • ندی نالے بپھر گئے، بلوچستان سے سیلابی ریلے سندھ میں داخل

    ندی نالے بپھر گئے، بلوچستان سے سیلابی ریلے سندھ میں داخل

    کراچی : صوبہ سندھ میں کاٹھور، گڈاپ اور اطراف کے علاقوں میں ندی نالے بپھر گئے، جرندرو، مول، کھادیجی ندیوں میں بلوچستان، بولاخان اور کیرتھر سے سیلابی ریلے داخل ہوگئے۔

    کراچی: جرندرو، مول اور کھادیجی کی ندیوں کے اوورفلو ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا اطراف کی آبادی کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی۔

    ندیوں میں پانی آنے سے کاٹھور اور گڈاپ کے اطراف رہائشی لوگوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی، ندیوں میں بنے راستوں میں تیزرفتار ریلوں کی وجہ سے چھوٹے عارضی پل بہہ گئے۔

    جرندروندی، مول ندی، کھادیجی ندی کے سیلابی ریلے ملیر ندی میں داخل ہوگئے، ہائی وے پرانصاری پل کے نیچے سےسیلابی ریلا ملیر ندی میں رواں دواں ہے۔

    کاٹھور سے نیشنل ہائی وے جانے والے لنک روڈ کی ندی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔

    دریجی اور سارونہ میں شدید بارشوں کے باعث حب ندی میں طغیانی آگئی، بلوچستان سے سیلابی ریلے حب ڈیم میں داخل ہوگئے جس کے سبب پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔

    حب ڈیم میں پانی کا لیول333پر پہنچ گیا، ڈیم میں مزید6 فٹ کی گنجائش باقی رہ گئی ہے جبکہ دریجی، سارونہ میں شدید بارشوں سے مسلسل سیلابی ریلے حب ڈیم میں داخل ہورہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا (کے پی) میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کے مطابق سندھ میں7 سے 23 جولائی تک بارشوں سے مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 5 بچے، 6 مرد اور 1 خاتون شامل ہیں۔