Tag: Flood Relief Camps

  • سیلاب متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی افسران تعینات ہوں گے

    سیلاب متاثرہ بچوں کے لیے خصوصی افسران تعینات ہوں گے

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے انسانی حقوق سے متعلق 4 کیسز سامنے آئے، سندھ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی گئی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے افسران تعینات کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں رکن کمیٹی جواد اللہ نے کہا کہ ابھی تک چائلڈ رائٹس کمیٹی کو نوٹیفائیڈ نہیں کیا گیا، اسپیکر صوبائی اسمبلی ابھی معاملے پر توجہ نہیں دے رہے۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کے انسانی حقوق سے متعلق 4 کیسز سامنے آئے، سندھ سوشل ویلفیئر کو ہائیکورٹ نے احکامات جاری کیے کہ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی کے افسران تعینات کیے جائیں۔

    رکن کمیٹی کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے، سب کچھ مکمل ہوگیا، افسوس ہے کہ ہمارا بجٹ صرف 22 ملین روپے ہے۔

    رکن کمیٹی کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کا اختیار ہے کہ قوانین میں ترمیم کی جا سکے، صوبوں کی سطح پر کوئی ایسی کمیٹی نہیں جو قانون سازی پر عملدر آمد پر کام کر سکے۔

  • سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش

    سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش

    کراچی: صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے یہاں مزید 10 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، تاحال ساڑھے 9 ہزار حاملہ خواتین فلڈ ریلیف کیمپس میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش ہوئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے فلڈ ریلیف کیمپس میں تاحال 3 ہزار 837 بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے، کیمپوں میں مزید 9 ہزار 457 حاملہ خواتین موجود ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق 2 ہزار 22 خواتین حمل کے پہلے فیز میں ہیں، 3 ہزار 965 خواتین حمل کے دوسرے، 2 ہزار 517 خواتین حمل کے تیسرے فیز میں اور 953 خواتین حمل کے آخری فیز میں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فلڈ کیمپس میں 8 ہزار 784 حاملہ خواتین کو ڈائٹری سپلیمنٹ فراہم کیا گیا ہے جبکہ 7 ہزار 974 حاملہ خواتین کو ڈپتھیریا اور ٹیٹنس سمیت دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہیں۔

    علاوہ ازیں 7 ہزار 842 حاملہ خواتین کے طبی معائنے ہوچکے ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی جاری

    سیلاب متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی جاری

    اسلام آباد: وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے، مختلف علاقوں میں 47 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، پختونخواہ اور پنجاب میں 47 ہیلتھ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ کے 8 اضلاع میں 16 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14، سندھ کے 10 اضلاع میں 13 اور پنجاب کے 2 اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 5 ہزار 544 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، کیمپس میں 5 سال سے کم عمر 13 سو 5 بچوں کو طبی امداد دی گئی۔

    علاوہ ازیں ہیلتھ کیمپس میں 758 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین بھی پلائی گئی۔