Tag: Flood situation in Punjab

  • پنجاب میں سیلابی صورتحال، ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ

    پنجاب میں سیلابی صورتحال، ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ

    لاہور : پنجاب کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں پنجاب بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    یہ بات وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،

    انہوں نے بتایا کہ بارشیں زیادہ ہونے کی صورت میں راوی اور ستلج میں یقینی طور پر سیلاب آسکتا ہے، اس وقت دریائے راوی کے قریب 22ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت میں شدید بارشیں ہوئی ہیں اگر بارشیں مزید جاری رہیں تو قوی امکان ہے کہ یہاں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوجا ئے۔

    عامرمیر نے کہا کہ بھارت میں دوبارہ شدید بارشیں ہوئیں تو 1988کی طرح شاہدرہ ڈوب سکتا ہے، سیلاب آتا ہے تو ممکنہ طور پر کناروں پر آبادیاں سب سے زیادہ متاثر ہوسکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے دریا کی زمین پر غیرقانونی آبادیاں قائم کر رکھی ہیں، جو بھی آبادی سیلاب کے خدشے سے دوچار ہوگی اس کو24گھنٹے میں خالی کرایا جائے گا۔

    انہوں نے اپیل کی کہ جب الرٹ جاری ہوجائے تو لوگ اپنے گھروں کو خالی کردیں، جو لوگ ایسے علاقوں میں بیٹھے ہیں ان سے گزارش ہے کہ فوری طور پر علاقہ چھوڑ دیں۔

    وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب آنے کے بعد ریسکیو کے عمل میں مشکلات درپیش آتی ہیں تاہم ہر علاقے کاپلان تیار ہے کہ لوگوں کو کس طرح سے ریسکیو کرنا ہے۔