Tag: flood victims

  • گورنر سندھ کا اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان 

    گورنر سندھ کا اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان 

    کراچی(29 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیلاب متاثرین کے لیے اپنی 5 ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے اپنی 5 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ہر طرح سے سیلاب متاثرین کیساتھ کھڑا ہوں، سیلاب متاثرین کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاؤں گا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئےگورنر ہاؤس میں سیل قائم کررہا ہوں، جلد امدادی سامان کے ٹرک سیلاب متاثرہ اضلاع  میں روانہ ہوجائیں گے۔

    اس سے قبل گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث اے پی سی بلانے کا مطالبہ کیا تھا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا تھا کہ ملک کی مجموعی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے، سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بلائیں۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر مسائل کا حل نکالنا ہوگا، آبی ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا، بڑے ڈیمز بنانے سے متعلق فیصلہ کرنا ہوگا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہے، اگلے سال مزید بارشوں کی توقع کی جا رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے تاجر، شہری پنجاب کے متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں، پنجاب کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کے دو ٹرک روانہ کریں گے۔

  • جہانگیر ترین کا سیلاب متاثرین کے لئے 2 کروڑ روپے امداد کا اعلان

    جہانگیر ترین کا سیلاب متاثرین کے لئے 2 کروڑ روپے امداد کا اعلان

    لاہور(27 اگست 2025): جہانگیر ترین نے لودھراں کے سیلاب متاثرین کے لیے دو کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیئر سیاست دان اور معروف بزنس مین جہانگیر خان ترین نے لودھراں کے سیلاب متاثرین کے لیے دو کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑوں گا اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

    جہانگیر ترین اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ اپنی ٹیم کو فوری طور پر ریلیف سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے جن میں مشینری بھجوا کر بند باندھنے میں مدد، متاثرین میں راشن اور ضروری اشیاء کی تقسیم شامل ہے۔

    استحکام پاکستان پارٹی کے سابق سربراہ نے مزید کہا کہ قدرتی آفات قومی یکجہتی کا تقاضا کرتی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/punjab-flood-update-27-august-2025/

  • 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے اچھی خبر

    2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے اچھی خبر

    کراچی: وفاق نے صوبہ سندھ میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکانات اور اسکولوں کی تعمیر کے فنڈز میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاق نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر کے لیے رقم 25 ارب سے بڑھا کر 30 ارب کر دی ہے، اور متاثرہ اسکولوں کی تعمیر کے لیے رقم 2 ارب سے بڑھا کر 5 ارب روپے کر دی۔

    رقم وفاقی حکومت کی جانب سے جاری پی ایس ڈی پی میں بڑھائی گئی ہے، گزشتہ مالی سال میں سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر کے لیے 25 ارب روپے اور اسکولوں کی تعمیر کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے تھے۔

    دوسری طرف وفاق اور سندھ میں ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر تنازع پر وزارت خزانہ نے سندھ حکومت کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ صوبہ سندھ سب سے زیادہ ترقیاتی بجٹ ملنے کے باوجود شکوہ کر رہا ہے، رواں مالی سال اب تک سب سے زیادہ فنڈز سندھ کو 5 ارب 58 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔

    ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبوں کو 9 ارب 97 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے ہیں، سب سے کم ترقیاتی بجٹ خیبر پختونخوا کو صرف 39 کروڑ جاری کیے گئے، جب کہ بلوچستان کو 3 ارب سے زائد، پنجاب کو 90 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے گئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ترقیاتی بجٹ ریلیز نہ کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا تھا، جس پر وزیر اعظم نے وزارت خزانہ و منصوبہ بندی کو ترقیاتی بجٹ کے لیے ہدایات دی تھیں۔

  • سیلاب متاثرین کس حال میں ہیں؟ اقوام متحدہ کا سروے

    سیلاب متاثرین کس حال میں ہیں؟ اقوام متحدہ کا سروے

    اسلام آباد : پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بقاء کا بحران بدستور برقرار ہے کیونکہ سرد موسم کے بعد ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، سانس کی بیماریوں اور غذائی اجناس کی کمی کی شرح میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیٹلائٹ جیوگرافیکل سروے کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال مکمل آباد کاری نہیں ہوسکی ہے، 50لاکھ متاثرین تاحال سیلاب زدہ علاقوں میں موجود ہیں جنہیں صحت و صفائی کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کی اگر بات کی جائے تو وہاں کے 87ہزار537 سیلاب متاثرین تاحال بے گھر ہیں، سندھ کے72لاکھ43ہزار167 سیلاب زدگان اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق سندھ کے سات ٹینٹ ویلجز میں 7ہزار451 سیلاب متاثرین موجود ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں امراض سینہ، ملیریا اور ہیضہ کے مریض سامنے آرہے ہیں۔

    بلوچستان کے بیشتر سیلاب زدہ علاقوں سے نکاسی آب مکمل ہوچکا ہے، بلوچستان کے ضلع صحبت پور کے بعض جگہوں میں سیلابی پانی موجود ہے، پاکستان میں تقریباً 40 لاکھ بچے اب بھی سیلابی پانی کے قریب زندگی بسر کر رہے ہیں۔

  • جنیوا کانفرنس : عالمی اداروں نے 9 ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات کیے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : جنیوا میں ہونے والی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے سیلاب زدگان کی امداد کیلیے نو ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات کیے۔

    یہ بات ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری بیان میں بتائی ، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں پاکستان نے موسمیاتی طور پر مستحکم، دیرپا تعمیرنو اور بحالی کا جامع منصوبہ پیش کیا۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان نے بحالی کے کاموں کے لئے 16ارب ڈالر سے زائد کا تخمینہ پیش کیا، عالمی برادری نے بھی سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے9ارب ڈالر سے زائد کےاعلانات کیے۔

    اس کے علاوہ پاکستان کو سیلاب زدگان کے تباہ شدہ علاقوں کی تعمیرنو اور بحالی کے لیے مزید تعاون کی یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں،اور اس کے لیے ایکشن پلان بھی سامنے آیا، جس میں بہترگورننس، ریاستی اداروں کی استعداد کار میں بہتری شامل ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سیلاب متاثرین کے روزگار اور ذرائع معاش کی بحالی، ان کی سماجی شمولیت، بنیادی خدمات کی بحالی اور ڈھانچہ سازی بھی ایکشن پلان میں شامل ہے

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متاثرین کو صحت بحران، سردی، آئندہ بارشوں سے بچانا اور روزگار فراہمی اولین ترجیح ہے، قدرتی آفات، آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے اقدامات طویل المیعاد حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سرکاری و نجی شعبے کی شمولیت سے جامع مالیاتی منصوبہ مرتب کیا جائے گا، اقوام متحدہ ادارہ ترقی کے تحت منصوبہ سازی مرکز کو مزید فعال کیا جائے گا،

    دفتر خارجہ کے مطابق اخراجات کی شفافیت اور اس کی کڑی نگرانی کے لیے مربوط میکانزم تشکیل دیا جائے گا، پاکستان بین الاقوامی شراکت دار معاون گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

  • ٹیلی تھون سے ملنے والے عطیات کہاں خرچ ہوئے؟ پرویز الٰہی نے بتادیا

    ٹیلی تھون سے ملنے والے عطیات کہاں خرچ ہوئے؟ پرویز الٰہی نے بتادیا

    وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی ملاقات کی، اس موقع پر پنجاب احساس پروگرام کی  سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو سیلاب متاثرین کی بحالی اورامداد کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کی ساتویں لہر کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر رہے ہیں، سیلاب، امراض اور آفات کی پیشگی اطلاع کا سسٹم نصب کریں گے۔

    چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ 3مقامات پر آفات کی پیشگی نشاندہی کیلئے ارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جارہے ہیں، ارلی وارننگ سسٹم نصب ہونے سے بروقت اقدامات ممکن ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، پنجاب نے اپنے وسائل اور ٹیلی تھون سے جمع ہونے والے عطیات سے سیلاب متاثرین کو بھرپور امداد دی، اب تک سیلاب متاثرین میں5ارب روپے سے زائد تقسیم ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 36ہزارمتاثرہ خاندانوں کو معاوضوں کی ادائیگی مکمل کی جاچکی ہے، گھروں کی تعمیر کیلئے بھی سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کی گئی ہے،55ہزارسے زائد مکمل اور جزوی طور پر تباہ شدہ گھروں کی تعمیر جاری ہے۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سیلاب کے بعد ہم سب سے پہلے راجن پور پہنچے اورامدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، پنجاب حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بھی ایک ارب روپے مختص کئے۔

    اس کے علاوہ مری اور دیگر مقامات پر سیاحوں کی سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، بیرون ملک خاص طور پر چین سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدرملک کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ پنجاب کا سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف پلان قابل تحسین ہے، ریسکیو 1122نے سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔

    انعام حیدر ملک نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات سے30، 40 دن پہلے پیش گوئی ممکن ہے، ماحولیاتی تبدیلی مستقل صورت اختیار کررہی ہے، ہمیں خود کو تیار رکھنا ہوگا۔

  • سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    سیلاب متاثرین کو ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی: علی زیدی

    کراچی: سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی، نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا ہے کہ نوابشاہ اور خیر پور کے سرکاری گوداموں میں گندم کی لاکھوں بوریاں خراب ہو چکی ہیں۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پہلے سندھ کی گندم 2 ٹانگوں والے چوہے کھا جاتے تھے، آج کل سندھ کے چوہے سیلاب متاثرین کی امداد پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں، اسی وجہ سے سندھ کے سرکاری گوداموں میں گندم پڑے پڑے خراب ہو رہی ہے، یہ گندم سیلاب متاثرین کو نہیں دی گئی، نہ ہی عوام تک پہنچی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کے بجائے ان کا جائز حق ہی مل جائے تو بہتری آجائے گی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ کا ایک جھوٹا وزیر کہتا ہے کہ صوبے میں آٹا 65 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے باہر نکل کر دیکھے آٹا 125 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ زرداری مافیا نے صوبہ سندھ اور اس کی عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، یہ کرپٹ مافیا جب تک سندھ پر مسلط ہے سندھ کے حالات نہیں بدل سکتے۔

  • سردی میں ٹھٹھرتے سیلاب متاثرین کے کمبلوں کی فروخت کا انکشاف

    سردی میں ٹھٹھرتے سیلاب متاثرین کے کمبلوں کی فروخت کا انکشاف

    میرپورخاص : سندھ میں سیلاب زدگان کیلئے دیا جانے والا راشن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، سیلاب زدگان کے لئے دیا جانے والا راشن بازاروں میں فروخت ہونے لگا۔

    سندھ میں رواں سال آنے والے سیلاب سے کئی اضلاع شدید متاثر ہوئے جن کے نام پر لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیرملکی امداد وصول کی گئی لیکن امداد تقسیم کرنے والے متاثرین سے زیادہ خود کو مستحق سمجھنے لگے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ کی ٹیم نے امدادی سامان میں خورد برد کرنے والے افسر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرادیا۔

    ایک اسٹنگ آپریشن میں ٹیم سرعام نے میرپورخاص کے ڈی سی ہاؤس سے سرکاری راشن اور کمبل خرید لیے میرپورخاص کے مختیارکار نے سرکاری کمبل تک فروخت کردیے۔

    ایک طرف سرد موسم میں سیلاب متاثرین اور ان کے معصوم بچے سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں اور ان کے نام پر ملنے والے سرکاری کمبل بدعنوان افسران بازاروں میں فروخت کررہے ہیں۔

    ٹیم سرعام نے آپریشن کرکے لاکھوں روپے کے عوض سرکاری راشن خرید لیا جس کے ویڈیو ثبوت دیکھ کر ڈپٹی کمشنر زین العابدین نے مختیارکار قیوم لغاری کو گرفتار کرادیا۔

  • جرمنی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے طبی کیمپ کا قیام

    جرمنی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلیے طبی کیمپ کا قیام

    کراچی : عالمی برادری کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کا سلسلہ جاری ہے جرمن قونصل خانے کی جانب سے تحصیل جڈھو کے گوٹھ نیاز محمد میں متاثرین کے لئے طبی کیمپ قائم کیا گیا ہے۔

    طبی کیمپ میں صوبہ سندھ کے سیلاب زدگان کو علاج کی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے سیلاب متاثرین کے طبی کیمپ کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کو کنٹرول کرنے کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر ممالک کو اقدامات کرنے ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک گلوبل چیلنج ہے اور مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کے لئے مل کر کام کرنا انتہائی ضروری ہے۔

    اس کے علاوہ جرمن قونصل جرمن قونصل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے ٹنڈو جان محمد کے میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر میں پینے کے صاف پانی کے لیے آراو پلانٹ کا افتتاح کیا۔

    جرمن قونصل جنرل نے دورے میں سیلاب متاثرین میں راشن بیگز بھی تقسیم کیے۔ متاثرین نے حکومتی امداد کی اپیل کی ہے تا کہ ان کی جلد بحالی ممکن ہوسکے۔

  • پاکستان میں سیلاب: کس ملک کے 28 طیارے امدادی سامان لے کر آئے؟

    پاکستان میں سیلاب: کس ملک کے 28 طیارے امدادی سامان لے کر آئے؟

    کراچی: ملک میں آںے والے تباہ کن سیلاب کے بعد متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے زیادہ 28 پروازیں امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچیں، امدادی سامان لانے والی پروازوں کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 30 ستمبر تک دوست ممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے جانے والے امدادی سامان کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 90 خصوصی پروازوں کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان پہنچایا گیا۔

    سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے 28 پروازیں امدادی سامان لے کر پہنچیں، عرب امارات اور اقوام متحدہ کی 13 مشترکہ پروازیں بھی امدادی سامان لے کر پہنچیں۔

    ترکیہ سے 12، سعودی عرب سے 10، امریکا سے 5، چین سے 4، قطر سے 3، یونیسیف کی 3، انڈونیشیا اور عمان سے 2، 2 اور روس سے 1، 1 پرواز امدادی سامان لے کر پہنچی۔

    برطانیہ، فرانس، ازبکستان، ترکمانستان، اردن اور نیپال سے بھی 1،1 پرواز امدادی سامان لے کر پہنچی، امدادی سامان میں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔