Tag: flood victims

  • گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے

    گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے

    حیدرآباد: قاسم آباد گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کھانا پکانے کے لیے فرنیچر جلانے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں قائم قاسم آباد گرلز ڈگری کالج میں سیلاب متاثرین کی جانب سے سرکاری کالج کے فرنیچر کو جلا کر کھانے پکانے کی اطلاع ہے۔

    اس سلسلے میں کالج کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں سابق ڈائریکٹر جنرل کالجز اور موجودہ ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ پروفیسر عبدالحمید چنڑ سیلاب متاثرین کو فرنیچر جلانے سے منع کر رہے ہیں۔

    ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ پروفیسر عبدالحمید چنڑ نے اطلاع ملنے پر گرلز کالج کا معائنہ کیا، انھوں نے کالج کے فرنیچر کو جلانے سے منع کیا تو سیلاب متاثرین نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    ڈائریکٹر کالجز آفس سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کالح فرنیچر جلانے سے گریز کریں، خلاف ورزی پر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    پروفیسر عبدالحمید چنڑ کا کہنا تھا کہ کالج کا سرکاری فرنیچر جلانے سے منع کرنے پر سیلاب متاثرین کا احتجاج ناقابل فہم ہے۔

  • سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

    سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

    کراچی : نجی ہوا بازی کمپنی نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے کا بڑا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران اسلم خان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر اسکائی ونگز ایوی ایشن نے اپنے تمام کمرشل آپریشن بند کرکے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہم وطنوں کو ریلیف کا سامان پہنچانے کے لیے خصوصی ریلیف فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران اسلم خان چیف آپریٹنگ آفیسر اسکائی ونگز ایوی ایشن

    خصوصی فلائٹ آپریشن کے لیے اسکائی ونگز ایوی ایشن نے ڈی جی سی اے اے سے اجازت طلب کرلی،

    چیف آپریٹنگ آفیسر اسکائی ونگز ایوی ایشن نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن کی اجازت ملتے ہی ہنگامی طور پر سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف آپریشن شروع کردیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیشہ کہ طرح دکھ کی اس گھڑی میں بھی اسکائی ونگز اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہے۔

  • او آئی سی کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی  فوری امداد کی اپیل

    او آئی سی کی پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل

    اسلام آباد: تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بارشوں اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی پر او آئی سی سیکریٹری جنرل نے سیلاب متاثرین کی فوری امداد کی اپیل کر دی ہے۔

    حسین براہیم طہٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک، دیگر تنظیمیں اور عالمی برادری پاکستان میں سیلاب متاثرین کی فوری مدد کرے۔

    او آئی سی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

    ترک اور ایرانی صدور کا وزیراعظم کو ٹیلیفون، سیلاب سے نقصانات پر اظہارِ افسوس

    واضح رہے کہ برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 1.5 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان کیا ہے، برطانوی ہائی کمیشن نے کہا کہ اقوام متحدہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان میں آفت کے باعث ضروریات کا جائزہ لے رہا ہے، توقع ہے کہ منگل کو اقوام متحدہ کی (پاکستان کی امداد کے لیے) اپیل شروع کی جائے گی۔

    پاکستان میں بدترین سیلاب سے نمٹنے کے لیے عالمی رہنماؤں کی جانب سے مدد کی پیشکش ہو رہی ہے، ترک صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو فون کر کے کہا مشکل وقت میں ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، امدادی سامان لے کر ترک طیارہ روانہ ہو گیا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے وزیر اعظم سے فون پر سیلاب سے تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    ایران کے صدر نے بھی پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا، فرانسیسی صدر نے بھی پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی، ٹویٹ میں لکھا پاکستان میں سیلاب سے تباہی پر افسوس ہے فرانس مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • یورپی یونین کا سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان

    یورپی یونین کا سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان

    برسلز: یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار یورو کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے سیلاب کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کر دیا، نگران انسانی ہمدردی پروگرام کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی۔

    تہینی تھماناگوڈا نے کہا کہ سیلاب نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں تباہی مچائی ہے، پروگرام کے تحت بلوچستان کے علاقوں جھل مگسی اور لسبیلا میں سیلاب زدگان کی مدد کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے سندھ اور بلوچستان پر قیامت ڈھا دی ہے، سندھ میں چوبیس گھنٹے میں مزید تیس افراد جاں بحق، جب کہ بلوچستان میں مون سون سیزن کی تباہی میں 234 افراد جان سے گئے۔

    بلوچستان میں اٹھائیس ہزار مکانات منہدم ہوئے اور ساڑھے سات ہزار گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جب کہ 710 کلومیٹر طویل شاہراہیں اور 18 پل متاثر ہوئے، جب کہ ایک لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    سیلاب متاثرین کے امدادی سامان کا گودام مل گیا، چابیاں سیاسی کارکن کے پاس تھیں

    ٹنڈو محمد خان : سال دوہزار گیارہ کے سیلاب متاثرین کیلئے آنے والے امدادی سامان کا گودام اے آر وائی نیوز نے ڈھونڈ لیا، گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے رکن کے پاس تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک اور سماجی تنظیموں کی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت سال 2011میں پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اور دیگر سامان کی صورت میں امداد فراہم کی گئی تھی جسے متاثرین تک پہچانے کے بجائے گودام میں محفوظ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز نے سیلاب متاثرین کیلئے بھیجے گئے سامان کا گودام ڈھونڈ نکالا، ٹنڈو محمد خان کے علاقے میں قائم گودام میں رکھا گیا سامان2011کے سیلاب متاثرین کیلئے بھجوایا گیا تھا۔

    امدادی سامان میں ٹینٹ، پنکھے اور دیگر اشیاء شامل ہیں، مذکورہ امدادی سامان ٹنڈو غلام حیدر ٹاؤن کے قریب گودام میں رکھا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش کے بعد ایم نائن موٹروے پرسیلاب، پولیس اور فوجی جوانوں کی امدادی کارروائیاں

    بعد ازاں انکشاف ہوا کہ اس گودام کی چابیاں ایک سیاسی جماعت کے کارکن کے پاس تھیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی کے احکامات کے بعد گودام کی چابیاں محکمہ ریونیو کےحوالے کردی گئی ہیں۔

     

  • سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیرِاعظم

    سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیرِاعظم

    جھنگ: وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

    جھنگ میں متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب زدگان کی خدمت کے فرض سے غافل نہیں ہے، دنیا میں کہیں بھی اس تیز رفتاری سے امدادی کام نہیں کئےگئے۔

    وزیرِاعظم نے خطاب میں جس تیز رفتار امدادی سرگرمیوں کا ذکر کیا اس کا عملی مظاہرہ بھی بہت جلد لوگوں نے دیکھ لیا، وزیرِاعظم کے رخصت ہوتے ہی امدادی سامان کا ٹرک بھی انتظامیہ واپس لے گئی، متاثرین سیلاب دور تک ٹرک کے پیچھے امداد کیلئے بھاگتے رہے۔

  • نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی، وزیرِاعظم

    نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی، وزیرِاعظم

    مظفرگڑھ : وزیرِاعظم نوازشریف سیلاب زدگان کی دارسی کیلئےمظفرگڑھ پہنچ گئے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں اقدامات کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

    وزیرِاعظم نےکہا ہے کہ حکومت کو متاثرینِ سیلاب کی مشکلات کا احساس ہے، نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

    دوسری جانب وزیرِاعظم نے ایلیٹ کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے احوال بھی دریافت کیا، اس موقع پر متعلقہ حکام نے وزیرِاعظم کو بریفینگ بھی دی۔

    وزیرِاعظم نے سیلابی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہداہت کی، نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اچانک آنے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

  • مشکل کی گھڑی میں متاثرینِ سیلاب کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیرِاعظم

    مشکل کی گھڑی میں متاثرینِ سیلاب کوتنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیرِاعظم

    آزاد کشمیر: وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں متاثرینِ سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ملک منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف نے اپنے دورے کے دوران حویلی آزاد کشمیر میں متاثرینِ سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے تباہی پردلی افسوس ہے، متاثرین کودی جانیوالی رقم معاوضہ نہیں امداد ہے، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں سے فرصت ملنے کے بعد مظفرآباد آؤں گا۔

      وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کے دکھ درد کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہی ہے، متاثرین کے مکانات کی تعمیرِ نو اورکاروبار کی بحالی میں حکومت تعاون کرے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

      وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت منفی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا، ملک میں مثبت اور تعمیری سیاست ہونی چاہئے۔

  • گوجرانوالہ:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

    گوجرانوالہ:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

    گوجرانوالہ:  گوجرانوالہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی کا ریلیف آپریشن آج چوتھے روز بھی جاری ہے اور پاک آرمی کی ٹیموں نے 11 ہزار 283 افراد کو کشتیوں کے ذریعے جبکہ 771 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

    کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے ہیڈ قادر آباد کے سیلابی پانی میں گھرے علاقوں جلالپور، بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کا فضائی دورہ کیا۔ ان علاقوں میں آج پاک آرمی کے 4 ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن کررہے ہیں جبکہ 300 کشتیوں کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

    جن علاقوں میں پانی نہیں اتر سکا، وہاں گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری بھجوائی جارہی ہے تاکہ لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے۔

    کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاک فوج اپنی قوم کے شانہ بشانہ ہے، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کی جانوں کو بچانے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں، یاد رہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں آرمی کے 54 ریلیف کیمپ اور 73 ہیلتھ کیمپ کام کررہے ہیں۔

    چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر تے ہوئے تمام محکموں خصوصاً صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات کو ریلیف کاموں کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی ہیں اور ساتھ ہی گریڈ انیس کے افسر کو چوبیس گھنٹے ایمرجنسی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔

    حویلی لکھا میں پاکپتن کینال کے تیس فٹ چوڑے شگاف کو پُر کرنے کیلئے محکمہ انہار نے کارروائیاں تیز کردیں ہیں، دو روز قبل فصلیں بچانے کیلئے نہر کے بند کو توڑ دیا گیا تھا، ساہیوال میں سیلابی علاقے میں ضلعی انتظامیہ نے ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے۔

    کندھکوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقے میں محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو چوبیس گھنٹے میں متاثرہ بندوں کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

    ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل طاہر جاوید نے سیالکوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اورمتاثرین میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی فراہم کی گئیں۔

    ادھر پاک بھارت سرحد کے قریب فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ قائم کئے جارہے ہیں، چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے 126ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں،  ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ 18اضلاع کے متاثرین میں 23700خیمے، 4636منرل واٹر کی بوتلیں اور 36500فوڈ ہیمپرز فراہم کر دیئے ہیں۔