Tag: flood

  • کندھ کوٹ اور کشمور میں سیلاب کے خدشات مزید بڑھ گئے

    کندھ کوٹ اور کشمور میں سیلاب کے خدشات مزید بڑھ گئے

    سندھ : کندھ کوٹ اور کشمورمیں سیلاب کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، ڈی سی او نے مکینوں کو چوبیس گھنٹے میں علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردیں ہیں۔

    بپھری ہوئی سیلابی موجیں کشمور کے گردونواح میں بھی داخل ہونا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث خدشات و خطرات بڑھ گئے ہیں، ٹوڑی بند سے گاؤں درانی مہر تک تین کلومیٹر بچاؤ بند کی حالت کو حساس قرار دے دیا گیا ہے، گڈو بیراج کے دائیں جانب سے نکلنے والے بند کو نو کلومیٹر تک انتہائی حساس بتایا گیا ہے۔

    اولڈ ٹوڑی بند سے گاؤں علی مراد اور گاہی تک دو کلومیٹر تک بند بھی انتہائی حساس قراردے دیا گیا ہے، ممکنہ خدشات خطرات کے پیشِ نظر ڈی سی او نے کندھ کوٹ اور کشمور کچے کے مکینوں کو علاقہ خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دے دیں ہیں۔

    صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزار بجارانی محکمہ آبپاشی کی بریفنگ پر سخت برہم ہوئے، میر ہزار بجارانی نے چوبیس گھنٹوں میں متاثرہ بندوں پر کام کرنے کا حکم دیا ہے، صوبائی وزیر کے دورے کے فوری بعد آبپاشی کا عملہ استعمال میں آنے والی مشینری واپس کرکے غائب ہوگیا ہے۔

  • سیلاب کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف، چنیوٹ اور جھنگ میں تباہی کا خدشہ

    سیلاب کا رخ جنوبی پنجاب کی طرف، چنیوٹ اور جھنگ میں تباہی کا خدشہ

    پنجاب : آزاد کشمیر اور پنجاب میں بارش اور سیلاب نے شدید تباہی مچا رکھی ہے اور اب یہ سیلابی ریلے جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

    حافظ آباد روڈ کے ساتھ دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا ہے، ہیڈ قادر آباد پراس وقت پانی کا بہاؤ آٹھ لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک ہے، بالائی پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد چناب اورجہلم میں بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حافظ آباد روڈ کے ساتھ دریائے چناب کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، جس کے باعث سیلابی پانی نواحی گاؤں ٹای گورایا میں داخل ہوگیا جبکہ  پنڈی بھٹیاں حافظ آباد روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

    آٹھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا حافظ آباد میں ہیڈ قادر آباد کے مقام سے گزر رہا ہے، جو چنیوٹ سے ہوتا ہوا تریموں بیراج پہنچے گا، دریائے جہلم کا سیلابی ریلا منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا،خوشاب سے ہوتا ہواجھنگ کے متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے لیکن جہلم کا بڑا ریلہ تریموں بیراج پہنچے گا۔

    آٹھ سے نو لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلوں کے باعث جھنگ اور اس کی نواحی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، تریموں بیراج سے پانی کے بہاؤ کی گنجائش چھ لاکھ چالیس ہزار کیوسک ہے، بیراج بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری کے مقام پر حفاظتی پشتے میں تین مقامات پر شگاف ڈالا جا سکتا ہے۔

    تریموں بیراج سے نکلنے کے بعد یہ سیلابی ریلا شورکوٹ ،گڑھ مہاراجہ ،احمدپور سیال، ملتان، مظفرگڑھ اور ڈی جی خان سے ہوتا ہوا پنجند پہنچے گا، سیلاب کے پیش نظر دریا کے قریب واقع آبادیوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ سیلابی ریلا چنیوٹ سے گزرا تو تئیس دیہات صفحہ ہستی سے مٹا گیا ۔

    مو ضع حسین، موضع ابہلو سمیت تحصیل بھوانہ کے گاؤں ڈوب گئے، جس کے باعث اہل علاقہ پھنس گئے، دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ بلوکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، سیالکوٹ کے نالوں میں آنے والے سیلابی ریلے تباہی مچاتے ہوئے آگے بڑھ گئے لیکن تباہی و بربادی کے آثارچھوڑ گئے۔

    سیلاب کے باعث سیالکوٹ کے بیشتر علاقوں میں نظام زندگی تاحال مفلوج ہے، سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور شاہراہ سری نگر کا بڑا حصہ سیلاب میں بہہ گیا۔

  • ملک کے بالائی حصے میں سیلاب،تھر میں خشک سالی کا راج

    ملک کے بالائی حصے میں سیلاب،تھر میں خشک سالی کا راج

    کراچی:تھرپارکرمیں خشک سالی کا راج برقرار ہے،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے چھاچھرو اسپتال کا دورہ کیا

    ملک میں ایک جانب اتناپانی برسا کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی،اور دوسری جانب تین سال سےصحرائےتھر پانی کی بوند بوند کو ترس رہا ہے،تھرمیں پہلے بچے بھوک سے بلکتے ہیں اور پھر پانی کوترستے ہیں اور پھراُنہیں موت آلیتی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ آج تھر پہنچے اورچھاچھرواسپتال کا دورہ کیا،اس موقع پر اُنہوں نےدعویٰ کیا کہ قحط زدہ عوام کی ہرممکن مدد کی ہے،وزیراعلیٰ نے پہلے یہ کہا کہ ہم تھرپارکرکی سولہ لاکھ آباد ی کی امیدہیں اورپھرساتھ ہی اپنی مجبوری بھی بیان کی ،کہنے لگے تھرمیں آر او پلانٹ لگانےکا اعلان کیا تھا مگر ٹھیکیدارنےخلاف ورزی کی اور کام چھوڑگیا۔

    اب کسی دوسرے کو ٹھیکہ دیں گے تھرمیں جاں بحق بچوں کے ورثا کو دودولاکھ روپے امداد دینا چاہتےہیں اوراس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رپورٹ کا انتظار ہے،قائم علی شاہ نے سرکٹ ہاؤس میں مختصر قیام کیااورواپسی کی راہ لی۔

  • پنجاب میں مسلسل بارشوں سے تباہی، دریا بپھر گئے

    پنجاب میں مسلسل بارشوں سے تباہی، دریا بپھر گئے

    لاہور: پنجاب میں دریا بپھر گئے، بارشوں نے تباہی مچائی تو دریاؤں نے بھی ابلنا شروع کردیا ہے، ایک جانب جہلم میں سیلابی ریلا داخل ہوگیا تو دوسری جانب چناب کے بھی چار بند ٹوٹنے سےکئی دیہات زیرِآب آگئے جبکہ بھارت نے بھی دریائے جہلم میں بغیر اطلاع پانی چھوڑ دیا ہے۔

    پنجاب میں ہونیوالی حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے، شدید بارشوں کے نتیجے میں دریا بھی ابل پڑے ہیں، پنجاب میں کئی مقامات پر منہ زور لہروں نے بند توڑ دیئے ،جس کے باعث متعدد علاقے زیرِ آب آگئے ، چارلاکھ کیوسک کا ریلا پنڈ دادن خان کی طرف بڑھنے لگا ہیں، جس کے باعث شہر ڈوبنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    خوشاب کے مقام پر بھی دریائے جہلم میں ایک لاکھ کیو سک کی گنجائش باقی رہ گئی ہے جبکہ آج پانچ لاکھ کیو سک کا ریلہ گزرنے کا خدشہ ہے، ممکنہ خدشات کے پیش نظر دریا کنارے آباد لوگوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔

    موسلادھار بارش سے دریائے چناب بھی بپھر گیا ہے، حفاظتی بند چار مقامات سے ٹوٹ گیا، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے، سیالکوٹ شہر کا بڑا حصہ زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، پسرور میں نالہ ڈیک میں شگاف پڑنے سے پچاس سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے ۔

    مظفر گڑھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ڈی سی او نے دریا چناب کی ملحقہ آبادیوں میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، دوسری جانب دریائے ستلج بھی بپھرنے لگا، پاکپتن کے مقام پر دریائے ستلج میں سیلاب کی وراننگ جاری کرتے ہوئے دریا کنارے آباد لوگوں کو نقل مکانی کا حکم دے دیا گیا ہے۔

    منڈی بہاؤالدین کے قریب نہر اپر جہلم کا بند ٹوٹنے سے کئی دیہات زیرِآب آ گئے ہیں، نہر میں منگلا سے پانی بند کردیا گیا اور منگلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیئے گئے، منگلا ڈیم میں پانی سطح کی بارہ سو چالیس فٹ سے تجاوز کر گئی، منگلا ڈیم سے اڑھائی لاکھ کیوسک پانی دریائے جہلم چھوڑا گیا۔ منگلا ڈیم میں پانی کی آمد پانچ لاکھ چہھتر ہزار کیوسک اور اخراج تین لاکھ چہھتر ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • سیلاب کے تھم جانےکے بعد دھرنوں کا دوبارہ آغازکیا جائے،الطاف حسین

    سیلاب کے تھم جانےکے بعد دھرنوں کا دوبارہ آغازکیا جائے،الطاف حسین

    کراچی :ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے پنجاب میں طوفانی بارشوں،سیلاب اور قدرتی آفات کے باعث انقلاب اور آزادی مارچ کےدھرنےکو فی الفورملتوی کرنے کی درد مندانہ اپیل کردی۔

    اپنےایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں اورشدید ترین سیلابی ریلوں کے باعث ملک قدرتی آفات کا شکار ہے بارشوں سےکمزورمکانات سیلابی ریلوں میں ریت کی طرح بہہ رہے ہیں۔

    الطاف حسین نے اپیل کی ہےکہ تمام تراختلافات کو بالائےطاق رکھ کر سب یکجاہوجائیں اورامدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں،انہوں نے کہا کہ بارشیں اور سیلابی ریلوں کے تھم جانےکے بعد احتجاجی دھرنوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے۔

    الطاف حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سمیت تمام جماعتیں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے متحد ہوکر جہدوجہد کریں۔

    ایم کیوایم کے قائد کا کہنا ہے کہ حکومت گرفتار کئے جانے والے مظاہرین کو رہا کرےاور دیگر امور سےتوجہ ہٹا کر سیلاب زدگان اورانسانی جانوں کےتحفظ پرمرکوز کرے،الطاف حسین نے کہا کہ پاک افواج کے افسران اور جوان سیلاب زدگان کی ہرممکنہ مدد کررہے ہیں۔

  • ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    ملک ریاض کا سیلاب متاثرین کےلئے پچاس کروڑکی امداد کا اعلان

    لاہور: چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے پنجاب میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے پچاس کروڑ کی امداد کااعلان کردیا ہے۔

    اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ملک ریاض کاکہناتھا کہ،’’حکومت کے علاوہ یہ ہم سب کی ذمہ د اری ہے کہ اس مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کی مدد کے لئے آگے آئیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لئے انہوں خوراک اور طبی سہولیات پہنچائیں جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی قحط سے متاثرہ علاقے تھر پارکر میں امدادی سرگرمیاں سرِانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر گھرانوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آگے آئیں،

    اس سے قبل بھی ملک ریاض تھر کے متاثرین کے لئے بیس کروڑ کی امداد فراہم کرچکے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیرِاعظم نواز شریف نے بھی سیلاب سے نمٹنے کے لئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں ان کو امدادی کاموں سمیت اب تک کی تمام صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔

  • آزادکشمیر: شدید بارشوں سے تیس افراد جاں بحق، چالیس زخمی

    آزادکشمیر: شدید بارشوں سے تیس افراد جاں بحق، چالیس زخمی

    آزاد کشمیر: ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، جس میں تیس افراد افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

    جنت نظیر وادی آزاد کشمیر بھی طوفانی بارشوں کی لپیٹ میں آگئی ہے، آزاد کشمیر میں بارش کے باعث حادثات میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہیں، تیز بارشوں سےدریائے جہلم اور دریائے پونچھ میں طغیانی کے بعد اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے، سیلابی ریلے سے پچیس مکانات تباہ ہوگئے۔

    دریاؤں میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر آزاد کشمیر کے تمام ریسکیو اداروں میں ہائی الرٹ جاری ہے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی نیلم اور لیپا کا زمینی راستہ منقطع ہوچکا ہے، سیلابی ریلے سےپچیس مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

  • راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرگئی

    راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کرگئی

    راولپنڈی:راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کی انتہائی حد سے تجاوز کرگئی ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جاری موسلا دھار بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے جبکہ ڈیموں میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے جب کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کو عبورکرگئی ہے۔

    راول ڈیم میں پانی کی سطح کو اعتدال میں لانے کے لئےایک گھنٹے بعد ڈیم کے اسپل ویز کھول دئے جائیں گے، متعلقہ اداروں کی جانب سے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں رہنے والےشہریوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ ایک گھنٹے کے اندرمحفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

    مھکمہ ِ موسمیات کے مطابق آج دریائے چناب سے چارلاکھ کیوبک فٹ پانی کا ریلہ گزرے گا جس سے متعدد علاقوں میں سیلابی صورت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے موجودہ صورتھال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے ہونے والی ہلاکتیں متعلقہ اداروں کی نا اہلی کا نتیجہ ہیں۔