Tag: Flooded Areas

  • سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ بے قابو

    سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلاؤ بے قابو

    سندھ / پشاور: ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں مختلف بیماریوں کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ، پختونخواہ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤ کی شدت برقرار ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے 58 ہزار 616 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وبائی امراض کے بیشتر کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے۔

    مجموعی طور پر پختونخواہ میں 58 ہزار 883، سندھ میں 47 ہزار 32، بلوچستان میں 5 ہزار 591 اور پنجاب میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں جلدی بیماریوں کے 10 ہزار 621، سانس کی بیماریوں کے 10 ہزار 591، ڈائریا کے 8 ہزار 264، ملیریا کے 4 ہزار 713 اور ڈینگی کے 3 ہزار 788 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    علاوہ ازیں امراض چشم کے 447، ٹائیفائڈ کے 152 اور ہیپاٹائٹس کے 28 کیسز رپورٹ ہوئے۔

  • سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنے ہیلتھ کیمپ لگائے گئے؟

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنے ہیلتھ کیمپ لگائے گئے؟

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں درجنوں ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں جن میں ہزاروں افراد کو طبی امداد دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں، خیبر پختونخواہ، سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں 47 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے ہیں۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سندھ کے 10 اضلاع میں 13 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے، خیبر پختونخواہ کے 8 اضلاع میں 16، بلوچستان کے 7 اضلاع میں 14 اور پنجاب کے 2 اضلاع میں 4 ہیلتھ کیمپس لگائے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیپمس میں مجموعی طور پر 5 ہزار 574 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

    وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کیمپس میں 5 سال سے کم عمر 1 ہزار 84 بچوں کو طبی امداد دی گئی، 625 بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے دیے گئے اور 262 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔

  • سیلاب متاثرہ علاقوں میں امارات کی طلبا کے لیے امداد، اسکول بیگ تقسیم

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں امارات کی طلبا کے لیے امداد، اسکول بیگ تقسیم

    ابو ظہبی: شمالی افریقی ملک سوڈان میں سیلاب سے متاثر علاقوں میں متحدہ عرب امارت کی جانب سے اسکول بیگ اور دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے خیراتی اداروں نے سوڈان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طلبا میں اسکول بیگ اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا ہے۔

    سوڈان میں گذشتہ دنوں آنے والے سیلاب کے باعث ایک تہائی اسکولوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث پڑھائی کے نظام پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔

    سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے قریبی شہر ام درمان میں 18 ستمبر کو نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل طلبا کو اسکول بیگ اور کلاس میں استعمال کے لیے دیگر اسٹیشنری بروقت فراہم کی گئی ہے۔

    یہ تقسیم 6 ملین ڈالر کی امدادی مہم کا حصہ تھی جسے متحدہ عرب امارات نے سیلاب متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے شروع کیا ہے، امارات کی جانب سے سوڈان کو فراہم کیے گئے دیگر امدادی سامان کے ساتھ یہ تقسیم 6 ملین ڈالر امداد کی مہم کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث سوڈان میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں، اس کے علاوہ 2 لاکھ 78 ہزار 500 افراد متاثر ہونے کی رپورٹ دی گئی ہے۔

    سوڈان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے بڑی مقدار میں امداد پہنچانے کے لیے فضائی پل قائم کیا ہے۔

  • سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنی ادویات پہنچائی گئیں؟

    سیلاب متاثرہ علاقوں میں کتنی ادویات پہنچائی گئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثر اضلاع میں 60 سے زائد اقسام کی کروڑوں ادویات پہنچائی گئیں، فراہم کردہ ادویات کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جون سے 5 ستمبر تک سیلاب سے متاثرہ اضلاع کو فراہم کردہ ادویات کےاعداد و شمار جاری کردیے گئے، 4 اضلاع میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے 69 مختلف ادویات فراہم کی گئیں۔

    راجن پور ضلع کے ایک ڈی ایچ کیو، 2 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 7 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 32 بنیادی مراکز صحت میں ادویات فراہم کی گئیں۔

    وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا ہے کہ راجن پور میں 5 کروڑ 91 لاکھ 66 ہزار ادویات پہنچائی گئی ہیں۔

    ضلع لیہ کے ایک ڈی ایچ کیو، 6 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 6 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں 6 کروڑ 9 لاکھ ادویات فراہم کی گئیں، ڈیرہ غازی خان کے 2 ٹی ایچ کیو اسپتالوں، 9 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 53 بنیادی مراکز صحت میں 4 کروڑ 2 لاکھ ادویات دستیاب کی گئیں۔

    ضلع مظفر گڑھ کے 1 ڈی ایچ کیو، 4 ٹی ایچ کیو، 14 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 71 بنیادی مراکز صحت میں 6 کروڑ 81 لاکھ ادویات پہنچائی گئیں۔

    ڈاکٹر اختر ملک کا مزید کہنا تھا کہ فراہم شدہ ادویات میں ٹائیفائڈ، ملیریا، ہیضہ، پیچش اور گلے کی خرابی کی ادویات موجود ہیں جبکہ کتے کے کاٹے اور سانپ کے کاٹے سے بچاؤ کی ویکسین بھی شامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ادویات کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہے۔