Tag: floods 2025

  • پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کی تازہ رپورٹ جاری کردی

    پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کی تازہ رپورٹ جاری کردی

    لاہور: پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے تازہ رپورٹ جاری کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے چناب، راوی اور ستلج دریا کے مختلف مقامات پر پانی کے بہاؤ کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

    دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر 1 لاکھ 61 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، چناب میں خانکی کے مقام پر 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، ہیڈ قادر آباد میں 1 لاکھ 60 ہزار، چنیوٹ پل پر 4 لاکھ 18 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    یہ پڑھیں: وہاڑی کی 133 بستیوں میں ایمرجنسی نافذ

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریواز پل پر خطرناک حد 526 فٹ ہے، پانی 523.6 فٹ تک پہنچ چکا ہے، تریموں کے مقام پر 1 لاکھ 45 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، جسڑ پر 91 ہزار، راوی سائفن پر 1 لاکھ 14 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    علاوہ ازیں بلوکی کے مقام پر 2 لاکھ 23 ہزار، سدھنائی کے مقام پر 3 لاکھ 47 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے، گنڈا سنگھ پر 2 لاکھ 53 ہزار، سلیمانکی پر 1 لاکھ 54 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔

    صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ہیڈ اسلام پر پانی کی آمد 63 ہزار 262 اور اخراج 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے، اور بتایا کہ ضلع بھر میں سیلاب سے مجموعی طور پر 49 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

  • سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    سیلاب سے بچنے کی کوشش، ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا

    جھنگ: سیلاب سے بچنے کی کوشش کے لیے ریلوے لائن کو تین مقامات پر دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن کے تین سیکشنز کو دھماکا خیز مواد سے توڑا گیا ہے، بلاسٹنگ ٹیم نے تینوں سیکشنز کو کامیابی سے توڑ کر سیلاب کے لیے راستہ بنایا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ جھنگ پل سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلے کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔

    اس سے پہلے جھنگ پل سے گزرنے والا سیلاب 4 لاکھ 96 ہزار کیوسک تھا، سیلاب کا رخ موڑنے سے 30 دیہات کی آبادی کو محفوظ کرلیا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: پنجاب میں تباہی مچاتے سیلابی ریلے سندھ کی جانب بڑھنے لگے ، ایمرجنسی نافذ

    علاوہ ازیں جھنگ شہر کو بچانے کے لیے دریائے چناب کا بند توڑ دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز دریائے چناب میں ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ قادر آباد کا حفاظتی بند توڑ دیا تھا۔

    بارودی سرنگ بچھا کر رائٹ ڈاؤن اسٹریم بند میں شگاف ڈالا گیا تھا۔پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں بند توڑا گیا تھا۔

    انتظامیہ کےمطابق بیراج کو بچانے کے لیےحفاظتی بند توڑا گیا،دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر سیلاب انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ گیا، پانی کی آمد 9 لاکھ35 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے، ہیڈ ورکس کی موجودہ صلاحیت صرف 8 لاکھ کیوسک ہے۔