Tag: florida

  • ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    ہر سیریز ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں، سلمان علی آغا

    قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد یہی ہے کہ ورلڈکپ کیسے جیتنا ہے، دبئی کی کنڈیشنز کافی مختلف ہیں، ان کنڈیشنز کے بعد جب دبئی جانا ہوگا تو ہمیں اس کا کافی فائدہ ہوگا۔

    سلمان علی آغا کا امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جتنی بھی سیریز کھیلی ہیں یا آگے کھیلنی ہیں وہ تمام ورلڈکپ کو مد نظر رکھ کر کھیل رہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف ہوم اور اوے سیریز، ابھی ویسٹ انڈیز پھر ٹرائی نیشن اور ایشیاء کپ یہ تمام سیریز ورلڈ کپ کو دیکھ کر کھیل رہے ہیں۔

    کپتان نے کہا کہ اس سیریز میں صائم ایوب اچھی بولنگ کر رہا تھا، دوسری طرف پریشر بڑھانے کے لیے صفیان مقیم سے بھی بولنگ کروانی تھی، آگے آپ مجھے بولنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

    اُنہوں نے کہا کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ پہلے 2 میچز سے آج کی پچ بہتر تھی، ہم نے سوچا تھا کہ اگر 160 یا 170 کرتے ہیں تو ڈیفینڈ کر لیں گے، جس طرح سے اوپنرز نے آغاز دیا اور ایسا اسٹارٹ ملے تو آپ 180 یا 190 کر لیتے ہیں، اندازہ تھا کہ پاور پلے میں جب گیند پرانا ہوگا تو جتنا بھی اچھا پچ ہو گیند گرپ ضرور کرے گا اور وہی ہوا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی، امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈر ہل میں کھیلے گئے میچ میں 190 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ 13 رنز سے جیت لیا۔

    فخر زمان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، دورہ ویسٹ انڈیز سے باہر

    پاکستان کی جانب سے حسن علی، حارث رؤف، صائم ایوب، سفیان مقیم اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، قومی ٹیم نے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز اسکور کیے۔

    صاحبزادہ فرحان 74 اور صائم ایوب 66 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 11 اور فہیم اشرف 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

  • پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد

    پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد

    فلوریڈا کے گورنر نے بھی پینے کے پانی میں فلورائیڈ کے استعمال پر پابندی عائد کردی، اس سے قبل امریکی ریاست یوٹاہ میں بھی یہی پابندی لگائی گئی تھی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز فلوریڈا کے ریپبلکن گورنر رون ڈی سینٹِس نے ایک قانون پر دستخط کیے جس کے تحت پینے کے پانی میں فلورائیڈ یا کوئی اور اضافی مادہ شامل کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اس طرح فلوریڈا، یوٹاہ کے بعد ایسی پابندی لگانے والی دوسری ریاست بن گیا ہے۔

    یہ قانون ریاستی قانون سازوں نے گزشتہ ماہ منظور کیا تھا حالانکہ عوامی صحت کے ماہرین اور طبی ماہرین نے اس پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے بچوں میں دانتوں کی خرابی اور کیویٹیز (سوراخ) کی شرح بڑھے گی۔

    Florida

     

    رپورٹ کے مطابق اس نئے اقدام کے تحت پانی صاف کرنے کیلئے صرف وہ اشیاء استعمال کی جاسکتی ہیں جن کے انسانی صحت پر مضر اثرات نہ پڑیں اس لیے فلورائیڈ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    ریاستی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، فی الحال 70 فیصد سے زیادہ شہری وہ پینے کا پانی استعمال کرتے ہیں جس میں بھاری مقدار میں فلورائیڈ ملایا جاتا ہے۔

    اس موقع پر ریپبلکن پارٹی کے رکن ڈی سینٹیس نے کہا کہ اپنے دانتوں کیلئے فلورائیڈ کا استعمال کریں، یہ ٹھیک ہے لیکن اسے پانی کی فراہمی میں شامل کرنا بالکل ایسا ہی ہے کہ لوگوں کو زبردستی دوا پلائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ اقدام فلوریڈا کے سرجن جنرل ڈاکٹر جوزف لاڈاپو کی طرف سے نومبر میں جاری کردہ رہنمائی کے مطابق ہے جنہوں نے مبینہ طور پر صحت کے ممکنہ خدشات کی وجہ سے کمیونٹی کے پانی کی سپلائی سے فلورائیڈ بند کرنے کامشورہ دیا تھا۔

    واضح رہے کہ فلورائیڈ قدرتی طور پر پایا جانے والا معدنیات ہے، کئی دہائیوں سے صحت کے حکام، بشمول یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن منہ کی بیماریوں کو روکنے میں مدد کیلئے پینے کے پانی میں اس کے کنٹرول شدہ استعمال کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

  • بے ہوش مالک کی بے قابو گھومتی کشتی خوفناک حادثے سے کیسے بچی؟ ویڈیو وائرل

    بے ہوش مالک کی بے قابو گھومتی کشتی خوفناک حادثے سے کیسے بچی؟ ویڈیو وائرل

    امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے لوگوں کو حیران کر دیا، ایک شخص کشتی چلاتے ہوئے اچانک بے ہوش ہو گیا تھا، اور اس کی کشتی جھیل کے پانی میں گول گول چکر کاٹنے لگی تھی اور مہلک حادثے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

    ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا کہ امریکی ریاست فلوریڈا میں کشتی چلانے والا ایک شخص بے ہوش ہو گیا تھا، اور اس کی کشتی بے قابو ہو گئی تھی، تاہم ریسکیو ٹیم نے کشتی کو کنٹرول کر کے ساحل تک پہنچایا۔

    ویڈیو میں متاثرہ شخص کو کشتی کے فرش پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس دوران کشتی مسلسل چکر کاٹتی رہی، پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شوگر لیول کم ہونے سے کشتی چلانے والا شخص بے ہوش ہو گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو فلوریڈا کی جھیل ڈیاس میں پیش آیا، ولوزیا کاؤنٹی کی پولیس اور فائر ریسکیو نے بے ہوش شخص کو بچایا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو عملے کی بوٹ نے بے قابو کشتی کے ساتھ ساتھ چکر کاٹنا شروع کیے، اہلکار موقع ڈھونڈ رہا تھا کہ وہ کشتی پر چھلانگ لگا سکے۔

    ویڈیو: منہ سے ٹیبل ٹینس کھیلنے کا عالمی ریکارڈ بن گیا

    کئی چکر کاٹنے کے بعد آخر کار ریسکیو اہلکار عین اس موقع پر کشتی میں کودنے میں کامیاب ہوا جب بے قابو کشتی چکر کاٹتے جھیل کے کنارے پر موجود کٹے درخت سے ٹکرانے والی تھی۔

    بے ہوش شخص کو کشتی سے نکالنے کے بعد ساحل پر لے جا کر طبی امداد دی گئی۔

  • امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ

    فلوریڈا : ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جلسے کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تاہم سابق صدر زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیویارک پوسٹ نے قانون نافذ کرنے والے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلوریڈا گولف کلب کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ کے گالف کلب کےقریب ہوئی، ٹرمپ کلب سے واپس جارہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ فائرنگ کے بعد مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں سال 13 جولائی کو پنسلوانیا میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

  • تربوز کے کھیت میں کام کرنے والوں کی بس کو ٹرک نے ٹکر مار دی، 8 ہلاک

    تربوز کے کھیت میں کام کرنے والوں کی بس کو ٹرک نے ٹکر مار دی، 8 ہلاک

    فلوریڈا: میکسیکو کے شہری فلوریڈا کے تربوز کے ایک فارم پر کام کے لیے جا رہے تھے کہ ایک پک اپ نے ان کی بس کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو امریکی ریاست فلوریڈا میں بس اور ٹرک میں خوف ناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے، ہلاکتیں بس الٹنے کے نتیجے میں ہوئیں۔

    فلوریڈا ہائی وے حکام کے مطابق تربوز کے ایک فارم پر کام کرنے والے مزدوروں کو لے جانے والی بس کو فورڈ رینجر ٹرک نے ٹکر مار دی تھی جس کی وجہ سے یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ 8 دیگر زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق 53 مزدوروں کو لے جانے والی بس ریاستی روٹ 40 پر مغرب کی طرف سفر کر رہی تھی، اسی سڑک پر ایک فورڈ رینجر مخالف سمت میں جا رہا تھا، کہ اچانک وہ مغرب کی طرف جانے والی لین میں گھس گیا، دونوں گاڑیوں کی سائیڈز ایک دوسرے سے رگڑ کھاتے ہوئے ٹکرائیں، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک کی باڑ ٹکرائی اور پھر دو درختوں سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    پولیس نے ٹرک کے ڈرائیور کو اسپتال سے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی معطل شدہ لائسنس کے ساتھ ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار ہو چکا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈرائیور 41 سالہ برائن میکلین ہاورڈ کو منگل کی صبح کے حادثے کے لیے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ اور متعدد قتل کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا کرنا ہوگا۔

  • ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    ویڈیو: طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والا حادثہ

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک ہائی وے پر طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گاڑی سے ٹکرا گیا، دل دہلا دینے والے حادثے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے حکام نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر فلوریڈا کی ایک شاہراہ پر اس وقت ایک چھوٹا مسافر طیارہ کریش لینڈنگ کے وقت گاڑی سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا جب اس کے دونوں انجن فیل ہو گئے تھے، اور پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔

    اس ہولناک حادثے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں، گاڑی سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، خوف ناک شعلے اور دھواں فضا میں میلوں دور تک دیکھا گیا، حکام کے مطابق نجی مسافر بردار طیارے میں 5 افراد سوار تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے سروں پر نیچے کی طرف آتے ہوئے طیارے کو دیکھا، سڑک پر اترنے کے بعد اس کی زد میں ایک کار آئی، جسے گھسیٹتے ہوئے طیارہ سائیڈ کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس کے باعث ایک دھماکے سے اس میں آگ بھڑک اٹھی، اور کچھ ہی دیر بعد اس میں زبردست دھماکا ہو گیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق طیارے کی شناخت بمبارڈیئر چینلجر 600 جیٹ کے طور پر کی ہے، طیارے نے کولمبس، اوہائیو میں واقع اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ہوائی اڈے سے دوپہر ایک بجے کے قریب اڑان بھری تھی۔ نیپلز ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق حادثے کے وقت طیارے نے نیپلز میں لینڈ کرنا تھا۔ ایک پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کرتے ہوئے ٹاور سے رابطہ کیا اور کہا کہ ان کے دونوں انجن ناکارہ ہو گئے ہیں۔

    کال ٹیپ کے حوالے سے میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پائلٹ کو رن وے پر اترنے کی اجازت دے دی گئی تھی، لیکن پھر پائلٹ نے کہا کہ وہ رن وے تک نہیں پہنچ سکتے کیوں کہ دونوں انجن فیل ہو چکے ہیں۔

  • ہیلی کاپٹر فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    ہیلی کاپٹر فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں ریسکیو ہیلی کاپٹر عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو فلوریڈا کے علاقے پومپانو بیچ پر ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد فضا میں گول چکر کاٹتا ہوا عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر بروورڈ کاؤنٹی شیرف آفس کا تھا، اور حادثہ فنی خرابی کے سبب پیش آیا، ہلاک ہونے والوں میں طبی عملے کا رکن کیپٹن ٹیریسن جیکسن اور گھر میں موجود خاتون شامل ہیں۔

    حکام نے حادثے میں ہلاک ہونے والے پیرامیڈک کیپٹن ٹیریسن کو بعد از مرگ بٹالین چیف کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں تین افراد سوار تھے۔

  • امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان اڈیلیا کی زد پر

    امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان اڈیلیا کی زد پر

    فلوریڈا: تباہ کن سمندری طوفان اڈیلیا امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھنے لگا ہے، اور کیٹیگری تھری یا پھر اس سے زیادہ طاقت کے ساتھ اس کے لینڈ کرنے کا امکان ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا طاقت ور سمندری طوفان کی زد پر ہے، فلوریڈا کے گورنر نے طوفانی بارشوں سے خبردار کر دیا، امریکی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹوں میں طوفان فلوریڈا سے ٹکرا جائے گا۔

    سمندری طوفان اڈیلیا فلوریڈا سے پہلے کیوبا سے ٹکرا گیا ہے، جہاں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی مچ گئی ہے، اور کاروبارِ زندگی معطل ہو گیا ہے، طوفان کی وجہ سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    فلوریڈا میں 6 کاؤنٹیز کے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی گئی، طوفان اڈیلیا کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار 100 کلو میٹر فی گھنٹہ جب کہ لہروں کی بلندی 11 فٹ سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

    رہائشیوں نے طوفان سے نمٹنے کی تیاری کر لی، یوٹیلیٹی اسٹورز خالی ہو گئے اور گھروں میں کھانے پینے کی اشیا ذخیرہ کر لی گئی ہیں۔

  • لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی کی لاش نہر سے برآمد

    لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی کی لاش نہر سے برآمد

    فلوریڈا : چار سالہ بچی ایولین گیر کی لاش گزشتہ روز فلوریڈا کے علاقے پورٹ شارلٹ میں گھر کے قریب ایک نہر کے کنارے سے ملی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جنوب مغربی فلوریڈا سے لاپتہ ہونے والی چار سالہ بچی کی لاش آج صبح فلوریڈا کے تفریحی علاقے پورٹ شارلٹ کاؤنٹی کی نہر سے ملی ہے، جہاں اس بچی کا خاندان گزشتہ سال ستمبر میں آنے والے سمندری طوفان ایان کے باعث بےگھر ہونے کی وجہ سے ایک گھر میں رہائش پذیر تھا۔

    شارلٹ کاؤنٹی شیرف کے مطابق ایولین گیئر نامی بچی کی والدہ دوپہر ایک بجے کے قریب سو کر اٹھیں تو انہیں احساس ہوا کہ ان کی چھوٹی بچی گھر میں موجود نہیں اور ان کے گھر کا مرکزی دروازہ بھی کھلا ہے جس پر انہوں نے مدد کیلئے پولیس ایمرجنسی لائن پر کال کی۔

    بچی کی لاش

    اس حوالے سے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بچی کھیلتے ہوئے گھر سے باہر نکلی اور جمعہ کی صبح اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تھی۔

    بعد ازاں بچی کی لاش فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کے اہلکاروں کو ملی جو جمعے کی صبح تقریباً سوا سات بجے کشتی کے ذریعے بچی کو تلاش کر رہے تھے۔

    متعلقہ حکام نے بچی کی موت کی وجوہات سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی ہیں تاہم جائے وقوعہ پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    طلبا سے ان کی موت سے متعلق لکھوانے پر امریکی استاد برطرف

    امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں ہولناک اضافہ ہوگیا ہے جس کے اثرات تعلیمی نصاب میں بھی در آئے، ایک امریکی استاد کو تعزیت اور فائرنگ سے متعلق اسائنمنٹ دینے پر اسکول کی جانب سے برطرف کردیا گیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں ہائی اسکول کے طالب علموں سے موت کا تعزیت نامہ لکھوانے اور ملک میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق اسائمنٹ دینے پر ٹیچر کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔

    فلوریڈا کے شہر میامی کے اورنج کاؤنٹی اسکول ڈسٹرکٹ نے بیان میں کہا ہے کہ ٹیچر نے تشدد سے متعلق نامناسب اسائنمنٹ دیا تھا جس کی وجہ سے انہیں اسکول سے برطرف کردیا گیا ہے۔

    برطرف ہونے والے اسکول کے سینئر استاد جیفری کینی نے فیس بک پر اسائنمنٹ کی کاپی شیئر کی جس میں طلبہ سے سوال کیا گیا کہ تصور کریں کہ آج آپ کا دنیا میں زندہ رہنے کا آخری دن ہے تو آپ موت سے متعلق کیا لکھیں گے؟

    اسائنمنٹ میں طلبہ سے مزید پوچھا گیا کہ سوچیں امریکا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے اور اس بات پر غور کریں کہ ایسے واقعات کم کرنے کے لیے ہم کس قسم کے اقدامات کر سکتے ہیں۔

    اسائنمنٹ کے آخر میں نوٹ لکھا گیا کہ یہ سوالات کرنے کا مقصد کسی کو پریشان کرنا نہیں ہے تاہم چند طلبہ نے اسکول کاؤنسلر سے شکایت کر دی۔

    63 سالہ استاد نے وضاحت دیتے ہوئے فاکس نیوز کو بتایا کہ ان سوالات کا مقصد طلبہ کو یہ بتانا تھا کہ دنیا میں کیا اہم ہے، اگر آپ طلبہ کو حقیقت نہیں بتا سکتے اور ان سے حقیقی سوالات نہیں کر سکتے تو پھر ہمارے ماحول میں کیا ہو رہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسے سوالات کرکے کچھ غلط نہیں کیا، وہ برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی ریاست اورلینڈو میں سب سے زیادہ فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جون 2016 میں پلس نائٹ کلب میں 29 سالہ مسلح شخص نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    جبکہ 2018 میں میامی کے ایک اسکول میں فائرنگ کا بدترین واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 17 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔