Tag: florida

  • چوری شدہ پستول نے نوجوان کو دوست کا قاتل بنا دیا

    چوری شدہ پستول نے نوجوان کو دوست کا قاتل بنا دیا

    فلوریڈا : امریکا میں نوجوان نے چوری شدہ پستول سے اپنے دوست کو گولی مار دی، تین دوست فلیٹ میں ایک میوزک ویڈیو بنا رہے تھے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایک اندوہناک قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک نوجوان نے میوزک ویڈیو کی تیاری کے دوران اپنے دوست کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم جوناتھن بتستا اور برائن میریڈر دونوں کی عمریں18سال ہیں، یہ دونوں 22 اکتوبر کو اپنے تیسرے دوست کے ساتھ میوزک ویڈیو کی تیاری میں مصروف تھے۔

    پولیس کے مطابق اپارٹمنٹ میں یہ تینوں نوجوان میوزک ویڈیو بنارہے تھے جب شوٹنگ کے دوران جوناتھن بتستا نے غلطی سے اپنے دوست کو سینے میں گولی مار دی، ملزم کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    یہ اندوہناک واقعہ 22 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا، جوناتھن بتیسا اور اس کا18 سالہ دوست برائن میریڈور شمال مغربی میامی کے ایک کمپلیکس میں مقیم تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد جب پولیس اپارٹمنٹ پہنچی تو میریڈور کی لاش پڑی تھی جس نے گولی لگنے کے فوری بعد ہی دم توڑ دیا تھا۔

    پولیس نے تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ واقعے میں استعمال ہونے والی پستول ایک کار سے چوری کی گئی تھی، یہ پستول تیسرے دوست اٹھارہ سالہ آندرس اوٹائزا کے پاس تھی جس نے اپارٹمنٹ کرایہ پر لیا تھا، ملزم بتستا کیخلاف 20 نومبر کو مقدمہ درج کرلیا گیا جسے بعد میں عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا۔

  • فلوریڈا : تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، معذور شخص بال بال بچ گیا

    فلوریڈا : تیز رفتاری کے باعث خوفناک حادثہ، معذور شخص بال بال بچ گیا

    فلوریڈا : امریکہ میں ایک تیز رفتار پک اپ ٹرک دیوار سے ٹکرا کر سوئمنگ پول میں جا گرا، حادثہ معذور شخص کی گاڑی کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔

    امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ہائی وے پیٹرول پمپ کے قریب ایک حادثہ پیش آیا جس میں تیز رفتاری کے باعث پک اپ ٹرک دیوار سے ٹکرا کر ایک گھر کے سوئمنگ پول میں جاگرا۔

    پولیس کے مطابق 49سالہ شخص ٹرک چلا رہا تھا تاہم خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے، اس حوالے سے ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس نے ایک معذور شخص کی گاڑی بچانے کی کوشش کی جس کے باعث ٹرک قابو سے باہر ہوگیا۔

  • فلوریڈا : بد بخت بیٹے نے اورنج جوس نہ دینے پر ماں کو گولیوں سے بُھون دیا

    فلوریڈا : بد بخت بیٹے نے اورنج جوس نہ دینے پر ماں کو گولیوں سے بُھون دیا

    فلوریڈا : امریکہ میں بدبخت بیٹے نے معمولی باتوں میں تلخ کلامی پر اپنی والدہ کو گولیوں سے بھون دیا، ملزم نے خود کو بھی مارنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک بیٹے نے اپنی ماں کو محض اس بات پر فائرنگ کرکے مار دیا کہ اس نے اسے فریج سے جوس نکال کر پینے سے منع کردیا تھا۔

    امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 29 سالہ لوئس پیجر نے پولیس ہیلپ لائن911کو فون کیا اور بتایا کہ اس نے اپنی 59سالہ ماں مریم گونزالیز کو گولی مار کر قتل کردیا ہے مجھے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دو۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوئس پیبجر بے روزگار تھا اور روزانہ روزگار کی تلاش میں اپنی ماں کی کار لے جاتا تھا، وقوعہ والے روز اس نے ماں سے کار کی چابی مانگی جس کا اس کی ماں نے منع کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم نے فریج میں سے جوس نکال کر پینا چاہا جس پر اس کی ماں نے پھر اعتراض کیا، کچھ دیر بعد جب اس نے اپنی والدہ سے اے سی کا ریموٹ کنٹرول مانگا تو ماں نے پھر انکار کیا اور غصے میں اس کو چاقو دکھایا جس پر وہ مشتعل ہوگیا۔

    ملزم لوئس پیجر نے طیش میں آکر پستول نکال لی اور جنونی کیفیت میں اپنی ماں پر فائرنگ کرتا چلا گیا، اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مارنے کی کوشش کی لیکن پستول میں گولیاں ختم ہوچکی تھیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو چھ گولیاں لگیں اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا۔ پستول میں صرف چھ گولیوں کی گنجائش تھی جس کی وجہ سے وہ خودکشی نہ کرسکا اورپولیس کو کال کی۔

  • امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکی خاتون کی پڑوسی کے گھر میں داخل ہو کر بچہ اغوا کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک خاتون رات کے 2 بجے بچوں کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر پڑوسی کے بچے کو اغوا کرنے پہنچیں، پولیس نے خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    مذکورہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا جہاں 28 سالہ ہنا برن رات کے 2 بجے پڑوسی کے گھر پہنچیں۔

    گھر کے افراد کے مطابق ہنا ان کے گھر میں داخل ہوئی اور 9 ماہ کے بچے کو اس کی ماں کے ہاتھ سے چھیننے کی کوشش کرنے لگی۔ اس کھینچا تانی کے دوران بچے کے والدین نے پولیس کو طلب کرلیا۔

    پولیس کے پہنچنے پر ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ ہنا کچھ عرصہ قبل ان کے گھر میں بھی داخل ہو کر ایسی ہی حرکت کرچکی ہے۔ مذکورہ پڑوسی کے مطابق ہنا نے ان کے 1 سالہ پوتے کو اسی طرح اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس نے ہنا کا گھر چیک کیا تو وہاں بھی 2 بچے موجود تھے، ہنا سے ان کا رشتہ فی الحال معلوم نہیں ہوا۔

    تاحال ہنا کی اس کوشش کا مقصد معلوم نہیں ہوسکا، پولیس نے ہنا کو اغوا کی کوشش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔

  • امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا: بھرے ریستوران میں 47 سالہ شخص کی عجیب و غریب حرکت

    امریکا میں ایک شخص نے ریستوران میں ایک چھوٹے بچے کو ماسک اتارنے کا کہا اور نہایت قریب جا کر اس سے کہا کہ تم کرونا وائرس کا شکار ہوجاؤ گے، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں 47 سالہ جیسن کوپن ہیور نامی شخص کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جیسن ریستوران میں موجود ایک بچے کے پاس گیا اور اس سے فیس ماسک اتارنے کا کہا، جب بچے نے ماسک اتارا تو جیسن نے اس کا سر زور سے پکڑا اور اس کے منہ کے نہایت قریب جا کر کہا کہ اب تمہیں کوویڈ ہوجائے گا۔

    پولیس کے مطابق وہ بچے کے اتنا قریب تھا کہ اس کے لعاب کے چھینٹے بھی بچے کے چہرے پر پڑے۔

    ریستوران عملے کے مطابق جیسن نشے میں لگ رہا تھا، اس نے ریستوران کے ایک ملازم سے ہاتھا پائی بھی کی۔

    پولیس نے جیسن کو گرفتار کر کے اس پر نامناسب رویے کی دفعہ عائد کی، فی الحال اسے 650 ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی۔

  • کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    کرونا ریلیف فنڈ سے مہنگی اسپورٹس کار خریدنے والا امریکی شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے جاری کیے جانے والے قرض سے مہنگی اسپورٹس کار خرید لی، پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے رہائشی، 29 سالہ ڈیوڈ ہائنز نے وفاقی حکومت کی قرض اسکیم میں درخواست دی تھی۔

    یہ قرض اسکیم (پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون) وفاقی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے شروع کی گئی اور اس کا مقصد چھوٹے کاروباری افراد کو کم سود پر قرض فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے ملازمین اور زیر دست افراد یا اداروں کو تنخواہیں دے سکیں۔

    ڈیوڈ نے پے چیک پروٹیکشن پروگرام لون میں 13.5 ملین قرض کی درخواست کی تھی جس میں اس نے مختلف کمپنیز کے نام اپنی درخواست میں لکھے اور کہا کہ اسے ان کمپنیز کو ادائیگی کرنی ہے۔ ڈیوڈ کی درخواست کے بعد اسے 3.9 ملین (39 لاکھ) ڈالر کا قرض دیا گیا۔

    قرض کی ادائیگی کے کچھ ہی دن بعد ڈیوڈ نے اسپورٹس کار لمبورگنی کا جدید ماڈل خریدا جس کی مالیت 3 لاکھ 18 ہزار ڈالر تھی۔

    محکمہ انصاف کے مطابق ڈیوڈ کی درخواست میں بیان کی گئی ایک کمپنی نے شکایت درج کروائی کہ ڈیوڈ نے ان کی رقم انہیں ادا نہیں کی۔

    دوسری جانب ڈیوڈ نے اس رقم سے لمبورگنی کے علاوہ میامی کے مہنگے اسٹورز اور ریزورٹس سے خریداری کی، اس نے ڈیٹنگ سائٹس پر ہزاروں ڈالر خرچ کیے جبکہ مہنگے ملبوسات اور زیورات بھی خریدے۔

    علاوہ ازیں ڈیوڈ نے میامی کے پرتعیش ہوٹلوں میں قیام بھی کیا۔

    تمام انکشافات سامنے آنے کے بعد پولیس نے ڈیوڈ کو گرفتار کرلیا، ڈیوڈ پر بینک فراڈ کرنے، اپنی مالی حالت کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے اور رقم کے غیر قانونی استعمال کے الزمات عائد کیے گئے ہیں۔

    حکام نے ڈیوڈ کی اسپورٹس کار اور اس کے بینک اکاؤنٹ میں موجود 34 لاکھ ڈالر ضبط کرلیے ہیں۔

    پولیس کے مطابق ڈیوڈ اس سے قبل بھی پولیس کی گرفت میں آچکا ہے، جب اس نے اپنی پرانی لمبورگنی سے ایک شخص کو زخمی کیا اور فرار ہوگیا، اس وقت ڈیوڈ پر 1 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

  • فلوریڈا : انشورنس کے لئے والد کا قتل کرنے والی بیٹی

    فلوریڈا : انشورنس کے لئے والد کا قتل کرنے والی بیٹی

    ڈیلینڈ : فلوریڈا میں ایک عورت نے انشورنس کی رقم ہتھیانے کیلئے اپنے سوتیلے باپ کو اپنے دوست کے ذریعے قتل کروادیا، پولیس نے ڈیڑھ سال بعد قتل کا معمہ حل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا پولیس نے ڈیڑھ سال قبل ایک اندھے قتل کا معمہ حل کرکے قاتل اور اس کے ساتھی کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کی رہائشی خاتون نے اپنے سوتیلے والد کی انشورنس رقم ہتھیانے کے لیے انہیں قتل کروایا تھا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون نے مبینہ طور پر کسی کو اپنے سوتیلے باپ کو گولی مارنے کے لئے رقم کی ادائیگی کی تاکہ وہ انشورنس کمپنی سے سوتیلے والد کی رقم وصول کرسکے جو25،000 سے بڑھا کر 750،000 ڈالر کردی گئی تھی۔

    پولیس کے مطابق31جنوری2019 کو59سالہ ٹیرنس گبسن یوکلیڈ ایوینیو پر موجود تھا، اس وقت ایک نقاب پوش مسلح شخص نے اس پر حملہ کیا اور فائرنگ کرکے ٹیرنس گبسن کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور باآسانی فرار ہوگیا۔

    اس وقت بظاہر پولیس کو بھی یہ واقعہ اسٹریٹ کرائم یا رہزنی کا لگا لیکن مختلف زاویوں سے تفتیش کے بعد پولیس ڈیڑھ سال بعد اس نتیجے پر پہنچی کہ گبسن کو اس کی سوتیلی بیٹی میشا ولیمز نے اجرتی قاتل کے ذریعے مروایا تھا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق31سالہ میشا ولیمز پر پولیس نے قتل کا الزام عائد کیا ہے، تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ میشا ولیمز نے اپنے بوائے فرینڈ 43سالہ اپوپکا کے ذریعے واردات کروائی ہے پولیس نے اس کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔

  • 35سال بعد قاتل گرفتار

    35سال بعد قاتل گرفتار

    فلوریڈا : پولیس نے قتل کی واردات کے 35سال بعد قاتل کو گرفتار کرلیا، ملزم نے لاس اینجلس کے ایک موٹل میں 40سالہ شخص کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے ایک فرد پر35 سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل لاس اینجلس کے ایک موٹل کے اندر40 سالہ شخص کو گولی مار کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ موٹل میں ایک بچے کے سامنے بندوق کی نوک پر اس کی ماں سے زیادتی بھی کی تھی۔ لاس اینجلس کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق66 سالہ مینیئل فریگا مدن پر ایک خاص قتل کے الزام میں قتل، ڈکیتی، عصمت ریزی، چوری اور تشدد کے الزامات لگائے گئے تھے، وہ بغیر کسی پیرول کے جیل میں سزا بھگت رہا ہے۔

    فریگا مدن کو یکم مئی کو فلوریڈا میں ڈی این اے شواہد کے بعد اسے12 جولائی 1984 کو اس الزم کے تحت گرفتار کیا گیا۔ واقعہ کے مطابق واردات والے دن دو افراد زبردستی ایک موٹل کے کمرے میں داخل ہوئے اور بچے کے سامنے گن پوائنٹ پر 23 سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان نے جانے سے قبل جانی ولیمز نامی ایک شخص کو رقم اور منشیات فراہم نہ کرنے پر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرارہوگئے۔

    بعد ازاں جب یہ معاملہ کئی دہائیوں تک حل نہ ہوا تو لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے محکمہ سرد مقدمہ کے قتل کے یونٹ کے جاسوسوں نے تفتیش کا کام سنبھال لیا۔

    ڈی این اے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے موٹل بیڈنگ سے جمع کردہ غیر قانونی فرانزک شواہد کا تجزیہ کیا گیا، شیرف کے جاسوس جوزف پورکل نے میڈیا کو بتایاکہ حاصل ہونے والے ڈی این اے کا فریگا مدن کے ڈی این اے سے مماثلت ہے جو کیلیفورنیا اور فلوریڈا میں اس کی مجرمانہ ریکارڈ میں موجود ہے۔

    میامی ڈیڈ کاؤنٹی کی اصلاحات اور بحالی کے محکمہ کے قیدی ریکارڈز کے مطابق فریگا مدن اب بھی میامی میں زیر حراست ہے، سفاکانہ جرم میں ملوث دوسرے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور شیریف کا محکمہ ابھی بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

  • 9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک 9 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے زخمی کردیا، بچے کا ارادہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا تھا۔ پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔ 9 سالہ بچے پر اقدام قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ بچے نے اپنی 5 سال بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران وہ چیختا رہا، ’مرو، مرو‘۔

    بچے کا کہنا ہے کہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا خیال اچانک ہی اس کے دماغ میں آگیا اور وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے بارے میں سوچتا رہا۔ جج نے فوری طور پر بچے کا نفسیاتی چیک اپ اور ٹریٹمنٹ کروانے کی ہدایت کی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے بچے کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ عمارت میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی بہن اور ماں کے ساتھ رہتا ہے۔ ماں صرف 10 منٹ کے لیے کسی کام سے گھر سے باہر نکلی تھی۔ ماں کے جاتے ہی بچے نے کچن سے چھری اٹھائی اور اسے اپنے پیچھے چھپا کر بہن کے کمرے میں پہنچا۔

    بچے نے ننھی بہن کو گردن سے پکڑا اور اس پر چھریوں سے وار کرنا شروع کیے۔ اسی دوران ماں واپس آگئی اور اس نے چیختے ہوئے بچے کو روکا اور فوری طور پر پولیس کو کال کی۔

    ماں کے مداخلت کرتے ہی لڑکا وہاں سے بھاگ گیا اور چھپنے کی جگہیں ڈھونڈنے لگا۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال کا کہنا ہے کہ بچی کے جسم پر گہرے زخم ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے حراست میں لینے کے ایک دن بعد بچے کو مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا، فی الوقت بچہ حفاظتی بچہ جیل میں ہے۔ ملزم کی کم عمری کی وجہ سے اس کا نام اور تصویر جاری نہیں کی گئی۔

  • امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، ایک شہری زخمی

    امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، ایک شہری زخمی

    واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں شاپنگ مال میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے شہر بوکارٹن میں مقامی شاپنگ مال میں ہونے والی فائرنگ کے باعث ایک شخص زخمی ہوگیا تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زخمی شخص کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ بوکارٹن پولیس نے شہریوں کو ٹویٹ کے ذریعے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مال کے اطراف کسی بھی مشکوک سرگرمیوں سے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، جبکہ حملہ آور کی تلاش کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں، ممکن ہے جلد گرفتاری عمل میں آئے۔

    خیال رہے کہ امریکی کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گذشتہ روز امریکی ریاست نیویارک کے نجی سوشل کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    نیویارک، بروکلین کے نجی سوشل کلب میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ 6 اکتوبر کو امریکی ریاست کنساس کے بار میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے واقعے میں 7 افراد ہلاک اور سترہ ماہ کی بچی سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔