Tag: florida

  • امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    واشنگٹن : امریکی شہری نے بیوی کے ظلم سے بچنے کے لیے جیل جانا بہتر سمجھا اور پولیس کو مجبور کیا کہ وہ اسے گرفتار کرلے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا میں عجیب واقعہ پیش آیا جب ایک 70 سالہ بوڑھے شخص لیونارڈ اولسن نے بیوی کی قید سے پولیس کی قید میں جانے کو ترجیح دی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ ہفتے مذکورہ شخص کو گرفتار کیا تھا جو شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی کی کھلی چھت سے باہر نکل کر کرتب دکھا رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری کی مذکورہ حرکت کو شاہراہ پر چلنے والے متعدد افراد اپنے کیمروں میں قید کیا، واقعے کے عینی شاہدوں میں ایک پولیس افسر بھی موجود ہے جو اپنے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد اپنے گھر جارہے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن سے واقعے کے متعلق سوال کیا تو بزرگ شہری سے صحت جرم سے انکار کردیا تاہم بعدازاں ویڈیو شواہد کی موجودگی کا سن کر کہا کہ وہ ایسی حرکت اس لیے کررہا تھا کہ تاکہ اسے گھر نہ جانا پڑے۔

    اولسن نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی بیوی اس کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کرتی ہے کیوں کہ وہ گھر کی مالکن ہے، اسی لیے وہ بیوی کے گھر جانے سے جیل جانا زیادہ بہتر سمجھتا ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن کے بیانات قلم بند کرنے بعد 70 سالہ شہری کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے جرم میں جیل بھیج دیا۔

  • امریکا میں مسافر بردار طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ

    امریکا میں مسافر بردار طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ

    واشنگٹن : امریکہ میں ایک مسافر طیارہ پھسل کر دریا میں چلا گیا، حادثے کے دوران طیارے میں سوار 136 افراد محفوظ رہے تاہم 21 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بوئنگ 737 کمرشل پرواز امریکی ریاست فلوریڈا میں اس وقت رن وے سے پھسل کر دریا میں چلی گئی جب وہ 136 مسافروں کو گوانتانا موبے نیول اسٹیشن سے لیکر جیکسن ویل کے قریب دریائے سینٹ جانز کے کنارے واقع نیول ائر بیس پراتری تھی۔

    ایئر اسٹیشن کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ فلائٹ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 40 منٹ پر رن وے سے پھسل کر دریا میں چلی گئی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ جیکسن ویل کے مئیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پرواز میں موجود تمام افراد محفوظ ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیمیں پانی پر موجود فیول کو کنٹرول کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔

    جیکسن ویل کے شیرف آفس یعنی امن وامان قائم رکھنے والے دفترکی طرف سے بتایا گیا کہ طیارہ پانی میں ڈوبانہیں ہے اور طیارے میں سوار تمام مسافر زندہ ہیں، محفوظ ہیں۔

    جیکسن ویل میں امن و امان قائم رکھنے والے دفتر کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دو تصاویر بھی شئیر کی گئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میامی ایئر کے لوگوکے ساتھ طیارہ دریا میں کھڑا ہے اور مکمل محفوظ دکھائی دے رہا ہے۔

    میامی ائر انٹرنیشنل چارٹر ائر لائن ہے جو بوئنگ 800-737چلاتی ہے۔ بوئنگ کے ترجمان نے بتایا کہ وہ اس حادثے سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

    امریکا: مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار، 1 مسافر ہلاک، 7 زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ برس امریکی فضائی کمپنی کے مسافر بردار طیارے کی امریکی شہر فلاڈیلیفیا میں انجن پھٹنے کے باعث ہنگامی لینڈنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ایک مسافر خاتون ہلاک جبکہ سات مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

  • پالتو پرندے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی

    پالتو پرندے نے اپنے ہی مالک کی جان لے لی

    تالاہاسی: آپ نے شیر، ہاتھی، مگر مچھ یا پھر دیگر جانورں کو طیش میں آکر اپنے ہی مالک کو مار ڈالنے کے واقعات سنے ہوں گے، لیکن ہم آپ کو ایسے قتل کی خبر دینے جارہے ہیں جو کسی پرندے کے ہاتھوں ہوا۔

    جی ہاں، امریکی ریاست فلوریڈا میں کیسووری نے اپنے ہی مالک کو مار ڈالا، مارون نامی فارم ہاؤس کا مالک روز اس پرندے کی دیکھ بھال کرتا تھا لیکن اسے کیاخبر تھی کہ ایک دن یہی پالتو پرندہ اس کی جان لے لے گا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 75 برس ہے، کیسووری نے چونچ اور ٹانگوں سے حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کیا، فوری اطلاع ملتے ہی مارون کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    کیسووری کا شمار خطرناک پرندوں میں ہوتا ہے، جو کسی بھی وقت اپنے مالک یا پھر کسی بھی شخص پر حملہ کرسکتا ہے، اسی صورت حال کے پیش نظر جنگلی حیات کے ماہرین لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

    مذکورہ پرندہ دیکھنے میں شتر مرغ کی طرح لگتا ہے اور اس کا قد بھی تقریباً 4 سے 5 فٹ کے درمیان ہوتا ہے، یہ عموماً اپنے بچاؤ میں حملہ کرتا ہے اور حملے کے لیے اپنی ٹانگوں اور چونچ کا استعمال کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ کیسووری سات فٹ تک اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھنے سمیت تیز رفتاری سے بھاگنے میں بھی کسی سے کم نہیں، عمومی طور پر ان کا وزن 160 پاؤنڈ کے لگ بھگ ہوتا ہے۔

  • شہاب ثاقب گرنے کا منظر کیمرے کی آنکھ میں قید

    شہاب ثاقب گرنے کا منظر کیمرے کی آنکھ میں قید

    شہاب ثاقب کا گرنا بعض اوقات خوبصورت منظر بھی ہوسکتا ہے لیکن اگر یہ حجم میں بڑا ہو تو زمین کے لیے خوفناک بھی ثابت ہوسکتا ہے۔ امریکا میں ایسے ہی شہاب ثاقب کے گرنے کے منظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا گیا۔

    فلوریڈا کے شہر گنیز ویل میں رات 3 بجے دوران سفر ایک شہری کو روشنی کا گولہ گرتے ہوئے نظر آیا جسے اس نے اپنے کیمرے میں قید کرلیا۔

    بعد ازاں امریکی محکمہ موسمیات نے بھی شہاب ثاقب گرنے کی تصدیق کردی۔

    خیال رہے کہ خلا سے مختلف سیارچوں کا زمین کی طرف آنا معمول کی بات ہے۔ ہر روز خلا سے تقریباً 100 ٹن ریت اور مٹی زمین سے ٹکراتی ہے۔

    سال میں صرف ایک بار کسی کار کے جتنی جسامت رکھنے والا سیارچہ زمین کے قریب آتا ہے لیکن یہ زمین کی فضا میں داخل ہوتے ہی تباہ ہوجاتا ہے اور کبھی بھی زمین کی سطح سے نہیں ٹکراتا۔

    مزید پڑھیں: اگر کوئی سیارچہ زمین سے ٹکرا جائے تو کیا ہوگا؟

    خوش آئند بات یہ ہے کہ زمین سے اوپر اس کی فضا ایسی ہے جو سیارچوں کو زمین کی طرف آنے سے روک دیتی ہے اور فضا میں موجود گیسیں سیارچوں اور خلا سے آنے والے پتھروں کی تباہی کا سبب بن جاتی ہیں۔

  • فلوریڈا: بینک میں مسلح شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک

    فلوریڈا: بینک میں مسلح شخص کی فائرنگ، 5 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں مسلح شخص نے بینک میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے باعث پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا میں قائم ایک نجی بینک میں فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا، حملے میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ فلوریڈا کے شہر سیبرنگ کے نجی بینک میں پیش آیا۔

    فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بینک کا محاصرہ کرکے اکیس سالہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتا کرلیا، فائرنگ کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

    ’سن ٹرسٹ‘ نامی نجی بینک میں گھس کر فائرنگ کرنے والا 21 سالہ ‘زیپن زیور‘ کو گرفتار کرکے پولیس قانونی کارروائی کررہی ہے، جلد حملے کی وجوہات سامنے آجائیں گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسی واقعے سے متعلق جلد اہم پریس کانفرنس کی جائے گی جس میں مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

    عوام کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

    امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ، 2 افراد زخمی، حملہ آور ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں امریکی ریاست الاباما کے شاپنگ مال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے، جبکہ پولیس اہلکار نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ کئی ماہ سے پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، گذشتہ سال نومبر میں ہی ایک سفید فام امریکی شہری نے یہودی عبادت گاہ پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔

  • سمندری طوفان ’مائیکل‘ کی فلوریڈا میں تباہ کاریاں، 6 افراد ہلاک درجنوں زخمی

    سمندری طوفان ’مائیکل‘ کی فلوریڈا میں تباہ کاریاں، 6 افراد ہلاک درجنوں زخمی

    واشنگٹن : امریکی تاریخ کا بدترین سمندری طوفان ’مائیکل‘ نے فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی میں تباہی مچا دی، لاکھوں افراد بجلی سے محروم جبکہ درخت گرنے سے 6 افراد ہلاک درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خطرناک سمندری طوفان مائیکل امریکی ریاست فلوریڈا کے ساحلی شہر میامی سے ٹکرا گیا، مائیکل کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ طوفان کے باعث لاکھوں کی تعداد میں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر ریک اسکوٹ کا کہنا ہے کہ ’مائیکل‘ نامی سمندری طوفان نے ریاست میں ’وہ تباہی مچائی ہے جس کا تصور کرنا ممکن نہیں‘۔

    فلوریڈا کے گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مائیکل‘ نے ’بہت ساری زندگیوں کو ہمیشہ کےلیے تبدیل کردیا اور بہت کے خاندانوں نے اپنا سب کچھ گنواں دیا‘۔

    ریک اسکوٹ نے بتایا کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے دس منصوبوں پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جنہوں نے طوفان میں پھنسے 27 افراد کی زندگیاں بچائی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’مائیکل‘ اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تباہ و برباد کردیا، مائیکل کے باعث کروڑوں امریکی ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔

    فلوریڈا، الاباما، جورجیا اور شمالی کیرولینا میں ہنگامی حالات نافذ ہیں جبکہ سکول اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کیٹیگری 4 کے سمندر ی طوفان ’مائیکل‘ نے شہر میں ہر طرف تباہی مچادی، ہورکین کے باعث چلنے والی تیز ہواؤں سے درجنوں درخت اور کھمبے گرگئے جبکہ چھ  افراد درخت گرنے سے ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔

     

    مقامی میڈیا کے مطابق ہورکین کے نتیجے میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے گھروں کی چھتیں بھی اڑا دیں جبکہ شہر میں 2 لاکھ سے زائد گھر اور کاروباری مراکز کی بجلی معطل ہوگئی جبکہ شہر کا مواصلاتی نظام بھی تباہ ہوگیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ ہورکین نے امریکی ریاستوں فلوریڈا میں 2 لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے، اعلیٰ حکام کی جانب سے فلوریڈا سمیت الاباما اور جارجیا ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ہورکین ’مائیکل‘ انتہائی طاقت ور ہے جس کے باعث سمندر میں 14 فٹ لہریں بلند ہوسکتی ہیں۔ جو دیگر شہروں کی جانب بڑھ رہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومتوں نے 3 لاکھ 70 ہزار شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

    واضح رہے کہ ہورکین ’مائیکل‘ امریکی تاریخ کا بدترین طوفان ہے جو اب تک وسطی امریکا میں 13، ہنڈورس میں 6، نیکاراگوا میں 4 اور ایل سلواڈور میں تین افراد کی جان لے چکا ہے۔

    مائیکل امریکہ میں اب تک آنے والا تیسرا شدید ترین سمندری طوفان ہے۔ اس سے قبل سنہ 1969 میں کیمل نامی طوفان ریاست میسی سپی میں اور لیبر ڈے طوفان سنہ 1935 میں فلوریڈا میں ہی آیا تھا۔

    ہوریکین کی درجہ بندی

    اب ہم آتے ہیں ہورکین کی درجہ بندی کی طرف جس سے آپ کو علم ہوگا کہ کون سا درجہ کتنا شدید ہے۔

    درجہ 1: کیٹگری 1 کے ہورکین میں ہوا کی رفتار 119 سے 153 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ یاد رہے کہ جب ہوا کی رفتار 119 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر جائے تو یہ طوفان کہیں ٹائی فون اور

    کہیں ہورکین کا سبب بنتا ہے۔

    یہ کچھ حد تک نقصان پہنچاتا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سبب بنتا ہے۔

    درجہ 2: اس درجے میں ہوا کی رفتار 154 سے 177 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے اور یہ شدید نقصان کا سبب بنتا ہے۔


    مزید پڑھیں : مشرق سے مغرب تک تباہ کن سیلاب اور طوفان، یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے؟


    درجہ 3: ہوا کی رفتار 178 سے 208 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے جو پختہ تعمیر کیے گئے مکانات کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

    درجہ 4: ہوا کی رفتار 209 سے 251 کلومیٹر فی گھنٹہ جو زمین میں مضبوطی سے گڑے درختوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکتی ہے۔

    درجہ 5: ہوا کی رفتار 252 کلو میٹر فی گھنٹہ یا اس سے زائد، یہ طوفان کی شدید ترین قسم ہے جو عمارتوں کو تباہ کردیتی ہے اور اس کے آخر میں تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں بچتا۔

  • سمندری طوفان ’مائیکل‘ آج امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرائے گا

    سمندری طوفان ’مائیکل‘ آج امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرائے گا

    واشنگٹن : امریکی ریاست فلوریڈا سے خطرناک طوفان آج ٹکرائے گا، امریکی حکام نے ہوریکین مائیکل کے خطرے کے پیش نظر ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ ماقات پر منتقل ہونے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیرولینا کے بعد ریاست فلوریڈا کو بھی خوفناک سمندری طوفان نے گہرے میں لے لیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آگ فلوریڈا سے ٹکرانے والا سمندر طوفان ہوریکین مائیکل مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خطرناک سمندری طوفان ہوریکین مائیکل کے باعث ریاست میں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنا شروع ہوگئی اور طوفان کسی وقت شہر سے ٹکرا جائے گا۔

    امریکی حکام کی جانب سے شہریوں کو وارننگ جاری محفوظ مقامات پر منتقل ہونےکی ہدایات جاری کردی گئی جس کے بعد 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقام کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ سیلاب اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں وسطی امریکا میں 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    امریکی حکام نے خطرناک سمندری طوفان کے پیش نظر فلوریڈا میں جارجیا اور الاباما کی طرح ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں فلوریڈا سے ٹکرانے والا طوفان مائیکل کیٹیگری 4 میں تبدیل ہوگیا ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا کہ مائیکل کے باعث ریاست میں شدید تباہی اور انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی ریاست شمالی کیرولینا کے سمندر سے اٹھنے والے خطرناک طوفان ’فلورنس‘ امریکا کے مشرقی ساحل پر اپنی تباہ کاریوں کا آغاز کرتے ہوئے شیرخواربچے سمیت 14 افراد کو ہلاک کیا تھا۔ طوفان اور بارش کے باعث ہزاروں گھر اور گلیوں میں پانی بھر گیا تھا جبکہ متاثرہ علاقے کے شہری بجلی سے بھی محروم ہوگئے تھے۔

  • فلوریڈا میں فائرنگ، حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک، 11 زخمی

    فلوریڈا میں فائرنگ، حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک، 11 زخمی

    واشنگٹن: امریکی ریاست فلوریڈا میں ڈیوڈ کٹز نامی شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں ’میڈن این ایف ایل فٹبال‘ کے 2 کھلاڑی ہلاک اور 11 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ولی میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں 11 شہری زخمی ہوئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جیکسن ولی میں قائم لینڈنگ اینڈ انٹرٹینمنٹ کیمپلیکس میں ویڈیو گیم کے مقابلے جاری تھے کہ اسی دوران ڈیوڈ کٹز نامی حملہ آور نے فائرنگ کردی جس کے باعث متعدد افراد گولیوں کی زد آکر زخمی جبکہ 2 نوجوان ہلاک ہوگئے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ ایک بڑا واقعہ ہے تاہم حملہ آور نے ویڈیو گیم کھیلنے والوں پر گولیاں برسانے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی تھی۔


    مزید پڑھیں : فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک


    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے گیمرز کی شناخت 21 سالہ ایلی کلیٹن اور 27 سالہ ٹیلر رابرٹ سن کے نام ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والے دونوں افراد ’میڈن این ایف ایل امریکن فٹبال‘ ویڈیو گیم کے نامور کھلاڑی تھے۔

    فلوریڈا پولیس کا کہنا ہے ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ کرنے والا 24 ڈیوڈ کٹز امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کا رہائشی تھا اور مذکورہ شخص نے فائرنگ کے دوران ایک ہی بندوق کا استعمال کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے حملہ آور کے گھر کی تلاشی لی جارہی ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ڈیوڈ کٹز سنہ 2017 میں ’میڈن این ایف ایل امریکن فٹبال‘ ویڈیو گیم چیمپیئن شپ کا فاتح رہ چکا ہے۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی فائرنگ کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی تھی، اور لوگ اپنی اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے، خوف کے مارے لوگوں کی حالت انتہائی بری تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیم مقابلے میں شریک ایک 19 سالا کھلاڑی ڈرینی گجو کا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ ’یہ واقعہ میری زندگی کا بدترین دن تھا‘۔

    ایک اور ٹویٹ میں گوجا کا کا کہنا تھا کہ ’میں خوش قسمت تھا کہ گولی صرف میرے انگوٹھے میں لگی‘۔

    جیکسن وائل کے میئر کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز پیش آنے والے واقعہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے مزید اقدامات کریں۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 افراد ہلاک اور درجن بھر سے زائد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • ناسا نے سورج کی جانب پہلا ’’پارکرسولر پروب ‘‘ نامی خلائی جہاز بھیج دیا

    ناسا نے سورج کی جانب پہلا ’’پارکرسولر پروب ‘‘ نامی خلائی جہاز بھیج دیا

    فلوریڈا : امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا نے سورج کی جانب پہلا خلائی جہاز تحقیقاتی مشن پر بھیج دیا، ایک گاڑی جتنی جسامت کے خلائی جہاز کو ’’ پارکر سولر پروب‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے تاریخ میں پہلی بار سورج کا قریب سے مشاہدہ کرنے کے لیے سیٹلائٹ روانہ کیا ہے۔ فلوریڈا سے بھیجے گئے پارکر نامی خلائی تحقیقاتی سیٹلائٹ انسانی تاریخ میں سب سے تیز رفتار مصنوعی سیارہ ہے جو کہ چھ لاکھ نوے ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گا۔

    جس کا مطلب ہے کہ نیویارک اور ٹوکیو کےدرمیان فاصلہ ایک منٹ سے بھی کم میں طے ہوگا۔ مذکورہ پارکر سٹیلائٹ سورج کے گرد چکر لگاتے ہوئے معلومات ارسال کرے گا۔

    اس خلائی جہاز کو انتہائی طاقتور راکٹ کے ذریعے بھیجا گیا ہے جسے مشن کے دوران انتہائی گرمی اور تابکاری کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ اس کے حساس آلات کو گرمی سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

    ناسا کے مطابق ایک عام سی گاڑی کے سائز کا سیارہ سورج سے اکسٹھ لاکھ کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچے گا، یہ اس سے پہلے بھیجے گئے مصنوعی سیاروں کی نسبت سات گنا زیادہ قریب پہنچے گا۔

    سات برس جاری رہنے والے مشن کے دوران وہ سورج کی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں اور طوفان، جسے سولر ونڈ کہتے ہیں، کا جائزہ لے گا۔

    آج تک سورج کی جانب بھیجے گئے تمام سابقہ مشنز کے مقابلے میں یہ جہاز اس ستارے کے سب سے زیادہ قریب تک پہنچے گا۔ اس خلائی مشن کا کام یہ ہو گا کہ یہ سورج کے کرونا کہلانے والے بیرونی ایٹموسفیئر کے قریب پہنچے گا۔

    مزید پڑھیں: ناسا کے خطرناک اور جان لیوا “سورج چھونے کے مشن” کا آغاز 11 اگست کو ہوگا

    اس کی ساخت اس طرح اور ایسے مادوں سے بنائی گئی ہے کہ سورج سے فقط چھ ملین کلومیٹر کی دوری پر موجود رہنے کے باوجود یہ اپنے آپ کو ٹھنڈا رکھے گا۔ادارے کی جانب سے تاریخی لمحے کی براہ راست کوریج کی گئی اور فیس بک پر بھی براہ راست دکھایا گیا۔

  • فلوریڈا میں 2 سابق فوجیوں سمیت 450 افراد سےاسلحہ واپس لےلیا گیا

    فلوریڈا میں 2 سابق فوجیوں سمیت 450 افراد سےاسلحہ واپس لےلیا گیا

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں اسلحے سے متعلق نئے قانون پرعمل درآمد کرتے ہوئے 450 شہریوں سے اسلحہ واپس لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں خود سمیت دوسروں کے لیے خطرہ بننے والے 450 شہریوں سے اسلحہ واپس لے لیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اسلحے سے متعلق نئے قانون پرعملدآمد کرتے ہوئے 2سابق فوجیوں سے بھی اسلحہ واپس لیا گیا۔ نئے قانون کے تحت 200 جدید گنز،35 ہزارراؤنڈز ضبط کیے گئے۔

    قانون کی روسے 21 سال سے کم عمرافراد اسلحہ نہیں خرید سکتے اور اسلحے کی فروخت کے وقت بیک گراؤنڈ بھی چیک کیا جائے گا۔

    فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 17 افراد ہلاک

    خیال رہے کہ رواں سال 15 فروری کو امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا۔

    اساتذہ کو مسلح کرنے کا متنازع بل فلوریڈا اسمبلی سے منظور

    امریکا میں رواں سال مارچ میں اسکولوں پربڑھتے ہوئے حملوں کے پیشِ نظر ریاست فلوریڈا نے قرارداد منظور کی تھی، جس کے تحت اسکولوں کے اساتذہ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت ہوگی۔

    بعدازاں امریکا کے مختلف شہروں میں لاکھوں مظاہرین نے سڑکوں پرآکراسلحے پرزیادہ سخت کنٹرول کے حق میں مظاہرے کیے تھے۔

    امریکا، اسکول میں فائرنگ 10 افراد ہلاک، حملہ آور گرفتار

    واضح رہے کہ 19 مئی کوامریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔