Tag: Flour crisis

  • آٹا بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے: فیاض الحسن چوہان

    آٹا بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے سندھ کو آٹا بحران کا سامنا کرنا پڑا، بحران سندھ میں ہے اور وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، بنیادی طور پر بحران سندھ میں ہے، وجہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو نے دی تھی انہوں نے ایک لاکھ ٹن ریلیز کروائی، سندھ میں پری پلان ذخیرہ اندوزی سے مصنوعی بحران کی کوشش کی گئی۔ دادو میں سرکاری گودام میں 1 لاکھ 94 ہزار بوریاں موجود تھیں۔ اب وہاں صرف 12 ہزار بوریاں رہ گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے سندھ کو بحران کا سامنا کرنا پڑا، 2013 میں 460 روپے کی 20 کلو آٹے کی بوری ملتی تھی۔ انہوں نے آٹا 3 گنا مہنگا کر دیا۔

    وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹے پروپیگنڈوں سے عمران خان ہار ماننے والے نہیں، گندم کا جو اسٹاک یہ چھوڑ گئے تھے وہ لوکل مارکیٹ میں بیچی۔ 19-2018 تک ساڑھے 400 ملین گندم پر سبسڈی دی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ 5 ہزار ٹن گندم پختونخواہ سپلائی کی جارہی ہے، سندھ اور بلوچستان بھی گندم مانگیں گے تو فراہم کی جائے گی۔ اس وقت 2.3 ملین میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔ پنجاب میں 482 سیلز پوائنٹ قائم کیے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 790 روپے میں مل رہا ہے۔

  • شہباز شریف نے گندم اسکینڈل کا ذمہ دارعمران خان اور کابینہ کو قرار دے دیا

    شہباز شریف نے گندم اسکینڈل کا ذمہ دارعمران خان اور کابینہ کو قرار دے دیا

    لندن : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے گندم اسکینڈل کا ذمہ دارعمران خان اور کابینہ کوقرار دیتے ہوئے آٹے بحران کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے گندم اسکینڈل کا ذمہ دارعمران خان اور کابینہ کو قرار دے دیا اور آٹے بحران کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گندم،آٹےاوراب چینی کی قیمت میں اضافےکو مسترد کرتے ہیں ، 24گھنٹےسےزائدہوگیا،وزیراعظم کوئی حکمت عملی پیش نہیں کرسکے۔

    اپوزیشن لیڈر نے ن لیگ پارلیمانی قیادت کو اپوزیشن سےمشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن ٹولے سے قوم کوآزادی دلانے کی حکمت عملی پرغور کریں۔

    گذشتہ روز لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ تحقیقات کی جائیں کہ کس کےحکم پرآٹا بیرون ملک بھجوایا گیا؟ جب ملک میں کمی تھی تو گندم اور آٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا؟ قوم کو بتایا جائے کہ کس کےحکم پر اور کس قیمت پر گندم اور آٹا برآمد ہوا؟ قوم کو معلوم ہونا چاہئے ملک و قوم کا نقصان کر کے کس نے فائدہ اٹھایا۔

    مزید پڑھیں : آٹے بحران پر شہباز شریف نے اہم مطالبہ کر دیا

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک سوچی سمجھی سازش ہےجس کےکردار سامنے لانا ہوں گے، 16ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا اگر صورتحال کی تنزلی کا یہی عالم رہاتو 3 ماہ بعد کا سوچ کر خوف آرہا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ مزید ٹیکس لگانے سے معیشت کی رہی سہی سانس بھی بند ہو جائے گی، ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کو بازار گرم ہے۔

    خیال رہے شہر قائد سے لے کر خیبر پختون خوا تک آٹے کے بحران نے ملک کو جکڑ لیا ہے، جس سے عوام ایک نئی پریشانی میں مبتلا ہے، سندھ اور کے پی میں آٹا نایاب ہو گیا جبکہ کراچی، حیدرآباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک جا پہنچی۔

    حکومتی دعوے اور اقدامات بے سود ثابت ہوگئے ہیں، آٹا بحران کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔

  • سندھ میں آٹے کا بحران کیوں ہوا اور کب ختم ہوگا؟ وزیر اعلیٰ نے بتا دیا

    سندھ میں آٹے کا بحران کیوں ہوا اور کب ختم ہوگا؟ وزیر اعلیٰ نے بتا دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم سپلائی میں تاخیر ہوئی، منگل اور بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ منگل اور بدھ تک آٹے کے بحران پر قابو پا لیا جائے گا، پاسکو نے 3 لاکھ ٹن گندم سندھ کے لیے الاٹ کی تھی۔ یہ گندم پنجاب اور بلوچستان سے لائی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گندم سپلائی میں تاخیر ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ 70 ہزار گندم کی بوریاں آج کراچی پہنچ چکی ہیں۔ کل تک مزید 50 ہزار بوریاں پہنچ جائیں گی۔ حکومت سندھ نے این ایل سی سے معاہدہ کیا ہے۔ این ایل سی کی 200 گاڑیاں گندم لانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کامزید کہنا تھا کہ گندم کراچی اور حیدر آباد میں فلور ملز کو دی جارہی ہیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 20 کلو کا تھیلا بھی نایاب ہے۔

  • لاہور میں مختلف مقامات پر سستے آٹے کے ٹرک کھڑے کردیے گئے

    لاہور میں مختلف مقامات پر سستے آٹے کے ٹرک کھڑے کردیے گئے

    لاہور : ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، جس کے سدباب کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر ٹرک کھڑے کردیے، سندھ کے شہروں میں بھی بحران کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح لاہور میں آٹے کا بحران بدستور جاری ہے، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے کا ہوگیا،20کلو کا تھیلا بھی نایاب ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار20کلوآٹے کا تھیلا950 روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ ملزمالکان کہتے ہیں کہ لاہور میں20کلو آٹے کی قیمت800 سے 805 روپے ہے، مارکیٹ میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے، آٹا چکی مالکان کی جانب سے نرخ میں اضافے سے فلور ملز کا تعلق نہیں۔

    ملز مالکان نے کہا کہ ساڑھے 7لاکھ تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے جارہے ہیں،34 روپےفی کلو گندم خرید کر39روپے میں فروخت کرتے ہیں۔

    دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے آٹے کی فروخت یقینی بنانے کے لیے20مقامات پر ٹرک کھڑے کردیے، یہ ٹرک20مقامات کے علاوہ ماڈل اور اتواربازاروں میں بھی کھڑے کیے گئے ہیں، جہاں عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے کہا ہے کہ لاہورمیں آٹے کی قلت نہیں ہے، عوام ماڈل اور اتوار بازاروں سے آٹا خرید سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ جن علاقوں میں مذکورہ ٹرک کھڑے کیے گئے ان میں ٹیپو چوک گرین ٹاؤن، شیرشاہ کالونی چوہنگ،وحدت کالونی، مین پلازہ جوہر ٹاؤن، سبزہ زار،رائیونڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، چائنہ اسکیم گجر پورہ  ہربنس پورہ غازی آباد، بیگم کوٹ شاہدرہ اور شادمان اتوار بازار شامل ہیں۔

  • سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، علی زیدی کی پیش گوئی

    سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، علی زیدی کی پیش گوئی

    کراچی : وفاقی وزیر بحری امورعلی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپٹ پریکٹس سے فلورملز بےلگام ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔ وفاقی وزیر نے صوبے کے عوام کیلئے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور بد انتظامی کی وجہ سے کراچی میں آئندہ ہفتے آٹے کا شدید بحران پیدا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے فلورملز پر قابو نہیں پایا گیا۔

    واضح رہے کہ دودھ اور چینی کے بعد چند ماہ سے کراچی میں آٹے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن صوبائی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں یکسر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : آٹے کا بحران، فلور ملز اور آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کے کوٹے کی فراہمی

    صوبائی حکومت کے وزراء آٹے کی قیمتوں میں کمی کا زبانی کلامی دعویٰ تو کرتے ہیں تاہم عملی طور پر آٹے کی قیمتوں میں کمی نظر نہیں آ رہی، ایسے میں علی زیدی کے ٹویٹ نے اہلیان کراچی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

  • آٹے کا بحران :  فلور ملز اور آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کے کوٹے کی فراہمی

    آٹے کا بحران : فلور ملز اور آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کے کوٹے کی فراہمی

    کراچی : سندھ حکومت نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے فلورملز اور آٹا چکیوں کو سرکاری گندم کے کوٹے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، کوٹہ استعمال نہ کرنے والی فلور ملز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا، اس حوالے سے محکمہ خوراک نے گندم کے بحران پر قابو پانے کے لیے فلورملز، آٹاچکیوں کو سرکاری گندم جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم کے بحران کی وجہ سے فائن آٹا55 روپے اور چکی کا آٹا60روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، سندھ حکومت نے فلورملز اور آٹاچکیوں کو گندم کا کوٹہ جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ کے چھ اضلاع کو41000ہزار ٹن گندم اکتوبر کے کوٹے میں جاری کی جارہی ہے، نوٹی فکیشن میں تنبیہ کی گئی ہے کہ جو فلور ملز مختص کردہ کوٹہ استعمال نہیں کرے گی اسے بحق سرکار ضبط کرلیا جائے گا۔