Tag: Flour Mills Association

  • مذاکرات کامیاب : فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

    مذاکرات کامیاب : فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

    لاہور : حکومت کے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب فلورملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وزیر صنعت و تجارت سے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    ترجمان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں، کل سے تمام ملز گندم کی پسائی شروع کردیں گی اور کاروبار بند نہیں ہوگا۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سے مل کر عوام کو سستے آٹے کی آسان فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

    واضح رہے 2 روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ اس حوالے سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے فہرست بھی تیار کر لی گئی تھی۔

    حکومتی کریک ڈاؤن کے پیش نظر فلور ملز مالکان نے 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کیا تھا ذرائع کے مطابق حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملز انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے جس پر فلور ملز مالکان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

    مزید  پڑھیں : فلورملز کی ہڑتال ناکام بنانے کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    واضح رہے کہ سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے تنازع پر ہونے والی ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے حکومت نے حکمت عملی مرتب کرلی تھی۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے ضلع چکوال و تلہ گنگ کی ہڑتال میں شامل ملوں کا کوٹہ 1590 بوری ہڑتال نہ کرنے والی فلور ملز کو دے دیا۔

  • "سندھ اور پنجاب میں گندم کی قیمت ایک ہونی چاہیے”

    "سندھ اور پنجاب میں گندم کی قیمت ایک ہونی چاہیے”

    لاہور : فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنما رانا عبدالباسط نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم کا ریٹ زیادہ ہے پنجاب میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ اگر دونوں صوبوں میں گندم کا ریٹ یکساں نہیں ہوگا تو بین الصوبائی اسمگلنگ کا خدشہ ہے۔

    راناعبدالباسط خان نے کہا کہ کسان وہی چیز بیچے گا جس کا اسے فائدہ ہوگا، اگر گندم کی ایک قیمت نہیں ہوگی تو آٹا پنجاب سے سندھ اور بلوچستان پہنچا دیا جائے گا۔

    پنجاب میں فلورملز مالکان کی ہڑتال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 20فیصد لوگوں نے ہڑتال کی ہے80فیصد نے نہیں کی، ہم پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس ہڑتال کا حصہ نہیں۔

    رانا عبدالباسط نے کہا کہ اس وقت ہمارا مذاق اڑرہا ہے کہ آٹا نہیں مل رہا، حکومت ہمیں سبسڈی دیتی ہے، اگر ہڑتال کرنی تھی تو مناسب وقت پرکرتے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم فلور ملزایسوسی ایشن کا حصہ ہیں مگر ہمارا اپنا گروپ ہے، 200سے250فلور ملز اس وقت ہڑتال کا حصہ نہیں ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں آٹے کی کمی ہوگی وہاں ہم آٹا پہنچائیں گے، اس وقت جو معاملات چل رہے ہیں اس لیے ہم اس ہڑتال کا حصہ نہیں۔

    مزید پڑھیں : پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کا آج سے ہڑتال کا اعلان

    واضح رہے کہ سیکرٹری خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان تنازع پر فلور ملز نے آج سے غیر معینہ مدت تک پنجاب میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

    فلور ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین افتخار مٹو نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن آج سے سرکاری گوداموں سے گندم نہیں اٹھائے گی، کل سے سستے سرکاری ریٹ والا آٹا بازار میں فراہم نہیں کرسکتے۔

     

  • لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن کا آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    لاہور: فلور ملز ایسوسی ایشن کا آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

    لاہور : فلور ملز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اور نہ ہی آٹے کی قلت ہوگی، ٹیکس مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین حبیب خان لغاری کی قیادت میں ملاقات کی۔

    فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے دوران آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قلت ہوگی نہ قیمت میں اضافہ کریں گے، آٹے کی قیمت نہ بڑھنے سے روٹی کے نرخ بھی نہیں بڑھیں گے۔

    فلو ر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ٹیکس کا مسئلہ حل کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹیکس کے نفاذ کے بارے میں ہمارا موقف بہترین انداز میں وفاقی حکومت تک پہنچایا۔

    وفد نے کہا کہ سردار عثمان بزدار عام آدمی کے مسائل کا ادراک اور درد رکھتے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے جذبے اور کاوشوں کو سراہتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت ہماری اپنی حکومت ہے اور ہم عوام کی فلاح کے مشن میں حکومت کے سا تھ ہیں۔

    وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے، فلورملز ایسوسی ایشن کی جانب سے آٹے کے نرخ نہ بڑھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

    مزید پڑھیں: لاہور، آٹے اورمیدے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا

    آٹے کے نرخ نہ بڑھانے سے عوام پر معاشی بوجھ نہیں پڑے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ آئندہ بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی اور آپ کا کوئی بھی مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

  • لاہور: آٹے اورمیدے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا

    لاہور: آٹے اورمیدے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا

    لاہور : فلور ملز مالکان نے آٹے اور میدے کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا، مالکان کا کہنا ہے کہ گندم کی بڑھتی ہوئی  قیمت کے باعث اضافہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول اور سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کے بعد اب آٹا اور میدہ بھی مہنگا کردیا گیا، فلور ملز نے آٹے کی قیمت میں فی کلو ایک روپے اضافہ کردیا ہے، اضافے کے بعد آٹے کی فی کلو قیمت 38 روپے ہو گئی ہے۔

    پاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن نے آٹے اور میدے کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا ہے، بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20روپے اضافہ کیا گیا،84کلو میدے کی بوری کی قیمت میں سو روپے اضافہ کے بعد84کلو گرام میدہ کی قیمت3400سے3500روپے ہوگئی۔

    اس کے علاوہ 20کلو آٹے کی قیمت735سےبڑھ کر755روپے ہوگئی ہے، اس حوالے سے فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث آٹے اور میدے کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، نجی شعبہ سے خریدی گئی گندم کی وجہ سے آٹا سستا دے رہے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔