Tag: FM-QURESHI

  • وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات

    بیجنگ : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی ، ملاقات میں پاک چین تعلقات اوراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی چینی ہم منصب سےملاقات کیلئے چین کے صوبے حینان پہنچے ، جہاں‌ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔

    جس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک چین تعلقات اوراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات کا آغازہو گا۔

    گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارلحکومت بیجنگ پہنچے، دورے میں وہ چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاک چین اسٹریٹجک مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ چین کے حوالے سے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان،چین دنیا کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کے خواہشمند ہیں،اقتصادی راہداری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی،کشمیر کی صورتحال دونوں ممالک کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمیریوں سے جو سلوک روا رکھا گیا ہے وہ سب کے علم میں ہے،چین کے تعاون سے 55 سال بعد 3 بار مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں لائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان نے کرونا وبا پر کافی حد تک قابو پالیا ہے،کرونا وبا میں کمی کے بعد یہ میرا پہلا دورہ چین ہے ، چین اور پاکستان جانتے ہیں خطے میں اہم تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

  • کرونا میں مبتلا شاہ محمود قریشی کی طبیعت میں بہتری، اسپتال سے ڈسچارج

    کرونا میں مبتلا شاہ محمود قریشی کی طبیعت میں بہتری، اسپتال سے ڈسچارج

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو کورونا سے صحت یاب ہونے پر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ، شاہ محمود قریشی نے صحتیابی اورخیرسگالی کے پیغامات بھیجنے والوں کا شکرادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا میں مبتلا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو طبیعت میں بہتری کے بعد اسپتال سےڈسچارج کردیا گیا ، شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر گزار ہوں جس نے مجھے رو بہ صحت کیا ، صحتیابی اورخیرسگالی کے پیغامات بھیجنے والوں کاشکرگزارہوں۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم وطنوں سے گزارش ہے گھبرائیں نہیں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، علامات محسوس ہوں توتاخیر نہ کریں فوری طبی ماہرین سے رابطہ کریں، علامات محسوس ہونے پرمیں نے ملاقاتیں اور اجلاس منسوخ کر دیے، فوری ٹیسٹ اور جلد علاج شروع ہو جانے کے سبب طبیعت سنبھلنے لگی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا مجھے پلازمہ بھی انجیکٹ کیا گیا ، ملٹری اسپتال راولپنڈی میں طبی عملے کے خیال رکھنے پر بہت شکرگزارہوں، گھر منتقل ہو چکا ہوں،خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں ، انشااللہ دوبارہ ٹیسٹ درست ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے بغیر شفاف سیاسی قیادت کا سامنے آنا ناممکن ہے ، وقت آگیا ہے کہ ہم بے جا کیچڑ اچھالنا بند کر دیں ، اصلی مجرموں کو کٹہرے میں لائیں تاکہ وہ بے نقاب ہوں۔

    یاد رہے 3 جولائی وزیر خارجہ شاہ محمود نے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج ہلکا سا بخار محسوس کیا تو فوراً خود کو گھر میں الگ کردیا ہے ، اللہ کے فضل و کرم سے خود کو مضبوط اور توانا محسوس کررہا ہوں، وزارت کے امور گھر سے ہی سر انجام دوں گا۔

  • بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: وزیر خارجہ

    بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور کرونا وائرس کے خلاف اقدامات پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا۔ وزیر اعظم، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فعال ہوجائے گا۔ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر فنڈز اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت ہیں۔ بھارت بزدلانہ کارروائیاں کر کے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کر کے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا۔

    ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی تاریخ رقم کی۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام کا جوانمردی سے وبا کا مقابلہ قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے فون پر رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ میں کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران میں کرونا وائرس سے اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام کا جوانمردی سے وبا کا مقابلہ قابل تحسین ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے ایران پر پابندیوں کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ جرمن وزیر خارجہ نے یورپی یونین میں مسئلہ اٹھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ سے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں سہولت کا مطالبہ کیا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سارک وزرائے خارجہ سے بھی ایران پر پابندیوں کے خلاف بات کریں گے، پی 5 ممالک سے مسئلہ اپنے اپنے ممالک میں اٹھانے کی بات کی۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ایران پر پابندیوں کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا، انہوں نے وزیر اعظم اور شاہ محمود قریشی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • کرونا وائرس کے حوالے سے ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے: وزیر خارجہ

    کرونا وائرس کے حوالے سے ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہمارے لوگ صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو اس وقت ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے، حکومت جو ہدایات دے رہی ہے وہ آپ کی بہتری کے لیے ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بہت سے یورپی ممالک کی صورتحال عدم احتیاط سے تشویشناک ہے۔ اٹلی، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور امریکا کی صورتحال آپ کے سامنے ہے۔ کل میری جرمن وزیر خارجہ سے بات ہوئی۔ جرمن وزیر خارجہ نے بتایا 20 ہزار سے زائد لوگ وبا کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا، سماجی اور معاشرتی فاصلہ ہی اس وبا سے بچاؤ کا واحد راستہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اپیل کی تھی 3 دن از خود آئسولیشن کریں۔ لوگوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کی اپیل کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیا، سکھر میں لوگ قرنطینہ سینٹر سے احتجاج کرتے باہر آگئے۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے ابھی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وزیر اعظم روزانہ صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔ ہم صوبوں سے الگ نہیں، ہمیں قومی پالیسی کو اپنانا ہے۔ بدقسمتی سے لوگ صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، بعض اوقات پڑھے لکھے لوگوں کا ردعمل بھی ایسا نہیں جو آنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ چین سے ہم نے یہی سیکھا ہے ایک مربوط حکمت عملی ضروری ہے، چین نے نمٹنے کے لیے ٹارگٹڈ اپروچ اپنائی مگر وہ عوام کے تعاون سے پروان چڑھی، ہمارے ہاں عوامی تعاون کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔ یہ اس صدی کا سب سے بڑا وبائی چیلنج ہے۔ 12 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں، 188 ممالک متاثر ہیں معمولی بات نہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دوحہ، ابو ظہبی، روم و دیگر جگہوں پر ہمارے لوگ پھنسے ہوئے ہیں، اس وقت 2 لاکھ لوگ پاکستان آنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس اتنی سہولتیں نہیں کہ اتنے لوگوں کو قرنطینہ کر سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج چین میں مقیم پاکستانی طلبا بھی ہمارے فیصلے کی داد دے رہے ہیں، پاکستانی طلبا سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تجربات شیئر کر رہے ہیں۔ پاکستان علما کونسل نے بہت اچھا فیصلہ کیا ہے۔ علما نے لوگوں سے کہا ہے عبادت کریں مگر احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔

  • چین سے واپسی، شاہ محمود قریشی کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا اعلان

    چین سے واپسی، شاہ محمود قریشی کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا اعلان

    اسلام آباد :وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےچین سے واپسی پرماہرین کے مشورےپرخود کو آئیسولیشن میں رکھنےکااعلان کرتے ہوئے کہا  پانچ روز بعد کرونا کاٹیسٹ  کراؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا قوم کو اندازہ نہیں جو قدم اٹھائے اس کے کیا اثرات ہوئےہیں، طلبعلموں کوواپس نہ لانے پرچینی قیادت اور عوام پر اچھا اثر ہوا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین میں تمام پاکستانی طلبا خیریت سے ہیں اورصحت مند ہیں، چین میں چارپاکستانی طلبہ نے بچوں کو جنم دیا سب صحت مند ہیں، 2 پاکستانی سفارتکاروں نے طالبعلموں کی خود جاکر مدد کی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  آج الحمد للہ ایک پاکستانی جہاز ووہان کیلئے روانہ ہورہا ہے ، طلبہ کی خواہش پرجہاز کےذریعے پاکستانی کھانا بھجوارہےہیں، چین کا مؤقف ہے کہ ہم پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ  کروناوائرس کا مقابلہ کرکے اب چین پراعتماد ہے ، چین اب سوچ رہا ہے کہ اپنی معیشت کو بحال کیسے کرناہے، چین نے ہزاروں میڈیکل کٹس پاکستان کو دینے کافیصلہ کیا ہے، چین نے گرانٹ دی ہے کہ آئسولیشن اسپتال قائم کرسکیں۔

    وزیر خارجہ  نے کہا کہ  چین کے تجربے سے ہم نے سیکھا ہے کہ مربوط حکمت عملی اپنانی ہے، ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے، حکومتی ہدایات عوام کے فائدہ کیلئے ہے ، تنہا حکومت یا کوئی ادارہ یا میڈیکل عملہ اس وائرس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یورپ،امریکا میں میڈیکل سہولت ہم سے زیادہ ہے ، امریکا میں 100لوگ وائرس سے مرے ،جب وہ زیر ہو رہے ہیں تو ہمیں مقابلہ کرناہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ  چین پہنچے تو صدر، میرا اور اسد عمر سب کا بلڈ ٹیسٹ ہوا، میٹنگ کے بعد ہمارے دوبارہ بلڈ ٹیسٹ لئے گئے، جس کی رپورٹ آج آئے گی، ماہرین نے مجھے 5دن کیلئے آئسولیشن کا مشورہ دیا ہے جس پر عمل کروں گا۔

    وزیر خارجہ   کا کہنا تھا کہ  گھر والوں سے الگ تھلگ ہوں،5 دن بعد کورونا ٹیسٹ کراؤں گا اور خود کو آئسولیشن میں رکھوں گا، کرونا سے  بچنے کیلئے احتیاط کرنی چاہیے، مشکل وقت میں ہر پاکستانی چین کے عوام کےساتھ ہے۔

  • زلمےخلیل زاد کی شاہ محمودقریشی سے ملاقات، طالبان سے مذاکرات میں  پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف

    زلمےخلیل زاد کی شاہ محمودقریشی سے ملاقات، طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف

    اسلام آباد : امریکاکے نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے ملاقات میں طالبان سے مذاکرات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان کے دورے پر پہنچے ، جہاں انھوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، ملاقات میں افغان امن کی کاوشوں سمیت خطےمیں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور افغان امن عمل کی کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

    زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات سے متعلق حالیہ صورتِ حال کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔

    اس موقع پر شاہ محمودقریشی نے کہا امریکہ اور طالبان کے مابین امن معاہدہ طے پانے سے "انٹرا افغان مذاکرات” کی راہ ہموار ہو گی – جو نہ صرف افغانستان کیلئے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے امریکا اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ہمیشہ سے اہم کردار ادا کیا، جس کا مقصد خطے میں امن وسلامتی کو فروغ دینا ہے۔ اسی نتاظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کے معترف رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : طالبان نے عارضی سیزفائر کی دستاویزات امریکی وفد کے حوالے کردیں

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث مشرقی وسطیٰ میں سنگین صورت حال ہے۔ ایران نے عراق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے جو ایرانی جنرل کی ہلاکت پر انتقامی کارروائی تھی۔

    یاد رہے 17 جنوری کو افغان طالبان کی ٹیم نے امریکی وفد سے ملاقات میں عارضی جنگ معاہدے کی دستاویزات پیش کیں تھیں ،   افغان طالبان نے امریکا کو مختصر جنگ بندی کی پیش کش کی تھی۔

    گزشتہ سال امریکا اورطالبان میں امن معاہدے سے قبل کابل میں دہشت گرد حملے میں امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد امریکی صدرٹرمپ نے مذاکرات ختم کردئیے تھے۔

  • وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    مسقط: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم سے ملاقات کی اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچے جہاں انہوں نے عمان کے نئے حکمران سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی طرف سے سلطان ہیثم کے پیش رو سلطان قابوس کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحوم سلطان قابوس کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام عمان کے مرحوم سلطان قابوس کے انتقال پر دل گرفتہ ہیں اور اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مرحوم سلطان قابوس ایک زیرک، مدبر اور امن پسند حکمران کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کے دور حکومت میں عمان نے مثالی ترقی کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلطان قابوس کے دنیا سے رخصت ہونے سے سلطنت عمان ایک ہر دلعزیز لیڈر اور پاکستان ایک مخلص، بااعتماد اور پرخلوص دوست سے محروم ہوا ہے۔

    سلطان ہیثم نے شاہ محمود قریشی کی آمد اور تعزیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عمان کی حکومت مرحوم سلطان کے زریں اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی۔

    انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آنے والے دنوں میں عمان اور پاکستان کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

    خیال رہے کہ 10 جنوری کو عمان کے سلطان، سلطان قابوس 79 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ سلطان قابوس کافی عرصے سے علیل تھے۔ سلطان قابوس کو مسقط میں سپرد خاک کیا گیا۔

    سلطان قابوس کے انتقال کے بعد ان کے چچا زاد بھائی ہیثم بن طارق کو عمان کا نیا سلطان بنایا گیا۔ سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ ہونے کے سبب عمان کے شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق کی تخت نشینی پر اتفاق کیا۔

  • وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت، وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

    وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت، وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے، دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران اور سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران میں ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کریں گے۔ وہ کل سعودی عرب کا دورہ کریں گے جہاں وہ سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کریں گے۔

    دورے کے دوران اہم ملاقاتوں میں ایران امریکا کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    روانگی سے قبل وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ملاقات میں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی حمایت کی جائے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل، ایران امریکا کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف واضح پیغام دیں کہ پاکستان اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

  • وزیر خارجہ قریشی سے نئے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر غور

    وزیر خارجہ قریشی سے نئے ایرانی سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر غور

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات وزیر خارجہ کے چیمبر، پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی۔

    ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور سفیر تعیناتی پر سید محمد علی حسینی کو مبارک باد دی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی و کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے کہا کہ توقع ہے آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی تعیناتی سے تعلقات مستحکم ہوں گے۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان کشیدگی کم کروانے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں، وزیر اعظم کی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم ممالک روانہ ہو رہا ہوں۔

    ملاقات میں ایرانی سفیر نے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے بہترین کاوشیں بروئے کار لانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے چند روز قبل، ایران امریکا کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف واضح پیغام دیں کہ پاکستان اب کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔