Tag: FO

  • پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کردیا

    پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مسترد کردیا

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کردیا، وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کے سیاسی نظریے ہندو توا نے نفرت اور تفرقہ بازی کے ماحول کو جنم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گجرات قتل عام کی حقیقتوں سے چھپنے کی کوشش کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات قتل عام بڑے پیمانے پر قتل، عصمت دری اور لوٹ مار کی شرمناک کہانی ہے، حقیقت یہ ہے کہ گجرات قتل عام کے ماسٹر مائنڈ انصاف سے بچ گئے، وہ ماسٹر مائنڈ اب بھارت میں اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندو توا کے جرائم کو کوئی بھی لفظ چھپا نہیں سکتا، حکمران جماعت کے سیاسی نظریے ہندو توا نے نفرت اور تفرقہ بازی کے ماحول کو جنم دیا ہے، سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے ماسٹر مائنڈ اور مجرموں کی بریت انصاف کے قتل عام کو ظاہر کرتی ہے، حملے میں بھارتی سرزمین پر 40 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے تھے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مذہبی اقلیتوں کو دھمکانے اور شیطانیت کو بھارت بھر کی ریاستوں میں سرکاری سرپرستی حاصل ہے، ہندو توا کو عبادت گاہوں کی توڑ پھوڑ اور مذہبی اجتماعات پر حملہ کرنے کے لیے اتار دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر کا مرتکب ہے، بھارت جنوبی ایشیا میں دہشت گرد گروہوں کا کفیل اور مالی معاون ہے، بھارتی دہشت گردی پر جاری ڈوزیئر میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، ڈوزیئر میں موجود ثبوت دہشت گردانہ حملے میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہیں،

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور حملے کو بھارتی ریاست نے اکسایا، منصوبہ بندی کی اور اس کی مالی معاونت کی۔ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان بھارت کی بڑھتی ہوئی مایوسی کا بھی عکاس ہے، بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے اور اس کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارمز کو شدت سے استعمال کر رہا ہے۔

  • بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کا مرتکب ہے: پاکستان

    بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کا مرتکب ہے: پاکستان

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے، بھارت 9 لاکھ فوج کے ساتھ انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کا متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت کشمیر پر ناجائز طور پر قابض ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ فوج کے ساتھ بھارت انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ وادی میں جبر کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا واحد حل کشمیری عوام کا حق خود ارادیت ہے۔

  • بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں مسلمان مظاہرین پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے، عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان پر امن اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے، مسلمان نماز جمعہ کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمان بی جے پی رہنماؤں کے شرپسند بیانات پر احتجاج کرنا چاہتے تھے، بھارتی ریاست نے نہتے مسلمان مظاہرین پر بہیمانہ تشدد کیا۔ کئی بھارتی ریاستوں میں مسلمان مظاہرین پر حکومت نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاست کی جانب سے مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، ریاستی تشدد اور فائرنگ سے 2 نہتے مسلمان مظاہرین جاں بحق ہوئے، 227 پرامن مظاہرین گرفتار کرلیے گئے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندو توا پولیس، مسلمان اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے، مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے۔ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی برادری اقدامات کرے، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کا تحفظ سب کی ذمے داری ہے۔

  • افغانستان میں کسی ‘اسپائلر’ کا کردار نہیں دیکھنا چاہتے، ترجمان دفتر خارجہ

    افغانستان میں کسی ‘اسپائلر’ کا کردار نہیں دیکھنا چاہتے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم پُرامن افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں یہاں کسی ‘اسپائلر’ کا کردار نہیں ہونا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ پاکستان دہشت گردی اور سرحد پار سے حملوں پر مسلسل تحفظات اجاگر کر رہےہیں، افغانستان میں ہونے والے گرینڈ جرگے سے متعلق میڈیا کو بتایا کہ افغانستان میں جرگے کی جانب سے کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا مقصد قیام امن ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ قیام امن کے لئے اقدامات کے سلسلے کی ایک کڑی پاکستانی جرگے اور کالعدم ٹی ٹی پی مذاکرات ہیں، بھارت کے افغانستان میں کردار سےسب واقف ہیں مگر پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے آئین کے مطابق اقدامات اٹھاتا رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: سلامتی کونسل کشمیر میں بین الاقوامی جرائم کے ثبوتوں کا نوٹس لے: پاکستانی مندوب

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے افغانستان میں کردار سے سب واقف ہیں، ہم افغانستان کو پرامن اور منفی کردار سے پاک افغانستان چاہتے ہیں، یہاں کسی اسپائلر کا کردار نہیں دیکھنا چاہتے۔

    بھارتی امداد کے براستہ پاکستان افغانستان جانے سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی امداد جانےکی اجازت دی گئی، کیونکہ افغان عوام خوراک کے سنگین بحران کا شکار ہیں۔

  • پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے خلاف مظالم جاری ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بھارت کو پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے 3 سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کر کے مادر وطن کا دفاع کیا۔ پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کا پتہ چلا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی تعیناتی کردی گئی، نئے سفیر کی تعیناتی خوش آئند ہے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی ہیں جن میں 3 ہزار طلبا ہیں، یوکرین میں پاکستانیوں کی اکثریت پڑوسی ممالک منتقل ہوچکی ہے۔ گزشتہ 9 روز سے یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ انخلا کے لیے کام کر رہا ہے، 14 سو 53 پاکستانی ہنگری، رومانیہ اور پولینڈ منتقل ہوچکے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کی گرفتاری ریاستی دہشت کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، یورپی یونین کے ساتھ اچھے اور متوازن تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

  • داسوحملہ: کس کی ایما پر کیا گیا؟ کون ملوث تھا؟ تحقیقاتی رپورٹ جاری

    داسوحملہ: کس کی ایما پر کیا گیا؟ کون ملوث تھا؟ تحقیقاتی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: داسو میں دہشت گردی کے حملے میں کون ملوث تھا؟ کس کی ایما اور فنڈنگ سے دھماکا کیا گیا؟ تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نےداسو دہشت گرد حملےکی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بزدلانہ حملے کی تحقیقات مکمل کرکےرپورٹس چین کیساتھ شیئر کی جاچکی ہیں، اپنی تحقیقات کا ہر موقع پر چین سےتبادلہ کیا، اپنے عزم کے مطابق پاکستانی انتظامیہ نےواقعہ کی تحقیقات کیں۔

    دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملے میں ملوث نیٹ ورک کو "را اور این ڈی ایس” نےمدد فراہم کی، دشمن ایجنسیوں کی ایماپر ٹی ٹی پی سوات گروپ نےحملہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ’داسو ڈیم واقعے میں افغانستان کی سرزمین کو استعمال کیا گیا

    ترجمان دفترخارجہ زاہدحفیظ نے بتایا کہ داسو حملےکی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی،حملے میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کرلیا گیاہے، حملےکےبہت سےملزمان اب بھی افغانستان میں موجودہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئےافغان حکومت کودرخواست دی ہے۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حملےمیں استعمال گاڑی بھی افغانستان سےلائی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ داسو میں دہشت گردحملےمیں نو چینی اور3پاکستانی جاں بحق ہوئےتھے جبکہ ایک اور چینی باشندہ بعدمیں زخموں کی تاب نہ لاتےہوئےدم توڑگیاتھا۔

  • یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    یوم استحصال کشمیر: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ریلی

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے یوم استحصال کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، ریلی میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے افسران بھی شریک ہیں۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں، دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی اقدامات کو مکمل مسترد کیا۔

    اس سے قبل یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو 24 ماہ ہوگئے، پاکستان کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، عالمی برداری بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ منصفانہ جدوجہد میں ناقابل شکست جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے کشمیری کے عوام کی منفرد شناخت اس غلط فہمی میں ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ اس اقدام سے جذبہ حریت کو کچل دے گا مگر مودی حکومت کی کوشش ہمیشہ رائیگاں جائے گی۔

    وزیر خآرجہ نے مزید کہا تھا کہ کشمیریوں کو استصواب رائے حق پر سمجھوتہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، بھارت کے عزائم بری طرح ناکامی سے دو چار ہیں، بھارتی اقدامات کو کشمیریوں، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کردیا۔

  • آزاد کشمیر انتخابات سےمتعلق بھارتی بیانات مسترد

    آزاد کشمیر انتخابات سےمتعلق بھارتی بیانات مسترد

    اسلام آباد: پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق بھارتی بیانات کو مسترد کردیا۔

    دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی دفترخارجہ کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بیان پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، پاکستان نے بھارتی دفتر خارجہ کے الزامات مسترد کردئیے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات سے متعلق بھارتی بیان حقائق کے منافی ہے، آزاد کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات سے مستفید ہو رہے ہیں جب کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی قبضے میں خون میں نہایا ہوا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ناظم الامور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف ایک مرتبہ پھر واضح کیا اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضے کے حقائق چھپا نہیں سکتا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے اپنے گھناؤنے ڈیزائن کی تکمیل کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔

  • پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشت گردی کے خلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    سیز فائر کی خلاف ورزی: سینئر بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا، پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 14 اگست کو بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

    جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 14 اگست کو بھارتی فوج نے سیز فائرکی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج نے ڈھڈنیال سیکٹر پر فائرنگ کی جس سے 3 سالہ بچی زخمی ہوئی۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت رواں سال 19 سو 80 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے رواں سال 16 افراد شہید اور 160 زخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ 14 اگست سے قبل 5 اگست کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس سے گاؤں فتح پور میں 18 سالہ دوشیزہ شہید اور خواتین و بچیوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے تتہ پانی سیکٹر پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، بھارتی فائرنگ سے گاؤں فتح پور میں 18 سال کی لڑکی شہید ہوگئی تھی۔