Tag: fog accident

  • پنجاب میں دھند : ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اسپتال منتقل

    پنجاب میں دھند : ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق، درجنوں زخمی اسپتال منتقل

    لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر شدید دھند کا راج برقرار ہے، ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیئے گئے۔

    گزشتہ24گھنٹوں کے دوران دھند اور دیگر وجوہات کی بنا پر پنجاب کے مختلف شہروں میں حادثات کی اطلاعات ہیں، ریسکیو 1122کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ24گھنٹوں میں805ٹریفک حادثات رونما ہوئے۔

    جس میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ925افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، زخمیوں میں سے556 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جہاں189روڈ ایکسیڈنٹ میں198افراد ہلاک یا زخمی ہوئے، اس کے بعد فیصل آباد میں86 حادثات میں98جبکہ ملتان میں60 ٹریفک حادثات میں 56 افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ترجمان موٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم95ریڈیو اور ہیلپ لائن130سے مدد لیں۔

    ذرائع کے مطابق چیچہ وطنی ،میاں چنوں، خانیوال ،ملتان، لودھراں، مسافرخانہ ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہوگئی ہے جبکہ ملتان خانیوال موٹروے دھند کی وجہ سے بند ہے۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

    پنجاب: نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ملتان تک شدید دھند کا راج ہے، جنوبی پنجاب میں شدید دُھند نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، حدِ نگاہ صفر ہونے سے جھنگ میں خوشاب روڈ پر کارموٹر سائیکل تصادم میں ایک جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ملتان تک شدید دھند کا راج ہے، ترجمان نیشنل ہائی ویز کے مطابق دھند کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا، جس نے صبح تک کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اکثر مقامات پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے،حدِ نگاہ صفر ہونے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    دھند کے باعث جھنگ میں خوشاب روڈ پرموٹر سائیکل کار کی زد میں آگئی، تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

    دُھند سے پروازیں بھی شدید متاثرہوئی ہیں، جس سے اندرونِ ملک اوربیرونِ ملک جانے والوں کومشکلات کا سامنا ہے۔

    نیشنل ہائی وے پر شدید دُھند سے حدِ نگاہ بہت کم رہ گئی ہے، ترجمان نیشنل ہائی ویزاتھارٹی نے شہریوں کوہدایت کی ہے کہ دُھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور مشکل صورتحال میں فوری طور پر ایک تین صفر پر رابطہ کریں۔

  • چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    چکوال: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ،2 افراد جاں بحق

    پنجاب : ملک کے بیشتر شہروں میں دُھند کے بادل چھائے ہوئے ہیں، کئی شہروں میں حدِ نگاہ صفرہونے کے باعث چکوال میں ٹریفک حادثہ میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سردی بڑھتے ہی ملک کے بیشترشہروں نے دُھند کی چادر تان لی ہے، دُھند کے باعث مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔

    شیخوپورہ میں جڑانوالہ روڈ پردُھند کے باعث کاراور وین میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق اوربارہ زخمی ہوگئے، مسافر وین لاہور سے جڑانوالہ جارہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت آج کل شدید دُھند کی لپیٹ میں ہے، حدِ نگاہ صرف چند میٹر رہ گئی ہے، ٹریفک پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے، چکوال بھی دھند کی لپیٹ میں ہے، کلرکہار کے مقام پر موٹر وے بند کردی گئی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن بند ہے، شدید دھند کے باعث موٹروے پر چھوٹی گاڑیوں کو موٹر وے پولیس کی نگرانی میں قافلے کی صورت میں سفر کروایا جا رہا ہے۔

    موٹر وے پولیس نے ہدایات جاری کیں ہیں کہ شہری سفر کے دوران احتیات برتیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں

  • پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند سے نظامِ زندگی درہم برہم

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند سے نظامِ زندگی درہم برہم

    لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند سے نظامِ زندگی متاثر ہو کر رہ گیا ہے، رحیم یارخان میں دھند کےباعث ٹریفک حادثے نے دو افراد کی جان لے لی، دیگر ٹریفک حادثات میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند نے روزمرہ معمولات کو بری طرح متاثر کررکھا ہے، شدید دھند کی وجہ سے رحیم یار خان میں دو مسافر بسیں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ساہیوال میں شدید دھند کے باعث چار گا ڑیوں میں تصادم ہوگیا، رینالہ خورد میں جی ٹی روڈ پر بائی پاس پرٹریفک حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

    کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ میں زخمی چار افراد زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں، دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

    علی الصبح لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا، حافظ آباد میں گیس لیکیج کے سبب سلنڈر دھماکے سے گھر میں موجود افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

  • مختلف ٹریفک حادثات، 5افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

    مختلف ٹریفک حادثات، 5افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

    ایبٹ آباد: دھند کے باعث ایبٹ آباد میں بس کھائی میں جا گری،جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے، دیگر شہروں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں بیس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    سردی کے آتے ہی دھند نے پنجاب سمیت خیبرپختونخواہ کے کئی شہروں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا ہے، ایبٹ آباد میں تھانہ لورہ کے حدود میں مسافر بس کھائی میں جا گری، حادثے میں پانچ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا، جھنگ میں اٹھارہ ہزاری کے مقام پر حد نگاہ کم ہونے کے باعث مسافر بس اور کار کے تصادم میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب ظفروال میں درمان سے لاہور جانے والی بس دھند کے باعث الٹ گئی، بس میں 50کے قریب مسافر سوار تھے، فوری طور پر نارووال سے ریسیکو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں بیس مسافر زخمی ہوئے، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔