Tag: Fog in punjab

  • طلبہ کو ’’الیکٹرک بائیکس‘‘ آدھی قیمت پر دینے کا فیصلہ

    طلبہ کو ’’الیکٹرک بائیکس‘‘ آدھی قیمت پر دینے کا فیصلہ

    لاہور : ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے الیکٹرک رکشہ کے بعد الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جسے ابتدائی طور پر طلبہ کو کم قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں لاہور میں الیکٹرک رکشے متعارف کرائے گئے تھے جن کی کامیابی کے بعد اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرائے جائے گی۔،

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں نگراں وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے الیکٹرک بائیک کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں دُھند کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے، ان میں سب سے زیادہ رکشے اور موٹرسائیکلیں قابل ذکر ہیں۔ اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے چین اور تھائی لینڈ کی طرز پر ہم نے گزشتہ دنوں الیکٹرک رکشہ متعارف کرایا اور اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے پنجاب میں ای وی چارجنگ کا سسٹم رائج کیا جائے، اس کے علاوہ پہلے مرحلے میں ایک سے دو لاکھ الیکٹرک بائیکس سستی قیمت پر طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ الیکٹرک رکشے اور بائیکس کا یہ منصوبہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایک مقامی نجی کمپنی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، ان رکشوں اور بائیکس سے فضائی اور آواز کی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آئے گی۔

    مذکورہ الیکٹرک رکشے سنگل چارج پر 150 کلومیٹر تک باآسانی سفر کرسکتے ہیں جس سے ایندھن کے اخراجات بچانے میں مدد ملے گی۔

  • پنجاب میں شدید دھند : پروازیں منسوخ، حد نگاہ صفر ہوگئی

    پنجاب میں شدید دھند : پروازیں منسوخ، حد نگاہ صفر ہوگئی

    فیصل آباد / لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں گہری دھند نے ڈیرے ڈال لیے، کاروبار زندگی شدید متاثر ہونے سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔

    اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث ایئر لائنز پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے، فیصل آباد میں حد نگاہ 700میٹرتک ہونے پر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن منسوخ کردیا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دبئی اور شارجہ جانے والی نجی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ نجی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ391 واپس دبئی بھیجنا پڑی۔

    اس کے علاوہ دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 371اسلام آباد کی طرف اور شارجہ سے آنے والی پرواز جی نائن 562لاہور ایئر پورٹ روانہ کردی گئی۔

    دھند سے نہ صرف فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہورہا ہے بلکہ زمینی سفر بھی ناممکن ہوگیا ہے، اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند اور ملتان موٹر وے فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، سڑک کے سفر کے دوران ڈرائیورز آگے اور پیچھےفوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں۔

    موٹروے ایم فور ،ملتان، خانیوال، مخدوم پور، عبدالحکیم سیکشن بند کردی گئی ہے، اس کے علاوہ احمد پور شرقیہ، جہانیاں شہر اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ صفر ہوگئی۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر

    لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر

    لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔ لاہور آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ جبکہ 14 تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو رہا ہے، متعدد بین الاقوامی پروازوں کو بھی تاخیر ہوگئی۔

    لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر حد نگاہ 200 میٹرسےبھی کم رہ گئی جس کے باعث لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز پی اے412 تاخیر اور لاہور سے ابوظہبی جانے والی پرواز پی اے 430تاخیرکا شکار ہے۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے9747 تاخیر جبکہ لاہور سے استنبول جانے والی پرواز ٹی کے 715 بھی تاخیر کا شکارہے۔

    اس کے علاوہ لاہور سے لندن جانے والی پرواز بی اے 258 تاخیر، لاہور سے راس الخیمہ جانے والی پروازجی نائن853تاخیر اور لاہور سےکولمبو جانے والی پرواز یو ایل 186 تاخیرکا شکار ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز ای آر 525 تاخیر کا شکار ہے جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی پروازای آر523منسوخ کردی گئی ہے۔

    دھند کی وجہ سے استنبول سے آنے والی پرواز ٹی کے 714 تاخیر، لندن سے لاہور آنے والی پرواز بی اے 259تاخیر اور ابوظہبی سے لاہورآنے والی پرواز پی اے431 تاخیر کا شکار ہے۔

    ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ راس الخیمہ سے لاہور آنے والی پرواز جی نائن852تاخیر اور کولمبو سے لاہورآنے والی پرواز یو ایل 185 تاخیرکا شکار ہے۔

    اس کے علاوہ کراچی سے لاہورآنے والی پرواز ای آر524تاخیرکا شکار جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی پرواز ای آر 522 منسوخ کردی گئی ہے۔

  • پنجاب میں شدید دھند جاری، موٹر ویز بند

    پنجاب میں شدید دھند جاری، موٹر ویز بند

    پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقے آج بھی گہری دھند کی لپیٹ میں ہیں جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے سالم تک شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔

    اوکاڑہ شہر اور نواحی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی جبکہ جی ٹی روڈ، فیصل آباد روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

    موٹروے ایم ٹو کوٹ مومن سے لِلہ انٹر چینج تک اور موٹروے ایم 3 لاہور سے درکھانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروےایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے جبکہ چونیاں میں دھند کے باعث قصور، دیپالپور روڈ، لنک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔

    جلال پوربھٹیاں شہر اور اس کے مضافات میں دھند اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گوجرانوالہ سرگودھا جی ٹی روڈ پرٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ موٹروے انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکارہے۔

    شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب اور محتاط طریقے سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ دھند کی وجہ سے لاہور اور سیالکوٹ ائیر پورٹ پر فلائٹ شیڈول بھی متاثر ہے اور متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

  • شدید دھند نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے، ٹریفک حادثات میں چار افراد زخمی

    شدید دھند نے پنجاب میں ڈیرے ڈال لئے، ٹریفک حادثات میں چار افراد زخمی

    لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال لئے، قومی شاہراہ پر لاہور سے ساہیوال تک حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اورفوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے منظر دھندلا دیا، قومی شاہراہ پردھند کی چادر تنی تو لاہورتا ساہیوال حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی۔

    ہڑپہ، کسوال، اقبال نگراور چیچہ وطنی میں حد نگاہ سو میٹر رہ گئی، شاہراہوں پرٹریفک کی روانی شدید متاثرہورہی ہے۔ اوکاڑہ میں شدید دھند کے باعث دو موٹرسائیکلیں ٹکرا گئیں دوبچوں سمیت چارافراد زخمی ہو گئے۔

    ٹبہ سلطان پورمیں بھی دھند سے ٹریفک کی رفتارسست پڑگئی، دھند نے چشتیاں اور محسن وال کو بھی لپیٹ میں لے لیا وہاں بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑرہاہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ اورفوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

  • پنجاب میں شدید دھند : متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    پنجاب میں شدید دھند : متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

    لاہور : موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے، قومی و نجی ایئرلائنز کی سات پروازیں منسوخ جبکہ دو تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھند اور موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا ہے، فضا ابر آلود اور اسموگ کی وجہ سے پی آئی اے کی دو پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز304منسوخ کردی گئی ہے، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز306کو بھی منسوخ کیا گیا ہے اور کراچی جانے والی پرواز307منسوخ کی گئی ہے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی اور نجی ایئر لائینز کی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، اومان ایئر کی مسقط سے آنے والی پرواز 341منسوخ کردی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ایئربلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز417منسوخ جبکہ ایئربلیوکی دبئی جانےوالی پرواز416اور اومان ایئرکی مسقط جانےوالی پرواز342منسوخ کردی گئی ہے۔

    پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز پی کے203دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہے، اس کے علاوہ پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز241 پی کے چھ گھنٹے تاخیرسے پہنچے گی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کی دمام سے آنے والی پرواز248پی کے دس گھنٹے تاخیر اور پی آئی اے کی دبئی سے آنے والی پرواز پی کے204سات گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی۔

    ذرائع کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715تاخیر سے روانہ ہوگی جبکہ برٹش ایئر کی لندن جانے والی پرواز 258بھی تاخیر کا شکار ہے۔

  • ملتان موٹروے ایم تھری لاہورسے عبدالحکیم تک دھند کی وجہ سے بند

    ملتان موٹروے ایم تھری لاہورسے عبدالحکیم تک دھند کی وجہ سے بند

    لاہور : پنجاب کے مختلف میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، کئی مقامات پرحدنگاہ صفر ہوگئی، دھند کے باعث ملتان موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبدالحکیم تک اور خانیوال سے ملتان موٹروے شدید دھند کی وجہ سے بند کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہروں پتوکی،حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ میں دھند مزید بڑھ گئی، شدید دھند کے باعث حادثات کے خوف سے شہریوں نے سڑکوں پر نکلنا چھوڑ دیا۔

    اس کے علاوہ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور اور مسافر خانہ میں بھی دھند کا راج ہے۔

    ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 30سے 150میٹر تک ہوگئی ہے، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبدالحکیم تک شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، اس کے علاوہ خانیوال سے ملتان موٹروے بھی بند کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پرحد نگاہ انتہائی کم ہے، ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹر وے پر سفر سے قبل موٹر وے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

  • پنجاب میں دھند مزید بڑھنے کا امکان، خانیوال سے ملتان موٹروے بند

    پنجاب میں دھند مزید بڑھنے کا امکان، خانیوال سے ملتان موٹروے بند

    لاہور : خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند کردی گئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند مزید بڑھنے کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جس کے باعث نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    لاہور کی قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ،ساہیوال، ہڑپہ میں دھند کا راج ہے جبکہ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند اپنے عروج ہر ہے۔

    اس حوالے سے موٹروے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خانیوال سے ملتان موٹروے کو شدید دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ موٹروے ایم فور شورکوٹ سے شام کوٹ تک اور ملتان موٹروے ایم تھری فیض پور سےعبدالحکیم تک دھند کی وجہ سے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردی گئی ہے، موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پرحدنگاہ50میٹرتک رہ گئی ہے۔

    علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

    ترجمان موٹر وے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پر سفر سے قبل موٹر وے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

  • پنجاب میں دھند کا راج : موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند

    پنجاب میں دھند کا راج : موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند

    لاہور : پنجاب کے مختلف میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، کئی مقامات پرحدنگاہ صفر ہوگئی، دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشن ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور گوجرہ سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، حادثات کے خوف سے شہریوں نے سڑکوں پر نکلنا چھوڑ دیا۔

    گوجرہ میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے بعد موٹر وے ایم فور ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی، رحیم یارخان تا ملتان ایم فائیو موٹر وے دھند کی وجہ سے بند کردی گئی۔

    اوچ شریف اور گردونواح میں کئی مقامات پر حدنگاہ صفر ہو گئی ہے، سکھرملتان موٹر وے ایم فائیو پرحد نگاہ دس سے بیس میٹر رہ گی جبکہ ٹبہ سلطان پور اور جلال پور پیروالہ میں دھند کے باعث حدنگاہ صفر رہ گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    اس کے علاوہ مخدوم پور اور چشتیاں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی، پاکپتن میں حد نگاہ بیس میٹر رہ گئی جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پرحد نگاہ انتہائی کم ہے، ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹر وے پر سفر سے قبل موٹر وے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔