Tag: Fog

  • لاہور ائیرپورٹ پر نصب آئی ایل ایس کیٹ تھری بی سسٹم فیل

    لاہور ائیرپورٹ پر نصب آئی ایل ایس کیٹ تھری بی سسٹم فیل

    لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نصب کیا گیا آئی ایل ایس کیٹ تھری بی سسٹم فیل ہوگیا۔ پہلی دھند پڑتے ہی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحا اور شارجہ سے آنے والی دو پروازیں لینڈ نہ کرسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر نصب کیا گیا آئی ایل ایس کیٹ تھری بی سسٹم شروع میں ہی اپنی افادیت کھو بیٹھا، لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے قطر ایئر ویز کی پرواز کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا، جبکہ شارجہ سے آنے والی ایئربلیو کی پرواز کو اسلام آباد بھیج دیا گیا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن پرویز جارج کا کہنا ہے کہ آئی ایل ایس کیٹ تھری بی مکمل طور پر آپریشنل ہے سرٹیفائیڈ پائلٹ اور جہاز دھند میں لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کررہے ہیں ۔

    ترجمان کے مطابق مانچسٹر سے آنے والی پرواز نے صبح چھ بجے لینڈ کیا جبکہ لندن سے آنے والی پرواز نے صبح نو بجے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پانچ ماہ قبل تمام ایئرلائنز کو اپنے پائلٹس اور جہازوں کو کیٹگری بی تھری کے مطابق تیار کرنے کا کہاتھاجن ایئرلائنز نے سول ایوی ایشن کی ہدایات پر عمل نہیں کیا انہیں دھند میں لینڈ کرنے میں مسئلہ آرہا ہے۔

  • لاہور میں شدید دھند، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر پروازیں متاثر

    لاہور میں شدید دھند، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر پروازیں متاثر

    لاہور : شدید دھند نے شہر بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، علامہ اقبال ائیرپورٹ پر معروف کامیڈین عمرشریف کوبھی ۔کئی گھنٹے تک اپنی پرواز کا انتظار کرنا پڑا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا طیارہ بھی دھند کے باعث کراچی میں اتار لیا گیا

    پنجاب کے کئی شہروں میں صبح کے وقت دھند کا راج برقرارہے ، ٹریفک حادثات میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے،خراب موسم کےباعث لاہور کی پرواز کو کر اچی اتار لیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب بھی طیارے میں موجود تھے

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں سرما کی آمد کے ساتھ ہی دھند نے ڈیرے ڈال لئے۔ حد نگاہ کم ہونےکےباعث ٹریفک کی روانی کے ساتھ علامہ اقبال ائیر پورٹ پر پروازوں کی آمدورفت بھی متاثر رہی۔

    معروف کامیڈین عمرشریف بھی دیگر مسافروں کے ساتھ علامہ اقبال ائیر پورٹ پرپروازکی روانگی کا کئی گھنٹے انتظارکرتے رہے۔

    ائیرپورٹ پر نصب جدید آئی ایل ایس سسٹم کی تنصب کے باوجود دھند کا مسئلہ حل نہ ہوسکا۔ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز کو ملتان ائیر پورٹ پر اتار لیاگیا۔

    جبکہ کراچی اوربیجنگ سے آنے والی پروازوں کو بھی علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ نہ کروایا جاسکا۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج

    پنجاب: نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ملتان تک شدید دھند کا راج ہے، جنوبی پنجاب میں شدید دُھند نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، حدِ نگاہ صفر ہونے سے جھنگ میں خوشاب روڈ پر کارموٹر سائیکل تصادم میں ایک جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

    نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ملتان تک شدید دھند کا راج ہے، ترجمان نیشنل ہائی ویز کے مطابق دھند کا سلسلہ رات گئے شروع ہوا، جس نے صبح تک کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اکثر مقامات پر حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی ہے،حدِ نگاہ صفر ہونے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

    دھند کے باعث جھنگ میں خوشاب روڈ پرموٹر سائیکل کار کی زد میں آگئی، تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

    دُھند سے پروازیں بھی شدید متاثرہوئی ہیں، جس سے اندرونِ ملک اوربیرونِ ملک جانے والوں کومشکلات کا سامنا ہے۔

    نیشنل ہائی وے پر شدید دُھند سے حدِ نگاہ بہت کم رہ گئی ہے، ترجمان نیشنل ہائی ویزاتھارٹی نے شہریوں کوہدایت کی ہے کہ دُھند کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور مشکل صورتحال میں فوری طور پر ایک تین صفر پر رابطہ کریں۔

  • بارشیں نہ ہونے سے پنجاب میں شدید دھند سے معمولات متاثر

    بارشیں نہ ہونے سے پنجاب میں شدید دھند سے معمولات متاثر

    پنجاب :موسم سرما کی بارشیں نہ ہونے کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے۔

    بارشیں نہ ہونے کے باعث پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خشک سردی اور دھند کی شدت برقرار ہے، اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھند کے بادل چھائے رہتے ہیں، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    دھند نے جہاں پروازوں کا شیڈول پر بھی درہم برہم کردیا ہے، وہیں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بارشوں کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ میدانی علاقوں میں اتوار کے روز سے دھند کی شدت میں کمی واقع ہوگی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری میں معمول سے کم جبکہ فروری اور مارچ میں اچھی بارشوں کا امکان ہے۔

  • پنجاب بھر میں شدید دُھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ

    پنجاب بھر میں شدید دُھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ

    پنجاب: شدید دھند سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے، دھند نے کئی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر کر رکھا ہے۔

    پنجاب بھر میں شدید سردی اور دھند سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، دھند کی وجہ سے صبح لوگوں کا سفر کرنا دشوار ہے۔

    پنڈ دادن خان انٹرچینج کے قریب شدید دھند کے باعث چار گاڑیاں ٹکرا گئیں، جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں، عارف والہ میں شدید دھند سے لوگوں کا آفس پہنچنا محال ہوگیا ہے۔

    کوٹ مومن ، پنڈی بھٹیاں شیخورہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    جعفر آباد اور صحبت پور میں شدید دھند کے باعث لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، دھند نے پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر کر رکھا ہے، جس سےاندرون و بیرون ملک جانے والے مسافر پریشان ہیں۔

  • پنجاب اور بالائی علاقوں میں سخت سردی، دھند کا راج

    پنجاب اور بالائی علاقوں میں سخت سردی، دھند کا راج

    پنجاب: سخت سردی کے ساتھ صبح سویرے دھند کا راج رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران بھی میدانی علاقوں میں گہری دھند چھائی رہے گی۔

    پنجاب میں سخت سردی اور دھند کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، لاہور میں محکمۂ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگلے چار دن بارش کا کوئی امکان نہیں، اس لئے دھند چھائی رہے گی۔

    دھند کے باعث لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کئی غیر ملکی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہے، لاہور میں درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے۔

    سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی نو ڈگری رہا، استور منفی آٹھ ، ہنزہ اور گلگت منفی چھ، کوئٹہ منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ترجمان محکمۂ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔