Tag: foiled

  • بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں غیر ملکی اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے مالیت کے سامان کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کسٹمز نے بلوچستان کے علاقے رکھنی کسٹمز چیک پوسٹ پر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    کسٹمز نے غیر ملکی سامان، چھالیہ، بھارتی مضر صحت ادویات، ایرانی ڈیزل، اسپیئر پارٹس، پلاسٹک کا سامان اور سائیکل پارٹس برآمد کر لیے۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق اسمگل شدہ سامان کی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ چیک پوسٹ پر مؤثر نگرانی سے اسمگلنگ میں بہت کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • باچاخان ایئرپورٹ پر موبائل فون اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، 103 قیمتی موبائل برآمد

    باچاخان ایئرپورٹ پر موبائل فون اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، 103 قیمتی موبائل برآمد

    پشاور : سول ایوی ایشن نے باچاخان ایئرپورٹ پر موبائل فون اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے  مسافر کو حراست لے کر تفتیش اور قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچاخان ایئرپورٹ پرسول ایوی ایشن نے موبائل فون اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی مدد سے مسافرکو حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ مسافرذیشان علی پروازجی 9554کے ذریعےشارجہ سے پشاورپہنچاتھا اور جان بوجھ کرکنویئربیلٹ کےپاس اپنابیگ چھوڑگیاتھا، سی اے اے عملے نے بیگ کی تلاشی لی تو 103 قیمتی موبائل موجود تھے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سی اےاے نے ایف آئی اے کی مدد سے مسافرکوحراست میں لیا ، مسافرکوتفتیش اورقانونی کارروائی کیلئے کسٹمز کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ اے ایس ایف نے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

    تلاشی کے دوران مسافر کے بیگ سے اے ایس ایف نے ساڑھے تین کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن برآمد کی، جسے ملزم نے انتہائی مہارت کے ساتھ فائبر شیٹ میں چھپارکھی تھی، قبضے میں لی گئی ہیروئن کی مالیت کروڑوں روپے بنتی تھی۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اسٹاف نے کارروائی کے دوران 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے اسلام آباد کے لیے ایئر لائن نے بغیر مسافر کے سامان دبئی سے لاہور بھیجا، لاہور سے ایئر بلیو نے رش ٹیگ کو دوبارہ بغیر مسافر کے اسلام آباد بھجوانا چاہا۔

    ڈی سی کے مطابق بغیر مسافر کے بیگ میں آئی فون، آئی پیڈ، کیمرے اور وائر لیس سیٹ برآمد کر لیے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بغیر مسافر کے بیگ سے 12 جدید آئی فون، 11 آئی فون الیون، 4 آئی پیڈ، 3 عدد سونی کیمرے اور 1 وائر لیس سیٹ برآمد کیا گیا۔

    بیرون ملک سے لاہور لایا جانے والا اسمگلنگ کا سامان ڈومیسٹک ڈپارچر سے اسلام آباد بھجوایا جانا تھا۔

    ایئر پورٹ ٹریفک کسٹم نے کارروائی کے دوران سارا سامان ضبط کر لیا، تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جو بیگ مسافر کے بغیر لاہور لایا جائے گا اس کو اسکین کیا جائے گا۔

  • امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    واشنگٹن:امریکا میں گھریلو ساختہ بم کے ذریعے مسلمان شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو افراد کو سزائے قید سنا دی گئی۔ جج نے دونوں مجرموں کو امریکی جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیس سالہ برائن کولانیری اور انیس سالہ اینڈریو کریسل نامی دونوں شدت پسندوں کو نیویارک کی مسلم کمیونٹی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں چار اور بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی،دونوں افراد نے جون کے مہینے میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    مونرو کاؤنٹی کی عدالت کے جج سیموئل ویلیریانی نے سزا سناتے وقت مجرموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارا دہشت گردانہ منصوبہ صرف اس کا شکار بننے والوں کی طرز زندگی کے خلاف ایک بیہمانہ دھمکی نہیں تھا بلکہ یہ ہمارے جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ تھا،دونوں مجرموں نے جج کے سامنے اپنے جرم پر ندامت کا اظہار کیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کولانیری نے کہاکہ میں کبھی بھی اس حد تک نہیں جانا چاہتا تھا،ان دونوں اور دو دیگر افراد پر اسلام برگ میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسلام برگ نیویارک کے نواحی قصبے ٹومپکنز کی دیہاتی مسلم کمیونٹی ہے۔

    امریکی سکیورٹی حکام نے ان افراد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے تئیس آٹومیٹک بندوقوں کے علاوہ تین گھریلو ساختہ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔

    دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پولیس کو عام شہریوں نے اطلاع دی تھی۔ مقامی کمیونٹی کو ان کے رویوں کے بارے میں شبہ ہوا تھا۔

    ابتدائی معلومات ملنے کے بعد تفتیش کاروں نے گزشتہ برس کے اختتام تک انہیں نظر میں رکھا ہوا تھا لیکن ایک نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لنچ کے دوران ان لوگوں کی کچھ گفتگو سنی جس میں وہ حملے کے منصوبے پر آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔

    جس کے بعد ان چاروں کی گرفتاری ممکن ہوئی،مجرموں کو سزا سنائی گئی تو اسلام برگ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔

    ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون طاہرہ کلارک نے بتایا کہ اس منصوبے کا علم ہونے کے بعد سے علاقے کے لوگوں کی زندگیاں معمول کے مطابق نہیں رہیں۔

    دہشت گردی کے تیسرے منصوبہ ساز بیس سالہ وینسنٹ ویٹرومائل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم کا اقرار کر چکا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ ممکنہ طور پر انتیس اگست کے روز سنایا جائے گا۔

    چوتھے مجرم کی عمر سولہ برس ہے اور اسے دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات برس قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جس میں سے پہلے دو برس وہ کم عمروں کی جیل میں گزارے گا۔

  • برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو قتل کرنے کی سازش بے نقاب

    برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو قتل کرنے کی سازش بے نقاب

    لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو قتل کرنے کی سازش بے نقاب کردی اور 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسامے پر دہشت گردوں کی جانب سے قاتلانہ حملے کی سازش برطانوی ایجنسی ایم آئی5 نے ناکام بنادی۔

    برطانوی ایجنسی ایم آئی5 نے وزیراعظم تھریسامے کو قتل کرنے کی سازش کرنے والے 2نوجوانوں کو گرفتارکرنے کا دعویٰ کیا ہے، ملزمان نے ڈاؤننگ اسٹریٹ پر تھریسامے کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

    میڈیا کے مطابق دو افراد کو ڈائوننگ سٹریٹ کے گیٹ کو بم دھماکے سے اڑانے کے بعد وزیر اعظم پر چھریوں سے حملے کے ذریعے قتل کر نے کا منصوبہ تیار کر نے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    زیرحراست نوجوانوں میں 20سال کا زکریا رحمان اور 21 سالہ محمدعاقب عمران شامل ہیں۔

    اس سازش کو بے نقاب کرنے کی کارروائی میں اسکاٹ لینڈ یارڈ، ویسٹ مڈلینڈ پولیس اور ایم آئی5 نے حصہ لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور داخلی سلامتی کا انٹیلی جنس ادارہ گزشتہ چند ہفتوں سے اس مبینہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر نظر رکھے ہوئے تھے۔

    برطانوی ایجنسی ایم آئی5 نے انکشاف کیا کہ اس سے قبل وزیراعظم پر 9 قاتلانہ حملوں کی سازشیں کی گئی تھیں۔


    مانچسٹر ایرینا میں خودکش دھماکہ‘22افراد ہلاک‘59 زخمی


    یاد رہے رواں سال مئی میں  مانچسٹر ایرینا میں کنسرٹ کے دوران ہونے والےخود کش دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 59 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، اور  خود کش حملہ آور کی شناخت سلمان عابدی کے نام سے ہوئی تھی۔

    اعش نے مانچسٹر خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ یورپی ممالک خود کو مستقبل میں ایسے مزید حملوں کےلیے تیاررکھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • باجوڑایجنسی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آئی ایس پی آر

    باجوڑایجنسی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد جاری ہے ، آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں ، سہولت کاروں اور فسادیوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، باجوڑایجنسی میں دہشت گردی کامنصوبہ ناکام بنادیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق تحصیل ماموند سے بڑی تعداد میں اسلحے کا ذخیرہ پکڑا گیا، بھاری تعداد میں گولہ بارود، آر پی جی اور ایس ایم جی جبکہ پکڑے گئے اسلحے میں مکمل تیار خودکش جیکٹس، ریموٹ کنٹرول بم، دستی بم ،بال بیئرنگ کے گیارہ باکس اورمواصلاتی آلات بھی شامل ہیں۔

    دوسری جانب سی ٹی ڈی نے لاہور والٹن روڈ سے کالعدم دہشت گرد تنظیم کے دو کارندے گرفتار کرلیے، علی نور اور سرتاج خان آئندہ ہفتے سیکیورٹی اداروں پر حملے کی پلاننگ کر رہے تھے۔

    لاہور کے علاقے بند روڈ سے حساس اداروں نے مبینہ دہشتگرد پکڑلیا، تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا گیا ہے، مبینہ دہشتگرد سے لاہور دھماکے کی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری سےکالعدم تنظیم کے دو دہشت گردپکڑے گئے، ملزم عمران اور عبداللہ سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔