کراچی: شہر قائد میں جاری 3 روزہ فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو میں 410 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سی ای او ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں 60 ممالک کے 600 سے زائد غیر ملکی خریدار آئے۔
زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ چین، افریقہ، مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک سے پاکستانی ایکسپورٹرز کو خوراک اور زرعی مصنوعات کے بڑے آرڈرز ملنے کے روشن امکانات ہیں۔
فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز کے سابق چیئرمین وحید احمد کا کہنا تھا کہ یورپ امریکا سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی پھلوں کے جوس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا نمائش میں پاکستانی ایکسپوٹرز کو تازہ پھلوں، سبزیوں، پھلوں کے جوس کے ساتھ پھلوں کے پیسٹ کے بڑے آرڈرز مل رہے ہیںٍ۔
زبیر موتی والا کے مطابق دنیا میں موسمیاتی تبدیلی اور غذائی عدم تحفظ تباہی مچا رہے ہیں، پاکستان کا زرعی خوراک کا شعبہ دنیا کے غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے امید کی کرن کا کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پہلی بین الاقوامی خوراک اور زرعی نمائش میں نیشنل لاجسٹک کارپوریشن کے اسٹال کو زبردست پذیرائی ملی، این ایل سی حکام نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہی فراہم کی، ڈی جی این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ نے بتایا این ایل سی بذریعہ سڑک، ریل، سمندری اور ہوائی راستوں سے کارگو کو ہر مقام تک پہنچا سکتا ہے، پاکستان کی زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے این ایل سی پرعزم ہے۔ تاجر برادری ے این ایل سی کی خدمات میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا۔