Tag: Food Delivery

  • کراچی : فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا

    کراچی : فوڈ ڈلیوری گودام میں خوفناک آتشزدگی، آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا

    کراچی : ناظم آباد عیدگاہ کے قریب فوڈ ڈلیوری کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، آگ عمارت کے بیسمنٹ میں لگی، 5 گھنٹے بعد بھی  آگ نہ بُھج سکی۔

    کراچی کے علاقے ناظم آباد فوڈ ڈلیوری کے گودام میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ 5گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا فائر فائٹرز گودام کے بیسمنٹ میں داخل نہیں ہوسکے۔

    انہوں نے بتایا کہ گودام غیر قانونی طور پربیسمنٹ میں بنایا گیا تھا اور بیسمنٹ میں جانے کیلئے ایک ہی راستہ موجود ہے۔

    فائر بریگیڈ کے عملے کو بیسمنٹ میں دھواں بھرجانے کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع9 بج کر7منٹ پر موصول ہوئی تھی، ویئر ہاؤس عمارت کی بیسمنٹ میں قائم ہے جہاں کوئی ایگزٹ پوائنٹ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 8 فائر ٹینڈرز اور 2واٹر باؤوز آگ بجھانے میں مصروف ہیں, ہیوی مشینری کی مدد سے گودام کی دیوار توڑ رہے ہیں، آتش زدگی کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

    ویئر ہاؤس میں لگنے والی آگ سے متعلق گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مئیرکراچی مرتضیٰ وہاب سے رابطہ کیا ہے۔

    گورنرسندھ نے آگ کی شدت اور بجھانے کے انتظامات کے حوالے سے دریافت کیا جس کے جواب میں مئیر کراچی نے بتایا کہ آگ بیسمنٹ میں لگی ہے اور وہاں جانےکا کوئی راستہ نہیں مل رہا۔

    مئیر کراچی نے انہیں بتایا کہ آگ پر قابو پانےکی کوشش کررہے ہیں جلد از جلد قابو پایا جائے گورنر سندھ نے کہا کہ آگ کے حوالے سے مجھے ہرگھنٹے میں اپ ڈیٹ دی جائے۔

  • فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل

    فوڈ ڈلیوری رائیڈر کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک آن لائن فوڈ ڈلیوری کمپنی کے ملازم کی موبائل فون چرانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریستوران کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈلیوری کمپنی کا ملازم کھانے کی ڈیلیوری لینے کا انتظار کر رہا ہے۔

    اس دوران وہ ایک خالی میز پر آتا ہے جہاں ایک موبائل فون اور اخبارات رکھے ہیں، وہ فون کو چھپانے کے لیے اخبار سے اسے ڈھک دیتا ہے۔

    اس کے تھوڑی دیر بعد فون اٹھا کر اپنی جیب میں ڈال لیتا ہے، اور بعد ازاں وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    دن گزرنے کے بعد جب ریستوران کے مالک نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو اسے اس چوری کا علم ہوا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اب آن لائن فوڈ ڈلیوری رائیڈرز سے اپنی ذاتی اشیا کے حوالے سے محتاط رہنا ہوگا۔

  • فوڈ ڈلیوری کا کام کرنے والے 73 سالہ بزرگ

    فوڈ ڈلیوری کا کام کرنے والے 73 سالہ بزرگ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے رہائشی 73 سالہ فیاض اختر نے فوڈ ڈیلیوری سروس کے ساتھ کام کر کے سب کو حالات سے لڑنے کا سبق دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی 73 سالہ فیاض اختر نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کی اور اپنے حالات زندگی کے بارے میں بتایا۔

    فیاض اختر نے 27 سال تک وزارت خزانہ میں ڈیوٹی سر انجام دی اب ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔ فیاض اختر فوڈ ڈلیوری سروس فوڈ پانڈا کے ساتھ بطور ڈلیوری رائیڈر کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کا ایک بیٹا، بہو اور 3 پوتے ہیں جبکہ اہلیہ بھی حیات ہیں۔

    فیاض اختر کے مطابق انہوں نے بیٹے کو ایک دکان کھلوا کر دی تھی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے وہ نہیں چل سکی، جس کے بعد انہوں نے خود ہی کام کرنا شروع کردیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    انہوں نے بتایا کہ مارکیٹس بند ہونے کی وجہ سے ان کی ساری جمع پونجی بھی خرچ ہوتی گئی، اب وہ 13 لاکھ روپے کے مقروض ہیں جن میں سے 9 لاکھ روپے کا قرض وہ اتار چکے ہیں۔

    فیاض اختر نے بتایا کہ وہ گھر میں بیکار بیٹھے ہوئے تھے لہٰذا وہ خود ہی فوڈ پانڈا والوں کے پاس گئے اور ان سے کہا کہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں جس کے بعد کمپنی نے انہیں ملازمت پر رکھ لیا۔ وہ دوپہر ڈیڑھ بجے سے کام شروع کرتے ہیں اور رات 10 بجے تک کام کرتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ جب سے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں انہیں بہت سے افراد نے رابطہ کر کے مدد کی پیشکش کی ہے جس کے لیے وہ بے حد شکر گزار ہیں۔