Tag: Football

  • ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    ملک میں فٹبال کو بچائیں: معروف اداکارہ کی اپیل

    معروف پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی نے فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کرنے کی وارننگ کے بعد حکام سے پاکستان میں فٹبال کو بچانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اداکارہ یمنیٰ زیدی نے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل پر پابندی کو روکنے کے لیے کچھ کریں۔

    یمنیٰ زیدی نے لکھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کا ہونا ضروری ہے، یہ ہمیں ہیروز دیتے ہیں۔ اس وقت لگتا ہے کہ پاکستان خواتین کی فٹبال ٹیم کو بہت ساری مشکلات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپیل کرتی ہوں کہ برائے مہربانی ان کی مدد کریں۔

    یاد رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے وارننگ دی تھی کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کا کنٹرول فیفا کی بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو نہ دیا گیا تو پاکستان کی فیفا رکنیت معطل کی جاسکتی ہے۔

  • پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل گروپ بندی، سیاست اور افراتفری کی ککیں کھا رہا ہے، گروہ بندی کی وجہ سے پاکستان فٹ بال ایک بار پھر معطل ہونے کو ہے۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے دھمکی دی ہے کہ کل تک لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ واپس کیا جائے ورنہ پابندی لگا سکتے ہیں۔

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی “فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    فیفا نے فٹ بال ہاؤس خالی کرنے کے لیے پاکستان کو کل رات 8 بجے تک کی وارننگ دی ہے۔ واضح رہے کہ فٹ بال ہاؤس لاہور پر سید اشفاق حسین  گروپ نے غیر قانونی قبضہ جما لیا ہے، جو فیفا کی دھمکی کی وجہ بنا ہے۔

    ایک زمانے میں پاکستان فٹبال گیم کا ایشین سپر پاور تھا، لیکن پھر گروپ بندی اور سیاست کے باعث یہ کھیل زوال آشنا ہو گیا، اور فیفا کے لاکھوں ڈالرکے حصول کی جنگ ہی اس کا مقصد بن گیا۔

    فیفا کی پابندی کوئی نئی بات نہیں، 1994 میں 6 ماہ کی پابندی لگی تھی، گروپ بندی کی وجہ سے 2 سال سے پاکستان کی ٹیم کوئی بین الاقوامی میچ بھی نہیں کھیل سکی ہے۔

    پچھلے سال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹ بال کی باگ ڈور دے دی تھی لیکن آج پھر معاملات پابندی کی گول لائن تک آ گئے ہیں۔

  • پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    پی ایف ایف کا ملک میں فٹبال کے فروغ کے لیے بڑا قدم

    لاہور: پاکستان نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، اور جاپان سے فٹبال میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ایشیا کی تمام فیڈریشنز کو خطوط لکھ کر میچز کھیلنے میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

    پی ایف ایف نے بھارت، آسٹریلیا، ملائشیا، جاپان، بحرین، عراق، کویت، قطر اور سعودی عرب کو خطوط ارسال کر کے کہا ہے کہ گرمیوں میں فیفا ونڈو میں جگہ ہے، اس سلسلے میں ہماری مدد کی جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان کی عالمی درجہ بندی پاکستان فٹبال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں ہے، اور کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان فٹبال ٹیم دیگر ایشین ٹیموں کی طرح بہتر رینکنگ حاصل نہ کر سکے۔

    انھوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز دیے جائیں اور اس سلسلے میں پی ایف ایف نے ایشین ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔

    ہارون ملک کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے بھارت کو بھی لکھا ہے کیوں کہ بھارت ایک بہتر رینک والی ٹیم ہے، پاکستان کو بھارت سے کھیل کر فائدہ ہوگا۔

  • روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    روبوٹک کیمرا گنجے ریفری کو فٹبال سمجھ بیٹھا

    دنیا بھر میں ہر کام کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال ہورہی ہے اور اس کی وجہ سے بہت سے کام پہلے کی نسبت زیادہ آسانی اور کم محنت سے ہونے لگے ہیں، تاہم کہیں نہ کہیں ایسی غلطی ہوجاتی ہے جو ثابت کردیتی ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی ذہانت سے پیچھے ہی رہے گی۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا حامل کیمرا ایک گنجے شخص کے سر کو فٹبال سمجھ بیٹھا اور پورے میچ میں اسی کو فوکس کیے رہا۔

    اسکاٹ لینڈ میں کھیلا جانے والا یہ میچ مقامی کلبز کے درمیان ہو رہا تھا، اس کی 2 منٹ کی وائرل ویڈیو نے فٹبال سے دلچسپی نہ رکھنے والے افراد کو بھی اس میچ میں دلچسپی لینے پر مجبور کردیا۔

    پورے میچ کے دوران کیمرے نے بال کو نظر انداز کیے رکھا اور بال کی حرکت، کھلاڑیوں کی ککس اور گولز پر فوکس کرنے کے بجائے لائنز مین ریفری کو فوکس کرتا رہا جس کے گنجے سر کو کیمرا فٹبال سمجھ بیٹھا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہر چند سیکنڈز کے بعد کیمرا گھومتا ہے اور ریفری کی جانب آجاتا ہے جو ادھر ادھر حرکت کر رہا ہے۔ ریفری کی ہر حرکت کے ساتھ کیمرا بھی حرکت کر رہا ہے اور اس دوران کھلاڑیوں کے کھیلنے کے مناظر پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔

    اس ویڈیو کو جیمز فلٹن نامی ایک شخص نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا جسے کئی ہزار لائیکس اور ری ٹویٹ ملے۔

    مذکورہ میچ ٹائی پر ختم ہوا تھا تاہم میچ کے نتیجے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بجائے اس ویڈیو کی بدولت لوگوں کو زیادہ اس میچ میں دلچسپی رہی۔

  • اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے

    اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے

    چگلیارا: اٹالین سیریا اے میں اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو چھاگئے۔ رونالڈو نے سیریا اے میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور شاندار پرفارمنس کی بدولت حریف ٹیم کو 4 صفر سے آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے ایلینز اسٹیڈیم میں کمال کردیا۔ کیگلیری کے خلاف رونالڈو نے اٹلین سیریا اے میں پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ رونالڈو کے کیریئر کی یہ چھپنویں ہیٹ ٹرک ہے۔

    یووینٹس کی ٹیم پورے میچ میں چھائی رہی۔ رہی سہی کسر ہیگوائن کے گول نے پوری کردی۔

    کرسٹیانو کی شاندار پرفارمنس کے باعث یووینٹس نے 4-0 سےکامیابی سمیٹی۔ ایک اور میچ میں انٹرمیلان اور نپولی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ لوکاکو کے 2 گول کی بدولت انٹرمیلان نے 3-1 سے فتح حاصل کرلی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی لیتھوینیا کے خلاف کرسٹیانو رونالڈو نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔

  • دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    دورہ ملائیشیا کے لیے قومی فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ

    راولپنڈی: قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لیے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے کے آر ایل فٹ بال اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حارث جمیل عالم خان کے مطابق تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 43 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا اور منتخب ٹیم 17 سے 24 جنوری تک ملائیشیا کا دورہ کرے گی۔

    تربیتی کیمپ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

    پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے محمد ایاز بٹ کو کیمپ کمانڈنٹ و ٹیم منیجر مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ کے فرائض طارق لطفی، اسسٹنٹ کوچ کے گوہر زمان، گول کیپرز کوچ کے جعفر خان اور فزیو کے محمد شاہد انجام دیں گے۔ تربیتی کیمپ 2 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا۔

  • ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    بیونس آئرس: انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کےدرمیان سخت مقابلہ ہوا، یوروگوئے کی جانب سے ایڈنسن کوانی نے کھاتا کھولا، دوسرے ہاف میں اگویرو نے ارجنٹینا کا اسکور برابر کردیا۔

    اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز نے فری کک پر شاندار گول داغا، ارجنٹینا کے کپتان لائنل میسی نے انجری ٹائم میں ٹیم کو شکست سے بچا لیا، میسی نے پیلنٹی پر گول اسکور کیا۔ دوسری جانب یورپین چیمپئن شپ کوالیفائینگ میچ میں اٹلی نے ارمینیا پر گول کی برسات کردی، اٹلی نے حریف ٹیم پر 3 نہ 6 بلکہ 9 گول اسکور کیے۔

    خیال رہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    یاد رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

  • پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    پرسٹینا: یورپین چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پرتگال اور انگلینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت کر یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

    یورپین چیمپئن شپ دوہزار بیس میں جگہ بنانے کے لیے کئی ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں۔ رونالڈو کی پرتگال نے لکسم بورگ کو ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ میں جگہ بنائی، رونالڈو نے پرتگال کے لیے ننیانواں گول اسکور کیا۔

    ایک اور میچ میں انگلینڈ نے کوسووو کو آؤٹ کلاس کردیا، انگلش ٹیم نے حریف پر ایک نہ دو بلکہ چار گول داغے، عالمی چیمپئن فرانس نے بھی یورپین چیمپین شپ میں انٹری دے دی ہے۔

    رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک، لیتھوینیا کو شرمناک شکست

    خیال رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

  • عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کے کراچی میں جلوے

    عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز کے کراچی میں جلوے

    کراچی: عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑیوں نے شہرقائد میں اپنے جلوے بکھیرے، اسٹار فٹبالرز میں برازیل کے کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلوس پیول اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فٹبالرز نے کراچی کے نجی مال میں فینز سے ملاقاتیں کیں، اور نمائشی میچ میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، مداح اپنے من پسند کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی سے پھولے نہ سمائے۔

    فٹبال کے ستارے شہرقائد میں چمکتے رہے، پرتگال کے سابق کپتان فیگو ہوں یا پھر برازیلین فٹبالر کاکا سب نے مل کر خوب رنگ جمایا، اینلکا اور پیول نے بھی مقامی شاپنگ مال میں عوام کے دل جیت لیے۔

    دریں اثنا انٹرنیشنل فٹبالرز، پاکستانی کپتان صدام حسین کی ٹیم ورلڈ ساکر اسٹارز اور کراچی ایف سی کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ سکس اے سائیڈ میچ میں فٹبال اسٹارز کو غیر معروف فٹبالز نے ٹف ٹائم دیا۔

    منتظین نے کہا کہ نمائشی میچ کا مقصد ہار جیت کا فیصلہ نہیں بلکہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو ایک نئی پہچان دینا ہے۔

    برازیل کے کاکا اور پرتگال کے لوئس فیگو کراچی پہنچ گئے

    کھلاڑیوں نے پاکستان میں مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور عوام میں محبتیں بانٹی۔ اس موقع پر کاکا نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا تو ضرورکروں گا۔ جبکہ انیلکا کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان فٹبال کیلیےبہت محبت رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ انٹرنیشنل فٹ بالرز کی پاکستان آمد کا مقصد ملک میں فٹ بال کے کھیل کا فروغ ہے، اس سے قبل بھی عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز پاکستان کے دورے پر آ چکے ہیں۔

  • پابندی کے بعد سپراسٹار فٹبالر میسی کی ٹیم میں واپسی

    پابندی کے بعد سپراسٹار فٹبالر میسی کی ٹیم میں واپسی

    بیوس آئرس: ارجنٹینا کے سپراسٹار لائنل میسی تین ماہ کی پابندی کے بعد ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میسی کو اگلے ماہ کھیلے جانے والے دوستانہ میچز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، لاکھوں مداح انہیں دوبارہ میدان میں دیکھنے کے متمنی ہیں۔

    لائنل میسی نے رواں سال کوپا امریکا ٹورنامنٹ کو کرپٹ اور فکس کہا تھا جس کی وجہ سے ان پر تین ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    لائنل میسی نے کوپا امریکا فٹبال کپ کو کرپٹ قرار دیا تھا جو فیفا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے، معروف فٹبالر کو 50 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔

    فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر اسٹار فٹبالر تین ماہ تک کوئی بھی بین الاقوامی فٹبال میچ نہیں کھیل سکے، تاہم اب وہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بارسلونا کلب کے فارورڈر اور لیونل میسی کو ارجنٹینا اور چلی کے درمیان ہونے والے مقابلے میں باہر کردیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ کپ برازیل کے لیے فکس کیا گیا۔

    کوپا امریکا فٹبال کپ کو کرپٹ قرار دینا میسی کو بھاری پڑ گیا، تین ماہ کی پابندی

    واضح رہے کہ فیفا فٹبال قوانین کی خلاف ورزی پر سخت پابندیاں عائد کرتا آیا ہے، حال ہی میں ایران کو بھی دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ خواتین کو فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اسٹڈیم نہیں جانے دے گا تو اس کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔