Tag: Footballer Shams

  • قطر میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والا نوعمر فٹبالر شمس، عزم و ہمت کی مثال

    قطر میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والا نوعمر فٹبالر شمس، عزم و ہمت کی مثال

    شہر قائد کے علاقے لیاری میں فٹبال کے کھیل کو جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے، لیاری والوں کے دل ہمیشہ فٹبال کے لیے ہی دھڑکتے ہیں اور لیاری کے گلی کوچوں میں اس کے دلدادہ ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ لیاری فٹبال کی نرسری ہے تو غلط نہ ہوگا۔

    فٹبال ہو یا باکسنگ لیاری نے وطن عزیز کو اپنے قابل ہیرے تراش کر دیے ہیں وہ الگ بات ہے کہ بدقسمتی سے ان ہیروں کی قدر نہیں کی گئی اور وہ اپنی زندگی کسمپرسی میں گزار کرچلے گئے اور جو بچے ہیں وہ اچھے دنوں کی آس لگائے زندہ ہیں۔

    ان میں ایک ایسا ہی ہیرا شمس ہے جو اس نو عمری میں صبح سے شام تک محنت کرتا ہے لیکن تمام کاموں کے درمیان میں فٹبال کھیلنے کا شوق بھی احسن طریقے سے پورا کررہا ہے۔

    جی ہاں !! آج ہم آپ کی ملاقات اسی شمس سے کروا رہے ہیں، جنہوں نے قطر میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔

    شمس نے بتایا کہ میرے ابو کا نام عمر ہے اور میں چار سال کی عمر سے فٹبال کھیل رہا ہوں، میں چھٹی کلاس کا طالب علم ہوں صبح اسکول جاتا ہوں، دوپہر کو نماز کے بعد دو گھنٹے فٹبال کی پریکٹس اور پھر شام کو اپنے والد کے ساتھ ٹھیلا لگانا میرا روز کا معمول ہے۔

    شمس کا کہنا تھا کہ جب قطر جانے والی ٹیم میں میرا سلیکشن ہوا تو مجھے بہت خوشی ہوئی تھی مجھے قطر کے بڑے بڑے فٹبال گراؤنڈ بہت اچھے لگے دل چاہتا تھا وہیں رہ جاؤں۔

    واضح رہے کہ لیاری کے نوجوان اور بچے کم وسائل کے باوجود یہاں کے میدانوں میں فٹبال کھیلتے نظر آتے ہیں لیکن وسائل کی کمی کی وجہ سے تھوڑا پیچھے رہ گئے ہیں۔