Tag: for investigation

  • رئیس مما سے تحقیقات کیلئے سینئرافسران پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل

    رئیس مما سے تحقیقات کیلئے سینئرافسران پرمشتمل جے آئی ٹی تشکیل

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سے تحقیقات کے لئے رینجرز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی، رینجرز نے مختلف علاقوں سے سات ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرپول کی مدد سے ملائیشیا سے گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سے تحقیقات کے لئے عدالت نے جےآئی ٹی تشکیل دے دی۔

    اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، مذکورہ جےآئی ٹی میں رینجرز، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے افسران شامل ہوں گے، اس کے علاوہ جے آئی ٹی میں حساس ادارے کےافسران کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی جےآئی ٹی کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، جے آئی ٹی 15روزمیں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج اور سنگین جرائم میں ملوث ٹارگٹ کلر رئیس مما نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے یہ اعتراف کیا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کی قیادت کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کی، اس کے علاوہ ملزم نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

    مزید پڑھیں: پارٹی قیادت کے حکم پر قتل اور بھتہ خوری کی، رئیس مما کا عدالت میں اعتراف

    علاوہ ازیں کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے7ملزمان کو گرفتار کرلیا، اس حوالے سے رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ڈیفنس، بلال کالونی، محمودآباد، کورنگی، چاکیواڑہ اور آرام باغ میں کی گئیں۔

    ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ، منشیات اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد ہواہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ڈکیتی میں مزاحمت پرفائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔

  • اویس شاہ اغوا اور امجدصابری قتل کیسز کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹیز کی منظوری

    اویس شاہ اغوا اور امجدصابری قتل کیسز کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹیز کی منظوری

    کراچی : وزیراعلی سندھ نے اویس شاہ اغوا اور امجد صابری قتل کیس کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق اویس شاہ کے اغوا کو چھ دن اور امجد صابری قتل کو تین دن ہوگئے، تاحال ملزمان کا سراغ نہ لگ سکا، وزیراعلیٰ سندھ نے دونوں ہائی پروفائل کیسز کی تفتیش کے لئے جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دیدی ہے۔

    جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم میں حساس اداروں اور پولیس کے افسران شامل ہونگے، جیل میں قید ملزمان سے بھی تفتیش ہوگی۔

    دوسری جانب وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال آئی جی سندھ کے ہمراہ امجد صابری کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کی، انھوں نے مشروط استعفے کی پیشکش کی۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ خاکے پولیس نے نہیں بنائے بلکہ گواہوں کی مدد سے بنائے گئے ہیں جبکہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت اہم شخصیات نے بھی شہید کی رہائشگاہ پر اہلخانہ سے تعزیت کی۔

    واضح رہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو کلفٹن میں شاپنگ مال کےباہر سے اغوا کیا گیا جبکہ امجد صابری کو 3 روز قبل کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔