Tag: forces

  • پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک سپاہی بھی شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاعات پر کیا گیا، دہشت گرد خیبر پختونخواہ میں داخل ہو کر شہریوں اور فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق مصدقہ اطلاعات پر مسلسل نگرانی کر کے دہشت گردوں کو روکا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

    دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کا سپاہی حق نواز شہید ہوگیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے۔ سرحد پار سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دیگر دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ بنوں میں قید دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی حکام کو یرغمال بنالیا تھا، جنہیں چھڑوانے کے لیے کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    آپریشن میں 35 کے قریب دہشت گردوں کا صفایا ہوا جبکہ فورسز کے دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا اور 3 افسران سمیت 10 سپاہی زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک

    خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 5 دہشت گرد ہلاک

    اسلام آباد: صوبہ بلوچستان کے علاقے خوست میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان خوست کے قریب جھڑپ ہوئی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں حوالدار خان محمد دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

    سیکیورٹی فورسز کا مغوی عمر جاوید کی بازیابی کے لیے علاقے میں آپریشن بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، کرنل لئیق کے ساتھ ان کے کزن عمر جاوید بھی تھے جو تاحال بازیاب نہیں کیے جاسکے۔

    کرنل لئیق کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی تھی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

  • پولینڈ نے برطانوی وزیراعظم کو خبردار کردیا

    پولینڈ نے برطانوی وزیراعظم کو خبردار کردیا

    وارسا: پولینڈ فوج کے اعلیٰ ترین عہدیدار نے برطانوی وزیراعظم پر بڑا الزام عائد کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے وزیردفاع کے مشیر و فوج کے جنرل والڈیمار اسکرزیپک نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم روس کے ساتھ تنازعے کے درمیان یوکرائنی فوجیوں کی بیرون ملک تربیت کے بارے میں اپنے بیانات سے جنگ کی آگ کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔

    فوجی عہدیدار نے یہ الزام اس تناظر میں عائد کیا جب رواں ہفتے بھارت کے دورے کے دوران برطانوی وزیراعظم نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ہم فی الحال پولینڈ میں یوکرین کے فوجیوں کو طیارہ شکن دفاع کے استعمال کی تربیت دے رہے ہیں، اور انہیں برطانیہ میں بکتر بند گاڑیوں کے استعمال کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی پابندیوں پر روس کا منہ توڑ جواب

    پولش جنرل جو سن دوہزار کے وسط میں عراق میں کثیر القومی ڈویژنوں میں سے ایک کے سربراہ تھے، نے پولش اخبار فاکٹ کو بتایا کہ “جب ہم بیرون ملک مشنوں پر تھے تو یہ تصور کرنا مشکل تھا کہ سیاستدانوں میں سے کوئی ٹیلی ویژن پر ہمارے منصوبوں یا تربیت کے بارے میں بات کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرینی فوجیوں کی پولینڈ میں تربیت کے حوالہ سے جانسن نے روس کو “فوجی راز افشا کیے” ہی، پولش جنرل نے کہا کہ دفاعی تربیت ایک فوجی معاملہ ہے اور اسے خفیہ ہی رکھا جانا چاہیے آدمی کو ایسی باتیں کہنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔

    پولینڈ کی زمینی افواج کے سابق کمانڈر نے برطانوی وزیراعظم کے رویے کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس کے “تباہ کن نتائج” نکل سکتے ہیں۔

  • افغانستان میں اتحادی فورسز کا آپریشن، 22 طالبان جنگجو ہلاک

    افغانستان میں اتحادی فورسز کا آپریشن، 22 طالبان جنگجو ہلاک

    کابل: افغانستان میں اتحادی فورسز نے زمینی اور فضائی آپریشن کرتے ہوئے 22 سے زائد طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صوبے قندوز اور ننگرہار میں یہ کارروائیاں کی گئیں، آپریشن میں امریکی اور افغان فورسز کا اہم کردار رہا، اس قسم کے تابڑتوڑ حملے ماضی میں بھی کیے جاتے رہے ہیں۔

    افغان میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دو مختلف آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 8طالبان کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ اس حملے میں درجنوں شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔

    افغان فوج نے زخمی جنگجوؤں اور بھاری اسلحے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ دوسری جانب مقامی طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے بتایاہے کہ قندھار میں جنگجوؤں نے ایک کامیاب کارروائی میں امریکی فوج کی ایک گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام امریکی اہلکار مارے گئے۔

    ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد انتقامی حملوں کا خدشہ

    تاہم اس دعوے کی افغان حکومت یا امریکی حکام سے تصدیق نہیں ہوسکی، غیرملکی میڈٰیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے قندھار اور فریاب میں امریکی فضائیہ نے افغان انٹیلی جنس ادارے کی معاونت سے طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔

    واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے۔

  • ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا: ملیحہ لودھی

    ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا: ملیحہ لودھی

    نیویارک: ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ ہر دن یوم سیاہ ہے جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں ملتا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں یوم سیاہ کشمیر کی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا نیو یارک میں مشن کشمیر کے عوام کا بھی مشن ہے۔

    اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے تصویری نمائش اور کشمیر پر مذاکرے کا اہتمام کیا، تصاویر میں کشمیر پر تاریخی اجلاس اور مقبوضہ وادی میں حالیہ مظالم کی عکاسی کی گئی۔

    تقریب میں سعودی عرب کے مستقل مندوب اور او آئی سی کے سفیر نے شرکت کی، کشمیری رہنماؤں کا وفد بھی خصوصی دعوت پر تقریب میں شریک ہوا۔

    علاوہ ازیں او آئی سی کے انسانی حقوق کے اعلیٰ نمائندے بھی شریک ہوئے، تقریب میں عراق، ترکی، چین اور دیگر ممالک کے سفارت کا بھی خصوصی طور پر مدعو تھے۔

    اس موقع پر سعودی سفیر غلام نبی فائی کا کہنا تھا کہ سعودی عوام کشمیری بھائیوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر پر مؤثر سفارتکاری پر تمام کشمیری ملیحہ لودھی کے معترف ہیں۔

    27 اکتوبر جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، عارف علوی

    دریں اثنا کشمیری رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مندوب کی کوششوں کو سراہتے ہیں، سید علی گیلانی نے بھی کئی مواقع پر ملیحہ لودھی کی کوششوں کو سراہا۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، رواں سال 5 اگست کو بھارت نے ایک اور مذموم قدم اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے بھارت کا حصہ بنایا اور اس کے بعد سے وادی میں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔

    پاکستان کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا، یوم سیاہ کشمیر پر وزیر اعظم کا پیغام

    وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی پیغام میں کہا کہ رواں سال یوم سیاہ ماضی کی نسبت مختلف اور نمایاں ہے، 5 اگست کے اقدام نے آبادیاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان، کشمیریوں اور مسلم امہ نے قانون اور انصاف کے اس تمسخر کو مسترد کیا، دوسری طرف بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

  • مودی سرکارکشمیریوں سے خوفزدہ ، 72 ویں روزبھی کرفیو برقرار

    مودی سرکارکشمیریوں سے خوفزدہ ، 72 ویں روزبھی کرفیو برقرار

    سرینگر: بھارتی ظلم وبربریت تھم نہ سکی، 72 روز گزر جانے کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں کرفیو برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے، مواصلاتی نظام تاحال معطل ہے، جبکہ بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی بھی برقرار ہے۔

    وادی کے ہر شاہراہ اور چوراہے پر قابض بھارتی فورسز تعینات ہیں، بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی میں پوسٹ پیڈ موبائل فون جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

    کرفیو کے باعث مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کئی مریض بروقت اسپتال نہ پہنچنے کے باعث راستے میں ہی جاں بحق ہوگئے۔

    مقبوضہ وادی میں اسکول، کالج، تجارتی مراکز بند، ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، لاکھوں کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    غدا کی قلت، بھوک سے بلکتے بچوں اور مریضوں کی اکھڑتی سانسوں سے مجبور کشمیری باہر نکلیں تو ان پر پیلٹ گنز کا استعمال کیا جاتا ہے جس سے کشمیری نوجوان بینائی سے محروم ہو رہے ہیں۔

    حیران ہوں عالمی میڈیا ہانگ کانگ احتجاج کی کوریج کر رہا ہے کشمیرکی نہیں، عمران خان

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 2 ماہ سے کشمیریوں کو نمازجمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔

    سخت کرفیو کے باوجود بھارت کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کا جذبہ نہیں نکال سکا، آج بھی گلی کوچوں میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے ہیں۔

  • ترک فوج کا شام میں آپریشن، مقامی سیاست دان سمیت 10 شہری ہلاک

    ترک فوج کا شام میں آپریشن، مقامی سیاست دان سمیت 10 شہری ہلاک

    دمشق: شام میں ترک فوج کا بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، جبکہ شامی فورسز کے ہاتھوں مقامی سیاست دان سمیت 10 شہری بھی مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی جانب سے فوجی آپریشن میں شامی فورسز کی بھی حمایت حاصل ہے، گذشتہ روز شامی فوج کی ایک کارروائی میں ایک سیاست دان سمیت 10 شہری ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فورسز نے شمالی شام میں ہونے والی ان ہلاکتوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ البتہ کرد قیادت میں قائم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ شامی اور ترک فوجی عام شہریوں کی ہلاکتوں میں بھی ملوث ہیں۔

    کرد قیادت میں قائم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کا کہنا ہے کہ شامی سرحدی علاقے میں ترک عسکری کارروائی کے نتیجے میں ہفتے کے روز سے اب تک اس کے تیس سے زائد جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔

    شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے ترکی فوج کے آپریشن کے آغاز سے اب تک 104 سے زائد جنجگو مارے گئے ہیں، جبکہ مزید عام شہریوں کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

    شمالی شام پر حملہ، ہالینڈ نے ترکی کو اسلحے کی برآمد روک دی

    یاد رہے کہ ترک فوج کا شام میں 20 میل تک سیف زون بنانے کے لیے فوجی آپریشن جاری ہے، گذشتہ دنوں ایک غلطی کے نتیجے میں امریکی فوجی مورچے کے قریب گولہ باری ہوئی جہاں درجنوں اہلکار تعینات تھے۔

    بعد ازاں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ترک فوج نے شامی سرحدی شہر کوبانی میں توپ خانے سے گولاباری کی، فائر کیے گئے چند گولے امریکی دستوں کے قریب گرے۔

  • ترکی شام میں فوجی آپریشن کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرے: نیٹو

    ترکی شام میں فوجی آپریشن کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرے: نیٹو

    استنبول: نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن نے ترکی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں جاری فوجی آپریشن میں تحمل کا مظاہرہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فوجی اتحاد توقع کرتا ہے کہ شام کے شمالی حصے میں جاری اپنے فوجی آپریشن میں ترکی تحمل کا مظاہرہ کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ اور ترک وزیرخارجہ مولودی چاؤش کے درمیان ملاقات ہوئی، اس دوران شام کی حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات کے دوران ژینس نے شام میں جاری فوجی آپریش کے ردعمل میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تحفظات کا بھی اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ترکی اس آپریشن کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرے۔

    دریں اثنا ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش اولو نے بھی نیٹو سے توقع ظاہر کی کہ وہ ترکی کی سکیورٹی کو درپیش خطرات کے تناظر میں اس کا ساتھ دے گا۔

    شام میں ترک فوج کی امریکی فوجی مورچے کے قریب گولہ باری

    شام میں جاری فوجی آپریشن پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت یورپی ممالک کو بھی شدید تحفظات ہیں۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ثالثی کی بھی پیش کش کرچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ترک فوج کا شام میں 20 میل تک سیف زون بنانے کے لیے فوجی آپریشن جاری ہے، اس دوران غلطی کے نتیجے میں امریکی فوجی مورچے کے قریب گولہ باری ہوئی جہاں درجنوں اہلکار تعینات تھے۔

    امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ترک فوج نے شامی سرحدی شہر کوبانی میں توپ خانے سے گولاباری کی، فائر کیے گئے چند گولے امریکی دستوں کے قریب گرے۔

  • وسطی افریقہ میں 19 لاکھ سے زائد بچے تشدد سے متاثر ہوئے، یونیسیف

    وسطی افریقہ میں 19 لاکھ سے زائد بچے تشدد سے متاثر ہوئے، یونیسیف

    نیویارک : یونیسیف نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ مالی سے لے کر جمہوریہ کانگو تک صرف آٹھ ممالک میں نو ہزار سے زائد اسکول بند ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ مغربی اور وسطی افریقہ میں بڑھتے ہوئے تشدد اور حملوں کی وجہ سے تقریبا بیس لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔

    یونیسف نے حکومتوں، مسلح گروپوں، تنازعات کے فریقین اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اساتذہ، اسکولوں اور طالب علموں پر حملے روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات بچوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے یونیسیف کے ایک مطالعے میں سامنے آئی ، مالی سے لے کر جمہوریہ کانگو تک صرف آٹھ ممالک میں نو ہزار سے زائد اسکول بند ہو چکے ہیں،2017کے مقابلے میں یہ تعداد تین گنا زیادہ ہے۔

    یونیسف نے حکومتوں، مسلح گروپوں، تنازعات کے فریقین اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ اساتذہ، اسکولوں اور طالب علموں پر حملے روکنے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

  • یمن میں اماراتی فوج کی تعیناتی میں سعودیہ کو اعتماد میں لیا گیا،انور قرقاش

    یمن میں اماراتی فوج کی تعیناتی میں سعودیہ کو اعتماد میں لیا گیا،انور قرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر خارجہ انور قرقاش نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی فوجیں یمن میں امن وامان کی بحالی کے لیے شراکت کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ یمن میں اماراتی فوج کی دوبارہ تعیناتی سعودی عرب کے ساتھ مشورے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

    یمن میں جاری آپریشن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ایک دوسرے کا تعاون حاصل ہے،دونوں ملکوں کی فوجیں یمن میں امن وامان کی بحالی کے لیے شراکت کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔

    مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں انور قرقاش نے کہا کہ یمن میں نئی دفاعی حکمت عملی کے لیے متحدہ عرب امارات نے سعودی عرب کو اعتماد میں لیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یمن میں آئینی حکومت کی عمل داری کی بحالی اور ایرانی تخریب کارانہ کردار کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر امارات اور سعودیہ میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔

    انور قرقاش نے خلیجی ریاست قطر کی پالیسی اور اس کے ابلاغی اداروں کے منفی پروپیگنڈے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ قطر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے رقوم اور ذرائع ابلاغ کا استعمال کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات نے یمن میں دوبارہ اپنی فوج تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ جمعرات کو انور قرقاش نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات خراب کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت سعودیہ اور امارات کے درمیان دراڑ نہیں ڈال سکتی۔