Tag: foreign currency

  • غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار

    غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم گرفتار

    ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل نے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے جہلم میں کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم اجمل عزیز سے بھاری مقدار میں ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کرلی گئی، ملزم سے 14535 سعودی ریال، 2950 پاؤنڈ، 2903 امریکی ڈالر، 1550 کینیڈین ڈالر، 8150 لیرا، 10445 درہم، 3840 بھارتی کرنسی، 635 یورو اور 8 لاکھ پاکستانی روپے برآمد کرلیے۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم سے بحرین دینار، ملائیشین رنگٹ،  افریقن رند، عمانی ریال اور ہانک کانگ ڈالر بھی برآمد ہوا، ملزم بغیر لائسنس  کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھا ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    اسلام آباد: غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں 652 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جنھیں ٹھوس شواہد کی روشنی میں سزائیں دلوائی جائیں گی۔

    رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 452 چھاپا مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 652 ملزمان کو گرفتار کر کے 453 مقدمات درج کیے گئے، اور 56 انکوائریوں کی تفتیش مکمل کی گئی۔

    رواں سال کے دوران کے پی زون نے 308، لاہور زون نے 73، گوجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 55، ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا، اسلام آباد زون نے 26، کراچی زون نے 69، حیدرآباد زون نے 27 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا، یہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، جس میں 7 لاکھ 46 ہزار 184 امریکی ڈالر، 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی، اور ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

  • سفر کیلئے غیرملکی کرنسی لے جانے کی حد مقرر

    سفر کیلئے غیرملکی کرنسی لے جانے کی حد مقرر

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک سفر کیلئے غیرملکی کرنسی لے جانے کی سالانہ حد مقرر کردی جو یکم جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔

    اسٹیٹ بینک اعلامیہ کے مطابق ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بیرون ملک ادائیگی کیلئے زرمبادلہ کی حد مقرر کردی گئی ہے۔

    ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سفری مقاصد کیلئے غیرملکی کرنسی لے جانے کی حد پرنظر ثانی کی گئی ہے، نظر ثانی شدہ حد کے مطابق 5ہزار امریکی ڈالر کے مساوی کرنسی ایک وقت میں لے جائی جاسکتی ہے۔

    18سال سے کم عمر افراد کو فی دورہ 2500امریکی ڈالر کے مساوی کرنسی لے جانے کی اجازت ہے جبکہ بالغ اور نابالغ افراد کیلئے غیرملکی کرنسی لے جانے کی سالانہ حد مقرر بھی کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مذکورہ حد بالترتیب30ہزار امریکی ڈالر اور15ہزار امریکی ڈالر ہوگی، تاہم افغانستان کا سفر کرنے والوں کیلئے غیرملکی کرنسی کی موجودہ حد برقرار رہے گی۔

    اسٹیٹ بینک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی کرنسی کی فی دورہ حدیں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور سالانہ حدیں یکم جنوری2023 سے لاگو ہوں گی۔

  • پشاور ائیرپورٹ : بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام

    پشاور ائیرپورٹ : بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام

    پشاور : پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے پشاور ائیرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    ملک بھر میں غیرملکی کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے جاری مہم کے دوران پاکستان کسٹمز نے اتوار کے روز پشاور ایئرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کے قطری ریال ضبط کرلیے۔

    عمران خان نامی مسافر جس کا پاسپورٹ نمبر 1570-65304-1 ہے اور اس کا تعلق دیر بالا سے ہے، اتوار کی سہ پہر قطری ائیر لائنز کی پرواز کے ذریعے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر روانہ ہورہا تھا۔

    بیرون ملک روانگی ہال میں موجود کرنسی ڈیکلئریشن سنٹر پر جب اسے اپنے پاس موجود کرنسی ظاہر کرنے کو کہا گیا تو اس نے یہ رقم چھپا لی۔

    جب مسافر کو مشکوک جان کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو ایک لاکھ چھیالیس ہزار قطری ریال کی بھاری رقم برآمد ہوئی جسے وہ غیر قانونی طریقے سے پاکستان سے باہر منتقل کررہا تھا۔

    مسافر سے کہا گیا کہ وہ اس رقم کی قانونی ملکیت ثابت کرے لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا جس کے سبب یہ رقم ضبط کرلی گئی اور ملزم کو پاکستان کسٹمز کے حکام نے پشاور ائیرپورٹ سے اپنی حراست میں لے کر مزید قانونی کاروائی شروع کردی۔

    چیئرمین ایف بی آر و سیکرٹری ریونیو ڈویژن جناب عاصم احمد نے پشاور ائیرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام کو اس کامیاب کاروائی پر مبارکباد دی اور اپنے اس غیرمتزلزل عزم کو دہرایا کہ وہ ملک بھر سے غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی منتقلی کو ناکام بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

    یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین ایف بی آر فیلڈ میں موجود کسٹمز حکام کو پہلے ہی یہ ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ وہ ائیرپورٹ اور زمینی سرحدوں پر نگرانی سخت رکھیں اور کرنسی اسمگلنگ کی غیر قانونی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مستعد رہیں۔

  • ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث دیگر کرنسیوں کی قیمت بھی کم

    کراچی: رواں برس اپریل میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی کمی آئی، برطانوی پاؤنڈ 205 روپے سے کم ہوکر 199 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں ڈالر سستا ہونے سے دیگر کرنسی بھی سستی ہوگئی، اپریل میں انٹر بینک میں ڈالر 6.53 روپے سستا ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر 166.70 سے سستا ہو کر 160.17 کا ہوگیا۔ ڈالر سستا ہونے سے یورو، برطانوی پاؤنڈ، سعودی ریال اور درہم بھی سستا ہوگیا۔

    اپریل میں یورو 8.96 روپے سستا ہوا اور یورو کی قیمت 183.14 سے کم ہو کر 174.18 روپے ہوگئی۔

    اسی طرح ایک ماہ میں برطانوی پاؤنڈ 5.68 روپے سستا ہوا جس کے بعد برطانوی پاؤنڈ 205.41 سے کم ہو کر 199.73 روپے کا ہوگیا۔

    اس عرصے میں سعودی ریال 1.77 روپے سستا ہو کر 42.60 روپے کا ہوگیا جبکہ اماراتی درہم بھی 1.78 روپے سستا ہو کر 43.60 روپے کا ہوگیا

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آتا رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 161 روپے 90 پیسے پر پہنچ گئی۔

    اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں 76 پیسے کمی ہوئی تھی جس کے بعد ڈالر 161.12 سے کم ہو کر 160.36 روپے پر بند ہوا۔

    ڈالر کی قیمت میں کمی سے پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر سستا ہونے سے مہنگائی کی شرح بھی کم ہوگی۔

  • غیرقانونی زرمبادلہ کے کاروبار میں ملوث افراد یا ادارے کیخلاف کارروائی ہوگی، اسٹیٹ بینک

    غیرقانونی زرمبادلہ کے کاروبار میں ملوث افراد یا ادارے کیخلاف کارروائی ہوگی، اسٹیٹ بینک

    کراچی : اسٹيٹ بينک آف پاکستان نے کہا ہے کہ فارن کرنسی کی غیر مجاز خرید و فروخت اور منتقلی غیر قانونی ہے، غیرقانونی زرمبادلہ کے کاروبار میں ملوث افراد یا ادارے کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹيٹ بينک آف پاکستان نے عوام کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ سے محفوظ رکھنے کی مہم کا آگاز کردیا۔

    اسٹیٹ بینک نے غير قانونی فارن ايکسچينج آپريٹرز کو خبردار کیا ہے کہ فارن کرنسی کی غير مجاز خريد و فروخت اور منتقلی غير قانونی ہے اس لیے صرف مجاز بينکوں اور ايکس چينج کمپنيوں کو ہی زرمبادلہ کا کاروبار کرنے کی اجازت ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا مزید کہنا ہے کہ غیر قانونی زرمبادلہ کے کاروبار میں ملوث افراد یا ادارے کیخلاف کارروائی ہوگی، غیرقانونی کرنسی کے کاروبار، حوالہ اور ہنڈی آپریٹرز کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    مرکزی بینک نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ مجاز بینکوں اور ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے زرمبادلہ کی منتقلی کریں اور اپنی ٹرانزیکشن کی سسٹم جنریٹڈ آفیشل رسید لینا نہ بھولیں۔

     

  • بیرون ملک جانے والے مسافر کو10 ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ، کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار

    بیرون ملک جانے والے مسافر کو10 ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ، کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار

    کراچی : بیرون ملک جانے والے مسافر کوغیر ملکی کرنسی ڈکلیئریشن حاصل کرنا لازمی قراردے دیا ہے ، بیرون ملک جانے والے مسافر کودس ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی جانب سے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے ایف بی آر کے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں، کرنسی  ایکٹ کسٹم قوانین میں ردوبدل کردیا گیا۔

    بیرون ملک جانے والے مسافر کوغیر ملکی کرنسی ڈکلیئریشن حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ، بیرون ملک جانے والے مسافر کودس ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    نئے قوانین کے تحت مسافر کو کسٹم کرنسی ڈکلیئریشن لازمی جمع کرانا ہوگی، کرنسی ڈکلیئریشن فارم کے اجراء کیلئے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر کاؤنٹرز قائم کردیے گئے، مسافر کو تحریری طور پر دس ہزار ڈالر بیرون ملک لے جانے کی اجازت لینا ہوگی۔

    اٹھارہ سال سے کم عمر مسافر کو پانچ ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ شیر خوار بچے کیلئے پانچ سو ڈالر تک لے جانے کی اجازت ہوگی، جس کیلئے ڈکلیئریشن لازمی قرار دیا ہے، مسافر کو کسٹم کرنسی ڈکلیئریشن فارم لازمی جمع کرانا ہوگا

    ترجمان کسٹم کا کہنا ہے ایئرپورٹس پر کسٹم کے کاؤنٹرز قائم ہیں، جہاں مسافر کی سہولت کیلئے کسٹم کرنسی ڈکلیئریشن فارم کے اجراء اور رقم کی تصدیق کی جائے گی ، ایئرپورٹ پر رش ہونے کے باعث کسٹم کے کاؤنٹر پر افرادی قوت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

  • دبئی جانے والے میاں بیوی سے بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی برآمد

    دبئی جانے والے میاں بیوی سے بھاری تعداد میں غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی : اے ایس ایف نے دبئی جانیوالے میاں بیوی سے ایک کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی، ایک اور مسافر سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز پریوینٹو کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ ڈیپاچر لاؤنج پر تعینات ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے عملے نے دوران چیکنگ غیر ملکی کرنسی لے جانے والے ضعیف العمر میاں بیوی کو گرفتار کرلیا۔

    امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 605سے دبئی جانے والے مسافر حاجی ستار اور اس کی بیوی سلمیٰ کے قبضے سے تین لاکھ ستاون ہزار درھم اور 70ہزار سعودی ریال برآمد ہوئی تھی، ملزمان کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق برآمد شدہ غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی مالیت ایک کروڑ بیس لاکھ ۔(1,2000000) روپے سے زائد ہے،  ملزمان حاجی ستار اور اس کی اہلیہ سلمیٰ نے برآمد شدہ کرنسی کو ٹفن کیریئر اور کپڑوں میں چھپایا ہوا تھا۔


    مزید پڑھیں: اے ایس ایف عملےنے مسافر کے پاؤنڈز اور لیپ ٹاپ لوٹا دیئے


     علاوہ ازیں اے ایس ایف نے ایک اور کارروائی میں بحرین جانے والے مسافر کے قبضے سے دو کلو آئس ہیروئن برآمد کرلی، ملزم عمران کا تعلق سرگودھا سے ہے، ملزم کو مزید تفتیش کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

  • موڈیزنے پاکستان کے پانچ بڑے کمرشل بینکوں کی ریٹنگ بھی منفی سے مستحکم کردی

    موڈیزنے پاکستان کے پانچ بڑے کمرشل بینکوں کی ریٹنگ بھی منفی سے مستحکم کردی

    پاکستانی معیشت کا آؤٹ لک منفی سےمستحکم کرنےکےبعد عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیزنے پاکستان کے پانچ بڑے کمرشل بینکوں کی ریٹنگ بھی منفی سے مستحکم کردی ہے۔

    موڈیزانویسٹرسروسز نے پانچ پاکستانی کمرشل بینکوں کی ریٹنگ منفی سےبہترکرکےمستحکم کردی ہے،ان بینکوں میں حبیب بینک، ایم سی بی، الائیڈ بینک، یو بی ایل اور نیشنل بینک آف پاکستان شامل ہیں۔۔عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیزنے پاکستان کے پانچ بڑے بینکوں کی ریٹنگ پانچ سال بعد منفی سے مستحکم کی ہے،عالمی ادارہ دوروزقبل پاکستانی معیشت کاآؤٹ لک بھی منفی سےمستحکم کرچکا ہے، موڈیز کے مطابق حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات کےعمل سے بینکاری نظام کو بھی فائدہ پہنچےگا۔

  • موڈیز نے پاکستان کے فارن کرنسی بانڈز کا آؤٹ لک مستحکم کردیا

    موڈیز نے پاکستان کے فارن کرنسی بانڈز کا آؤٹ لک مستحکم کردیا

    عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے فارن کرنسی بانڈز کا آؤٹ لک مستحکم کردیا
    بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے فارن کرنسی بانڈز کا آؤٹ لک آؤٹ لک مستحکم قرار دیا ہے جب کہ ریٹنگ سی اے اے ون کر دی پر برقرار رکھی ہے ۔ تاہم طویل مدتی ریٹنگز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ موڈیز کے مطابق آوٹ لک میں بہتری کی وجہ پاکستان میں بہتر توازن ادائیگی ، آئی ایم ایف کے پروگرام کا جاری رہنا اور زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ میں کمی سمیت ملک میں جاری معاشی اصلاحات کے باعث آؤٹ لک میں بہتری کی گئی ہے ۔