Tag: Foreign diplomats

  • غیرملکی سفارتکاروں کی کورونا کے خلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف

    غیرملکی سفارتکاروں کی کورونا کے خلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد : غیرملکی سفارتکاروں نے این سی او سی کے دورے میں کورونا کے خلاف اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلیے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق 20ممالک کے سفیروں اور سفارتکاروں نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا ، دورے میں عالمی تنظیموں کےنمائندوں بھی شامل تھے۔

    دورے کے دوران این سی اوسی نے سفارتکاروں کوکورونا کے خلاف اور کوروناکاپھیلاؤروکنےکیلئے اقدامات سمیت کوروناکیسز اور ہیلتھ اسٹرکچرکی اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی۔

    غیرملکی سفارتکاروں کو کوروناکے دوران اہم اقدامات اور نیشنل ویکسی نیشن اسٹریٹیجی پر بھی بریفنگ دی گئی ، غیرملکی سفارتکاروں کی کورونا کے خلاف پاکستانی اقدامات ، کورونا کے مضر اثرات اور پھیلاؤ کو روکنے کی تعریف کی۔

    خیال رہے کہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث مہلک وبا پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا اور کورونا کے پھیلاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 1097 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 38 مریضوں کی اموات ہوئیں۔

    ملک کے تمام صوبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح کم ہونے کے بعد پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے۔

  • کورونا وائرس : کھلاڑیوں کے بعد سفارتکار بھی بھارت چھوڑ کر جانے لگے

    کورونا وائرس : کھلاڑیوں کے بعد سفارتکار بھی بھارت چھوڑ کر جانے لگے

    بھارت میں کورونا کیسز کی خوفناک صورتحال اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں اموات کے پیش نظر کھلاڑیوں کے بعد اب غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی یہاں سے جان بچا کر نکلنے کا فیصلہ کرلیا۔

    گزشتہ ماہ اپریل کے آخری ہفتے سے بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر دنیا کے سب سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گز شتہ روز سنیچر کو کورونا وائرس کے چار لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ چار ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

    امریکہ، جرمنی اور پولینڈ نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ انہوں نے کورونا وائرس میں اضافے کی وجہ سے اپنے سرکاری ملازمین کی انڈیا سے رضاکارانہ طور پر روانگی کی منظوری دی ہے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے سے منسلک دو سو سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ بھی ملک سے طبی انخلا کر رہا ہے۔

    اس حوالے سے سفارت خانے کے ترجمان نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مشن صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملازمین کی صحت و بہبود کی حفاظت کے لیے ویکسین کی  پیشکش سمیت تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

    رازداری کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے سفارت خانے میں وائرس کے پھیلاؤ اور انخلا کے عمل پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔

    دریں اثنا جرمنی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے سفارت خانے کے عملے کے متعدد ارکان وطن واپس چلے گئے ہیں۔ پولینڈ کی وزارت خارجہ نے بھی عرب نیوز کو ایک تحریری بیان میں بتایا کہ اس نے نئی دہلی میں جمہوریہ پولینڈ کے سفارت خانے کے ملازمین کو پولینڈ واپس جانے کا آپشن دیا ہے۔

    یہ بیان گذشتہ ہفتے پولش میڈیا کی رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ نئی دہلی میں ایک سینیئر سفارت کار کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انہیں واپس وارسا لے جا کر ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

    سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اس کے دو وائرس سے متاثرہ عملے کے ارکان سوئٹزرلینڈ میں ہیں لیکن ملک کے سفیر ڈاکٹر رالف ہیکنر نے کہا ہے کہ یہ دونوں کارکن بحران کے آغاز سے ہی گھر میں موجود تھے اور عملے کے ارکان انڈیا میں ملک کے کسی بھی مشنز سے واپس نہیں جا رہے۔

    تاہم فرانسیسی سفارت خانے نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا ان کے عملے کو طبی انخلا کا کوئی مشورہ ملا تھا۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی سمیت سات بھارتی ریاستوں میں کورونا کی مثبت شرح 30 فیصد سے زیادہ ہے۔

    چونکہ ملک کو بستروں اور آکسیجن کی رسد کی قلت کا سامنا ہے اور متعدد غیر ملکی مشنز مہں مقامی وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے، اس لیے اسٹاف کو ملک چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔