Tag: Foreign investment

  • سرمایہ کاری زیادہ کی یا منافع زیادہ باہر منتقل کیا؟ غیر ملکی کمپنیوں سے متعلق رپورٹ

    سرمایہ کاری زیادہ کی یا منافع زیادہ باہر منتقل کیا؟ غیر ملکی کمپنیوں سے متعلق رپورٹ

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رپورٹ میں کہا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ملنے والا منافع باہر منتقل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں نے سرمایہ کاری اتنی نہیں کی جتنی ان کمپنیوں نے کاروبار سے حاصل ہونے والا منافع ڈالرز میں بیرون ملک منتقل کیا۔

    اسٹیٹ بینک کی ایک دستاویز کے مطابق مالی سال 2023-24 میں غیر ملکی کمپنیوں نے 2 ارب 21 کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے منتقل کیا، جب کہ اسی مالی سال میں غیر ملکی کمپنیوں میں پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

    مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں غیر ملکی کمپنیوں نے 23 گنا زیادہ منافع پاکستان سے منتقل کیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2024 میں غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان سے 41 کروڑ ڈالر کا منافع باہر منتقل کیا۔

    پاکستانی برآمدات میں بڑا بریک تھرو، امریکا سب سے بڑا برآمدی ملک بن گیا

    دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ منافع فنانشل بزنس کی غیر ملکی کمپنیوں نے 64 کروڑ ڈالر باہر منتقل کیے۔ اور غیر ملکی کمپنیوں کا ڈالرز میں منافع باہر منتقل کرنا 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

  • ٹیلی کام سیکٹر نے بھاری ٹیکسز پر ملک سے غیر ملکی سرمایہ کاری نکلنے کی وارننگ دے دی

    ٹیلی کام سیکٹر نے بھاری ٹیکسز پر ملک سے غیر ملکی سرمایہ کاری نکلنے کی وارننگ دے دی

    اسلام آباد: ٹیلی کام انڈسٹری نے بجٹ میں بھاری ٹیکسوں کے نفاذ پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ کو ایک خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر نے ملک سے غیر ملکی سرمایہ کاری نکلنے کی وراننگ دے دی ہے، ٹیلی کام آپریٹرز نے کہا ہے کہ ٹیکس معاملات حل نہ ہونے سے حکومت کے لیے قانونی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

    ٹیلی کام آپریٹرز نے خط میں لکھا کہ دو بڑے مارکیٹ پلیئرز پہلے ہی پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں، سیکٹر نے گزشتہ سال 340 ارب روپے کی ٹیکس وصولی میں کردار ادا کیا، اس شعبے میں اب تک براہ راست 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے۔

    خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ بجٹ تجاویز پر عمل درآمد سے ڈیجیٹل پاکستان کا خواب بھی بری طرح متاثر ہوگا، نان فائلر ٹیلی کام صارفین سے 75 فی صد ایڈوانس ٹیکس وصولی قابل عمل نہیں ہے، اس فیصلے سے ٹیلی کام شعبے اور حکومت کو محصولات کا نقصان ہوگا۔

    ٹیلی کام کمپنیوں نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کے معاملے پر ٹیلی کام سیکٹر پر جرمانوں پر غور کیا جائے، ٹیلی کام سیکٹر نان فائلرز کے ٹیکس کے معاملے کا فریق نہیں ہے۔

    یہ بھی لکھا گیا ہے کہ 500 ڈالر مالیت تک موبائل فون سیٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھنے سے کم آمدن طبقے کی شمولیت کو نقصان ہوگا۔ خط میں ٹیلی کام آپریٹرز نے اپنے تحفظات پیش کرنے کے لیے چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا سے وقت مانگ لیا ہے۔

  • ملک میں تیل و گیس کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت

    ملک میں تیل و گیس کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت

    اسلام آباد: ملک میں تیل و گیس کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماری پٹرولیم اور کویت فارن پیٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی میں ایم او یو طے پایا ہے، جس کے تحت کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی۔

    اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں اسٹریٹجک تعلقات، تکنیکی صلاحیتوں، اور انفارمیشن شیئرنگ بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا ہے۔

    ماڑی پٹرولیم کے مطابق دونوں کمپنیاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں منتخب بلاکس میں مل کر کام کریں گی، اور دونوں ہی منتخب کردہ ممالک میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے مشترکہ اسٹڈیز کرائیں گی۔

  • پاکستان میں 70 ارب کی غیرملکی سرمایہ کاری متوقع

    پاکستان میں 70 ارب کی غیرملکی سرمایہ کاری متوقع

    کراچی : آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد پاکستان میں 70 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    کاروباری طبقے نے اس امکان کو ملک کیلئے مثبت اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سے کاروباری طبقے کی ملاقاتوں اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل قائم ہونے کے بعد پاکستان میں جلد ہی 70 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے معیشت ٹریک پر چڑھ جائے گی۔

    کاروباری برادری کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کی طرح بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

    کاروباری طبقے نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے تحت بڑے پیمانے پر غیر ملکی سرمایہ کاری آنے سے ملک میں لاکھوں افراد کو نہ صرف روزگار ملے گا بلکہ زرمبادلہ ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔

  • پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی

    پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی

    کراچی : ماہ اکتوبر2022میں گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں صرف نو کروڑ پندرہ لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری آئی۔ جولائی تا اکتوبر غیرملکی سرمایہ کاری میں انتالیس اعشاریہ تین فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

    گزشتہ چارماہ کے دوران صرف33کروڑ27 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری آئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت کے دوران54 کروڑ 79 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ چارماہ میں سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے ایک کروڑ 82 لاکھ ڈالر کا سرمایہ نکال لیا تھا۔ مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری 35اعشاریہ پانچ فیصد کمی کے بعد صرف 31کروڑ45 لاکھ ڈالر رہ گئی ہے۔

  • غیر ملکی سرمایہ کاری میں 131 فیصد اضافہ

    غیر ملکی سرمایہ کاری میں 131 فیصد اضافہ

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ مالی سال 22-2021 کے 8 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 131.2 فیصد کا اضافہ ہوا، سب سے زیادہ 38 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز کی چین سے سرمایہ کاری آئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ 8 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 131.2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال غیر ملکی سرمایہ کاری 1 ارب 84 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئی، غیر ملکی سرمایہ کاری کی مد میں 94 کروڑ 28 لاکھ ڈالرز موصول ہوئے۔

    90 کروڑ 49 لاکھ ڈالرز غیر ملکی پورٹ فولیو انویسٹمنٹ کی مد میں آئے۔

    سب سے زیادہ 38 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز چین سے سرمایہ کاری آئی، سنہ 2021 میں چین سے ہونے والی سرمایہ کاری 52 کروڑ 27 لاکھ ڈالرز تھی۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق امریکا سے 17 کروڑ 39 لاکھ ڈالرز اور ہانگ کانگ سے 13 کروڑ ڈالرز سرمایہ کاری آئی۔

  • سال 2021: ٹیلی کام شعبے میں 20 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری

    سال 2021: ٹیلی کام شعبے میں 20 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 میں ٹیلی کام محصولات بڑھ کر 646 ارب روپے ہو گئے، ٹیلی کام شعبے میں 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام محصولات کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کردی، سنہ 2021 میں ٹیلی کام محصولات بڑھ کر 646 ارب روپے ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال ٹیلی کام محصولات کا حجم 592 ارب تھا، ٹیلی کام شعبے میں 20 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، قومی خزانے میں اس شعبے کا حصہ 226 ارب روپے رہا۔

    سپیکٹرم کی کامیاب نیلامیوں اور لائسنسوں کی تجدید کے ذریعے 48 کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی رقم حاصل ہوئی۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ براڈ بینڈ سروسز کے حوالے سے مارچ 2021 میں 100 ملین صارفین کا سنگ میل عبور کیا گیا، براڈ بینڈ صارفین کی تعداد بڑھ کر 110 ملین ہوگئی ہے۔

    پی ٹی اے کے مطابق ملک کی 50 فیصد آبادی کو براڈ بینڈ خدمات حاصل ہو چکی ہیں، موبائل فون صارفین کی تعداد 18 کروڑ 80 لاکھ ہوگئی ہے۔

    کووڈ 19 کے دوران 3 جی اور 4 جی خدمات میں بھی توسیع ہوئی، سنہ 2021 میں براڈ بینڈ ڈیٹا کے استعمال میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے نے اب تک 30 کمپنیوں کو موبائل ڈیوائس مینو فیکچرنگ کی اجازت دی ہے، موبائل مینو فیکچرنگ کی اجازت سے 12 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

    سنہ 2021 میں 10 کروڑ 10 لاکھ اسمارٹ فون تیار کیے گئے، موبائل مینو فیکچرنگ سے 20 ہزار کے لگ بھگ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ سام سنگ، شیاؤمی، اوپو، ویوو، نوکیا، ٹیکنو اور زیڈ ٹی ای کے موبائل اب ملک میں تیار کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی پہلی اسمارٹ فون کنسائنمنٹ متحدہ عرب امارات کو مینو فیکچرڈ ان پاکستان ٹیگ کے تحت برآمد کی گئی۔

    پی ٹی اے کے مطابق موبائل فونز کی قانونی درآمدات میں بھی 3 سالوں میں تقریباً 125 فیصد اضافہ ہوا ہے، گمشدہ، چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لیے خود کار لوسٹ سٹولن ڈیوائس سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

  • وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لے آئیں، اربوں ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری کی پیشکش

    وزیر اعظم کی کوششیں رنگ لے آئیں، اربوں ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاری کی پیشکش

    اسلام آباد : ملکی معاشی معاملات کی بہتری کیلئے وزیراعظم عمران خان نے کوششیں تیز کردیں، وزیراعظم عمران خان بڑی غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے200عالمی کمپنیوں کے کنسورشیم کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی ہے، چینی حکومت اور کمپنیوں نے بھی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو ممکنہ8 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سے آگاہ کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ ہفتے اجلاس میں اہم پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، راوی اربن ، آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے ورکنگ گروپ کے اجلاس میں بھی غور کیا گیا۔

    چینی حکومت اور کمپنیوں کے دونوں منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے، وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ 3ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری میں کسی قسم کا قرض شامل نہیں ہوگا، اے این جی سی سی کی جانب سے5ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، منصوبے پر جنوری سے کام شروع ہو گا، وزیراعظم نے راوی سٹی منصوبے پر پیش رفت کومزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ تاریخی طور پراپنی نوعیت کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے۔

    مذکورہ منصوبے سے بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری مل سکے گی اس کے علاوہ روزگار کے وسیع تر مواقع اور مقامی و قومی صنعتوں کو ترقی ملے گی، انہوں نے کہا کہ کامیابی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔

  • دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافہ متوقع

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق دبئی اقتصادیہ کے ڈائریکٹر جنرل سمیع القامزی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کمرشل کمپنیوں کے قانون میں ترمیم کے سبب دبئی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رحجان پایا جاتا ہے۔

    اقتصادی قوانین میں حالیہ اصلاحات کے باعث دبئی کی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 35 فیصد اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

    القامزی کا کہنا ہے کہ حالیہ ترامیم سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ اور معیار کے ساتھ ساتھ امارات کی مجموعی معاشی نمو پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    نئی اصلاحات جو اس ماہ کے آغاز میں عمل میں لائی گئی ہیں ان کے پیش نظر غیر ملکی شہریوں کو امارات کے اندر کمرشل کمپنیوں کے لیے 100 فیصد ملکیت کی اجازت دے دی جائے گی۔

    القامزی کا کہنا تھا کہ ان تبدیلیوں سے متحدہ عرب امارات میں مسابقت اور کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں مزید سرمایہ کاری لانے اور نئی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو کمرشل کمپنیوں کی 100 فیصد ملکیت کی اجازت دینے سے نہ صرف غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ ان ترامیم سے سرمایہ کاروں کو اپنے کاروبار کو سنبھالنے اور چلانے کی مکمل آزادی بھی حاصل ہوگی۔

    ڈائریکٹر جنرل نے یہ بھی امید کی ہے کہ نیا قانونی فریم ورک انفرادی سرمایہ کاروں اور رہائشیوں کو خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دے گا۔

    متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ان نئی اصلاحات کا مقصد مینو فیکچرنگ، ہائی ٹیک صنعتوں، ڈیجیٹل معیشت، تفریح، انجینئرنگ اور قانونی مشاورتی خدمات میں طویل مدتی سرمایہ کاری لانا ہے۔

    اس پروگرام سے غیر ملکیوں کو مکمل ملکیت دینے اور اس کے بعد آنے والی سرمایہ کاری سے نہ صرف نجی شعبے بلکہ مجموعی معیشت میں بھی آپریشنل اور انتظامی اہلیت میں اضافہ ہوگا۔

    القامزی نے مزید کہا کہ ان ترامیم کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات مسابقت میں اضافے سے فائدہ اٹھائے گا جس سے ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ میں بھی امارات کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔

  • مالی سال 20-2019: غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ

    مالی سال 20-2019: غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ

    کراچی : مالی سال 20-2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ ہوا، چین 84 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سر فہرست رہا۔

    تفصیلات کے مطابق مالی سال 20-2019 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں سال فارن ڈائریکٹ انویسمنٹ (ایف ڈی آئی) 2 ارب 56 کروڑ ڈالر رہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جون میں ایف ڈی آئی 71 فیصد اضافے سے 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی۔ چین 84 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ سر فہرست رہا۔

    رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 28 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا۔

    رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری میں137 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا اپریل غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 28 کروڑ ڈالر رہا، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم صرف 1 ارب ڈالر تھا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ چین کے بعد سب سے زیادہ سرمایہ کاری ناروے سے آئی جبکہ ہانگ کانگ سے سرمایہ کاری کا حجم 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ ہالینڈ سے 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری آئی جبکہ برطانیہ سے حاصل سرمایہ کاری کا حجم 10 کروڑ ڈالر رہا۔