Tag: Foreign Minister

  • بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، وزیر خارجہ

    بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، وزیر خارجہ

    نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت سے جنگ نہیں چاہتے معاملات میں بگاڑ کا ازالہ بھی بھارت کو ہی کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ بھارت مذاکرات سےراہ فرار اختیار کررہا ہے، بھارت سےجنگ نہیں چاہتے مگر پانچ اگست2019کےاقدامات سےمعاملات بھارت نےبگاڑے اور معاملات میں بگاڑکا ازالہ بھی بھارت کوہی کرناہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کی طرح کشمیر بھی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور میں نے سلامتی کونسل کو 13 خط لکھے ہیں۔ کشمیر کا مقدمہ بھی پیش کر چکا ہوں، مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کے نام پر لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی فیصلوں میں حصہ دار بنائیں گے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے قانون سازی کرنے جا رہے ہیں۔

    اسرائیلی جارحیت ، شاہ محمود قریشی نے سی این این اینکر کو آئینہ دکھا دیا

    دورہ نیویارک کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سی این سی اینکر کو آئینہ دکھایا اور دوٹوک جواب دیا کہ کس طرح اسرائیل عالمی میڈیا کو کنٹرول کررہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا نے فلسطینوں کو منصفانہ کوریج نہیں دی ، مقامی افراد کی رپورٹ نے دنیا کو جھنجھوڑا، مقبوضہ کشمیر میں بھی یہی سب ہورہا ہے۔

    امریکی ٹی وی اینکر نے شاہ محمود قریشی کی گفتگو کو یہود مخالف بیانیہ قراردیکرمستردکرنے کی ناکام کوشش کی ، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں یہ تاثرقائم ہےجسےمتوازن کوریج کے ذریعےردکیا جانا چاہیئے، غزہ کی تباہی پرمقامی افرادکی ویڈیواورتصاویرنےعالمی ضمیر کو ہلا کررکھ دیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ غزہ کی ویڈیوز اورتصاویر دیکھ کرسڈنی سےبرسلز تک عوام سڑکوں پر نکل آئے ، لندن،نیویارک اورشکاگومیں لوگ فلسطینیوں پرمظالم کیخلاف باہر نکلے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ظلم وستم ڈھایا جارہا ہے کیا اس پر عالمی میڈیا نےتوجہ دی، کشمیر میں ہونےوالےمظالم کو بھی دنیا کے سامنےلایا جائے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر علاج فوجی جوانوں سے ملاقات

    راولپنڈی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وہاں زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی اور کہا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن (اے ایف آئی آر ایم) راولپنڈی کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر سربراہ آرمی میڈیکل کور لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ادارے کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج با ہمت اور پرعزم جوانوں سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر خارجہ نے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کو بھی سراہا اور زیر علاج جوانوں کے عزم اور حوصلے کی داد دی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری جری افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے خطے میں استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اے ایف آئی آر ایم ملک میں مصنوعی اعضا کا بڑا اور جدید مرکز ہے، انسٹی ٹیوٹ میں محاذ جنگ پر زخمی ہونے والے جوانوں کو علاج کے لیے لایا جاتا ہے۔

  • مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے کوئی رابطہ ممکن نہیں، وزیر خارجہ

    مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے کوئی رابطہ ممکن نہیں، وزیر خارجہ

    ملتان : شاہ محمود قریشی نے اسرائیل سے متعلق کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل تک اسرائیل سے کوئی رابطہ ممکن نہیں، ہم پر اسرائیل تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں دربار عالیہ حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردی کے 707 ویں عرس مبارک کے آغاز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے بارے میں ان کا مؤقف سناور سمجھا، لیکن میں اسرائیل سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کےحل تک اسرائیل سےکوئی رابطہ ممکن نہیں، ہم پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے، اور ہم نےپاکستان کےمفادات کودیکھ کرفیصلےکرنےہیں کسی دباؤ پر نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے متخلف علاقوں میں پاکستانی رہتے ہیں، دبئی کے حکمرانوں سے ملاقاتوں کا موقع ملا اور ویزا کے معاملات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں ویزا کی بندش عارضی ہے جلد ختم ہوجائے گی اور یو اے ای کے پاس پاکستان کو کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای اور سعودی عرب بھارت کو پاکستان کا نعم البدل نہیں سمجھتے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو جب بھی موقع ملا پاکستان کو زک پہنچانے کی کوشش کی، 14 نومبر کومیں نے اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ڈوزیئر دنیا کے سامنے رکھا کہ بھارت دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کی معاونت اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے، ہم نے پی فائیو اور سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان سے ڈوزیئر شیئر کیا، اور دیگر اہم ممالک اور اقوام متحدہ سے بھی ڈوزیئر شیئر کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انڈیا کرانیکلز کے نام سے دستاویز کا ذکر ہورہا ہے، بھارت جعلی این جی اوز اور جعلی ویب سائٹ سے پاکستان کو بدنام کرنےکی کوشش کررہا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے اور یہ انکشاف پاکستان نے نہیں بلکہ یورپی یونین نے کیا ہے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب میولوت چاؤش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اولو نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب میولوت چاؤش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اہم معاملات میں دونوں ممالک کےمؤقف میں مماثلت خوش آئند ہے، مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک مؤقف اپنانے پر ترکی کے مشکور ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں ترک صدر نے کشمیر پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائی، ترک صدر کی غیر متزلزل حمایت سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔ خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    ترک وزیر خارجہ میولوت چاش اولو نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

  • پاکستان عمران خان کی قیادت میں دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑرہا ہے، وزیر خارجہ

    پاکستان عمران خان کی قیادت میں دنیا میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑرہا ہے، وزیر خارجہ

    اسلام آباد : شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ بھارت دنیا میں بے نقاب ہورہا ہے سفارتی محاذ پر بھی ہم اس کو شکست دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کے دوران کیا، دفتر خارجہ میں ہوئی ملاقات میں حکومتی اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے وزیر خارجہ کو یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ اراکین سے رابطوں سے آگاہ کیا جس پر وزیرخارجہ نے گورنر کے رابطوں پر یورپی پارلیمنٹ میں بھارت کے خلاف آواز بلند ہونے کو سراہا۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میں یورپی اور برطانوی اراکین پارلیمنٹ کیساتھ مسلسل رابطے میں ہوں اور یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر فابیو کاستالدو کشمیر پر پاکستانی مؤقف کیساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کا اپنے صدر کو بھارت کے خلاف خط لکھنا خوش آئند ہے، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان دنیا میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑرہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت دنیا میں بے نقاب ہورہا ہے سفارتی محاذ پر بھی ہم اس کو شکست دے رہے ہیں۔

  • حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے، وزیر خارجہ

    حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے، وزیر خارجہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا کہ حکومت کو بیرون ملک محصور ہم وطنوں کی تکالیف کا احساس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس کے وبائی صورت اختیار کرنے کے بعد سے بہت سے پاکستانی ایسے ہیں جو بیرون ملک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیرون ملک محصور ان ہی پاکستانیوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ کرونا کی ناگہانی آفت نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے میری سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ہوا بازی، افرادی قوت، قومی سلامتی کے وزیر اور مشیر کمیٹی میں شامل ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے، این آئی ایچ، متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارتخانے، قونصلیٹ ہنگامی بنیادوں پر وطنوں کی مدد کےلیے کوشاں ہیں، صوبائی حکومتیں دفتر خارجہ اور وفاقی حکومت کی معاونت کریں۔

  • ’’مغربی ایشیا میں امریکا کے داغدار وجود کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے‘‘

    ’’مغربی ایشیا میں امریکا کے داغدار وجود کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے‘‘

    تہران: ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ایک بار پھر امریکا کو خبردار کردیا اور ٹرمپ کے سامنے کئی سوالات رکھ دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا آپ نے کبھی انسانوں کا ایسا سمندر دیکھا ہے؟ یہ سوال ایرانی جنرل کی نماز جنازہ کے دوران عوامی ہجول کے نتاظر میں کیا گیا۔

    جواد ظریف نے پوچھا کہ آپ اب بھی خطے سے متعلق مسخروں کے مشوروں پر کان دھریں گے؟ آپ کو اب بھی شبہ ہے ایک عظیم قوم کے مقاصد کو پامال کرپائیں گے؟

    انہوں نے متنبہ کیا کہ مغربی ایشیا میں امریکا کے داغدار وجود کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔

    خیال رہے کہ 5 جنوری کو کیے گئے ٹوئٹ میں ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا شور مچائے یا چیخے چلائے، اس کا مغربی ایشیا میں اختتام کا آغاز ہوگیا ہے، امریکی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، امریکی صدد ھمکیاں دے کر پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنا چاہتے ہیں۔

    قبل ازیں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اس امر کا کھل کر اشارہ دے دیا کہ ایران اپنے جنرل کی موت کا جواب ضرور دے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایران اپنے منتخب کردہ وقت پر جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے حملہ کر کے 3 بڑی غلطیاں کی ہیں، ایک تو امریکا نے عراق کی خود مختاری اور دوم عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، سوم امریکا نے خطے کے عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی۔ ایران امریکا کی مذموم مہم اور بلیک میلنگ میں ملوث نہیں ہوگا۔

  • سعودی وزیر خارجہ اور شاہ محمود قریشی کی ملاقات

    سعودی وزیر خارجہ اور شاہ محمود قریشی کی ملاقات

    اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود وزارت خارجہ پہنچے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین بالمشافہ ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

    سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایک روزہ دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات ہوگی۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کے دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان پر بھی بات چیت ہوگی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل شاہ محمود قریشی کی اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات ریاض میں ہوئی تھی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ملاقات میں اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزرائے خارجہ نے کثیر الجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • پاک سعودی عرب کے تعلقات کا دیگر ممالک سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، شاہ محمود قریشی

    پاک سعودی عرب کے تعلقات کا دیگر ممالک سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کا دیگر ممالک سے موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا، او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے سعودی عرب اور یواےای کی حمایت اہم ہے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یواےای کے وزرائے خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ فیصلے پربات چیت ہوئی، وزیراعظم نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پرزوردیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات الگ ہی نوعیت کے ہیں، پاکستان،سعودی عرب تعلقات کا دیگرممالک سے موازنہ کیاہی نہیں جاسکتا۔

    پاکستان اور سعودی عرب کے اسٹریٹجک تعلقات ہیں، او آئی سی اجلاس بلانے کیلئے سعودی عرب،یواےای کی حمایت اہم ہے۔

    شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی سائیڈ لائن میں او آئی سی کشمیر کانٹکٹ گروپ کا اجلاس ہوگا، پاکستان او آئی سی کے کردار کو نمایاں دیکھنا چاہتا ہے۔

    بھارت کے 5اگست کےا قدامات غیر قانونی ہیں، او آئی سی کے اجلاس میں یو اے ای اور سعودی عرب کا اہم کردار ہوگا، سعودی عرب، یو اےای مندوبین جنیوا میں پاکستان کی حمایت کریں گے۔

  • دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ مشترکہ خود کشی کے مترادف ہوگی، شاہ محمود قریشی

    دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ مشترکہ خود کشی کے مترادف ہوگی، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دو ایٹمی قوتوں کو جنگ سے گریز کرنا چاہیے، ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ مشترکہ خودکشی کے مترادف ہوگی، بدقسمتی سے ہماری مذاکرات کی دعوت کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

    یہ بات انہوں نے وزارت خارجہ میں ڈپلومیٹک کور سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متعدد بارکہہ چکے ہیں کہ دو ایٹمی قوتوں کو جنگ سے گریز کرنا چاہیے۔

    ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ مشترکہ خودکشی کے مترادف ہوگی، کشیدگی کے مضمرات پورے خطے کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو مسترد کردیا تھا، بدقسمتی سے ہماری مذاکرات کی دعوت کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، بھارت کی مخالفت کے باوجود سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی اقدامات ترقی کیلئے ہیں تو پھر مسلسل کرفیو نافذ کیوں رکھا گیا؟ مقبوضہ کشمیرمیں لوگوں کو زبردستی گھروں میں بند کردیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیویارک ٹائمز نے جو آج لکھا ہم اس کا کئی روز سے تذکرہ کررہے ہیں، ہم کرتے ہیں تو بھارت کہتا ہے کہ پروپیگنڈا کررہے ہیں، عالمی ادارے بھی آج وہی کہہ رہے ہیں جو پاکستان کافی عرصے سے کہہ رہا تھا۔

    میرے بہت سے وزرائے خارجہ سے رابطے ہوئے ہیں، انہیں اندازہ ہورہا ہے کہ معاملہ ان کی سوچ سے زیادہ سنگین ہے۔ بھارت جو تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے وہ درست نہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی میں نسل کشی شروع کردی ہے، بھارتی چینلز پر حکومت کی جانب سے آج حملے کی چھوٹی خبریں چلوائی گئیں، ہم عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی ساری صورتحال سے آگاہ رکھنا چاہتے ہیں۔

    عالمی برادری سے گزارش کروں گا کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، معاملے کا فوری نوٹس لے۔ سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مسلسل دیکھ رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں کرفیو کو18دن ہوچکے ہیں۔